Tag: مصر

  • ڈرائیور کی ایمانداری، سعودی خاندان پردیس میں لٹنے سے بچ گیا

    ڈرائیور کی ایمانداری، سعودی خاندان پردیس میں لٹنے سے بچ گیا

    مصر میں مقامی ڈرائیور کی ایمانداری کی بدولت سعودی خاندان کو لاکھوں ڈالر اور قیمتی زیورات واپس مل گئے، مذکورہ خاندان قیمتی سامان سے بھرا بیگ ٹیکسی میں بھول گیا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مصری شہری نے 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کیش اور 3 لاکھ 50 ہزار ریال مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ واپس کر کے سعودی فیملی کا دل جیت لیا۔

    مصر میں بحر احمر صوبے کے گورنر نے بیگ واپس کرنے والے مصری ملازم کو اعزاز سے بھی نوازا۔

    بحر احمر ٹریفک کے عارضی ملازم کو 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کیش اور 3 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ ملا تھا، وہ الغردقہ شہر کے کیفے ٹیریا میں ڈیوٹی پر تھا جہاں اسے مبینہ بیگ ملا تھا۔

    مصری ملازم نے بتایا کہ جیسے ہی اس نے بیگ کے مالک کا پتہ لگانے کے لیے اسے کھولا وہ یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا کہ اس میں بڑی تعداد میں ڈالرز اور زیورات بھی ہیں۔

    مصری کارکن فوری طور پر مقامی افسر کے پاس پہنچا، تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ بیگ ایک سعودی فیملی کا ہے، ان کے ہمراہ ایک مصری بھی تھا۔ یہ تینوں کسٹم کی گاڑی میں سوار ہو چکے تھے۔

    مصری افسر نے گاڑی کو رکوانے کے لیے موبائل کے ذریعے رابطہ کیا اور سعودی فیملی کو خوشخبری سنائی گئی کہ ان کا جو بیگ گم ہوگیا تھا وہ مل گیا ہے۔

    سعودی خاندان راستے سے واپس آیا، اس نے بیگ کھول کر ڈالر اور زیورات چیک کیے۔ سب کچھ ملنے پر انہوں نے مصری کارکن کا شکریہ ادا کیا۔

  • مصر میں خوفناک بس حادثہ، 22 افراد جاں بحق

    مصر میں خوفناک بس حادثہ، 22 افراد جاں بحق

    قاہرہ: مصر میں ٹرک اور مسافر بس کے درمیان تصادم میں 22 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں، ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کر کے اس کے ٹائر تبدیل کیے جارہے تھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مصر کے جنوبی صوبے المنیا کے قریب ایک بس حادثے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے ہیں۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب دارالحکومت قاہرہ کے قریب ہائی وے پر ایک مسافر بس کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کر کے اس کے ٹائر تبدیل کیے جارہے تھے۔

    حادثے کے زخمیوں کو المنیا کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، المنیا قاہرہ سے تقریباً 220 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مصر میں ہر سال ہزاروں افراد ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں، یہ حادثات زیادہ تر تیز رفتاری، خراب سڑکوں یا ٹریفک قوانین پر عملدر آمد نہ ہونے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔

  • حال ہی میں شادی کرنے والا نوجوان شہد کی مکھی کے ڈنک سے ہلاک

    حال ہی میں شادی کرنے والا نوجوان شہد کی مکھی کے ڈنک سے ہلاک

    قاہرہ: مصر میں ایک نوجوان شہد کی مکھی کے زہریلے ڈنک سے پہلے کومے میں چلا گیا اور بعد ازاں موت کا شکار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کی الغربیہ کمشنری میں ایک نوجوان شہد کی مکھی کے ڈنک سے ہلاک ہو گیا، نوجوان کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی مگر وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

    مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق 32 سالہ نادر الجزار کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی، اس نے ایک فارم ہاؤس کرائے پر حاصل کیا تھا جہاں وہ مختلف اقسام کی اجناس کا ذخیرہ کر کے انھیں مارکیٹ میں فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔

    فارم ہاؤس کے معائنے کے دوران اسے شہد کی مکھی نے کاٹ لیا، طبیعت بگڑنے پر اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کرنے کے بعد فوری امداد فراہم کی مگر وہ کومے میں چلا گیا۔

    نادرالجزار کی جان بچانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں، شہد کی مکھی کا زہر اس کے جسم میں پھیل چکا تھا جس سے اس کی ہلاکت ہوئی۔

    بعد ازاں انکشاف ہوا کہ نوجوان ایک قسم کی الرجی کا مریض تھا جس کی وجہ سے شہد کی مکھی کا زہر اس کے لیے جان لیوا بن گیا۔

  • مصری حکومت کی ایک ماہ کے دوران 44 ٹن سونے کی خریداری

    مصری حکومت کی ایک ماہ کے دوران 44 ٹن سونے کی خریداری

    قاہرہ: مصر نے گزشتہ 1 ماہ کے دوران 44 ٹن سونا خریدا ہے جس کے بعد مصر خطے میں سب سے زیادہ سونے کے اثاثے رکھنے والے ملک کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مصر کے سینٹرل بینک نے فروری 2022 کے دوران 44 ٹن سونا خرید کر 2022 کی پہلی سہ ماہی میں سونے کے خریداری کے حوالے سے دنیا کے سب سے بڑے سینٹرل بینک ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    پوری دنیا میں اب یہ سوال کھڑا ہوگیا کہ آخر مصر نے ایک ماہ کے دوران اتنا زیادہ سونا کیوں خریدا ہے۔

    ماہر اقتصادیات ہانی ابو الفتوح کا کہنا ہے کہ مصری سینٹرل بینک کے پاس فروری 2022 کے آخر میں سونے کے محفوظ ذخائر 125 ٹن تک پہنچ گئے، یہ مصر میں غیر ملکی محفوظ کرنسی کی قدر کے حوالے سے 17 فیصد کے لگ بھگ ہے۔

    ابو الفتوح کا کہنا تھا کہ نئے سودے کے بعد مصر نے خطے میں سب سے زیادہ سونے کے اثاثے رکھنے والے ملک کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔

    ابو الفتوح نے کہنا تھا کہ مصر نے 44 ٹن سونا کیوں خریدا، اس کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ دنیا بھر کے سینٹرل بینکوں نے گزشتہ برسوں کے دوران امریکی ڈالر پر انحصار کم کیا ہے۔

    امریکی معیشت اور ڈالر کے مستقبل کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر کے ممالک ڈالر پر انحصار کم کر رہے ہیں اور سونے پر انحصار بڑھ رہا ہے۔

    سونا ایسی دھات ہے جسے آسانی سے فروخت کیا جا سکتا ہے اور اس پر دنیا بھر کے ممالک، کمپنیاں اور ادارے انحصار کرتے ہیں۔

    ابو الفتوح نے مزید کہا کہ اتنا زیادہ سونا خریدنے کا ایک سبب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ مصر، روس سے گندم درآمد کرنے کے لیے کرنسی کے بجائے سونا استعمال کرے۔

  • مصر: اخوان المسلمین کے 10 ارکان کو سزائے موت

    مصر: اخوان المسلمین کے 10 ارکان کو سزائے موت

    قاہرہ: مصری عدالت نے اخوان المسلمین کے 10 ارکان کو سزائے موت سنا دی۔

    بین الاقوامی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق مصر کی ایک عدالت نے حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 10 افراد کو سزائے موت سنا دی۔

    مصری سرکاری نیوز ایجنسی نے اتوار کو بتایا کہ جن افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے ان کا تعلق کالعدم اخوان المسلمون سے ہے، جن پر پولیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔

    خبر میں کہا گیا ہے کہ ان دس افراد کو قاہرہ کے جنوب میں واقع شہر حلوان میں ‘حلوان بریگیڈز’ کے نام سے مسلح گروپ بنانے کا قصوروار پایا گیا۔

    خبر کے مطابق مصر کی اعلیٰ مذہبی اتھارٹی، مفتی اعظم کو ان سزاؤں کی توثیق کرنی ہوگی، نیز، ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، اور یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ انھوں نے الزامات قبول کیے یا نہیں۔

    واضح رہے کہ مصر نے اخوان کے خلاف اپنی جدید تاریخ کا سب سے بڑا کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا ہے، جس کا آغاز 2013 میں ملک کے پہلے آزادانہ طور پر منتخب ہونے والے اسلام پسند صدر محمد مرسی کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے بعد فوج کے ہاتھوں تختہ الٹنے کے بعد ہوا۔

    مصری حکومت نے اخوان کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے، دوسری طرف اخوان ایک عرصے سے کہتے آ رہے ہیں کہ وہ پُر امن تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں۔

    سرکاری نیوز ایجنسی مینا نے قاہرہ کے جنوب میں واقع شہر کے حوالے سے کہا کہ جن 10 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی ہے، انھوں نے "حلوان بریگیڈز” کے نام سے ایک گروپ تشکیل دیا تھا، اور وہ قاہرہ کے علاقے میں پولیس کے اہداف پر حملہ کرنے کی ایک وسیع سازش کا حصہ تھے جس کا مقصد حکومت کو گرانا تھا۔

  • فرعون کی 3 ہزار سال قدیم ممی کے راز دریافت

    فرعون کی 3 ہزار سال قدیم ممی کے راز دریافت

    قاہرہ: مصر میں 3 ہزار سال قدیم ممی کے راز دریافت کرلیے گے، اس ممی کو 1881 میں دریافت کیا گیا تھا تاہم ابھی تک اسے کھولا نہیں گیا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فرعون امنحتب اول کی ممی کی باقیات کا معمہ سائنس دانوں نے 33 سو برس بعد حل کرلیا ہے، انہوں نے ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کی مدد سے مصر کے فرعون کا ایسا راز دریافت کرلیا جس پر اب تک پردہ پڑا ہوا تھا۔

    سائنس دانوں نے بتایا کہ فرعون امنحتب اول کی ممی کے پیٹ میں سونا بھرا ہوا ہے۔

    آر ٹی کے مطابق امنحتب اول مصر میں فراعنہ کے 18 ویں خاندان کا دوسرا حکمران تھا، اس کی ہلاکت 1504 یا 1506 قبل مسیح میں ہوئی تھی، اس وقت اسے بڑی مشکل سے حنوط کر کے محفوظ کیا گیا تھا۔

    انیسویں اور بیسویں صدی میں دریافت ہونے والی شاہی خاندان کی تمام ممیز کی چھان بین کی جا چکی ہے۔

    امنحتب اول واحد فرعون ہے جس کی ممی ماہرین مصریات نے کبھی کھولنے کی کوشش نہیں کی۔ کہتے ہیں کہ امنحتب اول کی ممی کو نہ کھولنے کی وجہ کوئی خوف نہیں تھا بلکہ اس کی اصل وجہ یہ تھی کہ اس کی ممی نہایت خوبصورت انداز میں محفوظ اور پھولوں سے مزین تھی۔

    خوبصورت مصنوعی چہرہ قیمتی پتھروں کی پرت سے آراستہ تھا۔

    قاہرہ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے امنحتب اول کی ممی کے راز دریافت کرنے کے لیے تھری ڈی ایم آر آئی کی مدد سے کام لیا۔ انہوں نے ملبوس ممی کی اندرونی دنیا کو دریافت کرنے کے لیے تاریخ میں پہلی بار نیا طریقہ کار اختیار کیا۔

    اس طریقہ کار کی بدولت سائنس دان یہ راز دریافت کرنے میں کامیاب ہوگئے کہ امنحتب اول نامی فرعون نے 35 برس کی عمر پائی تھی۔

    اس کی لمبائی 5 فٹ 7 انچ تھی، یہ بھی معلوم ہوا کہ اس زمانے میں ختنہ کا رواج تھا۔ یہ 3 ہزار برس پہلے کی بات ہے۔

    امنحتب اول کا معمہ حل کرنے کی کوشش پہلی بار نہیں ہوئی، اس سے قبل اس کی ممی پر چڑھے ہوئے غلاف کھول کر اس کی نعش کی مرمت کی گئی تھی اور اسے اکیسویں خاندان کے کاہنوں نے گیارہویں صدی قبل مسیح ترمیم کے بعد دوبارہ دفن کیا تھا۔

    امنحتب اول کو جنوبی مصر میں الدیر البحری میں دفن کیا گیا تھا جہاں سنہ 1881 میں ترمیم شدہ دیگر کئی شاہی ممیز دریافت ہوئی تھیں۔

    قاہرہ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ریسرچ کر کے یہ بھی بتایا ہے کہ امنحتب اول کی کھوپڑی میں بھیجا اب تک موجود ہے، اسے حنوط کرتے وقت نکالا نہیں گیا تھا۔

    یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے کیونکہ فراعنہ کی جدید ریاست کے بیشتر حکمرانوں کو حنوط کرتے وقت ان کی کھوپڑیوں سے بھیجا نکال لیا گیا تھا، ان میں توت عنخ آمون اور رعمسیس دوم جیسے فراعنہ بھی شامل ہیں۔

  • مصر میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے بری خبر

    مصر میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے بری خبر

    قاہرہ: مصر میں کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے لیے بری خبر ہے، ایسے افراد سرکاری خدمات سے محروم رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں رہنے والے تمام بالغ افراد کو کرونا ویکسین کی ڈوز ہر صورت میں لینا ہوگی۔

    وزارت صحت نے خبردار کیا کہ ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو صحت اور تعلیم کے میدان میں سروسز کے حق سے محروم ہونا پڑے گا، ترجمان وزارت صحت حسام عبدالغفار نے بتایا کہ حکومت کے اس فیصلے کا اطلاق 18 سال سے زائد عمرکے تمام شہریوں پر ہوگا۔

    مصری یونیورسٹیز کی سپریم کونسل نے تصدیق کی ہے کہ کرونا ویکسین کی ڈوز نہ لینے والے طلبہ کو کسی بھی قسم کا امتحان دینے کے لیے یونیورسٹی کے کیمپس میں داخلے سے روک دیا جائے گا۔ جب کہ طبی بنیادوں پر کرونا ویکسین سے استثنیٰ لینے والے افراد کو ہر تین دن بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانا پڑے گا۔

    اس سے قبل سرکاری محکموں میں ملازمین کو دفاتر میں جانے سے روک دیا گیا تھا اور انھیں کہا گیا تھا کہ کرونا ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لینے والے ہی دفاتر میں داخل ہو سکتے ہیں۔

    مصری وزارت صحت کے مطابق ملک میں کرونا ویکسین کی 118 ملین ڈوز کا انتظام کیا جا چکا ہے جب کہ ابھی 55 ملین افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔

  • سال 2022 کے لیے مسلم دنیا کے ثقافتی دارالحکومت کا اعلان

    سال 2022 کے لیے مسلم دنیا کے ثقافتی دارالحکومت کا اعلان

    قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ کو سال 2022 کے لیے مسلم دنیا کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کرلیا گیا، مصری حکام کا کہنا ہے کہ قاہرہ کا انتخاب، تخلیقی اور فکر و فن کے مرکز کی عکاسی کرتا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل، سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن نے قاہرہ کو سال 2022 میں مسلم دنیا کا ثقافتی دارالحکومت منتخب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    مصر کی وزیر ثقافت انس عبدالدائم نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مختلف ثقافتوں کی آپس میں ملاقات کی جگہ کے لیے قاہرہ کا انتخاب، تخلیقی اور فکر و فن کے مرکز کی عکاسی کرتا ہے۔

    مصری وزیر ثقافت نے اسلامی ممالک کے دارالحکومتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ان کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل، سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن کی کوششوں کی تعریف بھی کی ہے۔

  • مصر میں روٹی کی لائن میں کھڑے افراد کو ٹرک نے کچل دیا

    مصر میں روٹی کی لائن میں کھڑے افراد کو ٹرک نے کچل دیا

    قاہرہ: مصر میں تیز رفتار ٹرک نے روٹی کے لیے لائن میں کھڑے دسیوں افراد کو کچل دیا، ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر بیکری میں جا گھسا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ مصری صوبے الشرقیہ میں پیش آیا جہاں درجنوں دیہاتی بیکری سے روٹی خریدنے کے لیے لائن میں کھڑے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر لائن میں کھڑے افراد پر چڑھ گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں وہاں موجود افراد 17 زخمی ہوگئے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار ٹرک کو بڑھتے دیکھ کر لوگ کچھ سمجھ نہ سکے اور بہت سے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہ ملا اور اسی اثنا میں ٹرک وہاں کھڑے لوگوں کو کچلتا ہوا بیکری میں جا گھسا۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک میں آگ بھی لگ گئی تھی جس سے کئی افراد جھلس گئے، آگ پر قابو پا لیا گیا اور متاثرین کو علاج کی غرض سے سینٹرل اسپتال داخل کر دیا گیا۔

  • مصری لڑکے نے سارے دانت نکلوا کر محبوبہ کے لیے ہار بنا لیا، سچ کیا ہے؟

    مصری لڑکے نے سارے دانت نکلوا کر محبوبہ کے لیے ہار بنا لیا، سچ کیا ہے؟

    قاہرہ: مصر میں ایک نوجوان نے محبت کی یقین دہانی کے لیے اپنی بتیسی کا ہار بنا کر محبوبہ کو پیش کر دیا، لیکن اس نے پھر بھی ٹھکرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کر رہی ہے، اور ایک تصویر سامنے آئی ہے جس میں ایک مصری نوجوان نے ہاتھ میں دانتوں سے بنا ہار پکڑا ہوا ہے، جب دوسری طرف سیاہ شرٹ میں بغیر دانتوں کا ایک نوجوان بیٹھا ہے۔

    خبر میں بتایا گیا کہ کیک نامی مصری نوجوان نے اپنی محبوبہ لیزا کو محبت اور وفاداری کا یقین دلانے کے لیے اپنے سارے دانت اکھاڑ کر ان کا ہار بنایا اور لڑکی کو پیش کر دیا۔

    لڑکی نے اس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ کسی اور لڑکی میں دل چسپی رکھتا ہے جس پر مصری نوجوان نے یہ انتہائی قدم اٹھایا، بتایا گیا کہ دونوں کی دوستی چار ماہ قبل ہوئی، لیکن پھر لڑکی نے بات چیت بند کر دی تھی۔

    لڑکے نے لیزا کو صرف آخری بار ملاقات کا پیغام بھیجا، جس پر لڑکی راضی ہو گئی اور طے شدہ ریسٹورنٹ پر دونوں پہنچ گئے۔ لڑکی جب ریسٹورنٹ پہنچی تو کیک نے اپنی بتیسی کا بنا ہار لڑکی کو پیش کر دیا، جس پر لڑکی نے اسے پاگل قرار دے کر تعلق بالکل ختم کر دیا۔

    فیکٹ چیک

    تاہم یہ خبر ایک مذاق نکلی، روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ 31 اکتوبر 2021 کو ایک اداکار مصطفیٰ سلیمان السید نے کی تھی، مصطفیٰ نے بتایا کہ ان کی تصویر کو ایڈٹ کر کے ایسا بنایا گیا کہ وہ بغیر دانتوں کی دکھائی دینے لگی۔

    تصویر کے ساتھ جو کیپشن لگایا گیا تھا، اصل میں عربی میں تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ‘میں نے محبت کے سب سے خوب صورت معنی جو کبھی دیکھے ہیں، یہ ہے کہ آپ اپنے تمام دانت اتار کر اس انسان کو دے دیں جس سے آپ محبت کرتے ہیں۔’

    روئٹرز کی جانب سے سلیمان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے تصدیق کر دی کہ یہ اسٹوری حقیقی نہیں، بلکہ انھوں نے ایک مذاق کے طور پر اسے پوسٹ کیا تھا۔

    سلیمان نے مقامی میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ ان کی پوسٹ کا مقصد 4 نومبر کو مصر میں منائے جانے والے ویلنٹائن ڈے سے قبل لوگوں کے لیے ایک مذاق تھا۔

    روئٹرز کا کہنا ہے کہ ہار کی تصویر کے ماخذ کی تصدیق نہیں کی جا سکی، لیکن یہ تصویر کم از کم 2016 سے آن لائن زیر گردش ہے۔ ہسپانوی زبان میں بزفیڈ کے ایک مضمون کے مطابق یہ ہار Etsy پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

    مصطفیٰ سلیمان السید

    دل چسپ بات یہ ہے کہ مصری اداکار مصطفیٰ سلیمان کی یہ پوسٹ کئی ممالک میں شیئر کی گئی ہے، اور اس کے حوالے سے خبریں بنی ہیں، ان میں پاکستان اور بنگلا دیش بھی شامل ہیں۔

    سلیمان نے پاکستان اور بنگلادیش میں اس حوالے سے شائع شدہ خبروں اور پوسٹس کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کر کے دل چسپ تبصرہ بھی کیا ہے۔

    سلیمان نے ایک اور مذاق کرتے ہوئے لکھا: ان شاء اللہ میں کل صبح 9 بجے پاکستانی چینل پر حاضر ہوں گا، اور میں اپنی انگریزی کا ذمہ دار نہیں ہوں۔