Tag: مصالحہ جات

  • عید قرباں کی آمد مصالحہ جات اور  سبزیوں کی قیمتوں کو پَر لگ گئے

    عید قرباں کی آمد مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں کو پَر لگ گئے

    کراچی : عید قرباں قریب آتے ہی سبز مصالحہ جات کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئیں۔سبزی فروش زائد قیمتیں وصول کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق عید قرباں سے قبل مصالحے، سبزیاں سمیت مختلف اشیا مہنگی ہوگئی ہیں۔

    ہرا دھنیا اور پودینے کی گڈی اب ہی سے دس یا پندرہ والی گڈی چالیس روپے کی ملنے لگی جبکہ ٹماٹروں کے دام بھی بڑھنے لگنے ،، کچھ دن قبل پچاس روپے کل والا ٹماٹر اب سو روپے فی کلو کا ہوگیا ہے۔

    اسی طرح گرم مصالحہ بھی مہنگا کردیا گیا ہے، عیدالاضحٰی قریب آتے ہی مصالحہ جات کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، 20 سے 25 فیصد اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل ہی مصالحہ جات مہنگے ہونا شروع ہوجاتے ہیں، عید کی وجہ سے مہنگائی مزید بڑھ جاتی ہے، جو راشن پانچ ہزار کا آتا تھا وہ آٹھ ہزار کا ہوجاتا ہے۔

    دوسری جانب عید قرباں سے قبل مرغی، پیاز ٹماٹر لہسن ادرک اور دیگر اشیاء کی گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف زبردست کریک ڈائون میں کئی دکانیں سیل اور مہنگی سبزیاں بیچنے والے دکانداروں کو گرفتار کیا گیا۔

  • سینکڑوں من خراب اور مضر صحت گوشت، دودھ، مصالحہ جات پکڑے گئے

    سینکڑوں من خراب اور مضر صحت گوشت، دودھ، مصالحہ جات پکڑے گئے

    فوڈ سیفٹی حلال فوڈ اتھارٹی نے سینکڑوں من خراب اور مضر صحت گوشت، مصالحہ جات، دودھ ضبط کرنے کے بعد تلف کر دیا۔

    فوڈ سیفٹی حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر سینکڑوں من خراب اور مضر صحت گوشت، مصالحہ جات، دودھ اور کھانے پینے کی مختلف اشیا پکڑ کر انہیں تلف کر دیا۔

    ترجمان فوڈ سیفٹی کے مطابق پشاور میں ایک گاڑی سے 5250 کلوگرام (125 من) خراب اور مضر صحت گوشت برآمد کرکے تلف کر دیا گیا۔ یہ گوشت کراچی سے لایا گیا تھا اور شہر کے مختلف شہروں میں فراہم کیا جانا تھا۔

    اس کے علاوہ فوڈ اتھارٹی یونٹ نے چارسدہ، زریاب کالونی اور دیگر علاقوں میں بیکری اور مصالحہ جات یونٹس پر چھاپے مار کر 3400 کلو (85 من) مضر صحت مصالحہ جات ضبط کر لیے۔ ان مصالحوں میں چوکر، نان گریڈ فوڈ کلر اور ناقص تیل کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

    فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ایک یونٹ پر چھاپہ مار کر 100 کلو نان گریڈ فوڈ اور ناقص تیل برآمد کر کے یونٹ کو سیل بھی کر دیا۔

    ترجمان کے مطابق رات گئے ڈی آئی خان ٹیم نے بھی بکھر پل پر ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی تلاشی لی اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب سے 320 لیٹر دودھ کے نمونے غیر معیاری ہونے پر تلف کر دیا۔ اس کے علاوہ مالاکنڈ میں گھی اینڈ آئل مل کی پراڈکٹس کے نمونے بھی غیرمعیاری ثابت ہونے پر ضبط کر کے مل کو سیل کر دیا گیا۔

    ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں کارروائیاں کر رہی ہیں۔

  • "ہینگ” بہت کام کی چیز ہے!

    "ہینگ” بہت کام کی چیز ہے!

    آپ نے وہ محاورہ تو سنا ہو گا جس پر غور کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ ایک ہی وقت میں، ایک ہی معاملے پر دو افراد کی رائے کیسے مختلف ہوسکتی ہے۔ محاورہ ہے، "ہینگ لگے نہ پھٹکری، رنگ چوکھا آئے”۔

    جب ایک فرد کسی موقع یا کسی چیز کا بھرپور فائدہ سمیٹنا چاہتا ہو تو اس کے اظہار کے لیے یہ محاورہ استعمال کرسکتا ہے جب کہ دوسرا شخص اس موقع پر اسے چالاک، عیار یا ذہین اور سمجھ دار بھی تصور کرسکتا ہے۔

    اس محاورے اور بحث کو یہیں چھوڑتے ہیں اور "ہینگ” کی طرف چلتے ہیں جسے سائنسی میدان میں Ferula assa-foetida کے نام سے شناخت کیا جاتا ہے۔ یہ خوش بو دار پودے سے حاصل ہونے والی جنس ہے۔

    ہینگ پاکستان کے علاوہ افغانستان، ایران، بھارت میں کاشت ہوتی ہے جہاں اسے پکوان اور کچن میں مسالے کے طور پر، طبی مسائل اور عام تکالیف میں فوری نجات کے لیے اور بعض ٹوٹکوں میں‌ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

    ہينگ کے پودے کی لمبائی 3 ميٹر تک ہوسکتی ہے جس پر پیلے رنگ کا پھول کھلتا ہے۔

    طب و حکمت میں اسے مزاج کے اعتبار سے گرم اور خشک بتایا گیا ہے۔ اسے پودے سے ٹھوس حالت میں نکال کر پیس لیا جاتا ہے۔ پیٹ کی خرابی دور کرنے، درد سے نجات دلانے خاص طور پر بچوں میں پیٹ، دانت اور کان کے درد کو دور کرنے کے لیے اس کی مناسب اور ضروری مقدار دی جاتی ہے۔ ماہر معالج ہینگ کو مختلف دوسری اجناس اور روغن وغیرہ کے ساتھ ملا کر بھی استعمال کرواتے ہیں۔

    یہ بالوں کو جھڑنے سے روکتی ہے، سوجن کو دور کرتی ہے جب کہ ہینگ کی ایک‌ خاصیت اس کا اینٹی بائیوٹک طرزِ عمل ہے جو کھانسی اور بلغم سے نجات دلانے میں مؤثر بتایا جاتا ہے۔