Tag: معاون خصوصی

  • کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے: عثمان ڈار

    کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے: عثمان ڈار

    کراچی: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ شروع کریں گے، ابتدائی طور پر 1 سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں، آج وزیر اعظم سندھ میں کامیاب جوان پروگرام کا آغاز کریں گے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ سے تقریباً 1 لاکھ نوجوانوں نے اپلائی کیا تھا، 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کو نوجوانوں کے لیے یوتھ منسٹر بنانا چاہیئے تھا۔ کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد روزگار میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے تقریباً 15 ہزار کے قریب نوجوانوں نے بزنس پلان دیا، کئی نوجوانوں نے اپلائی کیا مگر ان کے پاس بزنس پلان نہیں تھا۔ نوجوان پورے بزنس پلان کے ساتھ اپلائی کریں یہ آپ کا پیسہ ہے۔ 10 ارب روپے سندھ کے نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے ملیں گے۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام مہنگائی اور بیروزگاری کا تدارک کرے گا، ہم کامیاب دکاندار پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر 1 سے 50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے 30 ارب روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، وزیر اعظم کا پیغام واضح ہے جو کام نہیں کرے گا وہ تبدیل ہوگا۔ 72 سالوں میں کسی وزیر اعظم نے پناہ گاہوں کے بارے میں نہیں سوچا۔ ملک مشکل ترین حالات سے گزر چکا ہے، وزیر اعظم پر امید ہیں۔ 35 سال کی مس مینجمنٹ کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

  • بھارت یوم جمہور نہیں یوم فتور منا رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

    بھارت یوم جمہور نہیں یوم فتور منا رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں کرفیو ہے، بھارت یوم جمہور نہیں یوم فتور منا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کو ریاستی دہشت گردی کا شکار بنایا جارہا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کشمیریوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کے سیکیولر ہونے کا دعویٰ عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا ہے، بھارت میں نازی ازم سے متاثر فاشسٹ حکومت ہے۔ آج بھارت کے یوم جمہور پر مودی سرکار نے ظلم برپا کر رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر یکجہتی پر پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت میں پڑھا لکھا طبقہ مودی کے اقدامات کے خلاف احتجاج کر رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب بھارت کا ہر شہری ریاستی دہشت گردی پالیسی سے لاتعلق ہوگا۔ انتہا پسند سوچ اور امن دشمن بھارتی سرکار کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت سرکار کو کشمیریوں کو جائز حق دینے کے لیے واضح مؤقف اپنانا ہوگا، کشمیر میں خواتین کا استحصال ہو رہا ہے بچے اسکول نہیں جا پا رہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت سے متعلق گلے شکوے کا تاثر تھا، وزیر اعلیٰ پنجاب کل ارکان صوبائی اسمبلی سے ملے اور سب نے اعتماد کا اظہار کیا۔ بیرون ملک سازشوں میں مصروف ٹولے کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی۔

  • نوجوانوں کو 15 روز میں قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

    نوجوانوں کو 15 روز میں قرضے فراہم کرنے کا فیصلہ

    لاہور: کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی تقسیم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیر اعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کریں گے اور نوجوانوں میں چیک تقسیم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں قرض کی فوری ادائیگی پر مشاورت ہوئی۔

    پنجاب میں نوجوانوں کو 15 دن میں قرض کی فراہمی کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان خود نوجوانوں میں رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔

    اس مقصد کے لیے وزیر اعظم عمران خان فروری کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کریں گے، ملاقات میں وزیر اعظم کے دورے اور شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان اور ہنر مند پروگرام نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہے، ماضی میں کسی نے نوجوانوں پر اتنی بڑی سرمایہ کاری نہیں کی۔ پروگرام سے روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی آسکے گی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا، پنجاب سے 8 لاکھ نوجوان کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے آچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں نوجوانوں کو بہترین رہنمائی اور تربیت دیں گے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر قرض کی فوری تقسیم شروع کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو جلد روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

  • آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کے لیے اقدامات ہوں گے: فردوس عاشق اعوان

    آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کے لیے اقدامات ہوں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں عوام کے لیے مزید اقدامات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے دوسروں پر دشنام طرازی کرتے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ غریبوں کی ہمدردی میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے۔ 4 دن جیل میں نہ رہنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں موجودہ حکومت نے قرضوں کی ادائیگی سمیت معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے بروقت اور جرات مندانہ فیصلے کیے۔ مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قوم کی ہمت اور حوصلے سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو قوم کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے، عوام کو براہ راست ریلیف دینے کے لیے 7 ارب کا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے پیکیج دیا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کے لیے مزید اقدامات ہوں گے۔

  • کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت کردیے جائیں گے: ڈاکٹر ظفر مرزا

    کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت کردیے جائیں گے: ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں کراچی کے 3 بڑے اسپتال جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ وفاقی وزارت صحت کے ماتحت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت ہوں گے، فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت صحت کے حوالے کیے جانے والے اسپتال جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ ہوں گے۔ تینوں اسپتالوں کی منتقلی پر سندھ حکومت سے مشاورت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم سے اختیارات وفاق سے صوبے کو گئے، صوبے سے ضلعی سطح پر بھی اختیارات دیے جانے چاہئیں، مسائل قومی ایمرجنسی کے تحت حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    اس سے قبل ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 5 مراحل میں صحت کا نظام موجود ہے، یہ نظام ہیلتھ ورکرز، بی ایچ یو، پرائمری، سیکنڈری اور بڑے اسپتالوں پر مشتمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 70 فیصد یونیورسل ہیلتھ کوریج کمیونٹی اور بی ایچ یو پر پوری ہو سکتی ہیں، ملک میں 2 مثالیں انڈس اسپتال اور شوکت خانم کی سامنے ہیں۔ قومی معیشت جس حال میں ملی، وہی حال شعبہ صحت کا بھی تھا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 95 فیصد انجکشن غیر ضروری طور پر لگائے جاتے ہیں۔ بنیادی صحت کے مراکز کو بہتر کرنے تک بہتری ممکن نہیں۔ خصوصی افراد اور خواجہ سراؤں کو بھی ہیلتھ انشورنس فراہم کر رہے ہیں۔

  • آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے: فردوس عاشق اعوان

    آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، مہنگا بیچنے والوں کے خلاف ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہ آٹے کی سپلائی اور قیمتوں پر منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پنجاب میں آٹے کے مصنوعی بحران کا معاملہ دیکھنے کا ٹاسک ملا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈے کی روک تھام ضروری ہے، سندھ حکومت نے بروقت گندم کی خریداری نہیں کی۔ ملک بھر میں خوراک کی فراہمی وفاقی حکومت کا فرض ہے۔ وفاقی حکومت نے سندھ کو 4 لاکھ ٹن گندم دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ 4 میں سے 1 لاکھ ٹن گندم سندھ نے اٹھائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فلور ملز تک گندم پہنچانے میں ناکام رہی ہے، سندھ حکومت کو چاہیئے گندم کی سپلائی کے عمل کو تیز کرے۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر فاسٹ ٹریک میکنزم متعارف کروایا جا رہا ہے۔ قیمتیں جان بوجھ کر بڑھانے والوں کا سدباب ضروری ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سیل پوائنٹس کے ذریعے قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کریں گے۔ پنجاب حکومت نے آٹے کی مہنگے داموں فروخت پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ حکومت 814 فلور ملز کو گندم پر سبسڈی دے رہی ہے۔ ملز مالکان کو مہنگا آٹا فروخت کرنے سے روکنے کی ضرورت ہے، مہنگائی میں جان بوجھ کر حصہ بننے والی مافیا کو شکست دینا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آٹے کے مصنوعی بحران پر ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، 20 کلو کا تھیلا 805 روپے سے زائد فروخت پر ایکشن ہوگا۔ مہنگا بیچنے والوں کے خلاف ہیلپ لائن پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ واویلا کرنے والا سیاسی یتیموں کا ایک ٹولہ ملک میں ایک تاثر دے رہا ہے۔ تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرے گی۔ حکومت اپنے اتحادیوں سے مل کر 5 سال پورے کرے گی۔ حکومت کی ایم کیو ایم سمیت اتحادیوں سے بات چیت آگے بڑھ رہی ہے، انشا اللہ جلد خوشخبری دیں گے۔

  • مودی کی بربریت کو بے نقاب کرنے والی مسلمان خاتون صحافی جرات کی عظیم مثال ہے: معاون خصوصی

    مودی کی بربریت کو بے نقاب کرنے والی مسلمان خاتون صحافی جرات کی عظیم مثال ہے: معاون خصوصی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھارت سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب سے متعلق ایک ویڈیو ٹویٹ کی۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہا کہ بہادر لوگوں کا ظلمت اور جبر کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور اسے للکارنا تاریخ کا ہمیشہ سے روشن اور یادگار باب رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب نے جس دلیری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیے، وہ لائق تحسین ہے۔ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اور بربریت کو بے نقاب کردیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جیل میں تبدیل ہونے والی مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن اور ذرائع ابلاغ کی پابندی ہے۔ ایسے میں ایک صحافی کا فرض نبھانا پروفیشنل ازم اور جرات کی عظیم مثال ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رعنا ایوب نے مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھا ہے کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا، سرینگر میں پھیلے خوف کےسناٹے اور سنسان سڑکوں کی حقیقت پوری دنیا پر منکشف کردی۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ نیویارکر جریدے میں شائع ہونے والا مضمون رعنا کی صلاحیتوں کا شاندار اعتراف ہے۔

  • تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں: فردوس عاشق اعوان

    تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قومی ترقی کا عمل ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ہر محاذ پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر حکومتی اقدامات کے اثرات مختلف کامیابیوں کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔ اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور قومی ترقی کا عمل انہیں اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نقطہ نظر کے اختلاف پر اپوزیشن میں خوش ہونے والوں کی امیدوں پر ایک بار پھر اوس پڑنے والی ہے، ان کی حسرتیں ایک حسرت بن کر رہ جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایران اور سعودی عرب کے دورے نہایت مثبت اثرات کے حامل ہیں۔ پاکستان نے خاموش تماشائی بننے کے بجائے امت مسلمہ اور امن کے مفاد میں تعمیری کردار ادا کیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے اقدام پر وزیر خارجہ کے رابطوں اور دوروں کو مسلم ممالک اور دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، یہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی علامت ہے۔

  • عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی: فردوس عاشق اعوان

    عمران خان نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو تحریک کی شکل دی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کو مخاطب کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعید غنی صاحب آپ کی لاعلمی پر افسوس ہے، قوم کا مال لوٹنے اور جھوٹے اعداد و شمار پر معیشت چلانے والوں کو یہ بھی علم نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی ششماہی میں حاصل کردہ ٹیکس 2085 ارب ہیں جو پچھلے سال کے مقابلے میں 16.4 فیصد زیادہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ درآمدات کی تعداد 21 فیصد کم ہوئی جبکہ داخلی ٹیکسوں یعنی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 21.2 فیصد، 34 فیصد اور 25.6 فیصد اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فونز کے ذریعے سالانہ گوشوارے جمع کروانے کے لیے ٹیکس آسان ایپ متعارف کروایا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ملک میں ٹیکس وصولیوں کو ایک تحریک کی شکل دی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر کام شروع کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے پورٹل پر لوگوں کے سفر، زمین کے لین دین، ود ہولڈنگ اور گاڑیوں سے متعلق تفصیلات میسر ہیں۔ اس سال 105 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے، پچھلے سال 36 ارب کے ری فنڈ جاری ہوئے تھے۔

  • کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہوتا ہے، تحریک انصاف قیادت ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے۔ ان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں کراچی بھی مستفید ہوگا۔

    بعد ازاں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ اسد عمر کی قیادت میں کل وفد ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا، کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیئے یہ جائز مطالبہ ہے۔ ایم کیو ایم کابینہ کا حصہ ہے معاشی حالات سے واقف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں معیشت مشکلات کا شکار تھی، معیشت میں بہتری سے پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جانا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کراچی کو مایوس نہیں کریں گے۔ کراچی کے مینڈیٹ کے ساتھ تحریک انصاف، انصاف کرے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرے گی، سندھ حکومت سے بھی اپیل کریں گے کراچی پر سیاست نہ کی جائے۔ کراچی کو خوشحال بنانے کے لیے ہم سب اپنا کردار ادا کریں۔