Tag: معاون خصوصی

  • اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے، الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرنے والے آج سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک اکاؤنٹس رکھنے، کاروبار کرنے اور علاج کروانے والے اور ان کے ہم نوا فارن فنڈنگ کیس میں بھی منہ کی کھائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پر فارم 45 اور آر ٹی ایس کے حوالے سے الزام عائد کرنے والے آج نئے بہروپ میں الیکشن کمیشن کو سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

    اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا تھا کہ مولانا استعفیٰ لینے آئے تھے اور گزارا صرف تسلیوں پر کرنا پڑا، مولانا نے پارلیمان کی ایک سیٹ کے لیے سیاسی رسوائی اٹھائی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام نے آپ کو مسترد کردیا، عوام لشکر کشی اور انتشاری سیاست کے خلاف ہیں۔

  • وزیر اعظم کے معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا اپنے عہدے سے مستعفی

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا اپنے عہدے سے مستعفی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور میڈیا یوسف بیگ مرزا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور میڈیا یوسف بیگ مرزا (وائی بی ایم) اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ یوسف بیگ مرزا نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردیا۔

    یوسف بیگ مرزا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔

    یوسف بیگ مرزا کو گزشتہ برس دسمبر میں وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے امور میڈیا مقرر کیا گیا تھا۔ وہ کئی نجی چینلز میں کلیدی عہدوں پر قائم رہے۔

    وائی بی ایم 9 سال تک پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) بھی رہ چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے سرکاری ٹی وی میں کئی اصلاحات کیں۔

    رواں برس جولائی میں انہیں قومی ادارہ احتساب (نیب) کی جانب سے طلب کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔ نیب کی جانب سے کی گئی انکوائری میں یوسف بیگ مرزا سے متعلق ہوش ربا انکشافات سامنے آئے تھے۔

    نیب کے مطابق وائی بی ایم کو ہر 3 سال بعد قواعد کے برعکس پھر 3 سال کے لیے ایم ڈی لگایا جاتا رہا، انہوں نے 9 سال میں 2335 افراد کو پی ٹی وی میں بغیر اشتہار اور ٹیسٹ بھرتی کیا۔

    نیب کے مطابق یوسف بیگ نے میرٹ کے برخلاف من پسند افراد کو بھاری معاوضے اور مراعات بھی دیں۔ ان کے دور میں 50 ملازمین کو مبینہ طور پر بغیر اشتہار اور ریگولر پے اسکیل میں رکھا گیا۔

    نیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوسف بیگ مرزا نے من پسند افراد کو گروپ ایوارڈز سے نوازا، اس اقدام سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے مبینہ طور پر نجی پروڈکشن سے بنے ہوئے ڈرامے بھی خریدے حالانکہ پی ٹی وی کے پاس تجربہ کار اور تربیت یافتہ پروڈیوسرز موجود تھے۔

  • اسپتالوں کو دیگر ممالک کی طرح جدید خطوط پر چلانا ضروری ہے: ظفر مرزا

    اسپتالوں کو دیگر ممالک کی طرح جدید خطوط پر چلانا ضروری ہے: ظفر مرزا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مسائل پر اسپتالوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، اسپتالوں کو دیگر ممالک کی طرح جدید خطوط پر چلانا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈاکٹرز کا اپنا بورڈ آف گورنرز بننا چاہیے تاکہ وہ خود فیصلے کر سکیں، ایسا بورڈ آف گورنرز جو معاشرے اور ڈاکٹرز دونوں کے مفاد کو مد نظر رکھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بڑے اسپتالوں میں ڈاکٹرز اسپتال سے متعلق فیصلہ خود نہیں کر سکتے، ان کو نرس یا خاکروب جیسی معمولی بھرتیوں کے لیے بھی سمری وزارتوں کو بھیجنی پڑتی ہے، سسٹم کے تحت ڈاکٹرز بھرتیوں کے لیے بھی فائل بنا کر بھیجتے ہیں۔

    انھوں نے کہا لوگوں کی خدمت کا مقصد پورا نہ ہو تو اصلاحات کرنی پڑتی ہیں، ہمارے حساب سے نظام ٹھیک نہیں چل رہا تھا، اس سے جن لوگوں کے مفاد وابستہ ہیں وہ اسے تبدیل نہیں کرنا چاہتے، فارماسوٹیکل کمپنیز اپنی پروڈکٹس بیچنے کے لیے ڈاکٹرز کو لالچ دیتی ہیں، ماضی کے نظام کی وجہ سے ڈاکٹرز کے مسائل کا سامنا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا ڈاکٹرز کو پرائیوٹ سیکٹرز میں کام کرنے کے لیے آپشن دیا جائے گا، ٹیچنگ اسپتالوں سے اصلاحات کا مرحلہ شروع کر دیا ہے، ڈاکٹرز کو دعوت دیتا ہوں کے پی کے اسپتالوں میں جا کر دیکھیں، جن اسپتالوں میں اصلاحات کیے ان سے کیا فائدے ہوئے۔

  • ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولیات دیں، انہوں نے 40 ارب کمائے اور ٹیکس بھی دیا: فردوس عاشق اعوان

    ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولیات دیں، انہوں نے 40 ارب کمائے اور ٹیکس بھی دیا: فردوس عاشق اعوان

    لاہور: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ویلتھ کری ایشن کے لیے کام کر رہے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سہولیات دیں، انہوں نے 40 ارب کمائے اور ٹیکس بھی ادا کیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا تھا، وزیر اعظم عمران خان کو مشکل فیصلے کرنا پڑے، ایف اے ٹی ایف کی گرے سے بلیک لسٹ کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک قرضوں سے نہیں چلتا، ٹیکس لے کر حکومتیں چلتی ہیں۔ 5 فیصد سے کم لوگوں نے 95 فیصد کا بوجھ اٹھایا ہوا تھا۔ 3 فیصد تنخواہ دار طبقہ تھا جن سے زبردستی ٹیکس لیا جا رہا تھا۔ 10 سال میں ریکارڈ قرضے لیے گئے اس کی وجوہات کے تعین کے لیے کمیشن بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ قرضہ لینے اور خرچ کرنے کا طریقہ کار متعین کیا جائے، عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس میں رہنا حق تھا لیکن وہ اپنے گھر میں رہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں 32 فیصد کمی لائی گئی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ویلتھ کری ایشن کے لیے کام کر رہے ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں بند صنعتوں کو کھولا گیا۔ ہماری کوشش ہے ملکی ایکسپورٹ بڑھے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری نے کہا سہولتیں دیں 15 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ دیں گے۔ گیس و بجلی کے ٹیرف فکس کیے، انہوں نے 40 ارب کمائے، ٹیکس بھی ادا کیے۔

    انہوں نے کہا کہ خفیہ اثاثوں کو جانچنے کا طریقہ کار ایف بی آر نے متعارف کروایا ہے، ایف بی آر کے طریقہ کار کے فوائد جلد سامنے آئیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کفایت شعاری کے لیے خود کو مثال بنایا۔ وزیر اعظم نے انڈسٹری کی بحالی کے لیے انسپکٹر لیس رجیم کا آغاز کیا۔ صوبوں سے مل کر ٹور ازم پالیسی لا رہے ہیں۔

  • اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے: فردوس عاشق اعوان

    اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ محمد نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمٰن کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ ان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نہیں چوروں کی آزادی کے لیے ہے۔ وہ مظلوموں اور بے کسوں کے لیے نہیں بلکہ کرپشن کنگز کے سیاسی و معاشی روزگار کو تحفظ دینے کے لیے باہر نکل رہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ کبھی بال شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے تو کبھی نواز شریف کے پاس، تاہم دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آج ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔ جانتے ہیں کہ فضل الرحمٰن سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں جس کے حصول کے لیے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کے لیے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے دن کو سیاست کے لیے چنا گیا۔

  • وزیراعظم چند روز میں ایران کا دورہ کریں گے، نعیم الحق

    وزیراعظم چند روز میں ایران کا دورہ کریں گے، نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان چند روز میں ایران کا دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی نعیم الحق نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز میں وزیراعظم ایران کا دورہ کریں گے، عمران خان کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وزیر داخلہ بنارہے ہیں، آزادی مارچ سے نمٹنے کی حکمت عملی وزیر داخلہ ہی بتاسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب،ایران میں ثالثی کی کوششیں شروع کردی ہے ، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اتوارکوایرانی صدرحسن روحانی سےملاقات ہوگی اور ملاقات کےفوری بعدسعودی عرب روانگی کاامکان ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب ایران کشیدگی کم کرانے کی کوششیں تیز

    دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم سعودی قیادت سے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی پیشرفت پربات کریں گے۔

    وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں فیوچرسرمایہ کاری انیشی ایٹو میں شریک ہوں گے، وزیراعظم کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت سعودی فرمانروا نے دی ہے، سرمایہ کاری سمٹ 29 سے 31 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہوگی جبکہ بھارت کے وزیراعظم کو بھی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق اہم مسلم لیڈرممالک میں کشیدگی اور تناؤختم کرنےکےخواہاں ہیں، ایران نےثالثی قبول کرکےتناؤکم کرنے کا عندیہ دیا جا چکاہے۔

  • وزیر اعظم نے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے رکھا: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم نے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے رکھا: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے رکھا، قوم وزیر اعظم کی قیادت میں چٹان بن کر کھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سافٹ پاور میڈیا کلیدی حیثیت اختیار کر چکا ہے، سوشل میڈیا سے پیغام چند لمحوں میں دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے خطاب نے انٹرنیشنل کمیونٹی کو جھنجھوڑا، وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر مؤثر انداز سے دنیا کو آگاہی دی۔ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر اعظم نے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، عالمی طاقتیں ہمیشہ اپنے مفادات کو مد نظر رکھتی ہیں۔ حکومت پر تنقید کرنا اور صحیح راستہ دکھانا میڈیا کا اچھا اقدام ہے۔ میڈیا کا حق ہے کہ وہ حکومت کی اصلاح کرے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میڈیا کو خیال رکھنا ہے کہیں ملکی مفاد کے خلاف تو کچھ نہیں ہو رہا، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔ قوم وزیر اعظم کی قیادت میں چٹان بن کر کھڑی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی نظریں پاکستانی عوام کی طرف ہیں، اس ملک میں ادارے لوگوں کے تابع نہیں ہوں گے، لوگ اب ادارے کے تابع ہوں گے۔ پاکستان میں رہنے والا بچہ بچہ کشمیریوں کی آواز ہے، کشمیر بنے گا پاکستان کی تکمیل تک دنیا کو پیغام دیتے رہیں گے۔

  • طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے: فردوس عاشق اعوان

    طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کے ساتھ مذاکرات نیک شگون ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے وفد کے ساتھ گزشتہ روز دفتر خارجہ میں مذاکرات کا انعقاد مفاہمتی عمل کے لیے نیک شگون ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ عمل اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے مثبت ماحول پیدا کرنے میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز طالبان وفد کی وزیر خارجہ سے ملاقات اسی سلسلے کی کڑی تھی۔ پر امید ہیں کہ اس سے عنقریب مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے طالبان وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، اس ضمن میں نشر اور شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

    خیال رہے کہ افغان طالبان کا وفد دو روز قبل پاکستان پہنچا تھا، گزشتہ روز افغان طالبان اور وزارت خارجہ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ اور افغان طالبان وفد کا افغان امن عمل کی جلد بحالی پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان افغان امن کے عمل کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بہتر ماحول میں مذاکرات کے لیے تشدد کے سلسلے کو بند ہونا چاہیئے، بہتر ماحول میں افغان امن عمل کی جلد بحالی ممکن ہوسکے گی۔

  • عمران خان نے کشمیر کا بیڑا اٹھایا ہے، بہت جلد کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، نعیم الحق

    عمران خان نے کشمیر کا بیڑا اٹھایا ہے، بہت جلد کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، نعیم الحق

    لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان نے کشمیر کا بیڑا اٹھایا ہے، بہت جلد کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے الحمرا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو بات چیت سے حل کیا جائے، مودی نے کشمیریوں کو کچلنے کی حرکت کی ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ مودی نے بھارت کو تقسیم کردیا ہے، مودی سرکار مسلمانوں کی دشمن ہے، مودی سرکار کے پیچھے آر ایس ایس کا نطریہ ہے، یہ گھناؤنی سوچ بھارت کو تباہ کردے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایشیا کے امن کے لیے ویژن دیا تھا، اقوام متحدہ میں عمران خان نے کشمیر کی اہمیت اجاگر کی، اقوام متحدہ کی تقریر وزیراعظم نے دل سے کی ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکہ کا مقبوضہ کشمیر سےکرفیو اٹھانے کا مطالبہ مودی کے منہ پر طمانچہ ہے، نعیم الحق

    معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم کو جو تقریر لکھ کر دی گئی تھی وہ انہوں نے سائیڈ پر رکھ دی تھی، پوری دنیا میں کشمیر کے لیے مظاہرے کریں گے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ 60 دن سے کشمیر میں کرفیو ہے، نوجوانوں کو اغوا کیا جارہا ہے، آسام میں مسلمانوں کے لیے بڑی جیل بنائی جارہی ہے، جو ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا وہی مودی مسلمانوں کے ساتھ کررہا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل نعیم الحق کا کہنا تھا کہ بھارت نےکرفیو ختم نہ کیاتومودی مخالف مظاہروں میں شدت آئے گی، فوری کرفیوختم کرنے کےعلاوہ مودی حکومت کے پاس کوئی چارہ نہیں۔

  • زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

    زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

    مظفر آباد: حکومت نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا، فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 5 لاکھ روپے وفاقی حکومت اور 5 لاکھ آزاد کشمیر حکومت دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کئی گھرانوں کے مستقبل بھی زلزلے کی نذر ہوگئے، پریشانی کی گھڑیاں ہم سب کے لیے امتحان ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مشکلات کا مقابلہ کرنے والی قوم کے سامنے دکھ اور زخم اہمیت نہیں رکھتے، وزیر اعظم پاکستان نے زلزلہ متاثرین کے دکھ کو محسوس کیا۔ زلزلہ متاثرین کا دکھ اور تمام صورتحال کو خود دیکھا۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کے دکھ میں کمی کے لیے حکومت ہر ممکن مدد کرے گی، وزیر اعظم پاکستان کی حکمت عملی ہے کہ آپ کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ترجیح ہے کہ زلزلہ متاثرین کی گھروں میں واپسی ممکن بنائی جاسکے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے متاثرین کے لیے ریسکیو اور ریلیف میں کردار ادا کیا، حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تمام چیلنجز کا مقابلہ ایک ساتھ نہیں ہوسکتا، یہ وقت سیاست کا نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ آزمائش کی گھڑیاں ہیں۔ میں سنہ 2005 میں مظفر آباد کے لیے امدادی سامان کے پہلے طیارے میں پہنچی تھی، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو فی کس 5 لاکھ روپے امداد فراہم کریں گے، آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے بھی 5 لاکھ روپے لواحقین کو دیے جائیں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ 150 افراد ایسے ہیں جو زیادہ زخمی ہوئے ہیں، شدید زخمیوں میں پہلے مرحلے میں 1 ایک لاکھ کے چیک تقسیم کریں گے، معمولی 600 زخمیوں میں بھی امدادی چیک تقسیم کیے جائیں گے، ایک ہزار گھروں کی تعمیر کے لیے 2 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ معذور ہونے والوں کو ایک لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا جائے گا، زلزلے سے زخمی افراد کو پچاس ہزار روپے فی کس دیا جائے گا۔ 12 سو 56 جزوی متاثر گھروں کی تعمیر کے لیے بھی 50 ہزار روپے فراہم کریں گے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام محکموں کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، وزیر اعظم پاکستان زلزلہ متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، تمام معلومات کمپیوٹرائزڈ کی جارہی ہیں تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر افواج پاکستان کی شکر گزار ہوں، افواج پاکستان کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر وسائل بروئے کار لائی۔