Tag: معاون خصوصی

  • کامیاب جوان پروگرام: قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، عثمان ڈار

    کامیاب جوان پروگرام: قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے قرضوں کے تعین کے لیے کردار اور اہلیت دونوں اہم ہیں۔ قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجیز میں آگے لانا چاہتے ہیں، کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 15 ہزار درخواستیں وصول ہوئیں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ فاٹا کے نوجوان کو 35 لاکھ روپے اپنا سافٹ ویئر ہاؤس شروع کرنے کے لیے دیا گیا، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں نوجوانوں کو قرضے دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں انفرا اسٹرکچر موجود نہیں، قرضوں کے تعین کے لیے کردار اور اہلیت دونوں اہم ہیں۔ قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوجوانوں پر توجہ دیں تو یہ پاکستان کو ترقی دیں گے، یہ ایک شروعات ہے انشا اللہ مزید منصوبے بھی آئیں گے۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرضوں کے لیے درخواستیں دیں، پروگرام کی بڑی بات یہ ہے کہ حکومت سہولت فراہم کر رہی ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے: فردوس عاشق اعوان

    کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ پروگرام مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قرضوں کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں سے کیے گئے عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے۔ تمام قرض میرٹ پر دیے جائیں گے۔ عمران خان کا یقین ہے کہ قوم اور معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر فلاح اور ترقی پائے گا۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، لیکن فیصلے کوئی اور کرتا ہے: فردوس عاشق اعوان

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، لیکن فیصلے کوئی اور کرتا ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پہلے اپنی پارٹی میں ان ہاؤس تبدیلی لائیں پھر پارلیمان میں تبدیلی کی بات کریں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہیں لیکن فیصلے ان کی جگہ کوئی اور کرتا ہے۔ کٹھ پتلی صدر ہونے سے بہتر ہے کہ پہلے اپنی پارٹی کے حقیقی صدر تو بن جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی کا بیان بلی کے خواب میں چھیچھڑے کے مترادف ہے۔ ان حسرتوں کے لیے ان سے ہمدردی ہی کی جاسکتی ہے۔ ان ہاؤس تبدیلی کی شو بازی نہ کریں، پارلیمان میں آ کر قانون سازی کی ذمہ داری پوری کریں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینٹ تبدیل کرنے کے معاملے میں اپوزیشن کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا وہ شاید شہباز شریف بھول گئے ہیں۔ بلاول اور مولانا بھی پارلیمان کی بالا دستی کے اپنے دعوؤں پر عمل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق اپنی جماعتوں کو یرغمال نہ بنائیں۔

  • چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر ڈیڈ لاک نہیں ہے: عثمان ڈار

    چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر ڈیڈ لاک نہیں ہے: عثمان ڈار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ زرداری باہر جانا چاہیں گے تو اس وقت معاملہ دیکھیں گے، چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیس میں ایک مثال موجود ہے، زرداری باہر جانا چاہیں گے تو اس وقت معاملہ دیکھیں گے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ کی تجاویز کی صورت میں فیصلہ کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمٰن کے جائز مطالبات حل کیے جائیں گے، رہبر کمیٹی اور حکومتی ٹیم جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائے گی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر عثمان ڈار نے مریم نواز اور محسن رانجھا کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے کامیاب جوان اور ن لیگ کے یوتھ پروگرام کا براہ راست مناظرہ کریں۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی کے یوتھ پروگرام سیاست کی نذر ہوئے تھے، کوشش ہے دسمبر سے قرض کی فراہمی شروع ہوجائے۔ 21 سے 45 سال تک کے نوجوان درخواست دے سکتے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ نوجوان بھی پروگرام میں درخواست دے سکتے ہیں۔

  • ’وزیر اعظم نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کر دیں‘

    ’وزیر اعظم نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کر دیں‘

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے معاون خصوصی نے کہا کہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے فوری حل کے لیے وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کو جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

    انھوں نے کہا نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی امید ہے، نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر وزیر اعظم عمران خان کا بنیادی مشن ہے، وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کو حکمت عملی مرتب کرنے کا کہا، حقوق کا مطالبہ طلبہ کے بڑھتے شعور اور فکر کی عکاسی ہے جو خوش آیند ہے۔

    فردوس عاشق نے ٹویٹ میں کہا کہ طلبہ نے نئی سوچ، بصیرت اور ولولہ انگیز جمہوری قیادت وجود میں لانی ہے، ہمارے نوجوان ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا آہنی عزم رکھتے ہیں، نوجوان خصوصاً طلبہ کی محنت اور سچائی کے اصولوں پر مبنی کردار سازی کرنی ہے، متحرک کردار کو معاشرے کی فلاح اور سلامتی سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسٹوڈنٹ یونینزکی بحالی کے لیے ملک بھر میں طلبہ کا مارچ

    خیال رہے کہ طلبہ تنظیموں نے ملک بھر میں اسٹوڈنٹ یونینز کی بحالی کی تحریک شروع کر دی ہے، اس سلسلے میں مختلف شہروں میں طلبہ یک جہتی مارچ نکالے گئے، تاہم لاہور میں گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی کی انتظامیہ نے طلبہ کو مارچ میں شرکت سے روکنے کے لیے کالج کے گیٹ کو تالے لگا دیے تھے۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں طلبہ یونینز پر پابندی کو جمہوریت کے منافی قرار دیا تھا۔

  • او آئی سی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے بعد فردوس عاشق اعوان آج وطن لوٹیں گی

    او آئی سی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے بعد فردوس عاشق اعوان آج وطن لوٹیں گی

    جدہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی، اور عمرے کی ادائیگی کے بعد آج وطن واپس لوٹ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خدائے بزرگ و برتر کا شکر ادا کرتی ہوں جس نے اپنے گھر اور روضہ آقا کریم کے در کی حاضری کی سعادت عطا فرمائی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمرہ ادائیگی کی سعادت کے بعد روضہ رسول کریم پر حاضری نصیب ہوئی جہاں ملکی ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

    انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے سلسلے میں دورہ مکمل کر کے آج وطن واپسی ہوگی۔

    خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود تھیں۔

    معاون خصوصی نے گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کی تھی۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے مزید آواز بلند کرنا ہوگی۔

  • او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

    او آئی سی کو زیادتی کا شکار مسلمانوں کے لیے مزید فعال کردار ادا کرنا ہے: فردوس عاشق اعوان

    جدہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی گولڈن جوبلی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کو اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی پیغام کے ساتھ دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ اسلامی سربراہ ممالک کا یہ فورم مسلم امہ کے رشتے کو مضبوط بنانے اور جوڑنے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسے دنیا بھر میں ظلم و جبر اور زیادتی کے شکار مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لیے مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امہ کو درپیش مسائل اور اسلامو فوبیا جیسے چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے یکساں مؤقف اور جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ناروے جیسے افسوسناک واقعات روکنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کی مقدس شخصیات اور کتب کے احترام کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔ ایسے واقعات کو جرم قرار دیا جائے اور مرتکب عناصر کو سزا ملنی چاہیئے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس فورم سے کشمیریوں کے جمہوری بنیادی حق اور وادی میں سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے مزید آواز بلند کرنا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پر زور دیا جائے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں اور غیر انسانی پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ بابری مسجد کے فیصلے نے بھارت کا سیکولر چہرہ بے نقاب کر دیا، مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں سے ان کے سلوک کا پول کھل گیا ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان چاہتا ہے کہ مسلم ممالک کے مابین معاشی تعلقات فروغ پائیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کو مزید تقویت ملے۔

    خیال رہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان او آئی سی کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

    معاون خصوصی گولڈن جوبلی کی تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ فردوس عاشق اعوان تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

  • فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں

    فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئیں، معاون خصوصی جدہ میں تنظیم اسلام تعاون (او آئی سی) کے قیام کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گی اور مختلف تقریبات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

    روانگی سے قبل انھوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، تمام اسلامی ممالک کو جامع مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔

    فردوس عاشق تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر شرکت کر رہی ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بطور بانی رکن پاکستان نے او آئی سی میں ہمیشہ فعال اور متحرک کردار ادا کیا۔ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی افسوسناک واقعہ ہے۔ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی، مقبوضہ کشمیر اور بابری مسجد کے فیصلے پر آواز اٹھاؤں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے ساتھ جڑا بیانیہ دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ تمام اسلامی ممالک کو جامع مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔ اسلام کا حقیقی اور روشن چہرہ دنیا بھر میں روشناس کروانا ہے۔

  • پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے: ظفر مرزا

    پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے: ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے یونیورسل ہیلتھ کوریج پیکج سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات رکھنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ شعبہ صحت میں شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایجنڈا 2030 پر عملدر آمد کا پختہ عزم کر رکھا ہے، یونیورسل ہیلتھ کو یقینی بنانے کے لیے صحت انصاف کارڈ انقلابی قدم ہے۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا دیا، اسلام آباد کو ہیلتھ کے حوالے سے ماڈل سٹی بنا رہے ہیں۔ حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مستحکم کر رہی ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ حکومت ہیپاٹائٹس اور ایڈز کی روک تھام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے، انجکشن سیفٹی کے حوالے سے جامع منصوبہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ انجکشن سیفٹی کی ٹاسک فورس مستعدی کے ساتھ منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے۔

  • بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں: فردوس عاشق اعوان

    بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بدلتے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے، ہمیں بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز درپیش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یکساں نظام تعلیم اور نصاب پر کام کر رہی ہے، صوبائی حکومتیں وزیر اعظم کے وژن کے مطابق عمل کے لیے پرعزم ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تعلیمی پالیسی میں صرف داخلے نہیں جاب پورٹل بھی بنا رہے ہیں۔ جدید تقاضوں کے مطابق حکومت ایک نظام لا رہی ہے۔ بدلتے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ای گورننس اور ای کامرس کے لحاظ سے سہولتیں ناکافی ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتیں اہداف کے مطابق استعمال کریں گے۔ سیالکوٹ کے جاب سے متعلق ماڈل کو پنجاب اور پورے ملک میں لاگو کریں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے صنعتیں چلیں گی تو غریب کے گھر کا چولہا جلے گا، کاشتکار سے صارف تک جنس پہنچنے میں ایک خلیج حائل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈگری کالج دن میں چلتے ہیں، شام میں عمارات استعمال نہیں ہوتیں۔ منصوبہ متعارف کروا رہے ہیں جس میں خواتین کو تربیت دی جائے گی۔ ہمیں بے روزگاری اور مہنگائی کے چیلنجز ہیں۔

    سیاسی حالات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حقائق بولتے ہیں، چھپ نہیں سکتے۔ نواز شریف کہتے تھے پاکستان میں رہ کر ووٹ کو عزت دوں گا، جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ اب ان کا چند دن جیل میں گزارنا مشکل ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ ترجمان آہ و بکا کر رہے تھے کہ میاں صاحب کو شدید خطرات ہیں۔ کافی دن ہوگئے ترجمان تازہ صورتحال عوام کو بتانے سے قاصر ہیں۔ اتنے دن گزر گئے باہر کے ڈاکٹروں کی حتمی سفارش نہیں آئی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کے ترجمان بتائیں کہ اب ان کے پلیٹ لیٹس کتنے ہیں؟ وہ کون سی خطرناک بیماری تھی جس کا علاج یہاں ممکن نہیں تھا؟ بیمار کے ساتھ وہ سہولت کار بھی بھاگ گیاجو نیب اور عدالتوں کو مطلوب ہے، قوم جاننا چاہتی ہے سہولت کار کو کیا بیماری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے والے کا نام صرف عمران خان ہے، باقی سب مسترد لوگوں کا ٹولہ ہے۔