Tag: مصری سفیر

  • مصر پاکستان کے توانائی شعبے میں جی ٹو جی بنیاد پر تعاون کا خواہشمند

    مصر پاکستان کے توانائی شعبے میں جی ٹو جی بنیاد پر تعاون کا خواہشمند

    اسلام آباد : مصر نے پاکستان کے توانائی شعبے میں جی ٹو جی بنیاد پر تعاون کی خواہش کا اظہار کردیا اور کہا گرین انرجی منصوبوں،ٹرانسمیشن میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب سے مصری سفیر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں توانائی کے شعبےپر تبادلہ خیال کیا گیا ، دوران ملاقات عمر ایوب نے کہا پاکستان کےتوانائی شعبے میں سرمایہ کاری کےوسیع مواقع ہیں،ہمارا مقصدملک میں گرین انرجی کی شرح پیداواربڑھاناہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2025 تک گرین انرجی کا حصہ 20 فیصد ہو جائے گا، قابل تجدید توانائی منصوبوں کی تکمیل مسابقتی بولی کے ذریعےکی جائے گی اور توانائی شعبے میں سرمایہ کار کےفروغ کیلئےشفافیت کویقینی بنایا جائے گا، توانائی مارکیٹ کو وسیع اور مسابقتی بنایا جا رہا ہے۔

    مصری سفیر نے کہا مصر پاکستان کے توانائی شعبے میں جی ٹو جی بنیاد پر تعاون کا خواہشمند ہے، امید ہے دونوں ممالک دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے توانائی کے شعبے میں تعاون پیدا کریں گے۔

    یاد رہے وزیر توانائی عمر ایوب سے ترکی کے سفیر کی ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور توانائی کے شعبے میں پاک ترکی باہمی تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔

    وفاقی وزیر عمر ایوب نے نئی قابلِ تجدید توانائی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا 2030 تک انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کا حصہ30 ہوگا اور پاکستان آئندہ دس سال میں 70 فیصد بجلی ملکی توانائی ذرائع سے پیدا کرے گا۔

    ترک سفیر کا کہا تھا کہ ترکی اورپاکستان کے مابین توانائی کے شعبےمیں تعاون وشراکت جاری رہے گا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

  • وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں کی ملاقات

    وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں کی ملاقات

    اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع پرویز خٹک سے مصر اور قطر کے سفیروں نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں مصر اور قطر کے سفیروں نے پرویز خٹک سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، مصر کے سفیر تیرک دروغ نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان مصر سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، علاقائی، داخلی اور امت مسلمہ سے متعلق امور پر ہماری سوچ ایک ہے، دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

    وزیر دفاع نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ساتھ دینے پر مصر کے اصولی مؤقف کی بھی تعریف کی۔

    وزیر دفاع سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے بھی ملاقات کی، قطر کے سفیر نے ملاقات میں کہا کہ ہم حکومتِ پاکستان سے ہر شعبے میں باہمی تعاون کے لیے تیار ہیں۔

    وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، قطر کے ساتھ پاکستان کے تعلقات باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاع، مشترکہ مشقوں اور منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کے فوجی ادارے قطری مسلح افواج کی تربیت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔