Tag: معاوضہ

  • بابر اعظم بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، کتنا معاوضہ لیں گے؟

    بابر اعظم بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، کتنا معاوضہ لیں گے؟

    پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم کی بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز سے معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سڈنی بابراعظم کو سکسرز نے بیس پرائز سے زیادہ معاوضے کی پیشکش کرکے پری سائن کیا ہے جس کیلئے سڈنی سکسرز بابر کو تقریباً 10 کروڑ روپے معاوضہ ادا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق بابر کو سڈنی سکسرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں پک کیا ہے، سڈنی سکسرز کی پلاٹینم کیٹیگری کی بیس پرائز تقریباً پونے8 کروڑ روپے ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sydney Sixers (@sixersbbl)

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے ساتھ بابر بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی صف میں کھڑے ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگی جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان پہلی بار شرکت کررہے ہیں۔

    عاقب جاوید کا بابر اعظم سے متعلق بیان:

    نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا بابر کے ٹی 20 کرکٹ میں مستقبل پر دوٹوک بیان آگیا۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے واضح کیا کہ بابر سمیت تمام کرکٹرز کے لیے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چاہے وہ بابر ہو یا کوئی اور کھلاڑی ٹیم میں سب کے لیے جگہ ہے، اگر بابر یا کوئی اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو وہ اپنا مقام حاصل کرلے گا اور کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی کے ذریعے آگے بڑھ سکتا ہے۔

    عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑی خود جانتے ہیں کہ کونسا فارمیٹ ان کے لیے بہترین ہے اور انہیں آگے کن چیلنجز کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جانتے ہیں کہ وہ کس فارمیٹ میں فٹ ہوتے ہیں۔ ان کے لیے بہت سے چیلنجز ہیں اور انہیں ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

    آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور میں پاکستان کی اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے، عاقب نے کہا کہ وہ اس بار پاکستان کے امکانات کے بارے میں پراعتماد ہیں۔

    بابر اعظم اور محمد رضوان ٹاپ ٹین ٹی 20 بیٹرز رینکنگ سے باہر

    انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کے بہت اچھے امکانات ہیں۔ ہم پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں دیکھیں گے۔

  • پی آر گیم نے بالی ووڈ کو کیسے نقصان پہنچایا؟ دھانت چترویدی نے بتادیا

    پی آر گیم نے بالی ووڈ کو کیسے نقصان پہنچایا؟ دھانت چترویدی نے بتادیا

    بالی ووڈ کے معروف اداکار دھانت چترویدی نے بالی ووڈ انڈسٹری میں پی آر ٹیم پر تنقید کی اور کہا کہ معاوضے کے ذریعے فلم کی پروموشن کرنے کی وجہ سے بالی ووڈ کو نقصان پہنچا ہے۔

    اداکار سدھانت چترویدی اپنی آنے والی فلم ’یودھرا‘ کی ریلیز کے لیے تیاری کر رہے ہیں، حال ہی میں انہوں نے بالی ووڈ کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں بات کی۔

    اداکار نے کہا کہ انڈسٹری میں معاوضہ دے کر پروموشن کروانے کا سلسلہ جاری ہے جس سے سب سے زیادہ نقصان بالی ووڈ انڈسٹری کو ہورہا ہے، کیوں کہ پی آر گیم سے حقیقی ٹیلنٹ کو چھپا دیا جاتا ہے۔

    فلم گلی بوائے سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار نے کہاکہ میں انڈسٹری میں پی آر گیم کو سمجھنے کی کوشش کررہا ہوں، پی آر ٹیم کی طرف سے بنائی گئی امیج سے شاندار کارکردگی کو آسانی سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

    اداکار سدھانت چترویدی کا کہنا تھا کہ اگر ایک فلم میں آپ کا کردار چھوٹا لیکن جاندار ہے تو اسے بھی پی آر ٹیم پیچھے چھوڑ سکتی ہے، اسی وجہ سے بالی ووڈ کو نقصان پہنچا ہے کیوں کہ یہاں کنٹینٹ اور ٹیلینٹ کو پی آر گیم سے چھپایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سدھانت چترویدی کی آنے والی فلم یدھرا کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، سدھانت چترویدی ان دنوں اپنی آنے والی فلم یدھر ا کو لے کرخبروں میں ہیں۔

    ایکسل انٹر ٹینمنٹ کے بینر تلے بننے والی فلم یدھرا میں سدھانت چترویدی بھر پورا ایکشن میں نظر آئیں گے۔ فلم کے ہدایت کار روی ادیاور ہیں جب کہ کہانی سرید ھر راگھون نے لکھی ہے۔

  • کپل شرما اپنے شو کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟ ہوشربا انکشاف

    کپل شرما اپنے شو کی ایک قسط کا کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟ ہوشربا انکشاف

    دنیا بھر میں مشہور کامیڈین و اداکار کپل شرما کے معاوضے سے متعلق ہوشربا انکشاف ہوا ہے۔

    دی گریٹ انڈین کپل شو نیٹ فلیکس پر ایک مقبول ترین شو بن گیا ہے، شو میں باصلاحیت فنکاروں کی طرف سے دکھائے جانے والے مزاحیہ انداز اور ان کی دلچسپ کہانی نے سامعین کو مسحور کیا ہے۔

    تاہم اب شو کی کاسٹ کے معاوضے سے متعلق حالیہ انکشافات سامنے آئے ہیں جس نے کافی ہلچل مچا دی ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما نے صرف 5 اقساط کے لیے 26 کروڑ روپے لیے ہیں، اس کے مطابق کپل ہر قسط کے 5 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق شو کے ایک اور نامور کامیڈین سنیل گروور مبینہ طور پر فی ایپیسوڈ 25 لاکھ روپے کماتے ہیں، جب کہ ارچنا پورن سنگھ تقریباً ہر قسط کے 10 لاکھ روپے وصول کرتی ہیں۔

    اس کے علاوہ شو کے دیگر کاسٹ کرشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، اور راجیو ٹھاکر سمیت دیگر کامیڈین بھی مختلف معاوضے وصول کرتے ہیں، جس کی رقم 10 لاکھ روپے سے لے کر 6 لاکھ روپے فی قسط تک ہے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ کپل شرما کے ساتھ چھ سال کے طویل اختلافات کے بعد شو میں واپسی کے بعد سنیل گروور کی فیس مبینہ طور پر دوگنی ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہنیٹ فلکس پر کپل کے شو میں اب تک رنبیر کپور اپنی والدہ و بہن کیساتھ، دلجیت دوسانجھ اداکارہ پرینیتی چوپڑا کیساتھ، روہت شرما ساتھی کھلاڑی شریاس کیساتھ، وکی کوشل و انکے بھائی اور اداکار عامر خان خصوصی شرکت کر چکے ہیں۔

  • بعض اوقات کبڈی کے کھلاڑیوں کو مجھ سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے: ابھیشیک بچن

    بعض اوقات کبڈی کے کھلاڑیوں کو مجھ سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے: ابھیشیک بچن

    بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن نے کہا ہے کہ بعض اوقات کبڈی کھلاڑیوں کو مجھ سے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔

    کبڈی بھارت کا قومی کھیل ہے،  کرکٹ کو بھارت میں سب سے زیادہ کو پسند کیا جاتا ہے تاہم  پرو کبڈی لیگ انڈین پریمیئر لیگ کے بعد ملک میں دوسرے سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ایونٹ ہے اور گزشتہ کئی سال سے کبڈی لیگ نے کھیل میں انقلاب برپا کیا ہے۔

    بھارت کے پرو کبڈی لیگ کی فرنچائز جے پور پنک پینتھر کے مالک بالی وڈ کے اداکار ابھیشیک بچن نے ایک انٹرویو میں کبڈی سے اپنی محبت اور فرنچائزاونر بننے کی دلچسپ کہانی سنائی ہے۔

    ابھیشیک نے انکشاف کیا کہ مسٹر مہندرا( بھارت کے بڑے بزنس میں) نے پرو کبڈی لیگ شروع کرنے کا خیال پیش کیا، میں نے اپنی ٹیم اس وقت صرف یہ سمجھنے کے لیے بنائی کہ ایسی لیگ کتنی قابل عمل ہوگی، اور اس تحقیق کے دوران مجھے جو کچھ معلوم ہوا، اس نے میرے ہوش اڑا دیے۔

    اداکار نے بتایا کہ جب مجھے اس لیگ کا حصہ بننے کے لیے کہا گیا تو میرا پہلا ردعمل یہی تھا’’کبڈی‘‘، اس وقت مجھے اس کے بارے میں کچھ نہیں پتا تھا، میں نے ان سے وقت لیا اور اس پر تحقیق شروع کردی۔

    ابھیشیک نے کہا کہ میں نے بچپن میں کبڈی کھیلی تھی، لیکن میں نے تحقیق کے دوران یہ دیکھا کہ جدید دور میں کبڈی کس طرح کھیلی جاتی ہے جس کے لیے میں اپنے گھر کے قریب کبڈی میچ دیکھنے گیا۔

    ’’یہ ایک مقامی کبڈی ٹورنامنٹ تھا لیکن اسے 10 ہزار لوگ دیکھ رہے تھے، اس ماحول اور کبڈی کے جذبے نے میرے ہوش اڑا دیے، اس وقت میں نے یہ سوچا کہ ہم اس کھیل کو قومی سطح پر کیوں نہیں لا رہے‘‘۔

    اداکار نے بتایا کہ’ کبڈی کا عروج صرف ناظرین کی تعداد سے نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں اضافے سے بھی ہوا ہے، ابھیشیک نے اعتراف کیا کہ کچھ کھلاڑی مجھ سے زیادہ کماتے ہیں‘۔

  • اوم شانتی اوم: جاوید شیخ کے معاوضے کی حیران کن رقم

    اوم شانتی اوم: جاوید شیخ کے معاوضے کی حیران کن رقم

    پاکستانی اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی پہلی بھارتی فلم میں اداکار شاہ رخ خان کا والد بننے کے لیے ایک روپیہ معاوضہ لیا تھا، ان کے لیے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا ہی اعزاز کی بات تھی۔

    سینیئر اداکار جاوید شیخ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بھارتی فلموں میں اپنے ڈیبیو سے متعلق بات کی ہے۔

    اداکار نے بتایا کہ انہیں شاہ رخ خان کی سب سے بڑی فلم اوم شانتی اوم آفر ہوئی تھی، یہ فلم بھارتی معروف ہدایت کار فرح خان کی بھی بطور ہدایت کار ڈیبیو فلم تھی۔

    جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ انہیں اس فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے والد کا کردار ادا کرنا تھا، شاہ رخ کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی، اسی لیے انہوں نے اس فلم میں کام کرنے کے پیسے نہیں لیے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ فلم کی ٹیم کا مینیجر ان کے پاس آیا اور پوچھا کہ سر اس فلم میں کام کرنے کا معاوضہ کتنا لیں گے، جس پر پہلے تو میں نے پیسے لینے سے صاف انکار کر دیا پھر ٹیم کے اصرار کرنے پر میں نے اس فلم کے لیے 1 روپیہ معاوضہ مانگا تھا۔

    جاوید شیخ نے مزید کہا کہ ٹیم واپس گئی اور شاہ رخ اور فرح خان کو بتایا کہ جاوید شیخ پیسے لینے سے انکار کر رہے ہیں۔

    اداکار نے بتایا کہ بعد ازاں میرا معاوضہ پھر شاہ رخ خان اور فرح خان نے متعین کیا تھا کہ مجھے کتنا معاوضہ دینا ہے۔

  • 22 سال میں پہلی بار پریانکا چوپڑا کا معاوضہ مرد اداکاروں کے برابر

    22 سال میں پہلی بار پریانکا چوپڑا کا معاوضہ مرد اداکاروں کے برابر

    معروف بالی ووڈ ادکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ میں 22 سال سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کر رہی ہوں اور میں نے تقریباً 70 سے زیادہ فلمیں اور 2 ٹی وی شوز کیے ہیں لیکن پہلی بار مرد اداکاروں کے برابر معاوضہ ملا ہے۔

    بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا ہے کہ 22 سال میں انہیں پہلی مرتبہ مرد اداکاروں کے برابر معاوضہ ملا ہے۔

    ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ نئی ویب سیریز ’سیٹاڈل‘ میں ساتھی مرد اداکار رچرڈ میڈن کے برابر معاوضہ ملا۔

    پریانکا چوپڑا نے کہا کہ یہ کہنے سے میں مصیبت میں پڑ سکتی ہوں، میں 22 سال سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کر رہی ہوں اور میں نے تقریباً 70 سے زیادہ فلمیں اور 2 ٹی وی شوز کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا لیکن جب میں نے ویب سیریز ’سیٹاڈل‘میں کام کیا تو یہ میرے کیریئر میں پہلی بار تھا کہ مجھے مرد اداکاروں کے برابر کا معاوضہ ادا کیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ’سیٹاڈل‘ کا ٹریلر یکم مارچ کو ریلیز کیا گیا تھا جبکہ اس کی ابتدائی دو قسطیں 28 اپریل کو نشر ہوں گی۔

    ایکشن سے بھرپور سنسنی خیز ویب سیریز میں رچرڈ میڈن بھی شامل ہیں۔

  • بلا اجازت گھر میں داخل ہونے والا شخص جاتے ہوئے  کھانے کا معاوضہ چھوڑ گیا

    بلا اجازت گھر میں داخل ہونے والا شخص جاتے ہوئے کھانے کا معاوضہ چھوڑ گیا

    امریکا میں ایک نامعلوم شخص ایک بند گھر کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوا، غسل کیا، کھانا کھایا اور جاتے ہوئے مالک کے لیے 200 ڈالر چھوڑ دیے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیو میکسیکو میں 34 سالہ ٹیرل کرسٹیسن کو کھڑکی توڑ کر بغیر اجازت گھر میں گھسنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    اس نے بتایا کہ وہ شدید سردی سے پریشان تھا اور گھر سے باہر جاتے ہوئے 200 ڈالر کی رقم گھر کے اندر واضح جگہ پر رکھ کر باہر نکلا تھا۔

    ٹیرل نے ایک مکان میں کسی کو نہ دیکھ کر پہلے اس کی کھڑکی توڑی اور اندر داخل ہوا، وہاں اس نے گرم پانی سے غسل کیا، کھانا کھایا اور بیئر بھی پی تھی۔

    جیسے ہی وہ گھر سے باہر نکلا اس کا سامنا گھر کے مالک سے ہوگیا۔ ٹیرل نے اس سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ 200 ڈالر گھر میں چھوڑ کے آیا ہے جو کھانے اور کھڑکی توڑنے کی مد میں اس کی رقم ہے۔

    اس نے پولیس اور مالک کو بتایا کہ وہ تیز ہوا اور برفباری سے پریشان تھا اور خدشہ تھا کہ اگر دیر ہوگئی تو وہ سردی سے ٹھٹھر کر مرجائے گا۔

    اس نے اعتراف کیا کہ یہ ایک غلط کام تھا لیکن وہ بھوک سے نڈھال اور سردی سے بے حال بھی تھا۔ گھر کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ ٹیرل پکڑے جانے پر شدید شرمندہ تھا اور بار بار اس نے معافی مانگی تھی۔

    جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ کھڑکی توڑ کر کسی کے گھر میں بلا اجازت داخل کیوں ہوا تو اس نے بتایا کہ ٹیکسس میں اس کے اہل خانہ کو کسی نے قتل کردیا ہے اور وہ کسی سے جان بچانے کے لیے بھاگ رہا ہے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

  • سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رواں برس ہونے والی بارشوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت رواں سال بارشوں کے نقصانات پر اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس بارشوں میں 17 سو 52 دیہات ڈوب گئے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ بارشوں میں 22 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے، 1.49 ملین ایکڑ فصلیں اور 29 لاکھ گھر تباہ ہوئے، گھر گرنے کے سبب 12 لاکھ 90 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق بارشوں میں 149 افراد جاں بحق اور 103 زخمی ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے سوشل پروٹیکشن کے تحت متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    اجلاس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غریب اور متاثر شدہ لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے متاثرین کا ڈیٹا ایک بار پھر ویریفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ فرد کا شناختی کارڈ دیکھ کر رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔

  • معاوضہ کیوں نہیں دیا؟ بلڈر نے غصّے میں تیار کردہ گھروں کو مسمار کردیا

    معاوضہ کیوں نہیں دیا؟ بلڈر نے غصّے میں تیار کردہ گھروں کو مسمار کردیا

    لندن : کنسٹرکشن کمپنّی میں ملازمت کرنے والے شخص نے اُجرت ادا نہ کرنے پر ریٹائرڈ لوگوں کےلیے تیار کردہ گھر گرا دئیے اور سارے واقعے ویڈیو بھی بناتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی کنسٹرکشن کمپنی کے غیر ملکی ملازم ڈینئیل نیگو تنخواہ ادا نہ ملنے پر برہم ہوگیا اور اپنی ہی کمپنی کے تیار کردہ گھروں کو مسمار کرنا شروع کردیا، برطانوی عدالت نے ڈینئیل کو ریٹائرڈ لوگوں کے گھر مسمار کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 31 سالہ بلڈر ڈینئیل نیگو اپنی پوری کاروائی کے دوران سیٹیاں بجاتا رہا، گانے سنتا رہا اور ویڈیو بھی بناتا رہا۔

    بلڈر ڈینئیل گھروں کو تباہ کرتے ہوئے کہتا رہا کہ ’خوبصورت گھروں، کم زمین بوس ہورہے ہو پھر دوبارہ بنو گے، تمہاری تباہی کی وجہ میری اُجرت کی ادائیگی نہ کرنا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ریٹائرڈ لوگوں کےلیے تیار پانچ گھروں کو مسمار کیا ہے جس کی کل مالیت 8 لاکھ 5 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 15 سے 16 کروڑ پاکستانی) بنتی ہے۔

    ڈینئیل کا کہنا تھا کہ ’کمپنی نے مجھے 16 پاؤنڈ تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی اس لیے میں نے انہیں سبق سکھانے کےلیے گھروں کو مسمار کردیا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے مذکورہ شخص کو جائے وقوعہ سے ہی گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا۔

    ڈینیئیل کا کہنا تھا کہ میں واپس رومانیا جانا چاہتا تھا لیکن اُجرت نہ ملنے کے باعث نہیں جا پارپا تھا، اس لیے میں نے ادارے کو سبق سکھایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت نے بلڈر کو ریٹائرڈ افراد کے گھر مسمار کرنے کے جرم میں 4 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکام دے دیا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈینئیل نیگو سنہ 2015 رومانیہ سے ملازمت کےلیے برطانیہ آیا تھا۔

  • ڈرون حملے میں اطالوی شہری کی ہلاکت،امریکہ معاوضہ دینے کو تیار

    ڈرون حملے میں اطالوی شہری کی ہلاکت،امریکہ معاوضہ دینے کو تیار

    واشنگٹن :امریکی حکومت پاکستان میں کیے جانے والے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے اطالوی امدادی کارکن کے خاندان کو 12 لاکھ ڈالر معاوضہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق 37 سالہ جیوانی لو پورٹو القاعدہ کی قید میں تھے جب 2015 میں ایک امریکی ڈرون حملے میں ان کی ہلاکت ہوئی تھی۔اس حملے میں ایک امریکی امدادی کارکن کی ہلاکت بھی ہوئی تھی۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے اطالوی کارکن کے خاندان کو معاوضہ ادا کرنے کے فیصلے کے حوالے سے ابھی کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس امریکی صدر اوباما نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ دونوں امدادی کارکنوں کی ہلاکت امریکی ڈرون حملے کے
    نتیجے میں ہوئی تھی اور انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

    وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے کہا تھا کہ یہ حملہ پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں موجود القاعدہ کے ایک ٹھکانے پر کیا گیا تھا اور امریکہ کو اس بات کی خبر نہیں تھی کہ وہاں سویلین بھی موجود ہیں۔

    اطالوی اخبار لا ریپبلیکا اور برطانوی اخبار اخبار گارڈین نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی حکومت اور جیوانی لو پورٹو کے خاندان کے درمیان ہونے والے معاہدے میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ ان کی ہلاکت پاکستان کی سرزمین پر ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ جیوانی لو پورٹو کو سنہ 2012 میں پاکستان کے صوبے پنجاب کے شہر ملتان سے اغوا کیا گیا تھا جہاں وہ ایک امدادی ادارے کے ساتھ کام کر رہے تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان اس بات کا متعدد بار مطالبہ کر چکے ہیں کہ ڈرون حملوں ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کو امریکہ معاوضہ ادا کرے۔