Tag: مضمون

  • افغانستان میں امن کے شراکت دار بنیں گے، لیکن امریکا کو فوجی اڈے نہیں دیں گے: وزیر اعظم

    افغانستان میں امن کے شراکت دار بنیں گے، لیکن امریکا کو فوجی اڈے نہیں دیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر دو ٹوک لہجے میں کہہ دیا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن کا شراکت دار بننے کے لیے تیار ہے، لیکن امریکا کو فوجی اڈے فراہم نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں مضمون لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے افغانستان میں مفادات مشترکہ ہیں، دونوں ممالک افغانستان میں سیاسی مفاہمت اور معاشی ترقی چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے لکھا کہ تاریخ گواہ ہے افغانستان کو باہر سے کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، فغانستان میں کسی بھی فوجی تسلط کے حامی نہیں، فوجی تسلط سے افغانستان میں خانہ جنگی کا خدشہ ہے۔ خانہ جنگی کی صورت میں مزید مہاجرین کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے لکھا کہ ہم نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سفارتی کوششیں کیں، افغانستان میں طالبان کو بھی حکومت سازی میں شریک کیا جائے، امریکا 20 سال میں جنگ نہیں جیت سکا تو اڈے دینے سے کیا فرق پڑے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کو فوجی اڈے فراہم کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، امریکا کو اڈے دیے تو دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا، افغان جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے پر دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کو 150 ارب ڈالر سے زائد نقصان ہوا، امریکا نے صرف 20 ارب ڈالر دیے۔

    انہوں نے کہا کہ علاقائی تجارت اور معاشی رابطوں سے افغانستان میں امن کو فروغ ملے گا، طالبان نے فوجی کامیابی کا اعلان کیا تو اس سے مزید خون ریزی ہوگی، توقع ہے افغان حکومت مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کرے گی۔ امریکا سے مل کر افغانستان میں امن کے شراکت دار بننے کے لیے تیار ہیں۔

  • سعودی بچیاں پیانو بجانے لگیں

    سعودی بچیاں پیانو بجانے لگیں

    ریاض: سعودی اسکولوں میں حال ہی میں موسیقی کا مضمون شامل کردینے کے بعد 300 بچیوں نے پیانو بجانا سیکھ لیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی اسکولوں میں حال ہی میں موسیقی کا مضمون بھی شامل کردیا گیا ہے جس کے بعد جدہ کے ایک اسکول میں 300 بچیوں نے اس مضمون کے تحت پیانو بجانا سیکھا۔

    ان بچیوں نے نہایت شوق کے ساتھ پیانو کی کلاسیں لیں، ان میں سے 10 نے مہارت سے پیانو بجا کر سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کیا۔

    جدہ کے اس اسکول میں گٹار بجانا بھی سکھایا جارہا ہے، یہاں بھی ریکارڈ تعداد میں بچیوں نے دلچسپی ظاہر کی۔ مضمون کے استادوں ثامر خلیل اور عبیر بالبید نے بچیوں کو گٹار بجانا سکھایا۔

    اساتذہ نے پیانو کے ذریعے بچیوں کو میوزک سے متعارف کروایا اور نغمہ سازی کے ہنر سے روشناس کرایا۔ بچیوں کو پیشہ وارانہ انداز میں گٹار بجانے پر اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

    ان بچیوں کو میوزک کی ابجد شارجہ میں امریکن یونیورسٹی کے کورس کے مطابق سکھائی گئی۔