Tag: معاہدہ منسوخ

  • اسپین نے اسرائیلی دفاعی کمپنی رافیل سے معاہدہ منسوخ کردیا

    اسپین نے اسرائیلی دفاعی کمپنی رافیل سے معاہدہ منسوخ کردیا

    اسپین کی جانب سے اہم اقدام اُٹھاتے ہوئے اسرائیلی دفاعی کمپنی رافیل سے 168 فائرنگ پوسٹس اور ایک ہزار 680 اینٹی ٹینک میزائل خریدنے کا معاہدہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس معاہدے کی مالیت 287.5 ملین یوروز یعنی327 ملین ڈالرز تھی۔ یہ سامان رافیل کمپنی کے لائسنس کے تحت اسپین میں تیار ہونا تھا۔

    ہسپانوی وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق حکومت نے اسرائیل کے لائسنس منسوخ کرنا شروع کردیے اور زیادہ سے زیادہ تکنیکی آزادی اور خود مختاری حاصل کرنے کے مقصد سے اپنے پروکیورمنٹ پروگرامز کو ری ڈائریکٹ کرنے کیلیے کام شروع کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر تنقید اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کر کے اسرائیلی وزیراعظم کی حکومت کو گزشتہ سال آگ بگولہ کردیا تھا۔

    دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے غزہ پر حملے کو خوفناک اور ناقابل قبول قرار دیدیا ہے۔

    اسٹارمر نے غزہ پر اسرائیل کے حملے کو خوفناک اور ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے تنقید کی ہے کیونکہ پارلیمنٹ کے باہر مظاہرین نے اسرائیل پر پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات ناقابل برداشت ہیں، فوجی کارروائیوں اور یہودی آبادکاروں کے تشدد کی توسیع کیخلاف ہیں غزہ میں امدادمیں رکاوٹ ناقابل قبول ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارت کے مذاکرات منسوخ کر دیئے ہیں اور برطانوی حکومت اتحادیوں کے ساتھ مزید اقدامات، بشمول پابندیوں پر غور کرے گی، فوری جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں امداد کی فراہمی ضروری ہے

    برطانوی وزیراعظم کے ایوان سے سوال جواب کے دوران پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا گیا جس میں مظاہرین نے اسرائیل پر پابندیوں اور ہتھیاروں کے امبارگو کا مطالبہ کیا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی معاہدہ منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی

    ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی معاہدہ منسوخ کرنے کی دھمکی دے دی

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر تمام یرغمالی ہفتے تک رہا نہ ہوئے تو جنگ بندی معاہدے کی منسوخی کا اعلان کردوں گا۔

    واشنگٹن میں مختلف ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےصدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ہفتے کی دوپہر تک غزہ میں موجود تمام یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدہ ختم کردیں گے جس سے جنگ” کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر اردن اور مصر فلسطینی پناہ گزینوں کو نہیں لیتے تو ان کی امداد بند کردیں گے تاہم مجھے امید ہے کہ اردن مان جائے گا۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو "مستقبل کے رئیل اسٹیٹ منصوبے” کے تحت غزہ واپسی کا حق حاصل نہیں ہوگا۔

    اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے سابق گورنر ایلی نوائے راب بلاگو جووچ کیلئے صدارتی معافی کا اعلان کردیا، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یرغمالیوں کے بارے میں معلوم نہیں کہ وہ زندہ بھی ہیں کہ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسٹیل اور المونیم پر25فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کررہے ہیں، کسی بھی ملک کو امریکی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، امریکی برآمدات پر جو ملک ٹیرف لگائے گا تو جوابی ٹیرف لگایا جائے گا۔

    امریکی صدر نے محکمہ انصاف کو پابند کرنے کے حکم نامے پردستخط کردیئے، ان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں،چپس اور ادویات پر بھی ٹیکس کے حوالے سے غور کررہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فلسطینیوں کیلئے مستقل جگہ بنانے کی بات کررہا ہوں، یوکرین کے صدر سے اسی ہفتے بات کروں گا، ہفتے کو شاید اسرائیلی وزیراعظم سے بھی بات کروں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، ہم اس کے مالک ہوں گے۔ جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتا ہوں، ہم غزہ کو ترقی دیں گے، علاقے کے لوگوں کے لیے ملازمتیں دیں گے، شہریوں کو بسائیں گے۔

    ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کی مخالفت کی تھی اور دو ریاستی حل پر زور دیا تھا۔

    واضح رہے کہ حماس نے اسرائیل کی غزہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں پر یرغمالیوں کی رہائی کا عمل روک دیا ہے۔

    ترجمان القسام بریگیڈ ابوعبیدہ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ حماس قیادت نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران قابض دشمن کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔

    ان خلاف ورزیوں میں شمالی غزہ میں بےگھر کیے گئے شہریوں کی واپسی میں تاخیر، مختلف علاقوں میں بمباری اور فائرنگ کے ذریعے ان کو نشانہ بنانا اور معاہدے کے مطابق امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا کرنا شامل ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-says-no-right-of-return-for-palestinians-under-gaza-plan/