Tag: معافی مانگیں

  • عمران خان جھوٹے الزام پرمعافی مانگیں ورنہ عدالت جائیں گے، پی ٹی آئی اراکین

    عمران خان جھوٹے الزام پرمعافی مانگیں ورنہ عدالت جائیں گے، پی ٹی آئی اراکین

    نوشہرہ : پی ٹی آئی کے دس اراکین اسمبلی نے ووٹ بیچنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخاب میں ووٹ بیچنے کے الزام کا سامنا کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی بھی میدان میں آگئے۔

    نوشہرہ میں پریس کانفرنس میں الزامات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے الزام پر عمران خان نے ہم سے معافی نہ مانگی تو انصاف کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔

    پریس کانفرنس کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ کے پی کے مشیر عبدالحق، قربان علی خان، وجیہ الزمان، یاسین خلیل اورنسیم حیات کے علاوہ دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تین مارچ سے ہم پر الزام تراشی کا سلسہ شروع کیا گیا، عزت اچھالنے کے بعد شوکاز نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی، عمران خان نے15دن میں معافی نہ مانگی تو عدالت جائیں گے، قربان علی خان نے پارٹی شوکاز نوٹس کو پریس کانفرنس میں پھاڑ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں خود چیف جسٹس سے اس معاملے کے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتاہوں، سینیٹ انتخابات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔

    اس کے علاوہ وجیہ الزمان، یاسین خلیل اور نسیم حیات نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جنہوں نے پیسے لئے وہ لوگ پرویز خٹک کے ساتھ بیٹھے ہیں، عمران خان اور پرویز خٹک کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، وزیراعلیٰ اوراسپیکر اسمبلی نے خود رقم کی آفر کی تھی۔

     واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی پارٹی کے 20 اراکین کو سینیٹ میں ووٹ بیچنے کے الزام میں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

  • وزیراعظم اپنے الفاظ پر کراچی کے شہریوں سے معافی مانگیں، ایم کیو ایم

    وزیراعظم اپنے الفاظ پر کراچی کے شہریوں سے معافی مانگیں، ایم کیو ایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سےکراچی میں پولیس، رینجرز اور دیگرسرکاری اداروں کے ہاتھوں ماورائےعدالت قتل کئے جانے والے کراچی کے شہریوں کومکھی قراردینے کی شدیدمذمت کی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اپنے الفاظ واپس لیں اوراپنے ان الفاظ پر کراچی کے شہریوں سے معافی مانگیں، اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ہڑتالوں کاکوئی شوق نہیں اورکوئی بھی خوشی سے احتجاج اورہڑتال نہیں کرتا۔

    اگرپولیس، رینجرزاور دیگر سرکاری ایجنسیوں کے اہلکار ایم کیوایم کے معصوم وبے گناہ کارکنوں کوگرفتارکریں اورانہیں عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے سرکاری حراست میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنائیں اورتشددکرکے ماردیں۔[

    اس کھلے ظلم پر نہ پولیس ،رینجرزاوراداروں کے حکام سنیں، نہ صوبائی حکومت انصاف فراہم کرے نہ ہی وفاقی حکومت اس کانوٹس لے تو ایم کیوایم کے پاس اپنے بے گناہ کارکنوں اورہمدردوں کے ماورائے عدالت قتل پرپرامن احتجاج یاہڑتال کرنے کے سوااورکیاچارہ رہ جاتاہے ؟

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ امرافسوسناک ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ایک جانب تو مظلوموں کی دہائیاں سننے کیلئے تیارنہیں ہیں اورجب ماورائے عدالت قتل پر احتجاج ہوتو وزیراعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ ” کراچی میں مکھی بھی مرجائے تواحتجاج اورہڑتال کی جاتی ہے۔ “

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کے یہ خیالات نہ صرف سراسر افسوسناک ہیں بلکہ ماورائے عدالت قتل کئے جانے والے معصوم وبے گناہ افرادکے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم کی نظرمیں کراچی کے معصوم شہری انسان نہیں بلکہ مکھی ہیں ؟ کیاکراچی کے معصوم وبے گناہ انسانوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے؟

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف اپنے الفاظ واپس لیں اوراپنے ان الفاظ پر کراچی کے شہریوں سے معافی مانگیں۔