Tag: معاون خصوصی

  • ای کامرس پالیسی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی: فردوس عاشق اعوان

    ای کامرس پالیسی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ای کامرس پالیسی پاکستان کی معیشت کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ای کامرس وزیر اعظم کے وژن کے تحت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے، نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کی جانب اہم حکومتی قدم ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ای کامرس پالیسی پاکستان کی معیشت کو دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے کاروباری آسانیوں کے نئے افق روشن ہوں گے۔ مالی معاملات کو ڈیجیٹلائز کرنے سے سرمایہ کاری اور صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ پالیسی کے تحت سالانہ 10 لاکھ تک کاروبار کرنے والی کمپنیوں کی ایس ای سی پی سے رجسٹریشن ضروری ہوگی، تاجروں کو ڈیجیٹل آن بورڈنگ پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان گائیڈ لائنز فراہم کرے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دوہرے ٹیکس سے بچنے کے لیے آسان سنگل ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروایا جائے گا اور لاجسٹک کے شعبے کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ای کامرس پر منتقل کیا جائے گا۔

  • گھر بیٹھی خواتین کو معاشی عمل کا حصہ بنانا ہے: فردوس عاشق اعوان

    گھر بیٹھی خواتین کو معاشی عمل کا حصہ بنانا ہے: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی برتری تک دنیا اس کی بات توجہ سے نہیں سنے گی، 52 فیصد گھر بیٹھی خواتین کو معاشی محاذ پر لانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اسٹیٹ بینک کی ایس ایم ایز فنانس کی آگاہی پر ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو معاشی ترقی میں سہولت دینا وزیر اعظم کے مشن کا عکاس ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کے ساتھ ناانصافیاں ہوئی ہیں، ملک کو گدھ بن کر نوچا گیا۔ صنعتی پالیسی میں ایس ایم ایز کا کردار ہوگا۔ سنہ 2023 تک ایک کھرب 900 ارب روپے کا حجم رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گھریلو صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے 6 ارب رکھے گئے ہیں۔ خواتین کو قرضوں کی مد میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر لڑی جانے والی جنگوں کا رواج ختم ہو چکا ہے، اب جنگ وہی جیتے گا جو معاشی طور پر مستحکم ہوگا۔ 52 فیصد گھر بیٹھی خواتین کو معاشی محاذ پر لانا ہے۔ پاکستان کی معاشی برتری تک دنیا اس کی بات توجہ سے نہیں سنے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو مضبوط کرنے تک ملکی معیشت میں استحکام نہیں لایا جا سکتا، حکومت خواتین کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع دے گی۔ خواتین ملک کی طاقت بنیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے احسن طریقے سے مسلمانوں اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑا، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں اسلام کے حقیقی چہرے کو پیش کیا۔ کپتان نے کہا مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل تسلیم نہیں، وزیر اعظم نے دنیا پر واضح کیا کہ اسلام ایک ہی ہے۔ وزیر اعظم ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کی آواز بنے۔

  • وزیر اعظم نے مظلوموں کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھ دیا: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم نے مظلوموں کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھ دیا: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے مظلوموں کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے۔ اب عالمی ضمیر کا امتحان ہے کہ وہ مظلوموں کا ساتھ دیتے ہیں یا کاروبار کو انسانیت پر فوقیت دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کو دنیا بھر میں ملنے والی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مشن کشمیر میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ انہوں نے مظلوموں کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے فورم پر رکھ دیا ہے۔ اب عالمی ضمیر کا امتحان ہے کہ وہ تاریخ کے کس رخ پر کھڑا ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مہذب دنیا مظلوموں کا ساتھ دیتی ہے یا کاروبار کو انسانیت پر فوقیت دیتی ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز جنرل اسمبلی سے اپنا تاریخی خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا پردہ چاک کردیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نائن الیون کے بعد اسلامو فوبیا خطرناک رفتار سے بڑھا، یورپ اور مغربی ممالک میں لاکھوں مسلمان اقلیت کے طور پر رہتے ہیں، مغرب میں حجاب کو ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔ اسلامو فوبیا اس لیے ہوا کہ کچھ مغربی رہنماؤں نے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا۔

    عمران خان نے کہا تھا کہ ایک لاکھ کشمیریوں سے زائد کو قتل، 11 ہزار سے زائد خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ گھروں میں محصور ہیں، 80 لاکھ لوگوں پر 9 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر شدت پسندی کی طرف آیا تو اس کی وجہ اسلام نہیں ناانصافی ہوگی، جب ناانصافی ہوتی ہے تو انسان انتہائی قدم اٹھانا ہے، ناانصافی کے خلاف انسانی ردعمل کا تعلق مذہب سے نہیں ہوتا ہے، کشمیریوں کو شدت پسندی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

  • کل وزیر اعظم کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے: فردوس عاشق اعوان

    کل وزیر اعظم کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، کل وزیر اعظم پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے عام فہم زبان کا استعمال کیا جائے، قوانین پر عملدر آمد کرنا ہمارے لیے ایک چیلنج ہے۔ عمران خان مشکل حالات میں مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انفارمیشن کمیشن ایک ضروری پلیٹ فارم ہے، اس ادارے کے قیام سے غلط خبروں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ حکومت نے انفارمیشن کمیشن کے لیے 70 ملین روپے رکھے ہیں، موجودہ حکومت نے اطلاعات تک رسائی کے حق کو تحفظ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب اطلاعات تک رسائی نہ ہو تو غلط خبریں پھیلتی ہیں، انفارمیشن کمیشن کے لیے ریڈیو پاکستان کی عمارت میں جگہ دی جائے گی۔ انفارمیشن کمیشن کے لیے 70 ملین روپے کی رقم فوری جاری کر رہے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 54 دن گزر گئے، پوری وادی کو ایک مخصوص ذہن نے جکڑا ہوا ہے۔ دنیا کشمیریوں کو معلومات تک رسائی دینے کے لیے تیار کیوں نہیں۔ یونیسکو سے آج کے دن وہ آواز کیوں نہیں آرہی ہے۔ امید ہے ملالہ یوسفزئی کشمیر کے بچوں کے لیے آواز بلند کریں گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ چاہتا ہے تعلیم کے لیے آواز اٹھانے والے آگے آئیں، کیا مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو جینے کا کوئی حق نہیں۔ کشمیر میں جو اپنے حق کے لیے آواز اٹھاتا ہے اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ پاکستان کو لیکچر دینے والی تنظیمیں سرینگر کی طرف بھی دیکھیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر مودی حکومت کو بھی جھنجھوڑا جائے۔ وزیر اعظم مظلوم کشمیریوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ کل وزیر اعظم پاکستان کی ترجمانی کرتے ہوئے کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔

  • وفاقی حکومت معیشت کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کررہی ہے: عثمان ڈار

    وفاقی حکومت معیشت کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کررہی ہے: عثمان ڈار

    مانچسٹر: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ بھیجنے کے تمام غیرقانونی آپشنز ختم اور بینکنگ چینلز کو متحرک کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے مانچسٹر میں گلوبل رمیٹنس کانفرنس میں شرکت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت معیشت کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اربوں ڈالرکی ہنڈی حوالےسےترسیل کو روکنا ہوگا، رقوم کی مکمل ترسیل بینکنگ چینلز سے ضروری ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کے لیے اس سے متعلق آگاہی مہم شروع کر رہے ہیں، اوور سیز پاکستانی قانونی چینلز کا استعمال کریں تو پاکستان کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہوگا۔

    غیرملکی زرمبادلہ بینکنگ چینل سے لانے کے لیےحکومتی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ مانچسٹر میں ہونے والی کانفرنس میں مانچسٹر کے لارڈ میئرسمیت ارکان پارلیمنٹ اور اوورسیز پاکستانی شریک ہوئے۔

    اس موقع پر پاکستان میں زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ بینکنگ چینلز سے لانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

  • ریاست کو طاقتور بنانے کے لیے میڈیا کو طاقت دینا ضروری ہے: فردوس عاشق اعوان

    ریاست کو طاقتور بنانے کے لیے میڈیا کو طاقت دینا ضروری ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ میڈیا کا ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر فعال ہونا اہم ہے، ریاست کو طاقتور بنانے کے لیے میڈیا کو طاقت دینا ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے پی آر اے اور پارلیمنٹ کا یکجا ہونا ضروری ہے، میڈیا کا ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر فعال ہونا اہم ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میڈیا کے کردار کو مزید فعال بنانے کے لیے پرعزم ہیں، میڈیا کی طاقت کے بغیر کوئی ریاست طاقتور نہیں ہوسکتی، ریاست کو طاقتور بنانے کے لیے میڈیا کو طاقت دینا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں میڈیا کی آنکھ سے عوامی مسائل کو دیکھنا ہے، ملکی استحکام، طاقت اور ترقی کے لیے صحافی حکومت کی رہنمائی کرتے ہیں۔ میڈیا عوام کی رہنمائی کے لیے اہم ذریعہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی تو ملک کو معاشی تباہی کا سامنا تھا۔ اب صنعتیں لگ رہی ہیں، سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ قومی مفاد سے متعلق خبروں میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    انہو نے کہا کہ میڈیا کو ملکی مفاد مدنظر رکھتے ہوئے مثبت تشخص اجاگر کرنا چاہیئے، میڈیا کی طاقت کے بغیر کوئی ریاست طاقتور نہیں ہوسکتی۔ ڈرافٹ کے معاملے پر صحافی تنظیموں سے رائے لی جائے گی۔

  • خصوصی میڈیا ٹریبونلز ورکرز کو انصاف کی فراہمی کرسکیں گے: فردوس عاشق اعوان

    خصوصی میڈیا ٹریبونلز ورکرز کو انصاف کی فراہمی کرسکیں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ خصوصی میڈیا ٹریبونلز ورکروں کے مسائل اور ان کو فوری انصاف کی فراہمی میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کی آزادی اور آواز کو مزید طاقتور بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پیمرا کے احتسابی عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا کہ اسے حکومت کنٹرول کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خصوصی میڈیا ٹریبونلز بنانے جا رہے ہیں تاکہ مقدمات کا جلد فیصلہ ممکن ہوسکے۔ ٹریبونلز اعلیٰ عدلیہ کے زیر سرپرستی کام کریں گے۔ یہ میڈیا ٹریبونلز نہ صرف نئے کیسوں پر فیصلہ کریں گے بلکہ پیمرا اور دیگر عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات بھی انہی ٹریبونلز کو منتقل کردیے جائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ یہ ٹریبونلز نئے اور زیر التوا مقدمات کا 90 دن میں فیصلہ کریں گے۔ خصوصی ٹربیونلز میڈیا ورکروں کے مسائل اور ان کو فوری انصاف کی فراہمی میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ سارا عمل دنیا میں رائج قوانین اور اعلیٰ جمہوری اقدار کا حقیقی عکاس ہوگا۔ میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار ہی اس کی اصل قوت ہے۔

  • زلفی بخاری کی امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید سے ملاقات

    زلفی بخاری کی امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید سے ملاقات

    نیویارک: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری اور امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید کی نیویارک میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ امریکا اور اقوام متحدہ کے سامنے احتجاج کی تیاری پر گفتگو ہوئی۔

    طاہر جاوید نے زلفی بخاری کی فون پر متعدد کانگریس اراکین سے بھی بات کروائی، ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

    اس سے قبل زلفی بخاری نے نیویارک میں اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کے دوران کہا تھا کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کو دکھائیں کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر متحد ہیں، کرتار پور کے بعد بدھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولیں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، اوور سیز پاکستانیوں کے الیکشن کے حق کے لیے سمری بھجوائی ہے۔

  • عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کے ثمرات آنا شروع

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں 580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کی خوشحالی اور قومی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند اور اقتصادی صورتحال میں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ ٹیکس ریونیو بڑھانا اور مالیاتی خسارے کو کنٹرول رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں گزشتہ سال کے 509 ارب کے مقابلے میں 580 ارب روپے ٹیکس جمع کیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں 6 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ ہوا۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا عمران خان کے سر ہے جنہوں نے پاکستان میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے فرض کو قومی تحریک کی شکل دی۔ پہلی بار حکمرانوں کے بجائے قومی خزانے کی آمدن بڑھ رہی ہے۔ یہ ملک و قوم اور معیشت کے لیے خوشخبری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 2 سیلولر کمپنیوں سے لائسنس فیس کی مد میں 70 ارب روپے وصول ہوئے، ایک اور کمپنی سے مزید 70 ارب وصول ہونے کی امید ہے۔ اس سیکٹر سے مجموعی طور پر 200 ارب روپے حاصل ہوں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی یقیناً ایک بڑی کامیابی ہے۔ برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں واضح کمی آئی۔ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کیے ہیں، 2 مہنیوں میں کوئی سپلیمنٹری گرانٹ منظور نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ چند ہفتوں میں کرنسی کی قدر بہتر ہونے سے حکومت کو 246 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اس سال حکومت تقریباً ایک ہزار ارب روپے نان ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوجائے گی جس میں 200 ارب روپے سیلولر سیکٹر، 400 ارب روپے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے منافع جات اور 300 ارب روپے آر ایل این جی پلانٹس کی نجکاری سے ملنے کی امید ہے۔

  • اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے: زلفی بخاری

    اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے: زلفی بخاری

    نیویارک: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے نیویارک میں ’اوور سیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔

    اس موقع پر زلفی بخاری نے پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کے مقامی قائدین و ارکان سے ملاقات کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ امریکیوں اور اقوام عالم کے سامنے مودی کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے، انسانیت پر یقین رکھنے والے مودی کے خلاف آواز میں آواز ملائیں۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کو دکھائیں کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جس پر متحد ہیں، کرتار پور کے بعد بدھ مت کے مقدس مقامات کو بھی کھولیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے، اسلام آباد میں پہلی فاسٹ ٹریک کورٹ 2 ماہ میں کیس نمٹائے گئی۔ اوور سیز پاکستانیوں کے الیکشن کے حق کے لیے سمری بھجوائی ہے۔

    تقریب کے دوران سکھ کمیونٹی نے کرتار پور راہداری پر وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔