اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ افطار کے نام پر حکومت کے خلاف سازش افسوس ناک ہے۔ کچھ لوگ ذاتی اور سیاسی مفادات کے تحفظ میں لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے، یہ صرف اپنی دولت کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں۔ افطار کے نام پر حکومت کے خلاف سازش افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے۔ اپوزیشن رہنما دولت اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔ رمضان کا ماہ مقدس حقوق اللہ اور حقوق العباد کا حسین امتزاج ہے۔ بدقسمتی سے کچھ لوگ ذاتی اور سیاسی مفادات کے تحفظ میں لگے ہیں۔
اس سے قبل ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے معاشی دہشت گردی سے عوام اور معیشت کو لہولہان کیے رکھا۔ معاشی تباہ کاریوں کے بعد اب یہ کس منہ سے عوام کے پاس جانے کی بات کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 30 سال معیشت کا جنازہ نکالنے والے عوام کا مزید تیل نکالنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کے رہنماؤں اور ترجمانوں کی زبانیں گروی ہیں، ان کے اندر ان کے کرپٹ لیڈر بولتے ہیں۔