Tag: معاون خصوصی احتساب

  • شہباز شریف نے ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ نہیں شکایت کی ہے: شہزاد اکبر

    شہباز شریف نے ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ نہیں شکایت کی ہے: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے مقدمہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا وہ کہاں ہے، انھوں نے برطانوی اخبار کے خلاف کیس نہیں کیا بلکہ صرف شکایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف عدالت ہی نہیں گئے، انھوں نے ڈیلی میل سے شکایت کی ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف نے اخبار کو شکایت کی کہ رپورٹنگ عوامی مفاد میں نہیں تھی، انھوں نے 4 صفحات پر مشتمل شکایت میں خبر کی تردید بھی نہیں کی۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی زمین منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کی گئی، آفتاب محمود منی لانڈرنگ کا اعتراف کر چکا ہے، شہباز شریف کے داماد کا نام بھی خبر میں سامنے آیا، میرے اور وزیر اعظم کے خلاف برطانوی عدالتوں میں کارروائی کا اعلان کیا گیا، کہاں گیا وہ دعویٰ۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اخبار کو شکایت میں کہا کہ اخبار نے میرا نقطہ نظر خبر میں شامل نہیں کیا، شکایت کی گئی کہ خبر سیاسی طور بنائی گئی، اس میں موجود چیزیں رد نہیں کی گئیں، اگر ان کا دعویٰ سچا تھا تو اپنا دعویٰ برطانوی عدالت میں دائر کرتے، خبر دینے والا صحافی اپنی خبر پر بہ دستور قایم ہے۔

    شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ اگر یہ برطانیہ کی عدالت میں جائیں گے تو میں شواہد وہاں پیش کروں گا، وہاں کی عدالت کو بتاؤں گا کہ خبر میں جس کرپشن کا ذکر ہے وہ صرف 5 فی صد ہے، تاہم مجھے یقین ہے کہ وہ برطانیہ کی عدالت نہیں جائیں گے۔

    انھوں نے عرفان صدیقی سے متعلق کہا کہ ان کو ہتھکڑی لگانے کا وزیر اعظم نے بھی نوٹس لیا ہے، ان کے استاد ہونے کا نہیں ان کی عمر پر ہتھکڑی لگانے کا نوٹس لیا گیا، عرفان صدیقی سے متعلق انکوائری ہونی چاہیے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اتوار کو عرفان صدیقی کی ضمانت ہو جانا معمول سے ہٹ کر ہے لیکن اچھی بات ہے۔ مجھے اپنی قیادت پر پورا یقین ہے کہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی، اگر کبھی مؤقف سے پیچھے ہٹنے کی بات ہوئی تو سب پہلے میں باہر کھڑا ہوں گا۔

  • لندن میں گرفتار شخص فرار ہوکر برطانیہ گیا اور پیسہ کاروبار پر لگایا، شہزاد اکبر

    لندن میں گرفتار شخص فرار ہوکر برطانیہ گیا اور پیسہ کاروبار پر لگایا، شہزاد اکبر

    اسلام آباد: معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ لندن میں گرفتار شخص نے پیسہ برطانیہ میں کاروبار پر لگایا، گرفتار شخص نے برطانوی قانون توڑا اور منڈی لانڈرنگ کی، اس کے اثاثے ضبط ہوئے تو کلیم فائل کریں گے، ہماری طرف سے ملزم کی برطانیہ بدری کی درخواست دائر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، شہزاد اکبر نے کہا کہ منی لانڈرنگ کے تانے بانے دہشت گردی کی فنانسنگ سے ملتے ہیں، کسی مشیر نے خود پر ریفرنس کے بعد استعفیٰ دیا، آج تک کسی دور میں نہیں ہوا۔

    لندن میں گرفتار شخص کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قانونی طریقے سے تفتیش مکمل ہونے تک گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی جاتی، آج کی کارروائی حکومت پاکستان اور برطانیہ میں معاہدے کی توثیق ہے، برطانیہ کو 8 ملین پاؤنڈ تک کی پراپرٹی سے متعلق ثبوت فراہم کیے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں پاکستانی سیاسی شخصیت کی گرفتاری و رہائی

    شہزاد اکبر نے کہا کہ موجودہ حکومت پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے، وائٹ کالر کرائم کو ڈیل کرنے کے لیے تفتیش جدید طریقے سے اپنانا ہوں گے، کرپشن کے خلاف ہماری صلاحیتوں میں اضافہ بھی ضروری ہے۔

    معاون خصوصی احتساب کے مطابق پشاور میں حوالہ ہنڈی پر کارروائی میں 50 سے زائد لوگ گرفتار ہوئے، گرفتار ملزمان سے 28 ملین غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی۔ ایف آئی اے، اینٹی کرپشن حکام پشاور میں کارروائی کررہے ہیں، حوالہ ہنڈی پر قائم اٹارنی جنرل کی سربراہی میں کمیٹی جلد ڈرافٹ لائے گی، حوالہ ہنڈی کرنے والے کیش ساتھ نہیں رکھتے موبائل کے ذریعے کام کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موثر تفتیش عدالت میں پیش کریں گے تو نظر آئے گا کام ہوا ہے، کابینہ نے احتساب یونٹ بنایا ہے مگر ابھی ہمیں بجٹ نہیں دیا گیا، احتساب کا یونٹ حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ کام کررہا ہے، احتساب یونٹ کے کچھ لوگوں نے ہمیں ابھی جوائن کرنا ہے۔