Tag: مضبوط امیدوار

  • نگراں وزیراعظم کے مضبوط امیدوار جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے

    نگراں وزیراعظم کے مضبوط امیدوار جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم کے مضبوط امیدوار جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نگراں وزیراعظم کیلئے مضبوط امیدوارکے طور پر سامنے آگئے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں ، جہاں وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

    پارلیمانی حلقوں اورایوان کی راہداریوں میں جلیل عباس جیلانی کا نام زیرگردش ہے، قانون میں بی اے اوردفاعی امورمیں ماسٹر کی ڈگری رکھنے والے جلیل عباس جیلانی امریکا اوربھارت میں سفیر کی ذمےداری نبھا چکےہیں۔

    وہ پیشہ ور سفارت کار ہیں ، بطورسیکریٹری خارجہ تعیناتی سے پہلے بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر رہے اور سفارتی ذمےداریوں کے دوران برسلز میں نیٹو ہیڈکوارٹرکے ساتھ بھی مسلسل رابطےمیں رہے۔

    اس کے علاوہ جدہ اور لندن میں بھی تعینات رہے جبکہ کینبرا میں ہائی کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

    جلیل عباس جیلانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کزن ہیں۔

  • لندن: میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ آج، پاکستانی نژاد صادق خان مضبوط امیدوار

    لندن: میئر کے انتخاب کے لیے پولنگ آج، پاکستانی نژاد صادق خان مضبوط امیدوار

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر کے لیے آج انتخاب ہورہا ہے۔ پاکستانی نژاد صادق خان اور زیک گولڈ اسمتھ کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع ہے۔ ان انتخابات میں پاکستانی کمیونٹی میں خاصا جوش و خروش نظر آرہا ہے۔

    لندن میں میئر کے انتخاب کے لیے فیصلہ کی گھڑی قریب آگئی۔ انتخابات میں ہزاروں ووٹرز اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔ لندن کا میئر بننے کے لیے جن 2 امیدواروں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع ہے۔ وہ اپوزیشن لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد امیدوار صادق خان اور کنزرویٹو پارٹی کے زیک گولڈ اسمتھ ہیں۔

    پیدائشی طور پر لندن میں مقیم صادق خان کے پاس وکالت کی ڈگری ہے۔ وہ رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیر ٹرانسپورٹ ہیں۔ صادق خان کے والد بس ڈرائیور تھے اور والدہ کپڑے سیا کرتی تھیں۔

    زیک گولڈ اسمتھ کا تعلق متمول گولڈ اسمتھ گھرانے سے ہے۔ زیک گولڈ اسمتھ کو لندن کے موجودہ میئر بورس جانسن اور وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی حمایت حاصل ہے۔ زیک گولڈ اسمتھ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی ہیں۔

    صادق خان لندن کے میئر کا انتخاب جیت کر تاریخ رقم کرسکیں گے یا نہیں، یہ نتائج سامنے آنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔