Tag: مظفر آباد

  • عدالت کا احمد فرہاد کو جیل منتقل کرنے کا حکم

    عدالت کا احمد فرہاد کو جیل منتقل کرنے کا حکم

    مظفر آباد :عدالت نے شاعر احمد فرہاد کو جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے 24 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاعر احمد فرہاد کو ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا۔

    مظفرآبادپولیس نے عدالت میں مؤقف اپنایا شاعر سے تفتیش کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

    پولیس نے نامکمل چالان عدالت میں پیش کیا ، جس پر عدالت نے پولیس ریمانڈ مکمل ہونے پر شاعر کو جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 24جون کو دوبارہ پیش کیا جائے۔

    یاد رہے 5 جون کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے شاعر کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی ، جس پر اہلیہ کا کہنا تھا ہم اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

    واضح رہے 9 مئی کو وفاقی حکومت نے شاعر احمد کی گرفتاری ظاہر کی تھی اور اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ گرفتار اور پولیس کسٹڈی میں ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے بتایا تھا کہ شاعر احمد دفعہ اے پی سی 186کے تحت گرفتار ہوئے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ وہ صبح7 بجے گجر کوہالہ کے مقام سے آزاد کشمیرمیں داخل ہو رہے تھے، دوران چیکنگ وہ شناختی کارڈ نہیں دکھاسکے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاعر کارسرکار میں مداخلت کے جرم میں گرفتار ہوئے، وہ ایک اور مقدمے میں مظفرآباد پولیس کو بھی مطلوب ہیں، اس لیے ان کو مظفرآباد پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

  • آزاد کشمیر مظاہروں میں پرتشدد واقعات، منفی پراپیگنڈا بے نقاب

    آزاد کشمیر مظاہروں میں پرتشدد واقعات، منفی پراپیگنڈا بے نقاب

    میرپور: آزاد کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے مظاہروں میں پُرتشدد واقعات سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز ہے۔

    اس دوران مظاہروں میں پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے، اسلام گڑھ کے مقام پر عوامی ایکشن کمیٹی اور پولیس میں تصادم کے دوران فائرنگ سے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی جان چلی گئی، متعدد مظاہرین کے بھی پولیس تشدد سے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

    مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز، انٹرنیٹ سروس بند

    عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرتشدد واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، کمیٹی کی مرکزی قیادت نے بھارت کے منفی پراپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہماری تحریک پُرامن تھی اور رہے گی، سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا قابل قبول نہیں، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

    کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ مکار دشمن بھارت کا میڈیا مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو دبانے کے لیے الزامات لگا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔

  • مظفر آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی پوزیشن واضح ہو گئی

    مظفر آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی پوزیشن واضح ہو گئی

    مظفرآباد: مظفر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد پارٹی پوزیشن واضح ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سب سے زیادہ 9 ڈسٹرکٹ کونسل نشستوں پر کامیاب ہوئی، یونین کونسل نتائج میں پیپلز پارٹی کو، جب کہ میونسپل کارپوریشن میں ن لیگ کو برتری حاصل ہے۔

    مظفر آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 9، پاکستان پیپلز پارٹی 4، آزاد امیدوار 4، پاکستان مسلیم ن 3، اور مسلم کانفرنس 1 ڈسٹرکٹ کونسل نشست پر کامیاب ہوئی۔

    پی پی 39، پی ٹی آئی 36، ن لیگ 36، آزاد 26، مسلم کانفرنس 4، اور تحریک لبیک 1 یوسی پر کامیاب ہوئی، میونسپل کارپوریشن کی ن لیگ 12، پی ٹی آئی 8، پی پی 7، آزاد 7، اور مسلم کانفرنس 2 نشستیں جیت سکی۔

    ممبر میونسپل کمیٹی کی نشست پر پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئی، ممبر ٹاؤن کمیٹی کی نشست پر مسلم لیگ ن 3، اور تحریک انصاف 1 پر کامیابی حاصل کر سکی۔

  • تیندوے کو دم سے پکڑ کر کھینچنے کی ویڈیو وائرل

    تیندوے کو دم سے پکڑ کر کھینچنے کی ویڈیو وائرل

    مظفرآباد: کشمیر میں دریائے نیلم کے کنارے نوسدہ کے مقام پر زخمی حالت میں ملنے والا تیندوا اسلام آباد میں دوران علاج چل بسا، پولیس نے تیندوے کو گولی مارنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں کچھ لوگوں کو ایک تیندوے کے اردگرد جمع دیکھا جا سکتا ہے، یہ تیندوا مظفر آباد کے نواحی علاقے نوسیری میں زخمی حالت میں دریائے نیلم کے کنارے پڑا تھا اور چلنے پھرنے سے قاصر نظر آ رہا تھا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف کے محکمے کے اہل کاروں نے زخمی تیندوے کو علاج کے لیے فوری طور پر اسلام آباد منتقل کیا، آپریشن کے بعد بھی وہ جاں بر نہ ہو سکا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق زخمی جانور کی ریڑھ کی ہڈی سے 12 بور کے کارتوس کے 6 چھرے برآمد ہوئے تھے، جس نے اس کی ریڑھ کی ہڈی کو شدید متاثر کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تیندوے کو فائر مارنے والے مقامی رہائشی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم سے 12 بور رائفل بھی برآمد ہو گئی ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تیندوے پر تشدد کرنے والے دیگر ملزمان کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی تیندوے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا تھا، انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’دریائے نیلم پر پانی پیتے تیندوے کے ظالمانہ اور بے رحمانہ قتل کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، پاکستان میں معدوم ہوتی وائلڈ لائف کا تحفظ بہت ضروری ہے۔‘

  • پی ڈی ایم جلسہ، خواتین نے اچانک عمران خان زندہ باد کے نعرے لگا دیے

    پی ڈی ایم جلسہ، خواتین نے اچانک عمران خان زندہ باد کے نعرے لگا دیے

    مظفر آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں عمران خان زندہ باد کے نعرے لگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر آباد آزاد کشمیر میں یوم یک جہتی کشمیر کے سلسلے میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خواتین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جب تقریر کرنے لگیں تو انھوں نے عمران خان کے خلاف نعرے لگوائے، جس پر جلسے میں موجود چند خواتین نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔

    تقریر کے دوران مریم نواز عمران خان مخالف جب کہ خواتین زندہ باد کے نعرے لگاتی رہیں، جس پر پولیس نے حرکت میں آ کر عمران خان زندہ باد نعرے لگانے والی خواتین کو جلسہ گاہ سے باہر نکال دیا۔

    کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    مریم نواز نے تقریر کے دوران ایک بڑی غلطی بھی کی، اگرچہ ان کی تقریر لکھی ہوئی تھی لیکن وہ ایک اہم تاریخ پھر بھی غلط دہراتی رہیں، بھارت نے کشمیر کا خصوصی درجہ 5 اگست کو تبدیل کیا تھا لیکن مریم نواز تقریر میں پانچ اگست کی بجائے 15 اگست بولتی رہیں۔

    مریم نواز تقریر میں بار بار پندرہ اگست کہتی رہیں، واضح رہے کہ پندرہ اگست کو بھارت یوم آزادی مناتا ہے۔

    دریں اثنا، مریم نواز نے مظفر آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا جب جب سقوطِ کشمیر کا نام آئے گا عمران خان کٹہرے میں کھڑا نظر آئے گا، جب کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک آئے تو ہماری پالیسی دو منٹ کی خاموشی تھی۔

  • کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    مظفر آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف سیاست کرتے ہیں لیکن مودی جیسی حرکت نہیں کریں گے، ہم انسانیت کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں گے، کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ یومِ یک جہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں کر رہے تھے، انھوں نے کہا ہمارا وزیر اعظم اور مودی ایک پیج پر ہیں، مودی نے کشمیر میں اپنے مخالفین کوگرفتار کرایا، پاکستان میں ن لیگ اور پی پی کی معصوم قیادت کوگرفتار کرایا گیا۔

    بلاول بھٹو نے کہا پی ڈی ایم اجلاس میں فیصلہ ہو چکا ہے کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، مارچ کے لیے عوام ملک کے ہر کونے سے نکلیں گے، آزاد کشمیر کا قافلہ یہاں سے نکلے گا اور اسلام آباد ضرور جائے گا، کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے، عمران خان وزیر اعظم نہیں رہےگا۔

    انھوں نے کہا پیپلز پارٹی اور کشمیر کے عوام کا آج کا نہیں، 3 نسلوں کا ساتھ ہے، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال بھی جنگ لڑیں گے، بی بی شہید نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ وہاں ہمارا خون گرے گا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا ماضی کے وزرائے اعظم نے کشمیر کی آواز دنیا بھر میں پہنچائی، آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہو رہی ہے، موجودہ وزیر اعظم کے دور میں کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا، ہم جانتے ہیں مودی کے مظالم کا جواب کیسے دینا ہے، یہ حکومت جواب نہیں دے سکتی، مودی کو عوام کا منتخب کردہ وزیر اعظم ہی جواب دے سکتا ہے، مودی کو ہرانا ہے تو جمہوریت قائم کرنا ہوگی۔

    بلاول نے کہا کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کی اجازت دی جائے، ہم آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بات پر کھڑے ہیں، ہمارا نعرہ آپ کا نعرہ ایک ہی ہے کہ رائے شماری ہونی چاہیے۔

  • برف باری، سیلاب، مکانات اور تودے گرنے سے 28 افراد جاں بحق

    برف باری، سیلاب، مکانات اور تودے گرنے سے 28 افراد جاں بحق

    چمن/مظفر آباد: برف باری، بارش اور سیلابی صورت حال نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، تودے گرنے سمیت مختلف واقعات میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں تودے، چھتیں، دیواریں گرنے، اور کرنٹ لگنے سے کم از کم اٹھائیس افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، وادیٔ نیلم میں تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔

    آزاد کشمیر میں متعدد مکانات، دکانیں اور مسجد بھی تباہ ہو گئی، سرگن بکولی میں برف باری میں پھنسے 10 افراد لا پتا ہو گئے ہیں، بلوچستان کے شہر ژوب میں 2 مکانوں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جان سے گئے، چمن میں منگنی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوئے جب کہ راولا کوٹ میں کرنٹ لگنے سے ایک شہری جان سے گیا۔

    آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری نے تباہی مچا دی ہے، بھاری جانی و مالی نقصان ہوا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بارش اور برف باری سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ ارسال کر دی گئی، یہ رپورٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیار کی، رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری سے 12 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، 16مکانات مکمل، 14 جزوی متاثر ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں 4 دکانوں کو نقصان پہنچا، ایک مسجد شہید اور 3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، وادی نیلم میں 14 مکانات مکمل، 6 جزوی تباہ، 4 دکانیں متاثر ہوئیں، راولا کوٹ میں ایک مکان تباہ جب کہ ایک خاتون جاں بحق ہوئی، سدھنوتی میں ایک شخص جاں بحق، ایک مکان مکمل، دو جزوی تباہ ہوئے، مظفر آباد کے علاقے اپر طارق آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 مکانات کو نقصان پہنچا۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے: بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے: بلاول بھٹو

    مظفر آباد: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیر کی محافظ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیپلز پارٹی کا 52 واں یوم تاسیس منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 118 دن سے کرفیو ہے، دوائیں تک میسر نہیں، پہلے دن سے کہہ رہے ہیں مودی کو سمجھو، اسے پہچانو۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ مودی کا چہرہ بے نقاب کر چکے ہیں، اس سے بات نہیں ہوگی، 72 سال میں جو نہیں کیا گیا تھا وہ حملہ اب مقبوضہ کشمیر پر کیا گیا ہے، شروع سے ہی مقبوضہ کشمیر پر بھارت قبضے کی کوشش کر رہا ہے، میں نے کہا تھا مودی کے یار کو ایک دھکا اور دو، مجھے کہا گیا میں امن نہیں چاہتا، پیپلز پارٹی امن چاہتی ہے مگر کشمیر کی قیمت پر نہیں، وزیر اعظم کہتے تھے مودی جیتے گا تو کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، آج وہ کہتے ہیں مودی آر ایس ایس کا کارندہ ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ نریندر مودی خطے سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، خود بھارت کے وجود کے لیے بھی خطرہ ہے، مودی کی جہالت دیکھو بھارت میں کئی نسلیں کاٹی گئیں، شہید محترمہ نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کشمیر کا مقدمہ ہم، آپ اور پیپلز پارٹی لڑے گی، دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر پر سودا ہمیں منظور نہیں، ہمارا نعرہ سب پے بھاری رائے شماری رائے شماری۔

    انھوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو بی بی شہید کی برسی اسی مقام پر منائی جائے گی جہاں انھوں نے شہادت قبول کی تھی، لیاقت باغ راولپنڈی میں 12 سال پہلے گرنے والا علم پھر سے اٹھائیں گے، اسی شہر کے لیاقت باغ میں کھڑے ہو کر ملک دشمنوں کو پیغام دیں گے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

  • کشمیریوں سے اظہار یک جہتی، وزیر اعظم آج مظفر  آباد  میں جلسہ سے خطاب کریں گے

    کشمیریوں سے اظہار یک جہتی، وزیر اعظم آج مظفر  آباد میں جلسہ سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کے لیے آج مظفر  آباد میں جلسہ کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کے غیر قانونی اقدام کےخلاف کشمیری عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہونے کے لیے آج مظفر آباد میں فقید المثال جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے. وزیر اعظم کشمیروں کی آواز بنیں گے.

    مقبوضہ کشمیریوں کے عوام سے اظہاریک جہتی کے لئے منعقد کیے جانے والے اس جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، عوام کی بڑی تعداد اس میں شرکت کرے گی.

    زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس کا حصہ بننے کا عزم ظاہر کیا ہے. اسپورٹس اور شوبزکی معروف شخصیات نے بھی مظفرآباد جانے کا اعلان کیا.

    معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ دنیا کو دکھانا ہوگا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، گلوکار اور موسیقار ساحرعلی بگا کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے پر وزیراعظم کا ساتھ دیں۔

    مزید پڑھیں: کشمیر پر خاموشی عالمی امن کے لیے خطرے کا باعث ہوگی: صدر پاکستان

    اداکارہ مایاعلی نے بھی ٹویٹ کیا تھا، جس میں انھوں نے کہا کہ آئیں وزیراعظم کا ساتھ دیں اور کشمیریوں سے یک جہتی کامظاہرہ کریں.

    خیال رہے کہ پانچ اگست کو بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی. 39دن سے وادی میں کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے چکا ہے.

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ کشمیر کا سفیر بنیں گے اور ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھائیں‌گے.

  • اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کے یوم آزادی پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بفر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دواؤں اور خوراک کی کمی پر آواز اٹھائیں۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سفر کو 72 نہیں 500 سال ہو گئے ہیں، 1832 میں گلاب سنگھ نے کشمیر میں قتل عام کیا، ڈھائی لاکھ افراد کا قتل کیا گیا، 40 ہزار کشمیریوں کو پاکستان میں پناہ لینی پڑی، 1989 کے بعد سے اب تک ایک لاکھ کشمیریوں کو قتل کیا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے بہت پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ابھی جاری ہے، بھارت نے جو اقدامات کیے اس سے دو طرفہ معاہدے ختم ہو گئے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم اسمبلی میں ایل او سی کو ختم کر کے اسے سیز فائر لائن قرار دینے کی قرارداد لائیں گے، ہمارا آئین، پرچم اور قومی ترانہ الگ ہے۔

    آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور ہٹلر کا سلیوٹ کرنے کا انداز ایک جیسا ہے، ان کے اقدامات میں بھی کوئی فرق نہیں۔