Tag: مظاہرین

  • فرانس: پولیس نے سیکڑوں مشتعل مظاہرین کو حراست میں لے لیا

    فرانس: پولیس نے سیکڑوں مشتعل مظاہرین کو حراست میں لے لیا

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت میں مشتعل مظاہرین کی صدارتی محل کی جانب بڑھنے کی ایک بار پھر کوشش کی، پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلا ت کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس سمیت ملک بھر میں ہونے والے پُر تشدد مظاہروں میں اضافہ ہوگیا ہے، ہفتے کے روز 8 ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت کے سٹی سینٹر پر جمع ہوکر حکومت مخالف مظاہرہ کیا۔

    حکومت کےخلاف 8 ہزار مظاہرین سٹی سینٹر پر جمع ہوئے اور صدارتی محل کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

    پولیس نے صدارتی محل کی جانب پیش قدمی کرنے والے 500 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے باعث 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جس میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا ہے۔

    فائر بریگیڈ عملہ نذر آتش کی گئی گاڑی کی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکام کی جانب سے پیرس میں 8 ہزار پولیس اہلکار جبکہ 12 مسلح گاڑیاں (بکتر بند) تعینات کی گئی ہیں جبکہ ملک بھر میں تقریباً 90 ہزار پولیس افسران کونا خوشگوار واقعات سے نمٹنے کےلیے تعینات کیا گیا ہے۔

    فرانس میں شروع ہونے والی ’یلو ویسٹ‘ زرد جیکٹ تحریک پیٹرول کے نرخوں میں اضافے کے خلاف شروع ہوئی تھی لیکن فرانسیسی وزراء کا کہنا ہے کہ مذکورہ تحریک کومتشدد اور مشتعل مظاہرین نے ہائی جیک کرلیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کاکہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے مظاہرہ کرنے والے سیکڑوں افراد سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں گرفتار  جبکہ پیرس میں ہونے والے پُر تشدد مظاہروں کے دوران سیکڑوں  مظاہرین  زخمی ہوئے تھے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں فرانسیسی دارالحکومت میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کو فرانسیسی تاریخ میں بدترین فسادات شمار کیا جارہا ہے۔

    فرانس ڈپٹی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں میں 1 لاکھ 36 ہزار افراد شریک تھےجبکہ کچھ جگہوں پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے کیمپس ایلسیس میں کوڑے دان کو سڑکوں پر رکھ کر نذر آتش کردیا ، دوسری جانب فرانسیسی پولیس کی جانب سے پیرس کے علاقے سٹی سینٹر کی گلیوں میں بھی واٹر کینن تعینات کردیا گیا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانسیسی تاریخ میں پہلی مرتبہ دارالحکومت پیرس میں بکتر بند گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ احتجاجی تحریک بلجئیم میں بھی پھیل چکا ہے جہاں پولیس احتجاج کرنے والے 70 افراد کو دارالحکومت برسلز سے حراست میں لے لیا گیاہے لیکن برسلز میں پُر تشدد واقعات دیکھنے میں نہیں آئے۔

    گزشتہ کئی روز سے فرانس میں جاری احتجاجی تحریک سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’یلو ویسٹ‘ تحریک کے عرب اسپرنگ کی مانند یورپ کے دیگر علاقوں میں بھی پھیلنے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : عوامی احتجاج ’عفریت‘ بن گیا ہے، فرانسیسی حکومت

    یاد رہے کہ گذشتہ تین ہفتوں سے جاری مظاہرے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہوئے تھے لیکن احتجاج اس وقت شدت اختیار کرگیا جب مظاہرین نے تعلیمی نظام میں تبدیلی سمیت دیگر مسائل پر آواز اٹھائی۔

    فرانسیسی وزیر داخلہ نے میڈیا کو بتایا کہتین ہفتے قبل مظاہروں نے ’عفریت(جن) کو جنم دیا تھا جو ان کے چنگل سے فرار ہوچکا ہے‘یعنی احتجاج اب خود مظاہرین کے قابو سے باہر ہوچکا ہے۔

    مزید پڑھیں : حکومت مخالف مظاہروں میں شدت کے باعث تاریخی مقامات بند

    خیال رہے کہ فرانسیسی حکام نےاحتجاج کے باعث ایفل ٹاور سمیت دیگر تاریخی مقامات کو بندکردیا گیا ہے۔

    اے ایف پی نیوز کا کہنا ہے کہ حکام نے ملک جنوبی حصّے میں ’زرد جیکٹ‘ تحریک کے تحت احتجاج کرنے والے مظاہرین سے گذشتہ روز 28 پیٹرول بم اور 3 دیسی ساختہ بموں کو قبضے میں لیاہے۔

    مزید پڑھیں : فرانس میں احتجاج، حکومت مستقبل کے حوالے سے اندیشوں کا شکار

    واضح رہے کہ گذشتہ روز فرانسیسی پولیس نے اسکولنگ سسٹم کی تبدیلی کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر تشدد کیاتھا جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں اور مشتعل مظاہرین نے دو گاڑیوں کو نذر آتش کیاتھا۔

    پولیس نے احتجاج کرنے والے 140 طلبہ کو حکومت مخالف تحریک چلانے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار بھی کیا تھا۔

  • فرانس: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مظاہرین پر پولیس کا دھاوا، آنسو گیس کی شیلنگ

    فرانس: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، مظاہرین پر پولیس کا دھاوا، آنسو گیس کی شیلنگ

    پیرس : فرانسیس پولیس نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے مظاہرین پر آنسو گیس اور واٹر کینن سے حملہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک فرانس میں کچھ وقت قبل ہی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ایک فرانسیسی رکن پارلیمنٹ نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف زرد رنگ (پیلے) کی جیکٹ پہن کر پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کرکے انوکھا احتجاج کیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے شہر کے مختلف حساس اور اہم مقامات پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا آغاز کیا تھا اور مسلسل آگے کی جانب سے بڑھ رہے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فرانسیسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے اور شہر کا امن برقرار رکھنے کےلیے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور واٹر کینن سے حملہ بھی کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد مظاہرین گذشتہ ہفتے فرانس کے تقریباً 2 ہزار مقامات پر احتجاج کیا تھا۔

    پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مہم چلانے والے افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ مظاہرے رولنگ مہم کا دوسرا حصّہ ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فرانسیسی شہری پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف زرد (پیلے) رنگ کی جیکٹ پہن کر مظاہرہ کررہے ہیں جو عام کپڑوں کی نسبت زیادہ جلدی نظر آتی ہے اور اندھیرے میں روشنی پڑنے چمکتی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو حساس مقامات کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے پولیس اہکاروں نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے، مظاہرین وزیر اعظم ہاوس سمیت حساس مقامات کی جانب بڑھ رہے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں مظاہرین داخلہ ممنوع ہے اور اب تک مظاہرین کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے کا ثبوت نہیں ملا ہے۔

    سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی مظاہرین فرانسیسی صدر ایمنیئول میکرون کے استعفے کا نعرہ بلند لگایا پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام نے 3 ہزار پولیس اہلکاروں کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس منتقل کردیا ہے تاکہ مظاہرین پر قابو پایا جاسکے۔

    خیال رہے کہ فرانسیسی حکومت نے ایک سال کے دوران تیل کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ کیا ہے جو تقریباً 1 اعشاریہ 51 یورو فی لیٹر بنتا ہے اور سنہ 2000 سے اب تک پیٹرول کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں۔

    فرانسیسی صدر نے فی لیٹر ڈیزل پر ہائیڈرو کاربن ٹیکس کی مد میں 7.6 سینٹ اور پیٹرول پر 3.9 سینٹ کا اضافہ کیا ہے جبکہ یکم جنوری 2019 سے ڈیزل پر 6.5 سینٹ اور پیٹرول پر 2.9 سینٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    فرانسیسی صدر کا مؤقف ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہے۔

  • حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    اسلام آباد: حکومت اور مظاہرین میں کامیاب مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پاگیا، جس کے بعد دھرنے ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں‌ دھرنے پر بیٹھے مظاہرین اور حکومتی نمائندوں میں جاری مذاکرات کامیابی سے ہم کنار ہوئے، معاہدے کی کاپی اے آر وائی نیوزنے حاصل کرلی، معاہدہ پانچ نکات پر مشتمل ہے،۔

    وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مظاہرین کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے.

    معاہدے کے مطابق حکومت آسیہ بی بی کیس میں نظرثانی اپیل پر اعتراض نہیں کرے گی، آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے حکومت قانونی کارروائی کرے گی.

    معاہدے کے مطابق 30 اکتوبر سے لے کر اب تک گرفتار ہونے والے تمام مظاہرین کو رہا کیا جائے گا، دوسری جانب مظاہرین کی قیادت نے کسی بھی شخص کی دل آزادی پر معذرت کی ہے۔ 

    معاہدے پر وفاقی وزیرنورالحق اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے دستخط ہیں۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنا کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔

  • کراچی: پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

    کراچی: پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

    کراچی: شہر قائد میں پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوارٹرز کے رہائشیوں کی بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے متعدد افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور واٹرکینن کا استعمال بھی کیا گیا۔

    کراچی پولیس چیف

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے احکامات پرپاکستان کوارٹرزمیں آپریشن روک لیا گیا۔

    کراچی پولیس چیف نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ڈی آئی جی سی آئی اے اورڈی آئی جی ایسٹ پرمشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

    مظاہرین کا خرم شیرزمان کی گاڑی پرپتھراؤ

    پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان پاکستان کوارٹرز پہنچے تو مشتعل مظاہرین نے ان کی گاڑی پرپتھراؤ کیا۔

    پاکستان کوارٹرز کے مکینوں نے رکاوٹیں لگا کر داخلی راستے بلاک کردیے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پرتشدد احتجاجی مظاہرے کے دوران زخمی ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سپاہی رضوان، منیر، تنویر اور زمان شامل ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

    وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کوارٹرز کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری پولیس واپس بلانے کا حکم دے دیا۔

    مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ عوام کے ساتھ ایسا رویہ انتہائی تکلیف دہ ہے، یہ کیا ہورہا ہے؟ ختم کریں، یہ عوام کی پریشانی کا باعث ہے۔

    فیصل واوڈا

    وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے اے آروائی نیوز سے گفگتوکرتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس اورکراچی پولیس چیف ذمہ دار افسران ہیں، نہیں سمجھتا اس معاملے میں پیپلزپارٹی کی مداخلت نہ ہو۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ صوبائی حکومت معاملے پرکنفیوزنہ کرے، شہریوں سے مذاکرات ہوتے اور معاملہ حل کیا جاتا۔

    وفاقی وزیربرائے آبی وسائل نے کہا کہ وفاق کا اس معاملے پرکیا تعلق بنتا ہے، صوبائی حکومت کو دیکھنا چاہیے تھا، وفاقی وزیرکے طورپرپولیس سے معاملے پربات کروں گا۔

    مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب

    مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا رویہ غلط تھا، وزیراعلیٰ سندھ لاٹھی چارج کا نوٹس لیا ہے۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جس طرح پولیس نے کارروائی کی ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، پولیس نے معاملے کوغلط اندازمیں ہینڈل کیا ہے۔

    مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پولیس علاقے میں موجود ہے ابھی کوئی کارروائی نہیں ہو رہی، اگر پولیس کارروائی کر بھی رہی ہے تو انہیں روکنے کے احکامات دیں گے۔

    فاروق ستار

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ناجائز قابضین نہیں، سابقہ حکومتوں نے انہیں یقین دہانی کرائی۔

    فاروق ستار نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نےعدالت سے حقائق چھپائے، اب حکومت کی ذمےداری ہے ان سے متعلق پالیسی بنائے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ گھروں سے بے دخلی کی سازش حکومت کے خلاف ہے۔

  • فلسطینی مظاہرین نے شیلنگ کرنے والا اسرائیلی ڈرون پکڑ لیا

    فلسطینی مظاہرین نے شیلنگ کرنے والا اسرائیلی ڈرون پکڑ لیا

    یروشلم : حق واپسی کے تحت احتجاجی مارچ کرنے والے نہتے فلسطینی مظاہرین نے آنسو گیس کی شیلنگ کرنے والا  اسرائیلی ڈرون پکڑ کر ناکارہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حق واپسی کے لیے گذشتہ کئی ماہ سے ہر جمعے مسلسل پر امن احتجاج کرنے والے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے غاصب ریاست اسرائیل کی فورسز مختلف طریقوں سے ظلم و بربریت کا نشانہ بنارہے ہیں۔

    پریس ٹی وی کا کہنا ہے کہ صیہونی فورسز کی جانب سے غزہ کی پٹی پر مظاہرہ کرنے والے نتہے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ اور روایتی طریقوں سے آنسو گیس کی شیلنگ کے علاوہ ڈرون کے ذریعے زہریلی آنسو گیس کی شیلنگ جارہی ہے۔

    دنیا بھر کی مظلوم قوموں کے مزاحمت کی مثال بننے جذبہ آزادی سے شرشار فلسطینی نوجوانوں نے آنسو گیس کی شیلنگ کرنے والے اسرائیلی ڈرون کو پرندوں کا شکار کرنے والے جال کی مدد سے پکڑ کر ناکارہ بنا دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطینی مظاہرین کی جانب سے پرندوں کا شکار کرنے والے جال کے ذریعے ڈرون کو پکڑنے کا کارنامہ الگ اپنی نوعیت کا انوکھا کارنامہ ہے۔


    مزید پڑھیں : اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی


    یاد رہے کہ حق واپسی کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنے والے فلسطینیوں پر براہ راست اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک 17 سالہ فلسطینی نوجوان شہید جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے، جو اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    خیال رہے رواں 30 مارچ سے یوم الارض کے موقع پر فلسطینی عوام کی جانب سے ’اپنے گھروں کو واپسی‘ کی شروع کی جانے والی مہم تحت مسلسل ہر جمعے اسرائلی سرحد کی جانب احتجاجی مارچ کا انعقاد کرتے ہیں، جس کو دبانے کے لیے اسرائیلی فورسز مسلسل طاقت کا استعمال کررہی ہے، جس میں 150 سے زائد فلسطینی شہری شہید جبکہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نےمظاہرین پرجیپ چڑھادی‘5 افراد زخمی

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نےمظاہرین پرجیپ چڑھادی‘5 افراد زخمی

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے مظاہرین پرجیپ چڑھا دی جس کے نتیجے میں 5 کشمیری نوجوان زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے انسانیت سوزمظالم نہ رک سکا، قابض بھارتی فوجیوں نے سری نگرمیں 5 کشمیری نوجوانوں کو جیپ کے ٹائروں کے نیچے کچل دیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ سری نگرکےعلاقے نوہٹا میں نمازجمعہ کے بعد پیش آیا۔

    مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں بھارتی قابض کشمیر میں دہلی کے نئے قانون کے خاتمے کے لیے مظاہرے کیے جا رہے ہیں جبکہ جمعے کے روز کیا جانے والا مظاہرہ انتہائی پرامن تھا۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ‘ 5 کشمیری نوجوان شہید

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کمشیر کے علاقے کپواڑہ میں سرچ آپریشن کے نام پر قابض بھارتی فوج نے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا جیپ کے آگے نوجوان کو باندھ کر گشت

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں بھارتی فوجیوں نے ضلع بڈگام میں لوگوں کے پتھراؤ سے بچنے کے لیے کشمیری نوجوان کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر شہر کا گشت کیا تھا۔

    بعدازاں مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوان کو جیپ سے باندھ کرانسانی ڈھال بنا کر گھمانے والے بھارتی فوجی افسر کو انتہا پسند مودی سرکار نے اعزاز سے نوازا تھا۔

    گشت کے ساتھ ساتھ جیپ سے اعلان بھی نشر کیا جاتا رہا کہ پتھر مارنے والوں کا ایسا حال ہوگا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چنئی سپرکنگز کا ہوم گراؤنڈ پرجوتوں سے استقبال

    چنئی سپرکنگز کا ہوم گراؤنڈ پرجوتوں سے استقبال

    چنئی : آئی پی ایل میں دو سال کی پابندی کے بعد چنئی سپرکنگز کی ٹیم میچ کھیلنے کے لیے ہوم گراؤنڈ پہنچی تو تماشائیوں نے کھلاڑیوں کا جوتوں سے استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو سال کی پابندی کے بعد چنئی سپرکنگز اپنے ہوم گراؤنڈ ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے پہنچی تو اس دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

    چنئی سپرکنگزاور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان میچ کھیلا جا رہا تھا کہ آٹھویں اوور میں تماشائیوں کی جانب سے باؤنڈری کے قریب کھڑے چنئی کے کھلاڑی رویندرا جڈیجہ اور فاف ڈوپلیسس پر جوتا پھینکا گیا۔

    پولیس اور گراؤنڈ انتظامیہ نے کھلاڑیوں پر جوتے پھینکنے والے تماشائیوں کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا جس کے بعد میچ بغیر کسی تعطل کے مکمل ہوا۔

    چنئی سپرکنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈر کے خلاف 203 رنز کا ہدف سنسنی خیزمقابلے کے بعد میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پرحاصل کیا۔

    بھارت: آئی پی ایل میچز رکوانے کے لیے سیکڑوں افراد کا احتجاج

    خیال رہے کہ میچ سے قبل ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے گراؤنڈ کے باہر مظاہرہ کیا تھا اوراس دوران پولیس سے مظاہرین کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    مشتعل مظاہرین نے پانی کے بحران کے حل تک چنئی میں آئی پی ایل میچز منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مظاہرین کو احتجاج سے روکنے کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی میں 10 اپریل سے 20 مئی تک آئی پی ایل کے سات میچ کھیلے جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکہ بھرمیں اسلحےسے متعلق قانون سازی کے لیے مظاہرے

    امریکہ بھرمیں اسلحےسے متعلق قانون سازی کے لیے مظاہرے

    واشنگٹن : امریکہ بھر میں اسلحے سے متعلق قانون سازی کے لیے لاکھوں افراد سڑکوں پرنکل آئے، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ’اسلحہ نہیں، بچوں کو بچاؤ، اور کیا اب میری باری ہے؟‘۔

    تفصیلات کے امریکہ میں اسلحے پر زیادہ سخت کنٹرول کے حوالے سے واشنگٹن، شکاگو، بوسٹن، نیویارک سمیت دیگر ریاستوں میں اسکولز، کالجز، یونیورسٹیوں کے طالب علموں نے مظاہرے کیے۔

    مظاہرین نے کانگریس سے اسلحے کی فروخت کے حوالے سے قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں، کالجزمیں اسٹوڈنس کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    لاکھوں مظاہرین نے اسکولوں میں اساتذہ کو مسلح کرنے کی پالیسی کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دان ذاتی مفادات کے لیے نوجوانوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

    دوسری جانب امریکہ بھر میں مظاہروں پرترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حقوق کے لیے نکلنے والے مظاہرین کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق بچوں کی زندگیاں محفوظ بنانا امریکی صدرٹرمپ کی پہلی ترجیح ہے جبکہ صدر ٹرمپ اسلحے کی فروخت پرقانون سازی کے لیے مشاورت کررہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 20 مارچ کو امریکی ریاست میری لینڈ میں 17 سالہ حملہ آور نے خود کار اسحلے سے گریٹ ملز ہائی اسکول میں گھس کر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دو طالب علم زخمی ہوگئے تھے۔


    فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 15 فروری کو امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 افراد ہلاک اور درجن بھر سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • زینب کا قتل: قصورشہرکی فضا دوسرےروزبھی سوگوار

    زینب کا قتل: قصورشہرکی فضا دوسرےروزبھی سوگوار

    قصور: زینب قتل کیس پرقصورمیں آج دوسرے روز بھی حالات کشیدہ ہیں جبکہ شہر کا دوسرے شہروں سے زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق زینب قتل کیس پرقصور میں آج دوسرے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور شہرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

    قصورکا فیروز پور روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت کے لیے بند ہے اورمظاہرین کا کالی پل چوک پردھرنا جاری ہے جبکہ مظاہرین نےشہرکےداخلی اورخارجی راستےسیل کردیے، کسی قسم کی ٹریفک کوشہرسے باہر جانے نہیں دیا جا رہا۔

    وکلا نے قصور میں 7 سالہ زینب کے قتل کے خلاف آج ہڑتال اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ پنجاب بارکونسل کا کہنا ہے کہ مقتولہ زینب کے والدین کو مفت قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔


    وزیراعلیٰ پنجاب کی مقتولہ زینب کےگھرآمد‘ اہلِ خانہ سےتعزیت


    دوسری جانب معصوم زینب کے قتل کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کیا ہے، سیکریٹری اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ آج وکلا احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔


    شیخوپورہ: بچی سےزیادتی کامطلوب ملزم مقابلےمیں ماراگیا


    سیکریٹری اسلام آباد ہائی کورٹ نے قصور میں ہونے والے گھناؤنے واقعےکی مذمت کرتے ہوئےمجرموں کوجلد قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ادھر قصور واقعے کے خلاف پنجاب بار کونسل کی کال پر گوجرانوالہ بار نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے، اظہاریکجہتی کے لیے وکلا آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔


    قصور، زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی پری زینب سپرد خاک


    خیال رہے کہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی سات سالہ کمسن بچی زینب کو گزشتہ روز آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ زینب کے والدین عمرےکی سعادت کے لئے سعودیہ عرب میں تھے کہ خالہ کے گھر مقیم کمسن زینب کو پانچ روز پہلے اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد سفاک درندوں نے بچی کو زیادتی نشانہ بنا کر قتل کردیا۔

    قصورمیں گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران بچیوں کواغواکےبعد قتل کرنے کا یہ دسواں واقعہ ہے اور پولیس ایک بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

     

  • امریکہ میں ٹرمپ کی یروشلم پالیسی کےخلاف عوام سڑکوں پرنکل آئے

    امریکہ میں ٹرمپ کی یروشلم پالیسی کےخلاف عوام سڑکوں پرنکل آئے

    نیویارک: امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی یروشلم پالیسی کے خلاف سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئےاور امریکی صدر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ میں نیویارک ٹائم اسکوائر پر سینکڑوں افراد نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کےٹرمپ کے متنازعہ فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے ٹرمپ سے مقبوضہ بیت المقدس کوفلسطین کا دارالحکومت قرار دینا کا مطالبہ کیا،مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھارکھے تھے۔

    نیویارک ٹائم اسکوائر پر احتجاج کرنے والے مظاہرین نےڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اور فلسطین کے حق زبردست نعرے بازی کی۔

    اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے فلسطین کودھمکی دی تھی کہ امریکی نائب صدرمائیک پینس سے فلسطینی صدرکی ملاقات منسوخ کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔


    اسرائیلی فورسزکی شیلنگ اور فائرنگ‘ 31 فلسطینی زخمی


    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی سیکورٹی فورسزنےشیلنگ اور فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 31 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب امریکی سفارت خانے کو باقاعدہ طور پر یروشلم منتقل کردیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔