Tag: مظفرآباد

  • مظفرآباد  میں کورونا کیسز کی بلند ترین شرح ریکارڈ

    مظفرآباد میں کورونا کیسز کی بلند ترین شرح ریکارڈ

    اسلام آباد : ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ جاری ہے، مثبت کیسز کی بلند ترین شرح مظفر آباد میں ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز کی شرح کے حوالے سے اعدادو شمار جاری کردیئے گئے ، کوروناکی بلند ترین 34.33 فیصد یومیہ شرح مظفر آباد میں ریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کراچی میں کورونا کی شرح 18.60 فیصد اور حیدرآباد میں شرح 21.59 فیصد رہی۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں یومیہ کورونا کی شرح 7.04 فیصد، راولپنڈی میں 8.72فیصد اور لاہور میں 10.99 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    دیگر شہروں بہاولپور میں شرح 7.82، گجرات 3.03،ملتان7.34فیصد ، سرگودھامیں یومیہ کوروناشرح7.27،فیصل آباد 4.02 فیصد رپورٹ پوئی۔

    کوئٹہ میں کورونا کیسز کی یومیہ شرح 8.04 فیصد ، مردان میں 19.51، ایبٹ آباد میں 9.59فیصد ، صوابی میں شرح22.75،بنوں میں 6.94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    گلگت میں 18.18، دیامر میں 2.78، اسکردو میں صفر اور میرپور آزادکشمیر میں کورونا شرح 14.05 فیصد رہی۔

  • شعیب ملک کا مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار

    شعیب ملک کا مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار

    مظفرآباد: کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک نے مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک مظفر آباد کے موسم اور نظاروں کے گرویدہ ہو گئے ہیں، وہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز میں حصہ لینے کے لیے آزاد کشمیر پہنچے ہیں، اور جاتے ہی کشمیر کی بلند و بالا پہاڑوں کے نظاروں کے گرویدہ ہو گئے۔

    آل راؤنڈر نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مظفر آباد آزاد کشمیر آنے کا کافی وقت سے انتظار تھا، مظفر آباد کے بارے میں جتنا سنا تھا اسے ویسا ہی پایا، انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتے ہیں۔ویڈیو میں شعیب ملک دھند میں لپٹے سحر طاری کر دینے والے بلند و بالا پہاڑوں کی طرف اشارہ بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
    کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی نے کہا کہ انھوں نے مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی بھی بہت تعریف سنی ہے، یہاں کے نظارے بہت خوب صورت ہیں، میں خود بھی ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کشمیر پریمیئر لیگ میں کشمیری کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بڑا موقع ہے، امید ہے کشمیر پریمیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، اور میں شائقین سے کہوں گا اسٹیڈیم آ کر میچ دیکھیں۔

  • پی ٹی آئی رہنما عارف مغل ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی

    پی ٹی آئی رہنما عارف مغل ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ریلی پر فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما عارف مغل سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مظفر آباد میں جمعہ کو ایک ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر ریلی میں شامل دیگر 2 افراد بھی زخمی ہو گئے، جن میں عارف مغل کا بیٹا بھی شامل ہے۔

    پولیس بیان کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والا شخص گوہر ہے، جب کہ عارف مغل نے حال ہی میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد ریلی کے شرکا نے شاہراہ سرینگر پر احتجاج کیا، اور مظاہرین نےگڑھی دوپٹہ کے مقام سے سڑک بند کر دی، واقعے کے بعد علاقے میں بھاری تعداد میں پولیس بھی پہنچ گئی تھی۔

    واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں گیارہویں عام انتخابات اتوار کو منعقد ہوں گے، جس میں 32 لاکھ سے زائد ووٹرز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    انتخابات کے لیے پی ٹی آئی نے اپنے 41 امیدوار کھڑے کیے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن 36 امیدواروں کے ساتھ میدان میں ہے، جب کہ پیپلز پارٹی نے صرف 8 امیدواروں کے ساتھ اس انتخابات میں حصہ لیا ہے۔

  • مودی کے اقدام کے بعد میرا ایمان ہے کشمیر آزاد ہوگا: آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

    مودی کے اقدام کے بعد میرا ایمان ہے کشمیر آزاد ہوگا: آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب

    مظفر آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی نے 6 ماہ پہلے جو قدم اٹھایا تھا، میرا ایمان ہے کشمیر اب آزاد ہوگا، 5 اگست کو مودی وہ غلطی کر بیٹھا ہے جس سے اب پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے، اسمبلی میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، شاہ محمود قریشی، علی امین گنڈاپور اور فخر امام بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قیادت کی مشاورت سے مسئلہ کشمیر کو اوپر لے کر جانا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مودی بھارت کو جس مقام پر لے گیا ہے وہ یہاں سے باہر نہیں جا سکتا، اب مودی کو بھارت کے اندر بڑی مزاحمت کا سامنا ہوگا، یہ وہ وقت ہے کہ کشمیر آزادی کی طرف بڑھے گا، میں یقین دلاتا ہوں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اور تیزی سے اٹھائیں گے، ہم نے ہر فورم پر آر ایس ایس کا فلسفہ بھی دنیا کے سامنے رکھا، تین بار ڈونلڈ ٹرمپ کو سمجھایا کہ کشمیر ایشو کیا ہے، ایک بار کہنے سے فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ان کے بھارت کے ساتھ کمرشل مفادات وابستہ ہیں۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    عمران خان نے خطاب میں کہا کہ بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کی وجہ سے تمام اقلیتوں کو خطرہ ہو گیا ہے، آج دنیا دیکھ رہی ہے، تمام انٹرنیشنل اخباروں میں بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا، دنیا کشمیر پر ہمارے نکتہ نظر کو سمجھنے لگی ہے، نریندر مودی کہتا ہے پاکستان کو 11 دن میں فتح کر سکتا ہے، جب دونوں ممالک ایٹمی طاقت ہیں تو یہ بات کوئی نارمل انسان نہیں کر سکتا، مودی اپنے ہندوؤں کو خوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا بھارت کے خلاف جنگ سیاسی اور سفارتی محاذ کی ہے، بھارت اس لیے پھنس گیا ہے کہ کشمیر پر اب پوری دنیا کی نظر ہے، ایسا پہلی بارہوا، اب ہمیں دیکھنا ہے بھارت کا کیا گیم پلان ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا 13 ستمبر کو مظفرآباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

    وزیراعظم عمران خان کا 13 ستمبر کو مظفرآباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 13 ستمبر کو مظفرآباد میں بڑا جلسہ کروں گا جس میں دنیا کو بتاؤں گا کہ وادی کشمیر پر بھارتی فوج کا قبضہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 13 ستمبر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بڑا جلسہ کرنے جا رہا ہوں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو بتاؤں گا کہ وادی کشمیر پر بھارتی فوج کا قبضہ ہے، کشمیروں کو یقین دلاؤں گا کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیر اعظم

    یاد رہے کہ 6 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ پاکستان حق خود ارادیت دلانے کے لیے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر کے نہتے شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اور مقبوضہ کشمیر میں طویل محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے۔

  • مظفرآباد: جیپ کھائی میں گرنےسے 8 افراد جاں بحق

    مظفرآباد: جیپ کھائی میں گرنےسے 8 افراد جاں بحق

    مظفرآباد: آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جیپ گھائی میں گرنے سے خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے سیری درہ جانے والی جیپ کھائی میں گرنے سے خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اسسٹنٹ کمشنرمظفرآباد کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچے اور کھائی میں سے 8 افراد کی لاشیں نکال لیں۔


    آزاد کشمیرمیں مسافروین گھائی میں گرگئی‘ 5 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ 5 نومبر 2017 کو میرپور آزاد کشمیر میں پنجواڑا کے قریب مسافر وین تیزرفتاری کے باعث کھائی میں جا گری تھی، حادثے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 5 مئی 2017 کو آزاد کشمیر میں مسافروین کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے تھے۔


    آزاد کشمیر: باراتیوں‌ کی بس کھائی میں جاگری، 22 افراد جاں‌ بحق

    واضح رہے کہ 15 اگست 2016 کو آزاد کشمیر کے ضلع پلندری میں باراتیوں‌ سے بھری ایک بس کھائی میں‌ جاگری تھی جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بین المذاہب ہم آہنگی کانفرس میں آپریشن ردالفساد کی حمایت

    بین المذاہب ہم آہنگی کانفرس میں آپریشن ردالفساد کی حمایت

    مظفرآباد: بین المذاہب ہم آہنگی سےمتعلق کانفرنس میں بین الاقوامی برادری پر زوردیا گیا کہ وہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی بجائے ان کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کےلیے مشترکہ کوششیں کرے۔

    تفصیلات کےمطابق مظفرآبادمیں وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق کانفرس میں تمام مکاتب فکر اوردوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے دانشوروں نے شرکت کی۔

    آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہونےوالی بین المذاہب ہم آہنگی کانفرس کے مہمان خصوصی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف تھے۔

    کانفرنس میں بین الاقوامی برادری پر زوردیا گیا کہ وہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنے کی بجائے ان کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرے۔

    اقوام متحدہ سے کانفرنس میں مطالبہ کیاگیاکہ وہ مختلف قومیت کےافراد میں ہم آہنگی کےلیےایسے قوانین وضع کرے جن سے مقدس مقامات اور شخصیات کااحترام یقینی بنایا جائے اوردیرپا امن اور ہم آہنگی پیدا کی جاسکے۔


    فیس بک نےگستاخانہ مواد کے حامل 85 پیجز بند کردیے‘ سیکرٹری داخلہ کاعدالت میں بیان


    یاد رہےکہ دو روزقبل گستاخانہ مواد سے متعلق کیس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ کا کہناتھا کہ فیس بک کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے جبکہ جسٹس شوکت عزیزصدیقی کا کہناتھا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے معاملے میں وزارت آئی ٹی گناہ گار ہے۔

    واضح رہےکہ سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے گستاخانہ مواد میں ملوث 3 افراد گرفتارکیے،دو افراد نےجرم قبول کرلیا ہے۔

  • سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا اور مقبوضہ کشمیرکی عوام کو آزادی ملے گی،فاروق حیدر

    سیاہ رات کا خاتمہ ہوگا اور مقبوضہ کشمیرکی عوام کو آزادی ملے گی،فاروق حیدر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کاکہناہے ظلم کی سیاہ رات کاخاتمہ ہوگا اور مقبوضہ کشمیر کےعوام بہت جلدآزادی کی نعمت سےسرفراز ہوں گے۔

    تفصیلات کےمطابق آج آزاد کشمیر میں 69ویں یوم تاسیس کے دن کا آغاز21 توپوں کی سلامی سے ہوا،مساجد میں پاکستان کی سالمیت،خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کی آزادی کےلیے دعائیں مانگی گئیں۔

    یوم تاسیس کی مرکزی تقریب کا آغاز آزادکشمیرکے دارالحکومت مظفرآباد میں پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا ۔

    اس موقع پروزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نےکہاکہ مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان ہی بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کا موثر وکیل ثابت ہوسکتاہے۔

    دوسری جانب 69ویں یوم تاسیس پر وزیر برائے کشمیر امور برجیش طاہر نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔

    برجیش طاہرکا کہناتھاکشمیری عوام بین الاقوامی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن بھارت کا دہرا معیار خطے کےامن کیے خطرہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت کو جاری رکھے گی۔

    واضح رہے کہ یوم تاسیس کےموقع پرآزادکشمیر میں پرچم کشائی کی تقریبات،سیمینارز اور دعائیہ تقریبات تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی گئیں۔

     

  • مظفرآباد : سردارعتیق نے سیز فائرلائن توڑنے کا اعلان کردیا

    مظفرآباد : سردارعتیق نے سیز فائرلائن توڑنے کا اعلان کردیا

    مظفرآباد : آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 24 نومبر کو 3 مقامات سے سیزفائرلائن توڑ کا اعلان کر دیا ہے۔

    مظفرآباد کے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے آزاد کشمیرکے 3 ڈویژن مظفرآباد، پونچھ اور میرپور سے 24 نومبرکو بیک وقت سیزفائرلائن توڑ کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم کانفرنس نے سیزفائر لائن توڑنے کی تیاریاں آج سے شروع کر دی ہیں۔

    سردارعیتق احمد نے 5 مختلف کمٹیوں کے چیئرمینوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمٹیاں 11 محرم الحرام سے رابطہ مہم کا آغاز کریں گی انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، وکلاء ،دانشوروں ، سول سوسائیٹی، طلبہ اور سیزفائر لائن کے قریبی علاقوں میں بسنے والے عوام کے تعاون سے سیزفائر لائن کو توڑ کر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کی جائے گی۔

    سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ ہم پرامن مارچ کریں گے کیوں کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل اور خطہ میں امن چاہتے ہیں۔ ان کا کنہا تھا کہ سیزفائر لائن کی طرف مارچ کسی سیاسی جماعت کے جھنڈے کے بجائے صرف آزا د کشمیر کے پرچم کے نیچے ہو گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 700 کلومیٹر لمبی سیز فائر لائن پر بھارت حملے کے لیے تیار کھڑا ہے وہ حملہ کرتا ہے کہ نہیں یہ اور بات ہے ا لبتہ کشمیریوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا بھارت پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش میں خود تنہا ہو رہا ہے وہ ہمارا پانی بند کررہا ہے جبکہ چین نے اس کا پانی بند کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ روس کی فوج پاکستان میں مشترکہ مشقوں میں مصروف ہے پاکستان کو تنہا کرنے کی اس کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

    سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھارت نے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی ہندوستان اپنی کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے۔

    ان کا کنہا تھا کہ سی پیک منصوبہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔سی پیک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور دفاع استحکام کے حوالے سے انتہائی اہم منصوبہ ہے۔

     

  • دریائے نیلم میں بس گرنے سے 20 افراد جاں بحق

    دریائے نیلم میں بس گرنے سے 20 افراد جاں بحق

    مظفر آباد: وادی نیلم کے قریب مسافر بس کھائی میں گرنے سے خواتین سمیت 20 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وادی نیلم کے علاقے کیل سے مظفر آباد جانے والی مسافر بس تیز رفتاری اور فنی خرابی کے باعث نوسیری نیلم جہلم پراجیکٹ کے قریب دریائے نیلم میں جاگری۔

    بس کھائی میں گرنے سے 3 خواتین سمیت 20 مسافرجان کی بازی ہارگئے،جن میں سے 5 کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے۔

    حادثے میں زخمیوں کو علاج کے لیے مظفر آباد کے شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں چند مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی، تاہم ضلعی اور تحصیل انتظامیہ اطلاع ہونے کے باوجود جائےحادثہ پر بروقت نہ پہنچ سکی۔

    واضح رہے دریا سے نکالی جانے والی 5 لاشوں کی تدفین آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کردی گئی۔