Tag: مشیر وزیر اعلیٰ کے پی

  • مارچ کی آڑ میں فضل الرحمان پرائیویٹ ملیشیا تیار کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    مارچ کی آڑ میں فضل الرحمان پرائیویٹ ملیشیا تیار کر رہے ہیں: اجمل وزیر

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کے مشیر اجمل وزیر نے کہا ہے کہ جمہوریت اور اسلام کے نام پر دکان داری ختم کی جائے، مارچ کی آڑ میں فضل الرحمان پرائیویٹ ملیشیا تیار کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں ترجمان صوبائی حکومت اجمل وزیر نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل سے مولانا کو چٹھی آئی ہے کہ مارچ کرو، مارچ کی آڑ میں وہ نجی ملیشیا کی تیاری کر رہے ہیں۔

    اجمل خان وزیر کا کہنا تھا ڈنڈا بردار، مسلح جتھوں کو مٹر گشت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملکی بقا کے لیے حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی واضح کر چکے ہیں کہ حکومتی رٹ پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان کو کے پی سے گزرنے نہیں دوں گا، وزیراعلیٰ کے پی

    انھوں نے کہا کہ ریاست کے اندر ریاست قطعی برداشت نہیں کی جائے گی، وردی پہن کر مشقیں کرنا پہلی بار دیکھ رہا ہوں، مشقیں صرف فوج کرتی ہیں، لوگوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    اجمل وزیر نے کہا کہ جے یو آئی ف مارچ سے متعلق وزیر اعلیٰ کا بیان حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے لیے تھا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو کے پی سے گزرنے نہیں دوں گا اور اپنے بیان پر قائم رہوں گا، جس طرح مولانا چندہ جمع کر رہے ہیں میں بھی انھیں روکوں گا، ہماری اپنی حکمت عملی ہے، قیام امن حکومت کی ذمہ داری ہے۔