Tag: معاون پائلٹ

  • سعودی عرب میں‌ معاون پائلٹ کا دوران پرواز انتقال

    سعودی عرب میں‌ معاون پائلٹ کا دوران پرواز انتقال

    ریاض : سعودی عرب میں ایک ہوائی جہاز کی پروازکے دوران طیارے میں موجود معاون کپتان حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ سعودیہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقومی ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا جب ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آنے والی ایک پرواز میں موجود معاون پائلٹ کو فضاء میں دل کی تکلیف ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوران پرواز عارضہ قلب کا شکار ہونےوالے معاون ہواباز کا تعلق سوڈان سے تھا اور اس کی شناخت مصعب سلیمان کے نام سے کی گئی ہے۔

    فضائی کمپنی فلائی ادیل کے چیف ایگزیکٹو کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ معاون ہواباز کو طیارے کے فضاءمیں بلند ہونے کے بعد دل میں تکلیف محسوس ہوئی۔ مدینہ منورہ میں طیارے کی لینڈنگ کے بعد معاون ہواباز کو اسپتال منتقل کیاگیا مگر وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے خاندان کو سعودی عرب لانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ کمپنی نے اپنے ایک اہم ملازم کی پرواز کے دوران اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • جرمنی کا طیارہ معاون پائلٹ نے جان بوجھ کرگرایا، تحقیقاتی رپورٹ

    جرمنی کا طیارہ معاون پائلٹ نے جان بوجھ کرگرایا، تحقیقاتی رپورٹ

    فرانس: چوبیس مارچ کو تباہ ہونے والے بدقسمت جرمن طیارے کے بارے میں دل دہلا دینے والے انکشافات سامنے آرہے ہیں، تحقیقات سے لگتا ہے کہ معاون ہوا باز نے طیارہ جان بوجھ  کر گرایا۔

    پیرس کے قریب سال دوہزار میں کونکرڈ طیارے کے حادثے کے بعد فرانس میں ہونے والے بڑے طیارے حادثے کے بارے میں فرانسیسی استغاثہ کا کہنا ہے کہ طیارہ معاون ہوا باز نے جان بوجھ کر زمین پر گرایا۔

    بلیک باکس ریکارڈنگ سے لگتا ہے کہ حادثے کے وقت معاون پائلٹ کاک پٹ میں اکیلا موجود تھا اور زمین سے ٹکراتے وقت وہ زندہ تھا۔

    کپتان کے کاک پٹ سے جاتے ہی معاون ہوا باز نے کاک پٹ لاک کرکے طیارے کی رفتار دھیمی کرکے بلندی خطرناک حد تک کم کردی۔

    دوسری جانب پولیس نے جرمنی میں ستائیس سالہ معاون ہوا باز کے فلیٹ پرچھاپہ مارا تاکہ ہوا باز کے مجرمانہ عمل کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کی جاسکیں تاہم حکام کاکہنا ہے کہ معاون ہوا باز کے دہشتگردوں سے تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

    حادثے میں عملے کے ارکان سمیت ایک سو پچاس افراد ہلاک ہوئے۔