Tag: معاون خصوصی برائے اطلاعات

  • قیدی قیدی ہوتا ہے، حکومت اے یا بی کلاس کا خاتمہ کرنے آئی ہے، فردوس عاشق اعوان

    قیدی قیدی ہوتا ہے، حکومت اے یا بی کلاس کا خاتمہ کرنے آئی ہے، فردوس عاشق اعوان

    کراچی: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جس سیاہی نے اپوزیشن کا منہ کالا کیا اس پر یہ یوم سیاہ منارہے ہیں، قیدی قیدی ہوتا ہے جیل میں‌ اے یا بی کلاس کا خاتمہ کریں‌ گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول صف ماتم بچھائیں ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ان کا یوم سیاہ ناکام ہوگیا، عوام ان کے بیانیے کو مسترد کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی بونوں کا قد عمران خان پر تنقید کرنے سے اونچا نہیں ہوگا، سیاسی بونیں اپنا قد اونچا کرنے میں مصروف ہیں، بلاول پاپا، پھوپھو کی جعلی اکاؤنٹس میں نامزدگی کے بعد افسوس ناک حقائق کا جواب دیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کو درد 32 بے نامی جائیداد کا ہے یہ ہر آنے والے وقت میں بڑھے گا، جیل میں ایلیٹ کلب اور ایلیٹ گروپ نے مساوات کو چیلنج کررکھا ہے۔

    مزید پڑھیں: ہم حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کر رہے ہیں، بلاول بھٹو

    انہوں نے کہا کہ سندھ سے غربت، ایڈز کے خاتمے کے لیے ضرور اعلان جنگ کریں، بلاول سندھ کے اسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے کے لیے اعلان جنگ کریں، بلاول اسکول سے باہر بچوں کو واپس لانے کے لیے کردار ادا کریں، بلاول بھٹو کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے خلاف بغاوت کریں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں امیر اور غریب کے لیے علیحدہ قانون بنا کر رکھا تھا، قیدی قیدی ہوتا ہے اے یا بی کلاس کی تفریق کا خاتمہ کرنے ہماری حکومت آئی ہے، جیل میں کوئی امامت کے لیے اپنی سزا بھگتنے جاتا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جیلوں میں قانون کی حکمرانی ہو، جیل میں ٹی وی اور اے سی کی سہولت قانون کے ساتھ مذاق ہے، جیل میں طبقاتی نظام انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا کے اندر کچھ افراد ذاتی درد میں مبتلا ہیں، میڈیا کی آزادی اور حقوق کا تحفظ عمران خان کا وژن ہے۔

  • سبز پاسپورٹ کی عزت کے لیے وزیراعظم کا دورہ امریکا انتہائی مفید ہے، فردوس عاشق اعوان

    سبز پاسپورٹ کی عزت کے لیے وزیراعظم کا دورہ امریکا انتہائی مفید ہے، فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سبز پاسپورٹ کی عزت کے لیے وزیراعظم کا دورہ امریکا انتہائی مفید ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار میں پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑا گیا، وزیراعظم عمران خان پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کو دکھانے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا کل امریکا میں جلسہ تاریخ رقم کرے گا، عمران خان 20 ہزار گنجائش والے اسٹیڈیم میں خطاب کریں گے، امریکا کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم پاکستان بڑا جلسہ کریں گے۔

    فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج راجکماری کو ٹویٹ میں آزادی صحافت یاد آگئی ہے، کسی ذاتی معاملے کو صحافت کے ساتھ نہ جوڑا جائے، حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، میڈیا نے استحکام پاکستان سے تعمیر پاکستان کے سفر میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ناتی، نواسیاں، نواسے، بھائی سرکاری خرچ پر یو این جنرل اجلاس میں جاتے رہے ہیں، اس سے قبل 777 بوئنگ طیاروں میں صحافیوں کو کوریج کے لیے لے جایا جاتا تھا، قوم کے ٹیکس کا پیسہ ذاتی تشہیر پر لگایا جاتا تھا۔

    مزید پڑھیں: قبائلی علاقوں میں انتخابات کا کامیابی سے انعقاد امن اور جمہوریت کی فتح ہے، فردوس عاشق اعوان

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کمرشل پرواز میں سفر کرکے کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا، ماضی میں صرف شخصیت کی تشہیر ہوتی تھی ملکی مفاد کی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قبائلی عوام کا درد و احساس رکھتے ہیں، جہاں بارود کی بو آتی تھی وہاں ووٹ کی طاقت کی خوشبو سے علاقہ معطر ہوا، جمہوری عمل ہونے سے تعمیر پاکستان کے سفر کا آغاز ہوگیا۔

    ڈی آئی خان واقعے کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان حملے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید ہوئے ہیں، حملے میں 24 افراد زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلہ ہارنے والے نہیں ہیں۔

  • اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث کسی بھی شخص کو گرفتار کیا جائے گا، فردوس عاشق اعوان

    اختیارات کے غلط استعمال میں ملوث کسی بھی شخص کو گرفتار کیا جائے گا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ایل این جی کیس میں بے ضابطگیوں کے الزامات پرنیب شاہد خاقان عباسی سے تفتیش کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اختیارات یا طاقت کے غلط استعمال میں ملوث کسی بھی شخص کو گرفتار کیا جائے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ایل این جی کیس میں بے ضابطگیوں کے الزامات پرنیب تفتیش کر رہا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن پارلیمنٹ کے اجلاس کی کارروائی براہ راست نشر کر رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو مکمل آزادی حاصل ہے تاہم میڈیا کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین اور قواعد وضوابط کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    طاقت ور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا: فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نیب ایک فعال ادارہ بن کر کام کر رہا ہے، طاقت ور لوگوں نے قانون اور اداروں کو یرغمال سمجھا ہوا تھا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت کسی ادارے کو کام سے نہیں روک رہی، نیب ایک فعال ادارہ بن کر کام کر رہا ہے۔

  • جج کا بیان حلفی شریف خاندان کے خلاف چارج شیٹ ہے، فردوس عاشق اعوان

    جج کا بیان حلفی شریف خاندان کے خلاف چارج شیٹ ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جج کا بیان حلفی شریف خاندان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جج ارشد ملک کا بیان حلفی ثبوت ہے کہ یہ نہ تو معصوم اور نہ ہی مظلوم ہیں، چارج شیٹ سسیلین مافیا، گاڈ فادر کا اصل مطلب سمجھاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے لیڈر اقتدار میں ہوں تو مخالفوں کے گلے پکڑتے ہیں، یہی لیڈر مشکل میں ہوں تو انہی کے پاؤں پڑ جاتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کی تاریخ، فراڈ، کرپشن، رشوت، بلیک میلنگ سے عبارت ہے، منفی ہتھکنڈے نہ چلیں تو عابد باکسر، ناصر بٹ کو استعمال کرتے ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ جسٹس قیوم کی ٹیپ ہو یا جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر لیگیوں کا حملہ، رفیق تارڑ کا بریف کیس ہو یا دیواریں پھلانگ کر سپریم کورٹ پر حملہ، یہ شرمناک اقدام ملکی تاریخ کے سیاہ ترین باب ہیں۔

    مزید پڑھیں: جج ارشد ملک کو دھمکیاں دینے والا کون تھا؟ اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا

    واضح رہے کہ جج ارشد ملک کے بیان حلفی میں بھی ناصر جنجوعہ کا ذکر کیا گیا ہے، ناصر جنجوعہ نے جج کو بلیک میل کیا، ناصر جنجوعہ نے جج سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں نے آپ کو لگوایا ہے۔ ناصر جنجوعہ کنسٹرکشن کمپنی کا مالک ہے۔

    یاد رہے کہ جج ارشد ملک کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان حلفی میں تہلکہ خیزانکشافات کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پرانی ویڈیو دکھا کردھمکی دی گئی اور مجھ سے تعاون مانگا گیا، نواز شریف نے کہا کہ تعاون کریں گے تو مالامال کردیں گے اور حسین نواز نے بھی پچاس کروڑ روپے کی آفر کی تھی۔

  • اپوزیشن کی وجہ سے سینیٹ سیاسی ایڈونچر کا شکار ہے، فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن کی وجہ سے سینیٹ سیاسی ایڈونچر کا شکار ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی وجہ سے سینیٹ سیاسی ایڈونچر کا شکار ہے، چیئرمین سینیٹ سے کیا گستاخی ہوگئی کہ تحریک عدم اعتماد لے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قوانین کی پاسداری کی ہے، سینیٹ کو آئین کے مطابق اپنا خود مختار کردار ادا کرنا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام پوچھ رہے ہیں منتخب چیئرمین نے ان کی شان میں کیا گستاخی کی ہے، صادق سنجرانی نے قوانین کی پابندی کی بس ان کی خواہش کی تکمیل نہیں کی ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ سیاسی پنڈت ضد کررہے ہیں کہ سینیٹ ان کی خواہش کے مطابق چلے، چیئرمین سینیٹ نے ظل سبحانی کی فرمائشیں پوری نہیں کی ہے، عدلیہ، فوج، ریاستی اداروں کے بعد سینیٹ پر لشکر کشی کی جارہی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان مسائل کا شکار ہے، سیاسی ایڈونچر کی قوم متحمل نہیں ہوسکتی ہے، حالات اس بات کا تقاضا نہیں کرتے کہ اس قسم کی پنجہ آزمائی کی جائے۔

    مزید پڑھیں: اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کے لئے نامزد کردیا

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ن لیگ، پی پی حکومتوں کو تلخ حقائق بتائے ہیں، آئی ایم ایف نے بیڈ گورننس کی ذمہ دار ن لیگ، پی پی حکومتوں کو ٹھہرایا ہے، آئی ایم ایف نے کہا سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیاں معاشی بدحالی کا باعث بنیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے لے کر جانا ہے، لیڈر وقتی طور پر تلخ فیصلے کرتا ہے مگر وہ قومیں بنانے کے لیے ناگزیر ہوتے ہیں، لیڈر کو ووٹ بینک کے بجائے قوم کے مستقبل کی فکر ہوتی ہے، ہم نے مل کر پاکستان کو استحکام دینا ہے، اداروں میں اصلاحات کرنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دورہ امریکا پاسپورٹ کی عزت و توقیر کے لیے اضافے کا باعث بنے گا، دورے کی تصدیق سے اپوزیشن کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے، وزیراعظم کو امن پسند ملک کے طور پر دعوت دی گئی ہے، عمران خان باور کرانے جارہے ہیں کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔

  • بلاول صاحب، آپ کی جمہوریت کا مطلب لائسنس ٹو کرپشن ہے، فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

    بلاول صاحب، آپ کی جمہوریت کا مطلب لائسنس ٹو کرپشن ہے، فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول صاحب آپ کی جمہوریت کا مطلب لائسنس ٹو کرپشن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قوم آپ کی لوٹ مار والی جمہوریت نہیں بھولی، دو خاندانوں نے موروثی سیاسی آمریت کو پروان چڑھایا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت کو صرف اس وقت تسلیم کرتے ہیں جب اقتدار میں ہوں، ان کو عمران خان سے تکلیف اس لیے ہے کہ انہوں نے حقیقی عوامی راج قائم کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر وہ الیکشن دھاندلی زدہ ہوجاتا ہے جس میں یہ دونوں پارٹیاں ہار جائیں، گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں سندھ کو تقریباً 200 ارب روپے اضافے دئیے۔

    مزید پڑھیں: ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا، بلاول بھٹو زرداری

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بجٹ صرف پاکستان کے عوام اور ان کی فلاح کے لیے ہے، یہ لٹیرے بھول جائیں بجٹ سے اپنا بھتہ وصول کرلیں گے، بھول جائیں منی لانڈرنگ، ہنڈی سے کرپشن کا پیسہ باہر بھجوا سکیں گے۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، مہنگائی سے ملک کا ہر طبقہ پریشان ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے کسان، تنخواہ دار ہو یا محنت کش طبقہ سب پریشان ہیں، بجلی،گیس، دالیں،ڈالر پیٹرول، دودھ ،دوائیں ،علاج مہنگا کردیا گیا، جینا اور مرنا بھی مہنگا کردیا، بس خون سستا کردیا گیا، حکومت کے پہلےسال عوام اس کے جانےکی بات کررہے ہیں۔

  • نسل در نسل سیاست کرنے والوں نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا، فردوس عاشق اعوان

    نسل در نسل سیاست کرنے والوں نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نسل درنسل سیاست کرنے والوں نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا، سیاسی خانوادوں سے نجات کے لیے قوم نے عمران خان کو چُنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا، ملک کی چوتھی نسل گروی رکھ دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بدل چکا ہے، وزیراعظم عمران خان غریب، محنت کش طبقے کے لیے امید کی کرن ہیں، وزیراعظم نے اسٹیٹس کو کو چیلنج کیا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان کسی کو کرپشن نہیں کرنے دیں گے، احساس پروگرام وزیراعظم کے ریاست مدینہ کے وژن کا مظہر ہے، احساس پروگرام کا بنیادی مقصد محنت کش طبقے کا سماجی تحفظ ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ قانون خود مختار ہوگیا ہے کوئی بھی اس کو چھیڑ نہیں سکتا، آصف زرداری کے بے نامی دار اثاثے سامنے آئے ہیں، بے نامی دار اثاثے ایف بی آر نے اٹیچ کرلیے ہیں، اب عمران خان زرداری صاحب کو کیسے اچھے لگ سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: رانا ثنا کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کے الزام کو مسترد کرتے ہیں، فردوس عاشق

    انہوں نے کہا کہ چارٹر آف کرپشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کا نام دیا گیا، یہ میچ فکسنگ کی سیاست کرتے رہے ہیں، باریاں فکس کرکے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پولیس مقابلوں کے چیمپئن تھے، سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا گیا، جو نشہ پھیلا رہا تھا اس کو ہیرو بنا کر پیش کیا جارہا ہے، نشہ پھیلانے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنا ہے، بڑے چہروں پر قانون کا اطلاق ہوگا تو عام آدمی کو بھی پیغام جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیان پر پاکستان نے جو موقف اپنایا اس پر خاموشی ہوئی، آج وقار کے ساتھ وزیراعظم امریکا جارہے ہیں، یہ نیا پاکستان ہے عمران خان سفیر کے گھر میں رہیں گے، وزیراعظم عوام کے حقوق کے ضامن بن کر آئے ہیں۔

  • رانا ثنا کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کے الزام کو مسترد کرتے ہیں، فردوس عاشق

    رانا ثنا کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کے الزام کو مسترد کرتے ہیں، فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کے الزام کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ عدالت میں بے گناہی ثابت کریں، اے این ایف بھی عدالت میں تمام ثبوت لائے، معاشرے میں زہر پھیلانے والوں کی اصلیت سامنے آنی چاہئے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ طاقتور کو اختیار ہے وہ بڑے کارنامے سرانجام دے، بڑا شخص بڑا کام اپنی گاڑی میں ہی کرسکتا ہے، نشہ پہنچانے والے سہولت کاروں کو بھی پکڑنا ہے، آدھی آبادی منشیات کا شکار ہوچکی ہے، جو ملک میں جنگ لڑتا ہے اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثنا کو جنہوں نے پکڑا انہوں نے ملک کے عوام سے وفاداری نبھائی، ماضی میں پنجاب کو سیاسی مخالفین کو کچلنے کا ذریعہ بنایا گیا، کس کو نہیں معلوم کالعدم تنظیموں سے ان کے کیسے تعلقات تھے، کس کو نہیں معلوم ماڈل ٹاؤن کیس میں ان کا کیا کردار تھا۔

    مزید پڑھیں: ماڈل ٹاؤن میں عوام پرگولیاں برسانے والے اللہ کی پکڑ میں آ رہے ہیں،فردوس عاشق اعوان

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو پکڑنے والے افسران قابل تعریف ہیں، افسران نے مافیا سے ٹکر لی ہے ان کے ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایف بی آر کو آزاد کیا ہے تو بے نامی جائیدادیں سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، ایف بی آر نے زرداری خاندان کی بے نامی جائیداد، حصص ضبط کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما چوہدری تنویر کی بھی 6 ہزار کینال اراضی ضبط کی ہے، ہر شخص کو ٹیکس نیٹ کا حصہ بننا ہوگا، حکومت کسی دباؤ یا بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، حکومت آئین اور قانون کے مطابق انصاف کرے گی۔

  • کابینہ اجلاس، 40 ہزار کے بانڈ کو ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی

    کابینہ اجلاس، 40 ہزار کے بانڈ کو ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کالا دھن سفید کرنے کے لیے 40 ہزار کے بانڈ کو ختم کیا جارہا ہے، بانڈ کے ساتھ جن سیاست دانوں کا عشق تھا وہ بھی دم توڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کالا دھن سفید کرنے کے لیے 40 ہزار کے بانڈ کو ختم کیا جارہا ہے، کہیں بھی بانڈ نکلتا تھا تو گھوم گھام کر اپوزیشن کے نام نکلتا تھا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو آئے 10 ماہ ہوئے ہیں اپوزیشن نے کون سے میڈل جیتے ہیں، عابد شیر علی بھی نواز شریف کی شان میں قصیدے پڑھ چکے ہیں، میاں صاحب 71 سال میں ایسا لیڈر نہیں جو آپ کا علاج کرسکے، عمران خان کے الفاظ آپ گولی سمجھ کر اپنے سینے پر لے لیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی نجکاری نہیں کی جائے گی، پاکستان اسٹیل چلانے کے لیے انٹرنیشنل سرمایہ کار آئیں گے، وزیراعظم نے پاکستان اسٹیل پر ای سی سی کے فیصلے کی توثیق کی ہے، پاکستان اسٹیل چلے گی تو معیشت کا پہیہ چلے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن اوورسیز پاکستانیوں کو پارٹنر شپ میں لانا ہے، ہرحال میں اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے، وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بائیو میٹرک کی آسان شرائط کی ہدایت کی، عمران خان نے گورنر اسٹیٹ بینک سے کہا کہ بائیومیٹرک کا دوسرا طریقہ ڈھونڈیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں قانون کا یکساں اطلاق ہونا چاہئے، مجرموں کی دل کی دھڑکن ٹھیک رکھنے کے لیے 21 ڈاکٹرز موجود ہیں، ایک بیمار کے لیے 100 انار ہیں مگر وہ پھر بھی راضی نہیں ہیں، حکومت کو نواز شریف کی صحت کا بہت خیال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا سے ویزوں کے طریقہ کار کی کابینہ نے منظوری دی ہے، شمالی کوریا کے ساتھ ورک ویزہ کی منطوری دی گئی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سی ڈی اے کا پہلا قانون 1960 میں بنا، وزیراعظم نے ہدایت کی سی ڈی اے نیا ماسٹر پلان بنائے، پینے کا صاف پانی پاکستان کی سب سے اہم ضرورت ہے، گرین بیلٹ پر قبضہ ہے، سی ڈی اے اس پر ایکشن لے، کوئی نئی قانون سازی کی ضرورت ہے تو کابینہ میں لایا جائے، سی ڈی اے مین ٹیننس نہیں کرسکتا، سی ڈی اے کو بلڈنگ کنسٹرکشن، نیو ہاؤسنگ کی طرف جانا چاہئے، سی ڈی اے کے اسپیشل آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آبادمیں 12 ہزار گھروں کی ضرورت کو فوری پورا کیا جائے گا، ہمارے ہاں بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے، ہمارا نوجوان ڈگریاں لے کر گھوم رہا ہے نوکریاں نہیں ہیں، یوتھ امپلائی منٹ آرگنائزیشن اتھارٹی بنائی گئی ہے۔

  • حکومتی قیادت کا رانا ثنا کی گرفتاری سے کوئی لینا دینا نہیں، فردوس عاشق اعوان

    حکومتی قیادت کا رانا ثنا کی گرفتاری سے کوئی لینا دینا نہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں کوئی بھی آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہے، حکومتی قیادت کا رانا ثنا کی گرفتاری سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو مصدقہ اطلاعات پر اے این ایف نے گرفتار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو باوثوق اطلاع ملی کہ ان کی گاڑی میں ہیروئن ہے، منشیات کی مالیت 15 سے 20 کروڑ روپے ہے، اے این ایف ایک خود مختار ادارہ ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے این ایف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی، معلومات کی بنیاد پر ان کی گاڑی کو ناکہ لگا کر روکا گیا، اے این ایف کو اطلاع تھی ہیروئن لاہور ایئرپورٹ پر ڈیلیور ہونی ہے۔

    مزید پڑھیں: رانا ثنا اللہ کی ضلع کچہری میں پیشی، پولیس کا سیکورٹی پلان تیار

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ حکومت کی سیاسی یا انتقامی کارروائی نہیں ہے اس کو یکسر مسترد کرتے ہیں، آج ان کو انسداد منشیات کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کے مطابق لیگی قیادت رانا ثنا کی گرفتاری کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے، حکومتی قیادت کا اس گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدالتیں آزاد ہیں ان کو آج ریمانڈ کے لیے لایا جائے گا، رانا ثنا اور ان کی جماعت عدالت میں موقف پیش کرے۔