Tag: مصر

  • مصر کے امیر ترین شخص پاکستان پہنچ گئے، بڑی سرمایہ کاری متوقع

    مصر کے امیر ترین شخص پاکستان پہنچ گئے، بڑی سرمایہ کاری متوقع

    اسلام آباد: غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے سلسلے میں اب تک کی بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے اہم رابطے کام کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری کے رابطوں کی بدولت مصر کے امیر ترین شخص نجيب ساويرس پاکستان پہنچ گئے، جن کے اثاثوں کی کل مالیت 2.8 ارب ڈالر ہے، نجیب ساويرس وزیر اعظم عمران خان سے آج اہم ملاقات کریں گے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرمایہ کاری ہاؤسنگ منصوبے اور سیاحت کے شعبے میں کیے جانے کا امکان ہے، وزیر اعظم سے قبل نجیب ساویرس نے زلفی بخاری سے اہم ملاقات کی، زلفی بخاری نے کہا کہ نجیب ساویرس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    معاون خصوصی نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، نیا پاکستان بنانے میں آپ کا کردار بھی اہم ہوگا۔ نجیب ساویرس نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، پاکستان کے لوگ محنتی، ثقافت پسند اور روایات کے امین ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  منی گرام کا 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان

    واضح رہے کہ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 239 فی صد اضافہ ہوا ہے، اس مدت کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری 650 ملین ڈالر رہی، ناروے سے 264 ملین اور چین سے 122 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی۔

    منی گرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولیم الیگزینڈر نے 2020 تک پاکستان میں سرمایہ کاری 1 ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کیا جب کہ چین کے ساتھ مشترکہ ٹریڈنگ کے معاہدے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 2 ارب ڈالر چینی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

  • ڈھائی ہزار سال قدیم پراسرار ماسک جسے موت کا ماسک قرار دیا گیا

    ڈھائی ہزار سال قدیم پراسرار ماسک جسے موت کا ماسک قرار دیا گیا

    قاہرہ: مصر میں لاشوں کو حنوط کرنے والی ڈھائی ہزار سال پرانی ورکشاپ میں سے جانوروں کی ممیوں کے ساتھ ایک پراسرار ماسک بھی دریافت ہوا تھا، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انسانی تاریخ میں اپنی نوعیت کی دوسری دریافت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس سقارہ کے قدیم قبرستان کے نواح میں ایک ورکشاپ دریافت ہوا تھا جس میں کتے، بلیاں، مگرمچھ اور شیر سمیت متعدد حشرات الارض کو بھی حنوط کیا گیا تھا، دریافت ہونے والی یہ ممیاں ڈھائی ہزار سال قدیم قرار دی گئی تھیں۔

    ورکشاپ سے 70 سے زائد لکڑی اور تانبے کی ممیاں بھی درست حالت میں ملیں، ماہرین آثار قدیمہ نے ان ممیوں کو دنیا کی سب سے زیادہ حنوط شدہ جانوروں کی باقیات قرار دیا۔ یہ ورکشاپ قدیم زمانے کے فرعونوں اور امرا کی لاشوں کو حنوط کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی جو عجائبات عالم میں شمار ہونے والے اہرام مصر کے قریب ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نئی معلومات کے لیے ایک خزانے سے کم نہیں ہے۔

    زیر زمین بنائی جانے والی ورکشاپ میں لاشوں کو حنوط کر کے کئی چھوٹے چھوٹے کمروں کی طرح کی قبروں میں دفنایا جاتا تھا، آرکیالوجی کے ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ اس دریافت سے ہزاروں سال قبل کے حالات سے متعلق زیادہ تفصیل سے جان کاری مل سکے گی۔

    جرمن اور مصری ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دارالتحنط میں 2500 سال پہلے انسانی لاشوں کا تحنط بھی ہوتا تھا اور تدفین بھی ہوتی تھی۔ ماہرین کو یہاں سے حنوط شدہ لاشیں، لکڑی کے تابوت اور پتھر پر کھدائی کر کے بنائے گئے وہ بڑے بڑے چوکور چیمبر بھی ملے ہیں، جن میں سے ہر ایک میں کوئی حنوط شدہ لاش یا ’ممی‘ رکھی جاتی تھی۔

    زمانۂ قدیم کے مصری باشندے لاشوں کو ہزاروں سال تک محفوظ رکھنے کے لیے ان پر کس کس طرح کے تیل یا دیگر مادوں کی مالش کرتے تھے، ماہرین کو اس سلسلے میں نئی معلومات ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ ورکشاپ سے سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹے چھوٹے مجمسے، مرتبان اور دیگر برتن بھی ملے ہیں، جو زیر زمین چیمبرز میں لاش کو حنوط کرنے کے عمل میں استعمال ہوتے تھے۔

    ورکشاپ سے چاندی سے بنا ہوا ایک ماسک بھی ملا، یہ اپنی نوعیت کی دوسری بڑی دریافت ہے، کیا اس ماسک سے کوئی پراسراریت  جڑی ہے، اس سلسلے میں ماہرین نے کا کہ کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ماسک کو ماہرین نے ڈیتھ ماسک کہا ہے۔

  • مصر میں تین ہزار سال پرانے تابوت دریافت

    مصر میں تین ہزار سال پرانے تابوت دریافت

    قاہرہ: دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شمار کی جانے والی مصری تہذیب سے ماہرین نے کم سے کم 100 سال بعد پہلی بار بہت بڑی تعداد میں انتہائی اچھی حالت میں 3 ہزار سال پرانے تابوت دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصری ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ دریائے نیل کے کنارے واقع شہر اقصر کے قریب الاساسیف نامی علاقے سے 3 ہزار سال پرانے مرد، خواتین وبچوں کے تابوت اصل حالت میں دریافت کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری آثار قدیمہ نے چند دن قبل 30 تابوتوں کو دریافت کرنے کا دعویٰ کیا تھا جن سے متعلق حکام نے 20 اکتوبر کو تفصیلات جاری کیں۔

    مصری وزارت آثار قدیمہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دریافت کیے گئے 30 تابوت قدیم مصری تہذیب کے مذہبی پادریوں کے خاندان کے افراد کے ہیں۔

    آثار قدیمہ کے وزیر خالد العنانی کے مطابق دریافت کیے گئے تابوتوں کو دریائے نیل کے کنارے واقع شہر کے اس علاقے سے دریافت کیا گیا جہاں سے ماضی میں بھی قدیم تہذیب کے تابوت اور دیگر چیزیں دریافت ہوتی رہی ہیں۔

    تابوت میں 30 گھنٹے گزاریں، 600 ڈالر انعام پائیں

    دریافت کیے گئے تابوت مٹی میں دفن تھے اور ماہرین نے محض 3 سے 4 فٹ کی کھدائی کے بعد انہیں دریافت کیا۔ وزارت آثار قدیمہ کی جانب سے دریافت کیے گئے تابوتوں کی ٹوئٹر پر جاری کی گئی تصاویر دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ تابوت انتہائی اچھی حالت میں ہے۔

    مصری حکام کے مطابق دریافت کیے جانے والے تابوتوں میں مرد و خواتین سمیت بچوں کے تابوت بھی شامل ہیں اور ان تابوتوں پر قدیم مصری تہذیب کی نقش نگاری کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    مصر میں گزشتہ 100 سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں تابوت دریافت ہوئے ہیں، اس سے قبل 19 ویں صدی میں مصر سے تابوت دریافت ہوئے تھے۔

    بیسویں صدی میں مصر میں اتنی بڑی تعداد میں تابوت دریافت نہیں ہوئے، تاہم گزشتہ صدی میں تاریخی مقبرے، مجسمے، شہر اور کھنڈرات دریافت کیے گئے۔ مصری حکام کے مطابق دریافت کیے گئے 30 تابوتوں کو ا?ئندہ سال کے ا?غاز تک قدیم مصری تہذیب کے بنائے گئے عجائب گھر منتقل کیا جائے گا۔

  • مصر: صدر السيسی کے خلاف بڑا احتجاج، مظاہرین کی التحریر اسکوائر جانے کی کوشش

    مصر: صدر السيسی کے خلاف بڑا احتجاج، مظاہرین کی التحریر اسکوائر جانے کی کوشش

    قاہرہ: مصر میں صدر عبدالفتاح السیسی کی برطرفی کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، جس کا دائرہ وقت کے ساتھ پھیلتا جارہا ہے.

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ہزاروں مظاہرین ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے.

    مظاہرین صدر السیسی سے فوری استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ استعفے تک گھر نہیں‌ جائیں‌گے.

    اس احتجاج کے پس منظر میں جلا وطن مصری  اداکار محمد علی کے صدر  پر عاید کرپشن کے الزامات ہیں، محمد علی ہی کی اپیل پر صدر کے خلاف احتجاج شروع ہوا. مصری صدر کی جانب سے ان تمام الزامات کو بے بنیاد اور سازش قرار دیا جاچکا ہے.

    مظاہرین نے جب قائرہ کے مشہور  زمانہ التحریر اسکوائر جانے کی کوشش کی، تو ساہ لباس اہل کاروں نے انھیں‌ روک دیا. اس موقع پر اہل کاروں اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا.

    مصر میں‌ میڈیا پر پابندیوں اور صحافیوں کی گرفتاریوں‌کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، اطلاعات کے مطابق پوليس اور سکيورٹی دستوں نے مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے آنسو گيس استعمال کی۔

    خیال رہے کہ کئی عشروں تک مصر پر حکومت کرنے والے حسنی مبارک کے خلاف مظاہروں میں‌ بھی التحریر اسکوائر کو خصوصی اہمیت حاصل تھی.

  • فلسطینی صدر کے مشیر نبیل شعث کا بیٹا اخوان سے تعلق پر مصر میں گرفتار

    فلسطینی صدر کے مشیر نبیل شعث کا بیٹا اخوان سے تعلق پر مصر میں گرفتار

    قاہرہ:سابق فلسطینی وزیر خارجہ اور فلسطینی صدر کے موجودہ مشیر نبیل شعث کے اہلخانہ نے مصری حکام سے مذکورہ فلسطینی عہدے دار کے بیٹے رامی شعث کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، رامی کو چند ہفتوں پہلے الاخوان تنظیم سے متعلق ایک گروپ کے معاملے میں حراست میں لیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق رامی کے اہل خانہ اور اس کی فرانسیسی اہلیہ سیلین لیبرون نے تصدیق کی کہ نبیل شعث کا بیٹا ابھی تک قاہرہ کے جنوب میں واقع طرہ جیل میں زیر حراست ہے،انہوں نے ایک بیان میں بتایا کہ فلسطینی اور مصری شہریت رکھنے والا 48 سالہ رامی سابق فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر نبیل شعث کا بیٹا ہے۔

    نبیل شعث فلسطینی قومی اتھارٹی میں وزیراعظم کے نائب کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں، وہ اس وقت صدر محمود عباس (ابو مازن) کے لیے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعلقات کے مشیر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شعث کے اہل خانہ کے مطابق رامی کو 5 جولائی کو قاہرہ میں اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے چند گھنٹوں کے بعد رامی کو عدالت میں پیش کیا گیا اور اس پر استغاثہ کی جانب سے ایک دہشت گرد جماعت الامل گروپ کی سپورٹ کا الزام عائد کیا گیا۔

    دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ مصری حکام کے ہاتھوں قبضے میں لیے جانے والے الامل گروپ کے حوالے سے تقریبا 35 ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں۔

    اس سے قبل مصری وزارت داخلہ نے جولائی میں اس مقدمے کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ترکی میں مقیم الاخوانی قیادت کے زیر انتظام 19 کمپنیوں اور اداروں کو ضبط کیا گیا،یہ عناصر مصر میں الامل گروپ کی سرگرمیوں کو فنڈنگ بھی کرتے ہیں، ان سرگرمیوں میں پرتشدد کارروائیاں سرفہرست ہیں۔

    مصر میں نیشنل سیکورٹی کو حاصل معلومات سے انکشاف ہوا کہ الامل گروپ اور اس کے ارکان نے جس منصوبے پر عمل درامد کیا اس میں بنیادی توجہ الاخوان تنظیم کے ساتھ تعاون سے بیرون ملک سے غیر قانونی طور پر آنے والی رقوم کو ملکی سالمیت کے خلافسرگرمیوں میں استعمال پر دی گئی۔

    اس کا مقصد ریاستی اداروں کے خلاف کام کرنا اور سوشل میڈیا اور بیرون ملک سے نشر ہونے والے سیٹلائٹ چینلوں کے ذریعے اشتعال انگیز میڈیا مہم چلانا تھا،اس منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی کرانے والے ملک سے باہر مفرور نمایاں ترین شخصیات کا تعین کر لیا گیا ہے۔

    ان میں الاخوان تنظیم کے سیکریٹری جنرل محمود حسین ، تنظیم کے رہ نما علی بطیخ، عدالت سے سزا یافتہ میڈیا پرسنز معتز مطر اور محمد ناصر اور بیرون ملک مفرور ایمن نور شامل ہیں۔

    مصری وزارت داخلہ کے مطابق حاصل ہونے والی اہم سیکورٹی معلومات کی روشنی میں کارروائی کے سبب 19 اقتصادی کمپنیوں اور اداروں کا تعین کر کے انہیں نشانہ بنایا گیا جن کو الاخوان کے بعض رہ نما چلا رہے تھے،اس دوران تنظیمی دستاویزات، مالی رقوم اور بعض برقی آلات بھی ضبط کر لیے گئے۔

    وزارت داخلہ نے بتایا کہ مذکورہ اداروں کے انتظامی امور دیکھنے والے مصر میں موجود افراد میں مصطفی عبد المعز، اسامہ عبدالعال العقباوی، عمر محمد شریف الشنیطی، حسام مؤنس محمد سعد، زیاد عبد الحمید العلیمی، ہشام فواد محمد عبد الحلیم اور حسن محمد حسن بربری شامل ہیں۔

  • ساڑھے 4 ہزار سال قدیم خمیر سے تیار کردہ مزیدار بریڈ

    ساڑھے 4 ہزار سال قدیم خمیر سے تیار کردہ مزیدار بریڈ

    قدیم آثار و کھنڈرات سے دریافت اشیا میں سے کھانے پینے کی چیزیں بھی نکل آتی ہیں اور انہیں احتیاط سے محفوظ کرلیا جاتا ہے، تاہم ان اشیا کو پکانے اور پھر سے استعمال کرنے کا خیال کم ہی آتا ہے۔

    تاہم معروف ویڈیو گیم ڈیزائنر سیمز بلیکلے نے ایسے ہی ایک قدیم خمیر کو بیک کرنے کا تجربہ کیا اور ان کا یہ تجربہ نہایت کامیاب رہا۔

    بلیکلے نے اپنے ایک ماہر آثار قدیمہ اور ایک مائیکرو بائیولوجسٹ دوست کی مدد سے 4 ہزار 5 سو سال قدیم خمیر حاصل کیا۔ یہ خمیر قدیم مصر کے کھنڈرات سے دریافت ہوا تھا۔

    یہ خمیر کھنڈرات سے دریافت کردہ برتنوں میں موجود تھا اور ماہرین کا خیال تھا کہ اس خمیر سے قدیم مصر میں بریڈ اور شراب بنائی جاتی تھی۔

    بلیکلے نے اس خمیر کو بیک کرنے سے قبل اس میں ایک قسم کا آٹا شامل کیا تاکہ خمیر کے بیکٹریا کو جگا سکے۔ ایک ہفتے بعد یہ خمیر بیک کرنے کے لیے تیار تھا۔

    بلیکلے نے زیتون کے تیل کی آمیزش سے نہایت احتیاط سے اسے بیک کیا، بیک ہونے کے بعد اس کے نہایت غیر متوقع نتائج ملے اور اوون سے ایک نہایت خوشبو دار مہکتی ہوئی بریڈ برآمد ہوئی۔

    ’اس کی خوشبو ویسی تو نہیں تھی جیسی آج کی بریڈ میں ہوتی ہے، یہ اس سے خاصی مختلف لیکن بہترین تھی‘، بلیکلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس میں کہا۔

    بلیکلے کا کہنا ہے کہ وہ بے حد خوش ہے کہ اس کا یہ تجربہ کامیاب ہوا، اب اس کی اگلی کوشش ہوگی کہ وہ اس خمیر سے شراب بھی تیار کرسکے۔

  • جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    قاہرہ : مصری وکیل نے جینیفر لوپیز کے خلاف اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ معروف اداکارہ و گلوکارہ نے الامین شہر میں منعقدہ کنسرٹ میں برہنہ حالت میں پرفارم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادھیڑ عمری میں بھی کسی خوبرو لڑکی کی طرح پرفارمنس کرنے والی گلوکارہ، موسیقار، اداکارہ و لکھاری جینیفر لوپیز پر مصر کے ایک وکیل نے فحش پرفارمنس کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جینیفر لوپیز نے حال ہی میں اپنی 50 ویں سالگرہ کے جشن منانے کے طور پر مصر، اسرائیل، اٹلی اور روس میں خصوصی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا تھا۔

    خاص ممالک میں منعقد کیے جانے والے ان میوزک کنسرٹ میں اگرچہ لاکھوں افراد کو ٹکٹ نہیں دیئے گئے، تاہم ان کنسرٹ میں 5 سے 10 ہزار افراد شامل رہے،ان میوزک کنسرٹ میں جہاں گلوکارہ کے عام مداح شامل رہے، وہیں ان کنسرٹ میں گلوکارہ کے متعلقہ ممالک کی حکومتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف ممالک میں منعقد کئے جانے والے کنسرٹس کو ’ یہ میری پارٹی‘ ہے کا نام دیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے سب سے زیادہ مشہور گانوں پر بولڈ، نیم عریاں اور جذباتی پرفارمنس کی۔

    جینیفر لوپیز نے تل ابیب، ماسکو، اناطولیہ اور مصر کے شہر الامین میں بھی پرفارمنس کی،مصری شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس میں حکومتی وزراء، مصری شوبز، موسیقی، فیشن و میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیات سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار افراد شریک ہوئے۔

    مصر کے شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس کے بعد مصر کے معروف وکیل سمیر صابری نے امریکی گلوکارہ پر فحش پرفارمنس کا الزام لگاتے ہوئے ملک کے اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروادی۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل کے ہاں شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین میں منعقد کنسرٹ میں انتہائی نازیبا اور نیم عریاں پرفارمنس کی جو مصر کے اسلامی اقدار کے خلاف تھی۔

    شکایت میں مزید لکھا گیا گیا کہ جینیفر لوپیز کا میوزک کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ کچھ دن قبل ہی مصر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا اور اس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ایسے میں فحش پرفارمنس کے کنسرٹ میں حکومتی وزیروں کی شرکت ملک کے لیے باعث شرم ہے۔

    مصری وکیل نے اپنی شکایت میں یہ بھی لکھا کہ امریکی گلوکارہ کا فحش کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ دنیا بھر کے مسلمان میدان عرفات میں فریضہ حج کی ادائیگی کر رہے تھے اور ایسے موقع پر جینیفر لوپیز کی عریاں پرفارمنس قابل مذمت ہے۔

    اطلاعات کے مطابق مصری وکیل سمیر صابری نے اپنی شکایت میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین شہر میں کنسرٹ میں کپڑوں کے بغیر بھی پرفارمنس کی،تاہم میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے والے چند افراد کے مطابق جینیفر لوپیز نے برہنہ پرفارمنس نہیں کی تھی البتہ ان کا لباس اس طرح تھا کہ وہ نیم عریاں دکھائی دے رہی تھیں۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل سے شکایت میں مطالبہ کیا کہ جینیفر لوپیز پر مصر میں پابندی عائد کی جائے اور آئندہ ان کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد نہ کیا جائے۔

  • مصر میں اسپتال کے باہر دھماکا، 19 افراد جاں بحق، 30 زخمی

    مصر میں اسپتال کے باہر دھماکا، 19 افراد جاں بحق، 30 زخمی

    قاہرہ: مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 30 شدید زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر غلط سمت سے آنے والی ایک کار تین گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور 19 افراد زندگی بازی کی ہار گئے۔

    ریسکیو اداروں نے ہلاک و زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، ہلاک و زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ تین افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

    مصر کے پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور اس وقت مزید کوئی بات سرکاری سطح پر واضح نہیں کی گئی ہے۔

    مصر میں امراض کینسر کے علاج کے لیے کام کرنے والے ادارے کا علاقہ قاہرہ کے عین وسط میں واقعہ ہے اور اس علاقے میں کاروباری اوقات کے دوران کافی رش دیکھنے میں آتا ہے۔

    مصری وزارت صحت کے مطابق دھماکے کی شدت سے کینسر اسپتال کے اندرونی حصے کو بھی نقصان پہنچا ہے، اسپتال سے تمام مریضوں کو ایک قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مصری فٹبالر محمد صالح نے کار بم دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

  • جیرڈ کشنر کی مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر گفتگو کیلئے مصر آمد

    جیرڈ کشنر کی مشرق وسطیٰ امن منصوبے پر گفتگو کیلئے مصر آمد

    قاہرہ: جیرڈ کشنر دورہ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے مسئلہ فلسطین حل کے لیے مجوزہ امریکی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور ان کے مشیر جیرڈ کوشنر مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران اردن کے بعد مصر پہنچ گئے، جہاں وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے فلسطینیوں اور اسرائیل کے

    درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے مجوزہ امریکی منصوبے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    غیرملکی خبررساں ادارےکا کہناتھا کہ قبل ازیں جیرڈ کوشنر مختصر دورے پر اردن سے اسرائیل پہنچے تھے جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کی تھی۔

    اس سے قبل انہوں نے عمان میں اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کی تھی اور ان کے سامنے امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے مجوزہ امن منصوبے سے متعلق تجاویز پیش کی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز شاہ عبداللہ دوم نے مصری صدر کے مشیر اور ان کے دامادسے ملاقات میں کہا تھا کہ اردن فلسطین، اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق اس موقع پر دونوں رہ نماؤں نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جاری تنازع کے پر امن حل کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

  • بیگ یہیں رکھوں گی، فرانس سے مصر جانے والی پرواز میں جھگڑا، ویڈیو وائرل

    بیگ یہیں رکھوں گی، فرانس سے مصر جانے والی پرواز میں جھگڑا، ویڈیو وائرل

    پیرس: فرانس سے مصر جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں جھگڑا کرنے پر عرب فیملی کو طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    عرب میڈیا کے مطابق رومانیا کے طیارہ فرانس سے مصر جارہا تھا کہ ایک عرب فیملی کی جانب سے کریو ممبر کی جانب سے جھگڑا کرنے پر انہیں پولیس کی جانب سے آف لوڈ کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق طیارے میں جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب موروکو سے تعلق رکھنے والی عرب خاتون نے ’ہینڈ بیگ‘ ساتھ رکھنے پر اصرار کیا جبکہ کریو ممبر کی جانب سے کہا گیا کہ آپ ایمرجنسی دروازے کے سامنے بیٹھی ہیں لہٰذا ہیںڈ بیگ کو یہاں نہ رکھیں۔

    خاتون نے کریو ممبر کے ساتھ جھگڑا شروع کردیا اور موقف اختیار کیا کہ ان کے بیگ میں فائلز اور کچھ اہم دستاویزات موجود ہیں اس وجہ سے وہ اس کو کہیں اور نہیں رکھیں گی۔

    بعدازاں کیبن کریو کی جانب سے پولیس کو بلوایا گیا اور مذکورہ عرب فیملی کو طیارے سے اتار دیا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فیملی پولیس اہلکاروں کے آنے کے باوجود طیارے سے اترنے کے لیے تیار نہیں ہے اور پولیس اہلکار زبردستی انہیں طیارے سے اتارا جارہا ہے۔

    مصری اور موروکو ایمبیسی کا کہنا ہے کہ طیارے میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    عرب فیملی رومانیا کے طیارے سے آف لوڈ کیے جانے کے بعد ایک دوسری فلائٹ سے مصر کے لیے روانہ ہوگئی۔