Tag: مصنوعی ٹانگ

  • اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کے لیے مختلف کمپنیوں سے رابطے

    اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کے لیے مختلف کمپنیوں سے رابطے

    سانگھڑ میں متاثرہ اونٹ کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متاثرہ اونٹ کی اینیمل سینچری میں علاج کی سہولت اور اس کی بحالی کا عمل جاری ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ترجمان اور سانگھڑ سے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے اپنے بیان میں بتایا کہ اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کے لیے ہم مختلف کمپنیوں سے رابطے میں ہیں، اور انھیں متاثرہ اونٹ کی مصنوعی ٹانگ بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اونٹ اب محفوظ ہاتھوں میں ہے، اس کی زندگی بچانا ایک مشترکہ کوشش تھی، اس افسوس ناک واقعے کی خبر سنی تو بے انتہا دکھ ہوا اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی، اونٹ کی دیکھ بھال کی گئی اور اس کو حفاظت میں لایا گیا۔

    اونٹ کے بعد گدھے کی ٹانگ بھی کاٹ دی گئی، ملزم گرفتار

    انھوں نے کہا کسی بے زبان کے ساتھ اس قسم کا وحشیانہ سلوک قابلِ مذمت ہے، اس وحشیانہ واقعے میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ دوبارہ کوئی ایسی جرم کا مرتکب نہ ہو۔

    سینیٹر قرۃ العین مری نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ ہم نے ڈاکٹروں کی ٹیم کو بلوایا اور سی ڈی آر ایس سے فوری رجوع کیا، جنھوں نے اونٹ کو حفاظت میں لیا اور دیکھ بھال شروع کی، اگر وہ اس کی دیکھ بھال نہ کرتے تو شاید اونٹ ہمارے ساتھ نہ ہوتا۔

    سینیٹر قرۃ العین مری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بے زبان جانوروں کے ساتھ ہونے والے ہر ظلم پر آواز اٹھانی ہوگی، سانگھڑ میں تو اس زبان کو مدد مل گئی مگر افسوس کہ اور کئی جگہوں پہ یہ ظلم جاری ہے، ان کا کہنا تھا کہ کھیتوں میں سے لے کے جانے سے لے کر ٹارچ کی روشنی میں اس کے زخم کا علاج کرنے تک ہر وہ شخص جس نے اونٹ کی مدد کی وہ ہیرو ہے۔

  • مصنوعی ٹانگ پر رقص، ایک افغان بچے کی ویڈیو، جس نے لاکھوں دل جیت لیے

    مصنوعی ٹانگ پر رقص، ایک افغان بچے کی ویڈیو، جس نے لاکھوں دل جیت لیے

    کابل: افغانستان سے تعلق رکھنے والے پانچ سالہ معذور بچے کی ویڈیو نے لاکھوں دل جیت لیے.

    تفصیلات کے مطابق جنگ میں اپنی ٹانگ سے محروم ہونے والے افغان بچے احمد سید کو چند روز قبل نئی مصنوعی ٹانگ لگائی گئی.

    اپنی ٹانگ واپس پانے کے بعد ننھا احمد خوشی سے بھر گیا اور اس نے اسپتال ہی میں رقص شروع کر دیا، دیکھنے والوں‌ نے اسے جنگ اور کرب کے دنوں‌ میں خوشی کی بازیافت کا عمل قرا ردیا.

    خوشی سے لبریز معصوم بچے کی ویڈیو وائرل ہوگئ، ویڈیو کو لاکھوں افراد نے دیکھا اور شیئر کیا، احمد کے رقص کی اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر ایک دن میں پانچ لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا.

    احمد کی والدہ نے ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں مسرور ہوں، مصنوعی ٹانگ نے میرے بیٹا کو خود مختار بنا دیا۔

    احمد کو آٹھ ماہ کی عمر میں‌ معذوری کا کرب سہنا پڑا. طالبان اور افغان افواج کے درمیان جاری جنگ میں اس کا گھر نشانہ بنا.

    جوں جوں احمد کی عمر بڑھتی جائے گی، ٹانگ کو تبدیل کیا جاتا رہے گا، مگر یہ ویڈیو پیغام دیتی ہے کہ کرب کے باوجود ننھا احمد امید کا دامن نہیں‌ چھوڑے گا.

     

  • معذور بچی کی مصنوعی ٹانگ کا اسکول میں پرجوش استقبال

    معذور بچی کی مصنوعی ٹانگ کا اسکول میں پرجوش استقبال

    برطانیہ کی ایک 7 سالہ معذور بچی جب اپنی نئی مصنوعی ٹانگ کے ساتھ پہلی بار اسکول پہنچی تو اس کے ساتھی اس کی ٹانگ دیکھ کر بے حد پرجوش ہوئے اور خوشی کا اظہار کیا۔

    برمنگھم کی رہائشی 7 سالہ انو کو اپنی پیدائش کے تھوڑے عرصے بعد اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہونا پڑا تھا۔ ماں کے پیٹ میں اس کی غذائی نال نے اس کی ٹانگ کو سختی سے جکڑ لیا تھا جس سے ٹانگ کو خون کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    دنیا میں آجانے کے تھوڑے ہی دن بعد ڈاکٹرز نے اس کی ناکارہ ٹانگ کو کاٹ دیا اور انو اسی معذوری کے ساتھ پرورش پا رہی تھی۔

    مزید پڑھیں: معذور بلیوں کے لیے مصنوعی پاؤں تیار

    اتنے عرصے سے وہ مصنوعی ٹانگ استعمال تو کر رہی تھی تاہم وہ ٹانگ صرف اسے چلنے میں مدد دیتی تھی۔

    اب ماہرین نے اس کے لیے خصوصی نئی ٹانگ تیار کی ہے جو اس کو بھاگنے دوڑنے اور مختلف کھیلوں میں حصہ لینے میں مدد دے گی۔

    جب اس نئی ٹانگ کے ساتھ وہ اسکول پہنچی تو اس کے ننھے دوست اسے دیکھ کر نہایت پرجوش ہوگئے۔

    ایک بچی نے نہایت اشتیاق سے پوچھا، ’کیا یہ تمہاری نئی گلابی ٹانگ ہے؟‘

    جب ان ننھے بچوں کو پتہ چلا کہ اب انو ان کے ساتھ کھیل اور بھاگ دوڑ سکتی ہے تو انہوں نے خوشی کے مارے اسے گلے لگا لیا۔

    انو کو یہ نئی ٹانگ برطانیہ کے قومی صحت کے پروگرام کے تحت مل سکی ہے جس نے رواں برس 500 معذور بچوں کو مصنوعی اعضا کی فراہمی کے لیے 19 لاکھ ڈالرز کا بجٹ مختص کیا ہے۔

    یہ مصنوعی ٹانگ ہر 2 سے 3 سال بعد تبدیل کی جانی ضروری ہے۔

    انو اس نئی ٹانگ کو پا کر بہت خوش ہے اور مزے سے کھیل کود رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔