Tag: مصنوعی ذہانت

  • ہیری پوٹر جیسا جادوئی شطرنج اب آپ کی میز پر

    ہیری پوٹر جیسا جادوئی شطرنج اب آپ کی میز پر

    آپ نے مشہور و معروف ہیری پوٹر فلم سیریز تو ضرور دیکھی ہوگی، کیا آپ کو اس کے پہلے حصے کا وہ سین یاد ہے جس میں ہیری پوٹر اور اس کا دوست رون ایسا شطرنج کھیلتے ہیں جس کے مہرے خود بخود آگے بڑھتے ہیں۔

    ایسا شطرنج حقیقی دنیا میں بھی تیار کرلیا گیا ہے جو خود بخود حرکت کرتا ہے۔

    یہ دراصل اسمارٹ شطرنج ہے جسے لاس ویگاس میں جاری سی ای ایس نمائش میں متعارف کروایا گیا۔ اسکوائر آف گرینڈ کنگڈم چیس بورڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے لیس ہے اور کہیں بھی بیٹھے افراد اسمارٹ فون کی مدد سے آن لائن اسے کھیل سکتے ہیں۔

    اس کے لکڑی کے بورڈ کے نیچے ایک روبوٹک ہاتھ موجود ہے جو یہ کام کرتا ہے۔ اسے کھیلنے کے لیے آپ کو کسی مہرے کو نیچے دبانا ہوگا جس پر ایک بیپ سنائی دے گی اور پھر مہرے کو اپنی پسند کی جگہ پر رکھ کر دبانے پر ایک اور بیپ سنائی دے گی۔

    حیران کن منظر وہ ہوتا ہے جب آپ کے سامنے کوئی نہیں ہوتا مگر مخالف مہرے حرکت میں آجاتے ہیں۔ کسی گیم کو شروع کرنے کے لیے بورڈ کی سائیڈ میں موجود ایک بٹن کو دبانا ہوتا ہے اور پھر کھیل جادوئی ہوجاتا ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس بورڈ پر کھلاڑی بلیو ٹوتھ کے ذریعے کنیکٹ ہوسکتے ہیں اور ہر وہ شخص اسے کھیل سکتا ہے جس کے پاس اسکوائر ایپ ہو۔

    شطرنج کا یہ جادوئی بورڈ 369 ڈالرز میں فروخت ہوگا۔

  • یونیورسٹی میں داخلہ لینے والی اس چینی طالبہ کی حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    یونیورسٹی میں داخلہ لینے والی اس چینی طالبہ کی حقیقت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    بیجنگ: چین نے دنیا کو حیرت میں مبتلا کرتے ہوئے اپنی پہلی ورچوئل طالبہ بنا لی ہے، اس طالبہ نے ایک یونیورسٹی میں داخلہ بھی لے لیا ہے۔

    آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ چین نے آخر کار پہلی ایسی ورچوئل طالبہ تخلیق کر لی ہے، جو چین ہی میں تیار کیے گئے وسیع سطح کے مصنوعی ذہانت (AI) کے نظام سے چلتی ہے۔

    جب گزشتہ دنوں ہُووا ژیبنگ نے چین کی مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ویبو پر اپنی زندگی کی پہلی پوسٹ کی، اور اس میں اس نے اعلان کیا کہ وہ شنگھوا یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ میں پڑھنے جا رہی ہے، تو لوگ سائنس دانوں کی اس تخلیق پر حیران رہ گئے۔

    ویبو پر اپنے پہلے ولاگ میں ژیبنگ نے کہا کہ جب سے میں ’پیدا‘ ہوئی ہوں، تب سے میں ادب اور فن کی رسیا ہوں۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس ویڈیو میں ہُووا ژیبنگ کی آمد، آواز اور پس پردہ موسیقی، حتیٰ کہ اس کی بنائی پینٹنگز بھی، سب کچھ ایک ریکارڈ بریکنگ آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈلنگ سسٹم Wudao 2.0 پر تیار کیا گیا تھا۔

    اس سسٹم کی نقاب کشانی یکم جون کو بیجنگ اکیڈمی آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس 2021 میں کی گئی تھی۔ ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر اور ہُووا ژیبنگ کے تخلیق کاروں میں سے ایک تانگ جی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سسٹم گفتگو کی نقل کرنے، نظمیں لکھنے اور تصاویر کو سمجھنے کے لیے 17 کھرب 50 ارب پیرامیٹرز استعمال کرتا ہے۔ اور اس نے گوگل سوئچ ٹرانسفر کے ترتیب دیے 16 کھرب پیرامیٹرز کا ریکارڈ توڑا تھا۔

    اس مصنوعی طالبہ سے متعلق اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایک سال میں اس کا شعور 12 سالہ بچے جتنا ہو جائے گا، اس تمام اختراع کی پشت پر جدید ترین الگورتھم اور سافٹ ویئر ہے جو اسے مسلسل سیکھنے میں مدد دیتے ہیں، واضح رہے کہ اس سے قبل چینی ماہرین ڈیجیٹل یوٹیوبر اور خبرنامہ پڑھنے والے ورچول نیوز کاسٹر بھی بنا چکے ہیں۔

    ہُووا ژیبنگ نے منگل کو اپنی پہلی کلاس لی ہے، اور اس کا پہلا سیمسٹر ڈیٹا ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے، اسے پڑھانے کے لیے ماہر پروفیسر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ چین کا خیال ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجینس ملک کی معاشی ترقی اور صنعتی فروغ کے لیے نہایت ضروری ہے۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا یہ طالبہ انسان کی طرح بنتی جائے گی۔

  • روبوٹک کیمرا گنجے ریفری کو فٹبال سمجھ بیٹھا

    روبوٹک کیمرا گنجے ریفری کو فٹبال سمجھ بیٹھا

    دنیا بھر میں ہر کام کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال ہورہی ہے اور اس کی وجہ سے بہت سے کام پہلے کی نسبت زیادہ آسانی اور کم محنت سے ہونے لگے ہیں، تاہم کہیں نہ کہیں ایسی غلطی ہوجاتی ہے جو ثابت کردیتی ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت سے پیچھے ہی رہے گی۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا حامل کیمرا ایک گنجے شخص کے سر کو فٹبال سمجھ بیٹھا اور پورے میچ میں اسی کو فوکس کیے رہا۔

    اسکاٹ لینڈ میں کھیلا جانے والا یہ میچ مقامی کلبز کے درمیان ہو رہا تھا، اس کی 2 منٹ کی وائرل ویڈیو نے فٹبال سے دلچسپی نہ رکھنے والے افراد کو بھی اس میچ میں دلچسپی لینے پر مجبور کردیا۔

    پورے میچ کے دوران کیمرے نے بال کو نظر انداز کیے رکھا اور بال کی حرکت، کھلاڑیوں کی ککس اور گولز پر فوکس کرنے کے بجائے لائنز مین ریفری کو فوکس کرتا رہا جس کے گنجے سر کو کیمرا فٹبال سمجھ بیٹھا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہر چند سیکنڈز کے بعد کیمرا گھومتا ہے اور ریفری کی جانب آجاتا ہے جو ادھر ادھر حرکت کر رہا ہے۔ ریفری کی ہر حرکت کے ساتھ کیمرا بھی حرکت کر رہا ہے اور اس دوران کھلاڑیوں کے کھیلنے کے مناظر پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔

    اس ویڈیو کو جیمز فلٹن نامی ایک شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا جسے کئی ہزار لائیکس اور ری ٹویٹ ملے۔

    مذکورہ میچ ٹائی پر ختم ہوا تھا تاہم میچ کے نتیجے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بجائے اس ویڈیو کی بدولت لوگوں کو زیادہ اس میچ میں دلچسپی رہی۔

  • سعودی عرب: ٹیکنالوجی کے حوالے سے بڑا قدم

    سعودی عرب: ٹیکنالوجی کے حوالے سے بڑا قدم

    ریاض: سعودی عرب نے مصنوعی ذہانت کی حکمت عملی اور ٹیکنالوجی کے اہم معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے ریاض میں 21 اور 22 اکتوبر کو ہونے والی بین الاقوامی مصنوعی ذہانت سمٹ میں نئی پالیسی کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں اہم ٹیک معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

    ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق سعودی قومی حکمت عملی کے تحت سعودی عرب کو 2030 تک مصنوعی ذہانت کے میدان میں دنیا کے 15 سرفہرست ممالک میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    سعودی عرب کی جانب سے انفرا اسٹرکچر، تعلیم اور فائیوجی ٹیکنالوجی میں بھاری سرمایہ کاری، جب کہ مصنوعی ذہانت اور کلاؤڈ اسٹوریج میں ورلڈ لیڈروں کے ساتھ سمجھوتوں کے ذریعے سعودی عرب اس صف میں شامل ہونے جا رہا ہے جسے ورلڈ اکنامک فورم نے چوتھے صنعتی انقلاب کا نام دیا ہے۔

    ریاض ورچوئل سمٹ کے دوسرے دن 2 معاہدوں پر دستخط کیے گئے، ان میں بڑی چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ 2 اسٹریٹجک منصوبے شامل ہیں، جن میں ایک منصوبہ عربی زبان اور حروف کی پہچان پر مشتمل ہے۔

    مصنوعی ذہانت کے قومی مرکز کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر ماجد التجویری کا کہنا تھا کہ عالم عرب کے رہنما کی حیثیت سے سعودی عرب، عربی زبان میں مہارت رکھنے والی مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کے ساتھ تمام عرب شہریوں کی مدد کرنا چا ہتا ہے۔

    سعودی عرب نے اسمارٹ سٹی پراجیکٹ کے لیے ایک اور معاہدے پر چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ دستخط کیے ہیں، تیسرا معاہدہ امریکی کمپنی آئی بی ایم کے ساتھ ہوا ہے جو ہیلتھ کیئر اور انرجی سیکٹرز میں تبدیلی لانے کے حوالے سے ہے۔

  • دبئی میں پہلی بار گھٹنے کی تبدیلی کا آپریشن روبوٹس نے کیا

    دبئی میں پہلی بار گھٹنے کی تبدیلی کا آپریشن روبوٹس نے کیا

    دبئی : مقامی اسپتال میں پہلی بار دو خود کار روبوٹس نے گھٹنوں کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن کیا۔ مریض تیزی سے روبہ صحت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے مقامی اسپتال میں دو روبوٹس نے ایک سرجن کی زیر نگرانی گھ‌ٹنے کی تبدیلی کا آپریشن کامیابی سے سرانجام دے کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

    بین الااقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سرجن علی البلوشی نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کی مدد سے گھٹنے کی تبدیلی کی سرجری کی گئی جس میں دو روبوٹس کی معاونت حاصل تھی۔

    انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال دنیا بھر میں کامیابی سے کیا جا رہا ہے کیوں کہ اس میں غلطی کے امکان نہایت کم ہوتے ہیں جب کہ اعضاء کی پیوند کاری بھی کمال مہارت سے پایہ تکمیل کو پہنچ جاتی ہے اور یہ کم لاگت بھی ہوتی ہے چنانچہ پہلی مرتبہ اس ٹیکنالوجی کو دبئی میں استعمال کیا گیا۔

    اس موقع پر 47 سالہ مریض احمد الرئیس نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہڈیوں کے بھر بھرے پن کی بیماری کی وجہ سے میرے گھٹنے ناکارہ ہو گئے تھے جس کے باعث مجھے چلنے پھرنے میں مشکل کا سامنا تھا تاہم اب گھٹنوں کی تبدیلی کے بعد میں دوبارہ سے چہل قدمی کے قابل ہو گیا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے زیر لب مسکراتے ہوئے بتایا کہ جب مجھے پتہ چلا کہ سرجری روبوٹس کریں گے تو میں پریشان ہو گیا تھا کیوں کہ ایسا پہلی مرتبہ ہونے جا رہا تھا تاہم جب سرجن نے بتایا کہ وہ بھی وہاں موجود ہوں گے تو کافی ڈھارس بندھی اور میں اس طریقہ علاج کے لیے راضی ہو گیا۔

    خیال رہے کہ وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی کی وجہ سے ہڈیاں بھربھرے پن کا شکار ہو جاتی ہیں جس کے باعث ہڈیوں کے جوڑ بالعموم اور گھٹنے بالخصوص کے درمیان لچکدار مواد ختم ہوجاتا ہے جس سے کنارے گِھس جاتے ہیں اور پیر موڑنے میں یا اٹھے بیٹھنے میں شدید تکلیف ہوتی ہے جس کا پائیدار علاج گھٹنے کی تبدیلی کا آپریشن ہی ہے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔