Tag: معاون خصوصی

  • حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا

    حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حالیہ مہم میں 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا گیا، مہم میں مجموعی طور پر 2 لاکھ65ہزار ورکرز نے حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے خاتمے پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رواں سال 111 پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد مہم کی اہمیت بڑھ گئی تھی، بلوچستان اور کےپی کے دورافتادہ اضلاع سے اعداد وشمار آنا باقی ہیں، اعدادوشمار کے مطابق 39.1 ملین(99 فیصد) بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی، کوئٹہ، خیبر، پشین اور قلعہ عبداللہ میں آج اور کل بھی حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، مہم کا آغاز وزیراعظم نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر کیا تھا، وزیراعظم کا اقدام پولیو کے خلاف قومی یکجہتی کی بڑی علامت ہے، تمام وزرائے اعلیٰ اور سیاسی جماعتوں نے مہم کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔

    انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی، کامران آفریدی عہدے سے فارغ

    ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ موذی مرض کے خاتمے کے لیے تمام مکتبہ فکر اپنا کردار ادا کریں، ہمیں پولیو وائرس کے خاتمے میں مشکلات کا سامنا ہے، عالمی برادری پولیو کے خاتمے کے لیےتعاون کررہی ہے، مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو پولیو فری ملک بنا ئیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

  • اداروں کی مضبوطی جمہوریت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے: فردوس عاشق

    اداروں کی مضبوطی جمہوریت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اداروں کی مضبوطی جمہوریت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر تازہ پیغام میں کہا ہے کہ بیرونی عناصر اور ان کے اندرونی آلہ کار ملک کو عدم استحکام اور اداروں کو کم زور کرنے کے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا ’ادروں کی مضبوطی ملکی ترقی، جمہوریت کے فروغ اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہے۔‘

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کے روشن مستقبل کے خلاف سازشی عناصر کو شکست دیں گے، ملک کے تمام اداروں میں ہم آہنگی اور باہمی اعتماد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور عسکری قیادت مل کر احسن انداز سے ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال رہے ہیں، ملک معاشی استحکام اور ترقی کی منزل پر گام زن ہے۔

    خیال رہے کہ خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں سزائے موت کے فیصلے کے بعد ملک میں اداروں کے مابین ایک نیا تناؤ پیدا ہو گیا ہے۔

  • مشرف کو سزائے موت: ’فیصلے میں انصاف ہے تو حکومت انصاف کے ساتھ کھڑی ہے‘

    مشرف کو سزائے موت: ’فیصلے میں انصاف ہے تو حکومت انصاف کے ساتھ کھڑی ہے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ فیصلے میں انصاف ہے تو حکومت انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، فیصلے میں انصاف نظر نہ آیا تو انصاف چھیننے کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومتی لیگل ٹیم پرویز مشرف کے خلاف تفصیلی فیصلے کا جائزہ لے گی۔ فیصلے کے جائزے کے بعد حکومتی بیانیہ سامنے رکھیں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ فیصلے میں انصاف ہے تو حکومت انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، فیصلے میں انصاف نظر نہ آیا تو انصاف چھیننے کے ساتھ نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اپیل کا فیصلہ تو پرویز مشرف کے وکلا نے کرنا ہے، حکومت قانون کے دفاع کے لیے کھڑی ہوگی۔

    خیال رہے کہ 17 دسمبر کو خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر و سابق آرمی چیف پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوا ہے۔

    سابق صدر پرویز مشرف اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور شدید علیل ہیں۔ وہ اپنے کیس کی پیروی کے لیے ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

    آج عدالت کی جانب سے تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جمع کروائے گئے دستاویزات واضح ہیں کہ ملزم نے جرم کیا۔ ملزم پر تمام الزامات کسی شک و شبے کے بغیر ثابت ہوتے ہیں۔

    فیصلے کے مطابق ملزم کو ہر الزام پر علیحدہ علیحدہ سزائے موت دی جاتی ہے۔

  • مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان قابل تعریف ہے: فردوس عاشق اعوان

    مشکلات کے باوجود افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان قابل تعریف ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے گلوبل ریفیوجی فورم سے خطاب اور بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل پر روشنی سے مہاجرین کی مشکلات کا پوری دنیا کو ادراک ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں عمران خان کے ریفیوجی فورم پر خطاب کے حوالے سے بات کی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے گلوبل ریفیوجی فورم سے خطاب اور بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل پر روشنی سے مہاجرین کی مشکلات کا پوری دنیا کو ادراک ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان غریب ملک ہونے کے باوجود 30 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ تمام تر مشکلات کے باوجود 40 سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان قابل تعریف ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمیں دنیا میں ان حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس کے باعث لوگ مہاجر بننے پر مجبور ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر بین الاقوامی فورم کی طرح اس فورم پر بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وحشیانہ اور غیر انسانی قبضے سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو غیر قانونی غیر انسانی اقدامات سے باز رکھ کر مہاجرین کے ایک بڑے بحران سے بچا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے ریفیوجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو خود بے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے، پاکستان کو افغان پناہ گزینوں کی 40 سال سے زیادہ میزبانی پر فخر ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست کو کشمیری عوام کا محاصرہ کیا۔ 80 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا گیا۔ انٹرنیٹ اور مواصلات معطل کردی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔

  • کاش ن لیگ نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی: فردوس عاشق اعوان

    کاش ن لیگ نے ملکی معیشت کی فکر اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 3 دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگی قیادت خود اپنی جان، مال اور آل کے ساتھ بیرون ملک جا چکی ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی سانسیں جاری رکھنے کے لیے پارٹی کے دوسرے درجے کے رہنماؤں کو سیمینار کروانے کی نوکری پر لگا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت پر کانفرنس کرنے کے بجائے اسحٰق ڈار کو واپس بلائیں جس نے پاکستان کی عمارتیں اور شاہراہیں بھی گروی رکھ دیں۔ ارسطو بن کر لیکچر دینے والوں نے معیشت کی ناؤ ڈبوئی، اب مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں؟

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ احسن اقبال صاحب کاش ملکی معیشت کی فکر آپ نے اپنے دور حکومت میں بھی کی ہوتی؟ 3 دہائیاں برسر اقتدار رہنے والوں کے منہ سے پالیسیوں کے تسلسل میں ناکامی کی بات مضحکہ خیز ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آل شریف نے عوام کا کاروبار بند کر کے اپنی آل اولاد کے کاروبار کے تسلسل کو تقویت دی۔

  • مودی کی انتہا پسندانہ سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    مودی کی انتہا پسندانہ سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی انتہا پسندی کی آگ نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایسی سوچ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ امتیازی شہریت کے متنازعہ بھارتی قانون نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کو روند ڈالا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امتیازی اور متعصبانہ شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا پر بہیمانہ اور وحشیانہ تشدد انسانیت کی تذلیل اور بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ طلبا پر تشدد نے مودی کے بھارت کو تقسیم کرنے کے حوالے سے عالمی جریدوں کی پیش گوئی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔

  • وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم کا دورہ بحرین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کا دورہ بحرین دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کے آغاز کا غماز ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بحرین کے قومی دن کے موقع پر گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت اور اعلیٰ ترین سول ایوارڈ کا اعزاز دنیا اور خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار اور تشخص کا آئینہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی تعلقات کی مضبوطی اور باہمی تعاون کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بحرین کے ساتھ مشترکہ ثقافت، مذہب اور باہمی اعتماد پر رشتے قائم ہیں۔ دونوں ممالک، اپنے ملک کےعوام کے باہمی مفاد میں وسیع البنیاد اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بحرین کی اقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اضافے کا باعث بنے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان خطے میں رنجشیں اور غربت کے خاتمے کا مشن لیے مسلسل عرب ریاستوں کے اہم دورے کر رہے ہیں، سعودی عرب سے واپسی کے بعد آج بحرین کا دورہ کریں گے۔

    وزیر اعظم بحرین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کریں گے اور امیر بحرین حماد بن الخلیفہ سے ان کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔ امیر بحرین کے ساتھ ملاقات میں خطے کی صورت حال پر بات کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو بحرین کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔

  • پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں: فردوس عاشق اعوان

    پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں۔ حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو پولیو سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک صحت مند پاکستان کے لیے یکجان اور پرعزم ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ انسداد پولیو مہم کے ذریعےاس موذی مرض پر قابو پانے میں کردار ادا کریں اور معاشرے کو صحت مند بنائیں۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا اشد ضروری ہے۔ اس ضمن میں عوام میں مزید آگاہی اور شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ پولیو ویکسین کے قطرے صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں۔

    اپنے ٹویٹ میں معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ان پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں جو شدت پسندوں کے ہاتھوں نشانہ بننے کے باوجود اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا تھا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں جان دینے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی وجہ سے ورکر آپ کی دہلیز تک نہ پہنچیں تو مائیں خود اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے لے کر جائیں، ہم سب کو پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہیئے۔

    مجموعی طور پر رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 98 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ 14 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

  • متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے: فردوس عاشق اعوان

    متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے: فردوس عاشق اعوان

    ‏اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ متنازعہ شہریت بل بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے۔ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازعہ قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جس دن پوری دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی تھی تو دوسری طرف بھارت متنازعہ شہریت بل سے انسانی حقوق کے قوانین کی سر عام دھجیاں اڑا رہا تھا۔

    فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ یہ اقدام فاشسٹ مودی کی اقلیتوں کے حقوق پر کاری ضرب اور مسلم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مودی سرکار کی جانب سے بھارت کو انتہا پسند ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کا عمل گاندھی کے نظریے کو دفن اور قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متنازعہ شہریت بل نام نہاد جمہوریت اور بھارتی سیکولر ازم کے دعووں کو جھوٹ ثابت کر چکا ہے۔ یہ قانون سازی نہیں بلکہ انتہا پسند ہندو توا سوچ پورے خطے پر مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش اور ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔

    معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ دنیا کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور بھارتی متنازعہ قانون سازی کے خلاف آواز بلند کرے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی لوک سبھا میں شہریت کا متنازعہ بل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پیش کیا تھا۔

    اس قانون کے تحت مسلمانوں کے سوا 6 مذاہب کے غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دینے کی تجویز پیش کی گئی، بل کے حق میں 293 ووٹ آئے جبکہ 82 اراکین اسمبلی نے اسے مسترد کردیا۔

    ترمیمی شہریت بل سے آسام میں کئی دہائیوں سے رہائش پذیر لاکھوں بنگالی مسلمان سب سے زیادہ متاثرہوں گے۔

  • ستم ظریفی ہے کہ قانون سازی میں شامل لوگ قانون کو مطلوب ہیں: فردوس عاشق

    ستم ظریفی ہے کہ قانون سازی میں شامل لوگ قانون کو مطلوب ہیں: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کیسی ستم ظریفی ہے کہ قانون سازی اور مشاورت میں شامل لوگ ہی قانون کو مطلوب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قانون سازی سمیت دیگر امور پر مشاورت میں وہ لوگ شامل ہیں جو خود پاکستان کے قانون کو مطلوب ہیں، یہ کیسی ستم ظریفی ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید لکھا کہ پوری کی پوری ن لیگ مفروروں کے پاس ڈیرہ ڈالے بیٹھی ہے، جیسے علاج کرانا ہر قیدی کا حق ہے، ویسے جرم کا حساب لینا بھی قانون کا حق اور تقاضا ہے۔

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت اس وقت لندن میں موجود ہے، ن لیگی رہنماؤں نے گزشتہ روز برطانوی دارالحکومت میں بیٹھک جمائی تھی، یہ اجلاس ایجویئر روڈ پر مقامی ریسٹورنٹ میں منعقد کیا گیا تھا، جس میں شہباز شریف، ایاز صادق، خواجہ آصف، احسن اقبال، پرویزرشید، اسحاق ڈار، خرم دستگیر، مریم اورنگ زیب اور دیگر نے شرکت کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ کی مرکزی قیادت کی لندن کے ریسٹورنٹ میں بیٹھک

    شہباز شریف نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر اتفاق رائے چاہتے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت سے ماضی قریب کا تجربہ مایوس کن ہے، نواز شریف صحت یابی کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے سے پاکستان جائیں گے۔