Tag: مصباح الحق

  • سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

    وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا۔ کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔

    مصباح الحق کے بطور ہیڈ کوچ نام کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے 30 ویں ہیڈ کوچ ہیں، مصباح سے قبل مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق پاکستان کے کوچ بننے والے 17 ویں قومی کھلاڑی ہیں۔

    مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    دوسری جانب وقار یونس سے قبل اظہر محمود بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وقار یونس 2 بار پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

  • مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی سفارش، ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا اعلان آج ہوگا

    مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی سفارش، ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا اعلان آج ہوگا

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کی پانچ رکنی کمیٹی نے متفقہ طور پر مصباح الحق کو ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی سفارش کردی، قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی پانچ رکنی کمیٹی مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کرنے کی سفارش اور وقاریونس کو بولنگ کوچ بنانے کی حمایت کی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ اور بولنگ کوچ کے ناموں کا باقاعدہ اعلان آج بدھ کے روز کیا جائے گا۔

    پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ اور بولنگ کوچ کے لیے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ اعلان کے بعد ہیڈ کوچ پریس کانفرنس کریں گے اور اپنے پلانز سے متعلق میڈیا کو آگاہی فراہم کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر بھی بنایا جاسکتا ہے، ہیڈ کوچ کیلئے ڈین جونز، یوہان بوتھا اور محسن خان نے بھی انٹرویو دیا تھا۔

  • کیا مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا؟

    کیا مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا؟

    لاہور: پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کا اعلان اس ہفتے کیا جائے گا، مصباح الحق کلیدی عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کا عہدہ سونپے جانے کا قوی امکان ہے.

    پی سی بی کے پانچ رکنی پینل نے اس ضمن میں گزشتہ ہفتے کوچز کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کیے تھے۔ خیال رہے کہ ہیڈ کوچ کا منصب مکی آرتھر کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد سے خالی ہے.

    مزید پڑھیں: وقار یونس سے بہتر کوئی بولنگ کوچ نہیں ہوسکتا، جنید خان

    جن امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے تھے ان میں مصباح الحق کے علاوہ ڈین جونز، یوہان بوتھا، محسن خان اور وقار یونس سمیت 5 افراد شامل تھے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق کرکٹ بورڈ پاکستانی کوچ کے حق میں ہے، اس ضمن میں‌ مصباح الحق مضبوط ترین امیدوار ہیں، جنھیں چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپا جاسکتا ہے.

    ادھر بولنگ کوچ کے لیے وقار یونس کا انتخاب لگ بھگ حتمی ہے، محمد اکرم اپنی درخوات واپس لے چکے ہیں، جب کہ کورٹنی واش کو ذمے داری سوپنے میں ادارہ دل چسپی نہیں رکھتا.

  • کوچ اور سلیکٹر میں سے کسی ایک عہدے کو منتخب کرنا پڑا، تو استخارہ کروں گا: مصباح الحق

    کوچ اور سلیکٹر میں سے کسی ایک عہدے کو منتخب کرنا پڑا، تو استخارہ کروں گا: مصباح الحق

    لاہور: پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کوچنگ اور سلیکشن کمیٹی سے کسی ایک کومنتخب کرنا پڑا، تو استخارہ کروں گا.

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ کمانڈنٹ کی ذمے داری نبھانے والے مصباح الحق نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شخص کو ہیڈ کوچ اور سلیکٹر کی ذمہ داریاں دینے کے حامی ہیں.

    انھوں نے کہا کہ اگر ہیڈ کوچ ہی نے ٹیم منتخب کی ہوگی، تو وہ خراب کارکردگی کا جواب دہ ہوگا. البتہ میں نے ابھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے لئے اپلائی نہیں کیا، میرے کوچ بننے کی صرف افواہیں ہیں.

    پاکستان کو نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بنانے والے مصباح نے کہا کہ کپتان کے بارے میں فیصلہ کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے، تمام فارمیٹ کا ایک کپتان بھی ہوسکتا ہے اور الگ الگ کپتان بھی ہوسکتے ہیں.

    مزید پڑھیں: مصباح الحق کی کامیابی کے پیچھے موجود شخص کا انتقال، سابق کپتان غمزدہ

    پوری توجہ کیمپ ہے، کوشش ہوگی کیمپ سےکھلاڑی بہتراندازمیں خود کو تیار کرسکیں، سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لیول 2 کوچنگ کورس کررکھا ہے، ڈومسیٹک میں کوچنگ بھی کی، وہ تجربہ یہاں‌ کام آیا.

  • پاک بھارت میچ کوئی جنگ نہیں، کھیل سے لطف اندوز ہوں: مصباح الحق کا مشورہ

    پاک بھارت میچ کوئی جنگ نہیں، کھیل سے لطف اندوز ہوں: مصباح الحق کا مشورہ

    لاہور: سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے خصوصی پیغام میں کیا. مصباح الحق نے پاکستان اور بھارت کے مداحوں‌ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل سے محظوظ ہوں.

    پاکستان کی ٹیسٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان نے کہا کہ یہ ایک بڑا مقابلہ ہے، البتہ جذباتی ہونے کے بجائے خود پر قابو رکھیں اور کھیل کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوں. اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں.

    مصباح الحق نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ کل اچھا مقابلہ ہوگا، میچ اہم ہے، مگر اصل چیز اس سے لطف اندوز ہونا ہے.

    مزید پڑھیں: عالمی کپ 2019: پاکستانی ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا کل ہوگا

    سابق کپتان نے کہا کہ یہ کوئی نہیں جنگ نہیں، اسپورٹ مین اسپرٹ کے ساتھ میچ دیکھیں، اچھے کھیل کو سپورٹ کریں، جو بھی نتیجہ آئے، اسے قبول کریں.

    انھوں نے کہا کہ میں دونوں ٹیموں کے مداحوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں. امید ہے، زبردست مقابلہ ہوگا.

    خیال رہے کہ کل ورلڈ کپ 2019 میں پاک بھارت ٹاکرا ہوگا. میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے.

  • کون ہوگا انڈر 19 ٹیم کا کوچ، یونس خان یا مصباح الحق؟

    کون ہوگا انڈر 19 ٹیم کا کوچ، یونس خان یا مصباح الحق؟

    لاہور: پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے ایک اور نام سامنے آگیا. توقع کی جارہی ہے کہ سابق کپتان مصباح الحق یہ اہم ذمے داری اٹھا سکتے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ بیٹسمین یونس خان کی جانب سے ذمے داری اٹھانے سے معذرت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ مصباح‌ الحق کو یہ عہدہ سونپے کا خواہش مند ہے.

    پی سی بی ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ عہدے دار نے اس ضمن میں مصباح الحق سے رابطہ کیا۔ ابتدائی طور پر مصباح الحق کو انڈر 19 ٹیم کی ذمہ داری دی جاسکتی ہے.

    خیال رہے کہ مصباح الحق کا شمار پاکستانی تاریخ کے کامیاب ترین کپتانوں‌ میں‌ہوتا ہے، ان کی قیادت میں‌ پاکستان نے ریکارڈ تعداد میں ٹیسٹ میچز جیتے.

    مزید پڑھیں: اب سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہیے: مصباح الحق

    یاد رہے کہ پہلے اس ضمن میں یونس خان سے رابطہ کیا گیا، مگر وہ اپنی شرائط پر کام کرنا چاہتے تھے.

    دوسری جانب مصباح الحق کی جانب سے ابھی مثبت جواب نہیں‌ دیا گیا، وہ کرکٹ کمیٹی میں اہمیت نہ دیے جانے کی وجہ سے ناراض ہیں.

    واضح رہے کہ چند روز قبل وسیم اکرم بھی اس کمیٹی کی اہمیت اور فعالیت پر سوال اٹھا چکے ہیں.

  • مصباح الحق کا لاہور میں 125 بستروں کا چائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان

    مصباح الحق کا لاہور میں 125 بستروں کا چائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان

    فیصل آباد: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے لاہور میں 2 ارب کی لاگت سے 125 بستروں کاچائلڈ ہارٹ اسپتال بنانے کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بنانے والے مصباح الحق نے آج چائلڈ ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کے لئے تاجروں سے ملاقات کی.

    اس موقع پر مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے لئے کوئی کام نہیں ہوا، اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے.

    سابق کپتان نے کہا کہ ہمارے ہاں‌ چلڈرن اسپتال ہیں، لیکن بچوں کے ماہرامراض قلب موجود نہیں، فیصل آباد پہلی ٹارگیٹ ہے، اس کے بعد پورے ملک میں انسٹی ٹیوٹ بنانے کی کوشش کروں گا.


    مزید پڑھیں: اب سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہیے: مصباح الحق


    انھوں‌ نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے  50 ہزار بچوں کو سالانہ امراض قلب کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے لیے لاہور میں 2 ارب سے125 بستروں کا چائلڈ ہارٹ اسپتال بنایا جائے گا.

    واضح رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان اب فلاحی خدمت کے میدان میں قدم رکھ چکے ہیں. خیال رہے کہ پاکستان کو ورلڈ چیمپیئن بنانے والے عمران خان نے بھی فلاحی سرگرمیوں میں‌ حصہ لیا تھا اور شوکت خانم کی بنیاد رکھی تھی.

  • اب سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہیے: مصباح الحق

    اب سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہیے: مصباح الحق

    کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اب سرفراز احمد کی کپتانی پر کوئی بحث نہیں ہونی چاہیے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. سابق کپتان نے کہا کہ ورلڈکپ کے لئے سرفراز احمد ہی کو کپتان برقراررہنا چاہیے.

    مصباح الحق نے کہا کہ اب اس معاملے پر مزید بحث کی گنجائش نہیں، ایشیا کپ میں شکست سےٹیم اور کپتان کوبہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،  گذشتہ ایونٹ میں شکست کے بعد ٹیم میں فائٹنگ اسپرٹ آئی.

    محسن خان اور مکی آرتھر میں غلط فہمی سے متعلق مصباح کا کہنا تھا کہ ان غلط فہمیوں‌ کو اب دور ہو جانا چاہیے.


    مزید پڑھیں: پلیئرز محنت کر رہے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کریں گے: محمد حفیظ


    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان نے کہا  تھا کہ سرفراز احمد کو ٹیسٹ میچز کی کپتانی کے بوجھ سے آزاد کر دینا چاہیے، اس کے باعث ان کی کارکردگی شدید متاثر ہورہی ہے.

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو ٹی 20 سیریز میں شکست دے کر پاکستان نے لگاتار گیارہویں سیریز اپنے نام کر لی ہے، اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کیا تھا. پاکستان لگاتار نو ٹی 20 میچز جیت چکا ہے.

  • سابق کپتان مصباح الحق کا بچوں کے امراض قلب کے لیے پہلا اسپتال بنانے کا اعلان

    سابق کپتان مصباح الحق کا بچوں کے امراض قلب کے لیے پہلا اسپتال بنانے کا اعلان

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے زندگی کی دوسری اننگز کا آغاز کردیا، بچوں کے دل کے امراض کے لیے پاکستان میں بنائے جانے والے پہلے اسپتال کے لیے چندہ جمع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چلڈرن ہارٹ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام لاہور میں بچوں کے دل کے امراض کے لیے ہسپتال کے لیے فنڈ ریزر نگ کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق اور موجودہ کرکٹرز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

    مصباح الحق نے دل کے مریض بچوں کے لیے اسپتال کے قیام کو ضروری قرار دیتے ہوئے اپنی خدمات پراجیکٹ لیے وقف کرنے کا اعلان کیا۔

    واضح رہے کہ کہ چلڈرن ہارٹ اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ لاہور میں ایک ارب چونسٹھ کروڑ روپے لاگت سے ہسپتال قائم کرنے کے لیے فنڈز اکھٹے کررہا ہے، اس تنظیم کے تحت پہلے ہی دل میں سوراخ لے کر پیدا ہونے والے ہزاروں بچوں کا مفت علاج کیا جاچکا ہے۔

  • مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    مصباح الحق نے کلثوم نواز کے انتقال کے باعث چلڈرن اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا

    اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث بچوں کے اسپتال کا افتتاح ملتوی کر دیا، اسپتال کے منصوبے کا افتتاح لاہور میں 14 ستمبر کو کیا جانا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے نہایت کام یاب کپتان مصباح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کے انتقال کی خبر سے ان کے دل کو بہت تکلیف پہنچی۔

    مصباح الحق نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال پُر ملال پر میں اور بچوں کے اسپتال کی ٹیم مرحومہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’ہم محترمہ کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال کے باعث اپنے 14 ستمبر والی تقریب کو ملتوی کرتے ہیں، تقریب کی نئی تاریخ کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔‘

    خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 68 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئی ہیں، انھیں ایک مدت سے گلے کا کینسر لاحق تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  مصباح الحق نے امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کے لیے اسپتال کا اعلان کر دیا


    واضح رہے کہ مصباح الحق نے 6 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کیا تھا کہ وہ بچوں کے لیے ایک اسپتال قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا یہ منصوبہ ان بچوں کے لیے ہے جو پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جنھیں طبی اصطلاح میں congenital heart disease کہا جاتا ہے۔