Tag: مصر

  • مصر میں سونے کا عروسی لباس تیار، لوگوں میں غم و غصہ

    مصر میں سونے کا عروسی لباس تیار، لوگوں میں غم و غصہ

    قاہرہ: مصر میں ایک عروسی لباس تیار کرنے والی کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے، اس کی تشہیر نے معاشی مشکلات کا شکار لوگوں میں غم و غصہ بھر دیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سونے اور ہیروں سے آراستہ عروسی لباس تیار کرنے والی اسپیشلسٹ کمپنی نے اپنے فیس بک صفحے پر منفرد قیمتی عروسی جوڑے کا اشتہار دے کر پورے ملک میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔

    اشتہار میں صارفین کو بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے خالص سونے کا عروسی لباس تیار کیا ہے، اس کا وزن 9 کلو گرام ہے اور اس کی قیمت 15.7 ملین پاؤنڈز ہے، ہوم ڈیلیوری سروس فری ہے، سب سے پہلے آرڈر پر 10 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

    کمپنی نے صارفین کی توجہ عروسی جوڑے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ خالص سونے سے تیار کردہ اس لباس کی نمائش ایک میلے میں کی جائے گی۔

    مصری صارفین نے اس اشتہار پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام کمپنی کی اس حرکت کا نوٹس لیں، کمپنی نے عوام کے جذبات مشتعل کیے ہیں، ایسے عالم میں جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں مصری پاؤنڈ کی قدر زمین کو چھو رہی ہے، ایسے میں خالص سونے کے عروسی لباس کی تشہیر کسی طور زیب نہیں دیتی۔

    بعض صارفین نے اس واقعے کو ہلکے انداز میں لیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس پر برا ماننے والی کوئی بات نہیں کمپنی عروسی لباس کی شکل میں سونا فروخت کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کئی لوگ اپنی بچت محفوظ کرنا چاہتے ہیں، وہ خالص سونے کا عروسی لباس خرید کر اپنی رقم محفوظ کر سکتے ہیں، اس میں برا ماننے والی کوئی بات نہیں۔

  • مصر میں لوگوں کی قوت خرید کیوں کم ہو گئی؟

    قاہرہ: مصر میں لوگوں کی قوت خرید تشویش ناک حد تک کم ہو گئی ہے، اور بتایا جا رہا ہے کہ مصر دوسرا لبنان بننے جا رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کا اقتصادی بحران بڑھتا جا رہا ہے، مصری پاؤنڈ کی قدر میں کمی کی وجہ سے بہت سے متوسط طبقے کے مصری باشندے بھی اب پہلے کی طرح اشیائے خوردو نوش کی خریداری نہیں کر سکتے۔

    اکتوبر کے آخر سے مصر کی کرنسی کی قدر میں تقریباً ایک تہائی کمی واقع ہوئی ہے اور افراط زر اس وقت 20 فی صد سے زیادہ ہے، ماہرین اقتصادیات کو شبہ ہے کہ حالات اس سے بھی بدتر ہو سکتے ہیں۔

    مصر میں عوام کو جس تباہ کن معاشی بحران کا اس وقت سامنا ہے بالکل ایسے ہی مسائل سے 2019 میں لبنانی باشندے دو چار تھے۔

    کینیڈا کی سائمن فریزر یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر رابرٹ اسپرنگ برگ نے 2022 میں واشنگٹن میں قائم ایک این جی او پراجیکٹ آن مڈل ایسٹ ڈیموکریسی (POMED) کی ایک رپورٹ میں لکھا کہ ’’لبنان کی انتہائی ناکام معیشت اور مصر کی جدوجہد کے درمیان قابل ذکر مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔‘‘

    مصر ہمیشہ سے ایک پسندیدہ سیاحتی مقام رہا ہے، لیکن کرونا کی وبا نے گزشتہ سالوں کے دوران اس کے شعبہ سیاحت کو تباہ کر دیا ہے، یوکرین جنگ کی وجہ سے بھی مصری معیشت کو بڑا دھچکا لگا، اور مصر کو گندم کی سپلائی میں بڑی رکاوٹ آ گئی۔

    واضح رہے کہ مصر کو اپنی بقا کے لیے غیر ملکی قرضوں پر انحصار بہت زیادہ بڑھانا پڑا ہے، مصر پر 155 بلین ڈالر سے زیادہ کا قرض ہے، اور اس کی قومی آمدنی کا تقریباً ایک تہائی حصہ اس غیر ملکی قرضے کی ادائیگی پر جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق مصر میں غربت کی جو سطح ہے قریب یہی سطح لبنان کی غربت کی بھی ہے، مصر میں غربت کی سطح 60 فی صد ہے اور مصری باشندے خط غربت پر یا اس کے قریب زندگی گزار رہے ہیں۔

  • پولٹری کی قیمتوں میں اضافہ: ’ہر شخص گھر میں چوزے پالے‘

    قاہرہ: مصر میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر تجویز دی گئی ہے کہ نوجوانوں کو 50، 50 چوزے پالنے کے لیے دیے جائیں۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایسی تجویز سامنے آئی ہے جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔

    ملک میں تجویز دی گئی ہے کہ ہر مصری شہری کو راشن کارڈ پر 50 چوزے دیے جائیں۔

    مصری پارلیمنٹ کی رکن ایفلین متی نے پولٹری چیمبر آف کامرس دمیاط کے مشیر تامر اباظہ کی جانب سے پیش کی گئی اس تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    ایفلین متی نے کہا کہ راشن کارڈ پر شہریوں کو چوزے دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ اکثر افراد ایسے گھروں میں رہتے ہیں جہاں چوزوں کی پرورش کے لیے جگہ نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چوزے پالنے کے لیے خاص فیڈ اور دانہ درکار ہوتا ہے اور ان کے شیڈز کی صفائی کی بھی ضرورت ہوتی ہے، یہ ایسی چیزیں ہیں جن کا انتظام رہائشی مکانات میں ممکن نہیں ہے۔

    ایفلین متی نے تجویز دی ہے کہ حکومت نوجوانوں کو راشن کارڈ پر 50، 50 چوزے دینے کے بجائے زمین کے ایسے کشادہ ٹکڑے فراہم کرے جہاں وہ پولٹری فارمز بنا کر مارکیٹ میں مسابقت کی فضا قائم کریں تاکہ پولٹری کی قیمتوں میں کمی آسکے۔

    دمیاط کی پولٹری چیمبر آف کامرس کے مشیر تامر اباظہ کے نوجوانوں کو 50 چوزے دینے کے مشورے پر سوشل میڈیا پر بھی ردعمل سامنے آرہا ہے۔

    کچھ افراد نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ بعض صارفین نے اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو شخص 50 چوزے پال سکتا ہے وہ تو راشن کارڈ کا مستحق ہی نہیں ہے۔

  • فرعونی دور کا مجسمہ نکالنے کی کوشش مہنگی پڑ گئی

    قاہرہ: مصر میں فرعونی دور کے دس ٹن مجسمے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی، مجسمہ نکالنے والے 3 افراد کو پولیس نے دھر لیا۔

    عرب نیوز کے مطابق مصر کی سیکیورٹی سروسز نے ملک کے جنوب میں واقع اسوان ریجن میں نوادرات کی غیر قانونی کھدائی کرنے والے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    محکمہ سیاحت اور نوادرات پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دریائے نیل کے کنارے تاریخی علاقے اسوان میں چند افراد آثار قدیمہ کی حدود میں کھدائی کر رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں کھدائی کرنے والوں کا مقصد اسوان میں جنوبی کان کے علاقے الشلال آبشار میں فرعونی دور سے تعلق رکھنے والے گرینائٹ کے مجسمے چوری کرنا تھا۔

    محکمے کے مطابق یہاں موجود مجسمے کے اردگرد غیر منظم قسم کی کھدائی کے نشانات پائے گئے، جس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ ان افراد کا مجسمے کو سائٹ سے ہٹانے اور اسمگل کرنے کا منصوبہ تھا۔

  • آئی ایم ایف نے مصر کے لیے بڑا پیکج منظور کر لیا

    آئی ایم ایف نے مصر کے لیے بڑا پیکج منظور کر لیا

    قاہرہ: آئی ایم ایف نے مصر کے لیے 3 ارب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مصر کے لیے تین ارب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

    جمعہ کے روز جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے مصر کے لیے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت تقریباً 3 ارب امریکی ڈالر کے 46 ماہ کے پیکج کومنظوری دی ہے۔

    آئی ایم ایف نے واضح کیا کہ اس پیکج کا مقصد مصر کا بیرونی بوجھ اور افراط زر کم کرنا ہے، تاکہ مصر مالیاتی پالیسی سے متعلق لچک دار شرح مبادلہ نافذ کر سکے۔

    انھوں نے کہا کہ مصر سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ جامع انفرا اسٹرکچرل اصلاحات کرے، سماجی تحفظ اور اخراجات میں اضافہ کرے۔

  • شقی القلب شخص نے والدین اور بڑے بھائی کو قتل کردیا

    شقی القلب شخص نے والدین اور بڑے بھائی کو قتل کردیا

    قاہرہ: مصر میں ایک سنگ دل شخص نے اپنے والدین اور بڑے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات چل رہے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر کے شمال میں واقع گورنریٹ کفر الشیخ میں ایک خاندان کے سب سے چھوٹے بیٹے نے اپنے ماں باپ اور بڑے بھائی کو قتل کردیا۔

    یہ واقعہ قلین مرکز کے گاوں الشقہ میں آبادی سے دور ایک زرعی زمین میں واقع گھر میں پیش آیا، خاندان زراعت سے وابستہ تھا۔

    خاندان کے سب سے بڑے بیٹے کا نام محمد جمال تھا اور اس کی عمر 45 برس تھی، وہ پیشے کے لحاظ سے استاد تھا۔ والد جمال کی عمر 80 جبکہ والدہ انیسہ کی عمر 75 برس تھی۔

    علاقے کے سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ نے بتایا کہ قلین مرکز کے الشقہ گاؤں میں واقع ایک گھر سے کسان، اس کی بیوی اور بیٹے کی لاشیں ملی ہیں، واقعے کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات چلے آرہے تھے۔

    ملزم یعنی سب سے چھوٹا بیٹا 31 سالہ احمد جمال سوشل سروس میں گریجویٹ ہے اور اسکندریہ میں کام کرتا ہے۔

    احمد جمال 8 دسمبر کو اسکندریہ سے واپس آیا، قتل کا منصوبہ اس کے ذہن میں موجود تھا، وہ اپنے ساتھ ایک سفید رنگ کا ہتھیار بھی لایا تھا جس سے اس نے اپنے بھائی اور والدین پر وار کیے۔

    اس کے بعد اس نے آلہ قتل ایک گودام میں چھپا دیا۔

    اس واقعے کا علم اس وقت ہوا جب مقتول ٹیچر کے ساتھ کام کرنے والے ساتھیوں نے ان کے 2 دن سے غیر حاضر ہونے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس ان کے گھر پہنچی، جہاں قتل کی لرزہ خیز واردات کا انکشاف ہوا۔

  • مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    مصر میں رواں برس کتنی مساجد تعمیر ہوئیں؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    قاہرہ: مصر میں السیسی کی حکومت میں رواں برس اور اب تک ریکارڈ تعداد میں مساجد کی تعمیر ہوئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق مصری وزارت اوقاف کا کہنا ہے کہ مصر بھر میں اس سال ریکارڈ ایک ہزار 200 نئی مساجد کھولی گئی ہیں۔

    مصر کی وزارت اوقاف کے انڈر سیکریٹری ایمن عمر نے بتایا کہ ستمبر 2020 سے مصر میں 2 ہزار 712 نئی مساجد کھولی گئی تھیں، جب کہ مزید 404 کی تزئین و آرائش کی گئی۔

    جون 2014 میں صدر عبدالفتاح السیسی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک 10.2 بلین مصری پاؤنڈ کی لاگت سے مجموعی طور پر 9 ہزار 600 مساجد کی تعمیر یا تزئین و آرائش کی جا چکی ہے۔

    ایمن عمر نے عرب نیوز کو بتایا کہ رواں برس ایک ہزار 200 نئی مساجد میں سے کچھ کی مالی اعانت وزارت کی جانب سے کی گئی تھی جب کہ دیگر نجی طور پر حکومتی نگرانی میں تعمیر کی گئی ہیں۔

    مصری وزارت کے ایک اہل کار شیخ رفیع السید نے بتایا کہ اب 2 ہزار 451 مساجد وزارت اوقاف سے منسلک ہیں، جن میں سے ایک ہزار391 ’عارضی‘ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے یہ مشہور قول بدل جاتا ہے کہ قاہرہ ’ہزار میناروں کا شہر‘ ہے، کیوں کہ اب ہمارے پاس اس سے زیادہ مینار ہیں۔

  • سعودی عرب کا مصر کے حوالے سے بڑا قدم

    سعودی عرب کا مصر کے حوالے سے بڑا قدم

    ریاض: سعودی عرب نے مصر کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے مرکزی بینک میں 5 ارب ڈالر کی ڈیپازٹ کی میعاد میں توسیع کر دی۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر مصر کے سینٹرل بینک میں 5 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی میعاد میں توسیع کر دی گئی ہے۔

    سعودی عرب کا کہنا تھا کہ مصری معیشت کے استحکام کے لیے فیاضانہ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

    سعودی حکومت کے ذرائع کے مطابق سعودی مدد کا دائرہ مصر کے سینٹرل بینک میں رقم ڈیپازٹ تک ہی محدود نہیں، بلکہ مصر میں سعودی عرب کے سرکاری و نجی سیکٹر کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری بھی ہورہی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب اور مصر کے متعلقہ ادارے مختلف طریقوں سے تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مصر میں اقتصادی اصلاحات پر عمل درآمد کے باعث ترقی کے امکانات ہیں۔

    مصر نے پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ اور مسابقت کی اہلیت بڑھانے کے لیے بھی مختلف اصلاحات کی ہیں، تاکہ علاقائی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ فنڈنگ کے نئے چینل کھل سکیں۔

  • بیٹی کی شادی کی تقریب میں بیوی کو ’طلاق مبارک‘ کا اعلان، حاضرین ششدر

    بیٹی کی شادی کی تقریب میں بیوی کو ’طلاق مبارک‘ کا اعلان، حاضرین ششدر

    قاہرہ: مصر میں ایک شخص نے بیٹی کی شادی کی تقریب میں مائک پر اچانک بیوی کو ’طلاق مبارک‘ کا اعلان کر کے حاضرین کو ششدر کر دیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے دمیاط گورنری میں ایک شخص نے بیٹی کی شادی کے روز ہال میں ہی بیوی کو طلاق دینے کا اعلان کر کے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

    مصری نے مائک پر ’بیٹی کو شادی مبارک اور بیوی کو طلاق مبارک‘ کہتے ہوئے بیٹی کی شادی والے روز بیوی کو طلاق دے دی، نہ صرف یہ بلکہ انھوں نے اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

    ویڈیو میں مصری کو عربی زبان میں بیوی کو طلاق دیتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔

    مصری نے بیٹی کی شادی میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’دولہا اور دُلہن کو شادی کی ہزار بار مبارک ہو، میں اس موقع پر دلہن کی ماں کو بھی ہزار ہا مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسے طلاق دیتا ہوں، وہ تین طلاق کے ساتھ ہال سے اپنے خاندان کے گھر چلی جائے۔‘

    مطلقہ خاتون نے سابق شوہر کے اس عمل کو اپنے اور بیٹی کے خلاف سازش قرار دے دیا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مصری کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    خاتون کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات تھے، جولائی میں دونوں کے درمیان علیحدگی بھی ہو گئی تھی، اور خاتون نے بچوں کی وجہ سے شوہر کا گھر نہیں چھوڑا تھا۔

    تاہم طلاق کا اعلان اس خاص موقع پر کیوں کیا گیا، اس کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔

  • مصر: جگر کا ٹکڑا عطیہ کر کے بیوی نے شوہر کی جان بچا لی

    مصر: جگر کا ٹکڑا عطیہ کر کے بیوی نے شوہر کی جان بچا لی

    قاہرہ: مصر میں شوہر کی جان بچانے کے لیے بیوی نے بڑی قربانی دے دی، اپنے جگر کا ایک ٹکڑا عطیہ کر دیا۔

    العربیہ چینل کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی شمال مشرقی کمشنری میں مقیم 43 سالہ ھبہ عطیہ ابراہیم نے کافی عرصے سے ہیپٹائٹس کے مرض میں مبتلا شوہر کو اپنے جگر کا ٹکڑا دے کر ان کی جان بچا لی۔

    ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ آپریشن کامیاب رہا ہے اور اب دونوں تیزی سے رو بہ صحت ہیں۔

    ھبہ عطیہ ابراہیم نے انٹرویو میں بتایا کہ انھیں 17 برس قبل منگنی کے محض ایک ماہ بعد معلوم ہوا کہ ان کے ہونے والے شوہر کو ہیپٹائٹس کا مرض لاحق ہو گیا ہے، اب مرض آخری سٹیج پر پہنچ چکا تھا، لیکن کہیں سے پیوندکاری کے لیے جگرکا عطیہ نہیں مل رہا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ ہرسمت سے مایوس ہونے کے بعد انھوں نے اپنے جگر کا ٹکڑا عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس تجویز پر شوہر نے یہ کہہ کر انکار کیا کہ اگر کچھ ہوا تو بچوں کا کیا ہوگا، لیکن اہلیہ کے اصرار پر وہ بھی مان گئے۔

    مصری خاتون کے مطابق جب ان کی منگنی کے بعد ہیپاٹائٹس کا انکشاف ہوا تو والدین نے تسلی دی کہ یہ قسمت کا کھیل ہے، موت ایک صحت مند انسان کو بھی کسی بھی وقت آ سکتی ہے، اور بیمار صحت مند ہو سکتا ہے۔

    ھبہ عطیہ ابراہیم نے بتایا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی خوش گوار گزری، تین بچے بھی ہوئے، والدین کے مرنے کے بعد شوہر نے بہت خیال رکھا، لیکن کچھ عرصہ قبل شوہر کا مرض بہت بڑھ گیا تو ڈاکٹروں نے جگر کی پیوند کاری تجویز کی۔

    مصری خاتون نے بتایا کہ سب واقف کاروں سے رجوع کیا گیا مگر کسی نے جگر کا چوتھائی ٹکرا دینے کی حامی نہیں بھری، جس پر انھوں نے اپنے جگر کا ٹکڑا دینے کا فیصلہ کر لیا۔