Tag: معاشی نظام

  • معاشی نظام دوستوں کو نفع پہنچانے کے لیے چلایا جا رہا ہے، شرح ترقی درست نہیں: شہباز شریف

    معاشی نظام دوستوں کو نفع پہنچانے کے لیے چلایا جا رہا ہے، شرح ترقی درست نہیں: شہباز شریف

    لاہور: شہباز شریف نے پی ٹی آئی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ ملک میں معاشی نظام دوستوں کو نفع پہنچانے کے لیے چلایا جا رہا ہے، شرح ترقی جو دکھائی جا رہی ہے وہ بھی درست نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے جاری کردہ شرح ترقی کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے شرح ترقی 5.8 فی صد پر چھوڑی تھی، عمران خان آج محض 3.9 فی صد شرح ترقی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔

    شہباز شریف نے لکھا کہ 3.9 فی صد شرح ترقی پر بھی اسٹیٹ بینک کے نمائندے نے اعتراض اٹھایا تھا کہ یہ عدد اصل سے زیادہ دکھایا گیا ہے، پی ٹی آئی نے پہلے سال اصل 1.9 کے عدد کو بھی بڑھا چڑھا کر 3.3 دکھایا تھا۔

    ن لیگی رہنما نے حکومت پر شرح ترقی کے حوالے سے جھوٹ بولے جانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 5 فروری کے بعد ہر ہفتے میں قیمتوں کے حساس اعشاریے 13 فی صد اضافہ دکھا رہے ہیں، جب کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں ہفتے میں قیمتوں میں 17 فی صد اضافہ ہوا۔

    شہباز شریف نے کہا صرف خوراک کی قیمتوں میں 14 فی صد اضافہ ہوا ہے جس نے مڈل کلاس کو تباہ کر دیا ہے، عمران خان ملک کو صرف اپنے دوستوں کے لیے چلا رہے ہیں، اور پی ٹی آئی 50 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کر چکی ہے، 2 کروڑ افراد بدترین غربت میں جا چکے ہیں، عمران معاشی نظام اپنے دوستوں کو نفع پہنچانے کے لیے چلا رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید لکھا کامیاب معیشت میں مہنگائی کم، روزگار میں اضافہ ہوتا ہے، حکومت اسکول، اسپتال اور انفرا اسٹرکچر کے منصوبے بناتی ہے، لیکن ہماری معیشت کس پاتال میں جاگری ہے۔

  • گزشتہ ادوار کا ٹیکس سسٹم انتہائی مشکل تھا، شبر زیدی

    گزشتہ ادوار کا ٹیکس سسٹم انتہائی مشکل تھا، شبر زیدی

    اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کودستاویزات میں لا رہے ہیں، گزشتہ ادوار کا ٹیکس سسٹم انتہائی مشکل تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیراہتمام انوویٹوفنانس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ملک میں 31 لاکھ افراد صنعتی شعبے سے وابستہ ہیں، 31 لاکھ افراد میں سے صرف 43 ہزار ٹیکس نیٹ میں آتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ معاشی نظام بہتر ہونے تک ٹیکس وصولی کا ہدف پورا نہیں کیا جاسکتا، ٹیکس، سرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار باہم منسلک ہیں۔

    چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اسمال میڈیم سیکٹر میں کم قرض کی وجوہات کاروبار کا غیر دستاویزی ہونا ہے، اسمال میڈیم سیکٹر دستاویزی نہ ہونے سے زیادہ قرض حاصل نہیں کرسکا۔

    شبر زیدی نے کہا کہ ملک میں بجلی کے 31 لاکھ صنعتی اور کمرشل صارفین ہیں، اکتیس لاکھ میں صرف 43 ہزار سیلز ٹیکس رجسٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمال میڈیم سیکٹر مکمل دستاویزی نہیں ہوگا تو قرض کا تناسب نہیں بڑھے گا، اسمال میڈیم سیکٹر کے لوگ ٹیکس نظام میں شامل ہی نہیں ہونا چاہ رہے۔

    چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہمارے ملک میں گزشتہ ادوار کا ٹیکس سسٹم انتہائی مشکل تھا، چھوٹے اور درمیانے کاروبار قرضوں تک رسائی میں مشکلات کا شکار ہیں، نجی شعبے کے مجموعی قرضوں کے سست رجحان سے مشکلات بڑھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قرضے تک محدود رسائی کی بڑی وجہ نامکمل منصوبہ بندی ہے، ایس ایم ایز بینکوں سے مناسبت کے بغیرمصنوعات متعارف کراتے ہیں، ایس ایم ایز کی دستاویزات کی کمی اور رقوم کی خراب ترسیل بڑا مسئلہ ہیں، مختلف وجوہات کی بنا پر سرمایہ کاری میں مشکلات ہوتی ہیں۔