Tag: معاون خصوصی وزیر اعظم

  • بچت اور سادگی اس وقت ملک کے لیے بہت ضروری ہے، زلفی بخاری

    بچت اور سادگی اس وقت ملک کے لیے بہت ضروری ہے، زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ بچت کو قومی فرض کے طور پر دیکھا جانا چاہئے، بچت اور سادگی اس وقت ملک کے لیے بہت ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے بچت و سادگی مشن پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے ایم ڈی عامر شیخ کی کوششوں کو سراہا، وزارت اوورسیز کے ماتحت او پی ایف نے 12 اضافی گاڑیاں نیلام کردی گئیں۔

    بارہ اضافی گاڑیوں کی نیلامی سے او پی ایف کو 71 لاکھ روپے موصول ہوئے، او پی ایف نیلامی کے بعد فیول کی مد میں سالانہ 18.5 لاکھ روپے بچائے گا، گاڑیوں کی مرمت کی مد میں او پی ایف کو ساڑھے 13 لاکھ سالانہ بچت ہوگی۔

    زلفی بخاری نے کہا کہ نیلامی کی رقم اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی، وزیراعظم کے وژن کے مطابق سادگی کو فروغ دے رہے ہیں، اداروں میں شفافیت ہمارا عزم ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری، مائیکرو سافٹ سے بات چیت چل رہی ہے: زلفی بخاری

    انہوں نے کہا کہ بچت اور سادگی اس وقت ملک کے لیے اہمیت کی حامل ہے، بچت کو قومی فریضہ کے طور پر انجام دینا چاہئے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے سلسلے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، بہت جلد ٹیکنالوجی سیکٹر سے بڑی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں بہت سے ممالک کے اہم سربراہان نے ملاقاتیں کی ہیں، پاکستان سیاحت کے لحاظ سے مالا مال ملک ہے، یہاں سیاحت کے بہترین مواقع فراہم ہوسکتے ہیں۔

  • مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈہ کررہی ہے، نعیم الحق

    مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈہ کررہی ہے، نعیم الحق

    راولپنڈی: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈہ کررہی ہے، نواز شریف کو سہولتیں میسر ہیں، شہباز شریف نے آتے ہی وزیراعظم پر فقرے کسنے شروع کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے کہا تھا ملزم کیسے پی اے سی میں شرکت کرسکتے ہیں، ہمیں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں، پاکستان کے دور دراز علاقوں میں گراؤنڈز آباد کریں گے اور درخت لگائیں گے، چاہتے ہیں نئی نسل ایک صحت مند ماحول میں نشو نما پائے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ وہ ہیرے جو ریت میں چھپے ہیں کھیل سے ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، وزیراعظم انقلابی تبدیلی لارہے ہیں اور مزید گراؤنڈز بھی بنا رہے ہیں، جو نظام ملک میں رائج ہے اس میں مسائل کا حل موجود نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک لوٹنےوالوں کاٹولہ ایک ہوگیا،نعیم الحق کااپوزیشن کےاتحاد پرتبصرہ

    انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر بنانے جارہے ہیں اور اس کا آغاز ہوچکا ہے، ڈگریوں والے افراد کی بے روزگاری کی ذمہ دار گزشتہ حکومت ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر جو اس وقت قومی اسمبلی میں کررہے ہیں وہ افسوس ناک ہے، وزیراعظم نے پارلیمںٹ کے لیے اچھی تقریر تیار کی تھی، اپوزیشن کے شور شرابے کی وجہ سے وزیراعظم تقریر نہ کرسکے۔

    سانحہ ساہیوال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے قاتلوں پر مقدمہ بن چکا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

  • ولی عہد ابوظبی کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا: معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم

    ولی عہد ابوظبی کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا: معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ ابوظبی کے ولیٔ عہد کا سرکاری دورۂ پاکستان ایک روزہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق معاونِ خصوصی وزیرِ اعظم افتخار درانی نے کہا ہے کہ محمد بن زید النہیان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا، جو طے شدہ شیڈول کے تحت مکمل ہوا۔

    انھوں نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی دعوت پر ہونے والے اس سرکاری دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دو طرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔

    افتخار درانی نے مزید کہا کہ میڈیا نمائندگان سے درخواست ہے کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور اس دورے کی اہمیت کے پیشِ نظر محض فرضی باتوں کی بنیاد پر غیر ضروری تبصرے اور قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔


    یہ بھی پڑھیں:  فواد چوہدری نے ولی عہد ابوظبی کی اچانک روانگی کی خبروں کی تردید کر دی


    خیال رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں ولی عہد ابوظبی کی اچانک روانگی کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ولیٔ عہد تین دن سے پاکستان میں تھے۔

    وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ولیٔ عہد کی اچانک روانگی کی خبر ایک ایسے صحافی نے دی ہے جو دفترِ خارجہ تک گیا ہی نہیں۔