Tag: مصباح الحق

  • ’خوابِ خرگوش سے نکلیں گے تو ورلڈ کپ میں آگے جائیں گے‘

    ’خوابِ خرگوش سے نکلیں گے تو ورلڈ کپ میں آگے جائیں گے‘

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں گزشتہ روز زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دی تھی۔

    زمبابوے کی جانب سے دیے گئے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی تھی۔

    شاداب خان نے میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی رہ دکھائی تھی۔

    قومی ٹیم کی شکست کے بعد جہاں کرکٹ شائقین افسردہ ہیں وہیں اور سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کی جارہی ہے۔

    اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کوچ و کپتان مصباح الحق نے کہا کہ اب بھی ورلڈ کپ میں آگے جاسکتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو خواب خرگوش سے جاگنا ہوگا۔

    سابق کپتان وقار یونس نے کہا کہ ’شائقین کرکٹ کا غصہ جائز ہے پاکستان نے بہت ہی بری کرکٹ کھیلی ہے۔

    شعیب ملک نے کہا کہ ’131 رنز کا ہدف ابتدائی تین بلے بازوں کو ہی پورا کردینا چاہیے تھا لیکن ایک کے بعد ایک وکٹیں گرنے سے ہدف کا تعاقب مشکل ہوگیا۔

    قومی ٹیم اپنا گلا میچ 30 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی جبکہ گرین شرٹس کی ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں رسائی مشکل ہوگئی ہے۔

  • مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

    جمیکا: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، مصباح الحق جمیکا میں 10 روز کا قرنطینہ کریں گے۔

    مصباح الحق قومی ٹیم کے ہمراہ وطن واپسی کے لیے روانہ نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر رہی ہے، پہلا ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز نے نے جیتا، جب کہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان کے نام رہا۔

    کنگسٹن ٹیسٹ : پاکستان نے فتح اپنے نام کرلی، شاہین آفریدی شاندار کارکردگی

    دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز آج پاکستان کو 9 وکٹیں درکار تھیں، جب کہ ویسٹ انڈیز کو 280 رنز بنانے تھے، تاہم چار وکٹیں لے کر شاہین آفریدی نے حریف ٹیم کو 219 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

    اس فتح کے ساتھ قومی ٹیم نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ  کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے10 وکٹیں حاصل کیں  جب کہ  2  میچز کی اس سیریز میں شاہین شاہ نے مجموعی طور  پر  18  شکار کیے جو کسی بھی 2 میچز کی سیریز میں ایک پاکستانی فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

  • زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان

    زمبابوے کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے 22 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

    بابر اعظم کپتان اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، سابق کپتان شعیب ملک، محمدعامر اور سرفراز کو آرام دیاگیا ہے،  دوسری طرف نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    آل راونڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جب کہ ان فٹ نسیم شاہ کی جگہ موسیٰ خان کو موقع دیا گیا ہے۔ نوجوان وکٹ کیپر روحیل نذیر بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔Image

    عابد علی، امام الحق، فخر زمان، اور حارث سہیل بھی ٹیم کا حصہ بنائے گئے ہیں، عماد وسیم، شاداب خان اور عثمان قادر کے ساتھ ظفر گوہر اسپنرز ہوں گے۔

    اسکواڈ کے فاسٹ بولرز میں شاہین شاہ، حارث رؤف، حسنین، اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پہلا ون ڈے 30 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

    دریں اثنا، نیوز کانفرنس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ون ڈے میچز میں کامیابی ہمارے لیے بہت ضروری ہے، ون ڈے کرکٹ آئی سی سی سپر لیگ کے لیے بھی ضروری ہے، ایک سال بعد ون ڈے کرکٹ کھیلنے جا رہے ہیں، اس لیے ون ڈے ٹیم میں زیادہ تجربات نہیں کر رہے۔

    انھوں نے کہا عبداللہ شفیق نے نیشنل ٹی 20 میں 10میچز میں 358 رنز بنائے، اس لیے انھیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، حیدر علی اور خوش دل جیسے کھلاڑیوں کو مزید مواقع دیں گے، شعیب ملک کو آرام کرایا گیا ہے، سرفراز احمد کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دیکھ رہے ہیں۔

    ادھر پی سی بی نے کہا ہے کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ 21 اکتوبر کو لیے جائیں گے، کھلاڑی 5 روزہ آئسولیشن کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گے۔

    پی سی کے مطابق قومی ٹیم کا اسکواڈ 26 اکتوبر کو راولپنڈی روانہ ہوگا، اور 4 روزہ پریکٹس کے دوران 2 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

  • پاکستان کے پہلے چلڈرن ہارٹ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    پاکستان کے پہلے چلڈرن ہارٹ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    لاہور: پاکستان کے پہلے چلڈرن ہارٹ اسپتال اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پہلے چلڈرن ہارٹ اسپتال اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سنگ بنیاد کی تقریب لاہور کی نجی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔

    تقریب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد، ٹیسٹ کپتان اظہر علی، عابد علی، محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد عباس، احمد شہزاد سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی سی ایچ ایف کے بورڈ ممبر اور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اچھے کام کا حصہ بنا، عوام سے اپیل ہے زیادہ سے زیادہ عطیہ کریں تاکہ مستحق بچوں کا مفت علاج ممکن ہوسکے۔

    مزید پڑھیں: مصباح الحق کا لاہور میں 125 بستروں کا چائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی سمیت کرکٹ فیملی نے اس پراجیکٹ کو شروع کرنے میں بہت ساتھ دیا۔

    دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ غریب عوام کی خدمت کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہےہمارا وژن ہے کہ بچوں کے علاج کیلئے بہترین سہولیات مہیا کریں۔

    واضح رہے کہ دو سال قبل مصباح الحق نے لاہور میں 2 ارب کی لاگت سے 125 بستروں کاچائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے لیے کوئی کام نہیں ہوا، اس جانب توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔

  • دورہ انگلینڈ اہم تھا، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے: مصباح الحق

    دورہ انگلینڈ اہم تھا، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے: مصباح الحق

    لاہور: چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ بحالی کے لیے انگلینڈ کا دورہ ضروری تھا، دورہ انگلینڈ میں بہت سی مثبت چیزیں سامنے آئیں، بہت سی بہتر چیزیں کر سکتے تھے اور کر سکتے ہیں، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے جس کا افسوس رہے گا۔

    ان خیالات کا اظہار آج ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انھوں نے کہا انگلینڈ میں ہم درست راہ پر تھے، کو وِڈ 19 کے بعد دورہ انگلینڈ اہم تھا، ہمیں ٹیم کو طویل عرصے کے لیے مستحکم کرنے کی کوشش کرنی ہے، ہمیں ابھی مطلوبہ نتائج نہیں مل رہے لیکن طریقہ کار سے مطمئن ہوں۔

    انھوں نے کہا اس دورے کی وجہ سے توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر نہیں رہی تھی، اب توجہ دوں گا، ٹیم نیچے کی طرف آ رہی تھی، سب کو اندازہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ نئے لڑکوں کو درست سمت میں لے کر جائیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا ایک میچ کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوتا، سرفراز نے اچھی کیپنگ کی، سائیڈ میچز میں بھی پرفارم کیا، کیپنگ میں نمبر وَن انتخاب رضوان اور دوسرا سرفراز ہے، ہماری کوشش رہتی ہے کہ بابر اعظم کو پورا اختیار دیں، جتنی جلدی ہم اپنے فیصلوں سے سیکھتے ہیں کسی اور چیز سے نہیں سیکھتے۔

    پاکستان نے انگلینڈ‌ کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

    چیف سلیکٹر نے کہا ٹیم کی ضرورت کے مطابق تبدیلی کر رہے ہیں، کسی ایک شخص کی بات نہیں، جو ٹیم کمبی نیشن میں فٹ ہوگا وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوگا، غلطیاں تجربے کار کپتان بھی کرتے ہیں، بابر ابھی سیکھ رہا ہے، محمد حفیظ اور شعیب ملک اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، 11 ویں نمبر کے کھلاڑی کو بھی بیٹنگ پریکٹس کرنی ہے، نسیم شاہ اور دیگر نوجوان بولرز ٹیم کا مستقبل ہیں، لیکن نسیم شاہ سے جیمز اینڈرسن جیسی بولنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے۔

    مصباح نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ورلڈ کپ پلان کے مطابق ہر ایک کو حصہ دیں، وہاب، حفیظ اور شعیب ملک پلان کا حصہ ہیں۔

    ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ کوئی بھی کھیل کھیلتے ہیں تو جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں، ناتجربہ کار بولنگ کو پختہ ہونے کے لیے وقت دینا ہوگا، نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دیں گے، جب چیزیں حق میں نہ جا رہی ہوں تو افسوس ہونا فطری ہے، کبھی ساری چیزیں حق میں ہوتی تو موسم خلاف ہو جاتا ہے۔

  • ہم منتخب شدہ 29کھلاڑیوں میں سے ہی 2 اسکواڈز بنائیں گے: مصباح الحق

    ہم منتخب شدہ 29کھلاڑیوں میں سے ہی 2 اسکواڈز بنائیں گے: مصباح الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ ہم نے منتخب شدہ 29کھلاڑیوں میں سے ہی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیزیز کے لیے 2 اسکواڈز بنانے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے تاہم ان میں مزید دو اسکواڈز تیار کیے جائیں گے جو انگلش کھلاڑیوں کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیزیر میں ٹکرائیں گے۔

    مصباح الحق کا ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کروناقوانین کی وجہ سے زیادہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، ہم نے مستقبل دیکھتے ہوئےکھلاڑیوں کا انتخاب کیا، کوشش ہے انگلینڈ میں دو اسکواڈز بن جائیں، نوجوانوں کو موقع ملے، ضرورت پر پریکٹس اور ٹیسٹ میچز کے لیے وہاب ریاض دستیاب ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں فوادعالم ہے تو اس کا مطلب ہے وہ کھیلنے کا اہل ہے، مستقبل کے لیے بھی نوجوانوں کو شامل کیا ہے، مشکل حالات میں کرکٹ ہوگی، وہاب ریاض کو پریکٹس میچ کھلائیں گے۔

    پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ہیڈ کوچ نے بتایا کہ سہیل خان کو ریڈبال کرکٹ کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے، سہیل خان کا انگلینڈ میں ماضی کا ریکارڈ بہتر ہے، امید ہے کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف بہترین پرفارمنس دیں گے، کافی کھلاڑی انگلینڈ میں پرفارم کرچکے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حیدرعلی انڈر19، ایمرجنگ، فرسٹ کلاس کرکٹ میں پرفارم کرتے آرہے ہیں، حیدرعلی نے اپنے آپ کو تمام فارمیٹس میں ثابت کیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، حسن علی فٹنس، محمدعامر اور حارث سہیل مصروفیت کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

  • قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے

    قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے

    لاہور: سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آن لائن ٹیسٹ کا مقصد گھروں تک محدود کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر کھیل کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے بعد انہیں فٹنس کا مسئلہ نہ ہو۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹرینر اور کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کو تمام ضروری گائیڈ لائنز پہلے ہی بھجوائی جا چکی ہیں۔

    مصباح الحق نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں نے جلد فٹنس ٹیسٹ دینے کی درخواست کی تھی اور اس پر رینجل ٹرینرز ان کے فٹنس ٹیسٹ لے رہے ہیں۔

    کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ حالات جلد دوبارہ سے نارمل ہوں گے اور کھلاڑی جب میدان میں اتریں گے تو انہیں اپنی فٹنس کی وجہ سے پرفارم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

  • کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

    کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ٹریننگ کرا رہے ہیں: مصباح الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کی صورت حال معمول والی نہیں ہے، سیلف آئسولیشن پر عمل درآمد ہونا چاہیے، ہم کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں انھیں ٹریننگ کرا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق قومی ٹیم کپتان مصباح الحق لاہور میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ پوری دنیا کی صورت حال کے بعد دعا ہے اللہ سب کو محفوظ رکھے، سیلف آئسولیشن پر عمل درآمد کرنا چاہیے، بلاوجہ باہر نہ جائیں۔

    مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ٹریننگ کرا رہے ہیں، پی ایس ایل میں تمام ٹیموں نے بہترین کرکٹ کھیلی، پچز کا معیار بہت اچھا تھا جن پر بڑے اسکور بنے، پی ایس ایل میں کافی چیزیں نظر آئیں جن پر کام کی ضرورت ہے، پاکستان کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا نظر آ رہا ہے، میری تجویز ہے پی ایس ایل کے باقی میچز ضرور ہوں۔

    کرونا وائرس، سرفراز احمد کا عوام کے نام خصوصی پیغام

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہ شرجیل خان کی فٹنس سے خوش نہیں ہیں، انھیں واپسی کے لیے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی شہر قائد میں عوام کے نام خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ شہری لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں، کرونا وائرس سے بچاؤ صرف احتیاط ہی سے ممکن ہے۔

  • بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

    بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

    لاہور: بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، شعیب ملک اور محمد حفیظ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے کپتان بابراعظم کے ہمراہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔

    بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے محمد عامر اور فخر زمان کو قومی ٹیم سے ڈراپ کر کے شعیب ملک اور محمد حفیظ کو دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    ہیڈکوچ مصباح الحق نے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم ٹیم کے کپتان ہوں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد بٹ، احسان علی، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، شعیب ملک، محمد حسنین، موسیٰ خان، محمد رضوان، شاداب خان، عثمان قادر اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہم نے آسٹریلیا میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا، بنگلہ دیش کے خلاف بھی تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن بنایا ہے۔

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ شاداب خان پر کام ہو رہا ہے اور عثمان قادر کو بیک اپ کے لیے رکھا گیا ہے جبکہ حفیظ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلین ٹی 20 لیگ بگ بیش میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث رؤف پہلی بار پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے۔

  • مصباح الحق نے بھی چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کی مخالفت کردی

    مصباح الحق نے بھی چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کی مخالفت کردی

    لاہور: قومی ٹیم کے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ کو 4 روزہ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے خدشات کا اظہار کردیا۔

    مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ 4 روزہ کرنے سے ٹیموں میں منفی سوچ آئے گی اور وہ زیادہ تر میچ ڈرا کرنے کو ترجیح دیں گی، ایک دن کی کمی سے ٹیسٹ میچ کے نتائچ پر بھی اثر ہوگا جب کہ سب سے زیادہ متاثر فاسٹ بولرز ہوں گے۔

    ہیڈکوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زیادہ تر کرکٹ موسم سرما میں ہوتی ہے،اس موسم میں سورج جلد غروب ہوجاتا ہے اور مقررہ اوورز کی کمی کو آخری دن میں پورا کیا جاتا ہے، اگر چار روزہ کرکٹ ہوئی تو اوورز کی کٹوتی میں اضافہ ہوگا اور میچ بے نتیجہ ہوسکتا ہے۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عمومی طور پر فاسٹ بولر ایک دن میں 15 سے 20 اوورز کراتا ہے تاہم 4 روزہ کرکٹ میں یومیہ اوورز کا کوٹہ بڑھنے سے بولرز کو مزید اوورز کروانا ہوں گے جس سے وہ انجری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شائقین فاسٹ بولرز کی تیز رفتار بولنگ کو پسند کرتے ہیں لیکن زیادہ اوورز کی تھکن سے ان کی رفتار کم ہو جائے گی اور پیس کم ہونے سے شائقین کو بھی مایوسی ہوگی۔