Tag: معاہدہ

  • حکومت پاکستان اور کالعدم جماعت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا: مفتی منیب الرحمٰن

    حکومت پاکستان اور کالعدم جماعت کے درمیان معاہدہ طے پا گیا: مفتی منیب الرحمٰن

    اسلام آباد: مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان معاہدہ طے پا چکا ہے، یہ کسی کی فتح یا شکست نہیں بلکہ وطن کی جیت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مملکت علی محمد خان اور مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمٰن نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جبکہ تحریک لبیک شوریٰ کے علامہ غلام عباس فیضی اور مفتی محمد عمیر بھی پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔

    مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے جوان دفاع وطن اور پولیس کے جوان فرض منصبی ادا کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ تحریک لبیک کے دھرنے پر وزیر اعظم نے سنجیدہ اور ذمہ داران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی قائم کی، حکومتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، اسد قیصر اور علی محمد خان شامل تھے۔

    مفتی منیب نے کہا کہ میں وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں کہ جو کمیٹی قائم کی اسے امپاور کیا، کمیٹی نے بھی سنجیدگی سے مسئلے کے حل کے لیے کردار ادا کیا۔ ایسا ہی رویہ ٹی ایل پی کی شوریٰ کی طرف سے ملا۔

    انہوں نے کہا کہ معاہدے میں جو طے پایا ہے اس میں سعد رضوی کی تائید اور حمایت حاصل ہے، مذاکرات کسی جبر اور تناؤ کے ماحول میں نہیں ہوئے۔ مذاکرات سنجیدہ، ذمہ دارانہ اور آزادانہ ماحول میں ہوئے۔ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان اتفاق رائے سے معاہدہ طے ہو چکا ہے۔

    مفتی منیب کا کہنا تھا کہ ملک میں امن، سلامتی اور عافیت کے لیے مخلصانہ جدوجہد کے لیے میڈیا کو بھی حصہ ڈالنا چاہیئے۔ اللہ کا کرم ہے کسی ناخوشگوار صورتحال کے پیدا ہونے سے پہلے یہ فیصلہ ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے نکات جلد سامنے آجائیں گے، ہم نے 12 گھنٹے مسلسل کاوش اور محنت کی جس کے اچھے اختتام کو پہنچے، معاہدے کے نتیجے میں اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی ہے جو اس کی نگرانی کرے گی، علی محمد خان اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ صوبائی وزیر راجہ بشارت، وفاقی سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری داخلہ پنجاب کمیٹی کے رکن ہیں۔

    مفتی منیب کا کہنا تھا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی آج سے ہی فعال ہوجائے گی، یہ معاہدہ ایسا نہیں کہ دوپہر کو دستخط ہوجائیں اور شام کو کہا جائے کہ اس کی قانونی حیثیت نہیں۔ ذمہ داروں نے یقین دہانی کروائی کہ معاہدے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تمام علما کا شکرگزار ہوں کہ ملک کو بحران سے بچایا ہے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مذاکرات کو ترجیح دینی ہے۔ تمام مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے امن اور بہتری کا راستہ تلاش کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم میں اضطراب کی کیفیت تھی، معصوم لوگوں کی جانوں کا زیاں دیکھا، لوگوں کی املاک کا نقصان اور اسپتال جانے والی ایمبولینس کے سامنے رکاوٹیں دیکھیں۔ سب کو سامنے رکھتے ہوئے علمائے کرام نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور رہنمائی کی، وزیر اعظم کی ہدایت اور سب صاحبان کی رہنمائی کو سامنے رکھا گیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انتشار سے ان قوتوں کو فائدہ ہوتا جو افراتفری چاہتے ہیں، حکومت نے امن اور سلامتی کا راستہ اختیار کیا۔ اللہ نے ہمیں اس میں سرخرو کیا ہے۔

  • گھریلو ملازمین کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کا نیا معاہدہ

    گھریلو ملازمین کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کا نیا معاہدہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور فلپائن کے مابین گھریلو ملازمین سے متعلق ایک معاہدے پر اتفاق کرلیا گیا، فلپائنی ملازمین کو امارات میں مزید تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اور فلپائن کے درمیان گھریلو ملازمین کو زیادہ تحفظ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جس کی روشنی میں امارات آئندہ ماہ گھریلو فلپائنی ملازموں کو نوکریوں کی فراہمی شروع کر دے گا۔

    معاہدے میں اپریل 2021 سے سرکاری اداروں کے ذریعے فلپائنی گھریلو ملازمین کی بھرتی شامل ہے۔

    معاہدے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے انڈر سیکریٹری برائے امور انسانی وسائل سیف السویدی نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں دوست ممالک کے مابین گھریلو ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ثابت ہوگا۔

    سیف السویدی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ بھرتی کے عمل کو کنٹرول اور ریگولیٹ کرنے کے ساتھ تمام فریقین کے حقوق کو تحفظ فراہم کرے گا اور اس تمام عمل کے مجموعی اخراجات کو بھی کم کرے گا۔

    متحدہ عرب امارات میں فلپائنی گھریلو ملازمین کی تعیناتی سنہ 2014 میں معطل کر دی گئی تھی کیونکہ متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سفارت خانوں کو ان کے گھریلو خدمات انجام دینے والے شہریوں کے معاہدوں کی تصدیق کرنے سے روک دیا تھا۔ فلپائنی قانون کے تحت ایسے معاہدے کی تصدیق ضروری ہے۔

    فلپائنی میڈیا کی مختلف رپورٹس میں واضح کیا گیا کہ نئی تعیناتی اسکیم کا اب ملازمت کے اس دو طرفہ معاہدے کے تحت احاطہ کیا جائے گا، جو فلپائن کے صدر روڈریگو ڈٹرٹے کی ہدایات کے مطابق گھریلو ملازمین کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات فراہم کرتا ہے۔

    اس دو طرفہ معاہدے کے مطابق اگر فلپائنی کارکنوں کے ساتھ کچھ بھی ہو جائے تو اس حوالے سے آجر کے ساتھ ساتھ فلپائنی اور غیر ملکی ریکروٹنگ ایجنسیاں مشترکہ طور پر ذمہ دار ہوں گی۔

    فلپائنی محنت کشوں کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ ایسی ہی شقیں کویت میں کیے جانے والے روزگار کے معیاری معاہدوں میں بھی شامل ہیں۔

  • خلا کی تسخیر کے لیے متحدہ عرب امارت کا اہم اقدام

    خلا کی تسخیر کے لیے متحدہ عرب امارت کا اہم اقدام

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے خلا کی تسخیر کے لیے امریکی خلائی ادارے ناسا سے معاہدہ کرلیا، اماراتی خلا نورد ناسا کے تحت عالمی تجربہ اور مہارت حاصل کریں گے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں محمد بن راشد خلائی مرکز اور ناسا نے اماراتی خلا نوردوں کی ٹریننگ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت اماراتی خلا نورد ناسا کے تحت عالمی تجربہ اور مہارت حاصل کریں گے۔

    معاہدے کے مطابق ناسا میں 4 اماراتی خلا نوردوں کو تربیت دی جائے گی، ابتدا ھزاع المنصوری اور سلطان النیادی سے کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں دیگر 2 خلا نوردوں کو امریکا بھیجا جائے گا۔

    انہیں سنہ 2021 کے لیے خلا نوردوں کے ناسا پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

    اماراتی خلا نورد وہی جسمانی اور ذہنی تربیت حاصل کریں گے جو ناسا کی جانب سے اپنے خلا نوردوں کو دی جاتی ہے۔

    ناسا کا جانسن سینٹر خلا نوردی کے شعبے میں نصف صدی سے کہیں زیادہ سے کام کررہا ہے، یہ سینٹر سائنسی اور ٹیکنالوجی معلومات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

    سنہ 1961 کے دوران ہیوسٹن میں قائم کیا جانے والا ی ادارہ تقریباً 10 ہزار افراد کو تیار کر چکا ہے۔

    خیال رہے کہ امارات کے خلا نورد ھزاع المنصوری اور سلطان النیادی ستمبر 2018 کے دوران ماسکو کی سٹارز سٹی میں یوری گگارین سینٹر میں بھی ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں۔

  • پی سی بی نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کر دیا

    پی سی بی نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کر دیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر پی سی بی نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ہولڈر کا معاہدہ ختم کیا۔پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس 2019 سے 2021 تک دیےگئے تھے۔

    شعیب نوید کا کہنا تھا کہ پی سی بی پروفیشنل ادارہ ہے جو شفافیت سے کام کرتا ہے، متعدد یاد دہانیوں کے باوجود پارٹنر نے معاہدے کی پاسداری نہ کی۔انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نئے براڈ کاسٹرز اور سب لائسنسیز سے رابطے میں ہے۔

    اس سے قبل رواں سال مئی میں پی ایس ایل 2020 کے میڈیا رائٹس رکھنے والی کمپنی نے ایونٹ کی لائیو اسٹریمنگ کے رائٹس پی سی بی سے اجازت لیے بغیر فروخت کر دیے تھے۔

    کمپنی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے افسوس کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ معافی طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پی سی بی کی ہمدردانہ نظر کے منتظر ہیں۔

  • عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    عمان میں 200 سے زائد نئی ملازمتوں کا معاہدہ طے پاگیا

    مسقط: سلطنت عمان کی حکومت اور ایک نجی ادارے کے درمیان مقامی افراد کے لیے سینکڑوں اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔

    ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان کی وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت عمان اور ایک نجی ادارے کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت مقامی شہریوں کو 241 اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان ملاقاتوں میں عمانائزیشن اور غیر ملکی شہریوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی حکمت عملی زیر بحث آئی۔

    علاوہ ازیں دونوں کے درمیان مستقبل میں تعاون اور باہمی اشتراک جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاہدوں کا مقصد مقامی شہریوں کو تکنیکی شعبوں میں ملازمت دینا اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ حکومت عمان نے رواں برس عمانائزیشن کرنے یعنی غیر ملکیوں کی جگہ مقامی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

    حکام کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا جارہا ہے تاکہ عمانی شہری بھی سلطنت کی بہبود و ترقی میں حصہ لے سکیں۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ایک آڈٹ رپورٹ سے علم ہوا ہے کہ سلطنت عمان میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اہم شعبوں میں سربراہی اور قائدانہ پوزیشنز پر موجود ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمانی شہریوں کی استعداد بڑھانا اور انہیں آگے لانا ضروری ہے۔

  • کرونا وائرس: روس اور میکسیکو کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا

    کرونا وائرس: روس اور میکسیکو کے درمیان بڑا معاہدہ طے پا گیا

    ماسکو: روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) نے کہا ہے کہ میکسیکو کو روسی اسپوتنک وی ویکسین کی 3 کروڑ خوراکیں دی جائیں گی۔

    روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (آر ڈی آئی ایف) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق میکسیکو کے ریگولیٹرز کی منظوری کے بعد اگلے ماہ اسے روسی اسپوتنک وی ویکسین کی 3 کروڑ خوراکیں ملیں گی۔

    آر ڈی آئی ایف کا کہنا ہے کہ روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ اور لینڈ اسٹینر سائنسی دوا ساز کمپنی نے اس سلسلے میں ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔

    پریس ریلیز کے مطابق آر ڈی آئی ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد لینڈ ڈیٹنر سائنٹیفک روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ کے شراکت دار کی حیثیت سے میکسیکو میں یہ ویکسین تقسیم کرے گا۔

    روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ کے سی ای او کریل دمتریو نے اسپوتنک کی بڑی کھیپ میکسیکو پہنچانے پر اتفاق کیا ہے جس سے میکسیکو کی 25 فیصد آبادی کو محفوظ اور موثر ویکسین تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

  • یورپی یونین نے ویکسین خریدنے کا معاہدہ کر لیا

    یورپی یونین نے ویکسین خریدنے کا معاہدہ کر لیا

    پیرس: یورپی یونین نے جرمن فارماسوٹیکل کمپنی ’کیورویک‘ کے ساتھ ممکنہ کرونا ویکسین کی 25 کروڑ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین نے کرونا ویکسین بنانے والی چوتھی کمپنی سے معاہدہ کر لیا۔اس حوالے سے یورپی کمیشن کا بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کیورویک کے ساتھ ہونے والے ممکنہ معاہدے سے تمام ممبر ممالک کے لیے کرونا ویکسین خریدنا ممکن ہوسکے گا۔

    اس سے قبل سنوفی، جی ایس کے، جونسن اینڈ جونسن اور آسٹرازینیکا کے ساتھ معاہدے کیے گئے تھے۔

    یورپی کمیشن کے مطابق کیورویک کمپنی کے ساتھ ویکسین خریدنے کا حتمی معاہدہ تب ہوگا جب یہ ویکسین محفوظ اور موثر ثابت ہوگی۔

    دوسری جانب روس اگلے ہفتے 40 ہزار افراد پر کرونا ویکسین کے ٹرائلز شروع کرنے جا رہا ہے جس کی نگرانی ایک غیر ملکی ریسرچ باڈی کرے گی۔

    روس کی جانب سے تیار کردہ ویکسین کا نام ’سپوتنک V‘ رکھا گیا ہے جسے روسی حکام اور سائنس دانوں نے محفوظ اور موثر قرار دیا ہے اس ویکسین کے لیے 2 ماہ چھوٹے پیمانے پر ٹرائلز کیے گئے ہیں جس کے نتائج ابھی تک عام نہیں کیے گئے۔

    رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ کیریل دمیتریو کا کہنا ہے کہ بہت سے ممالک روسی ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ویکسین کا ڈیٹا رواں ماہ کے آخر میں ایک اکیڈمک جنرل میں شائع کیا جائے گا۔

    کیریل دمیتریو نے دعویٰ کیا کہ روس کو دنیا بھر سے ویکسین کی ایک ارب خوراکوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور روس شراکت داری کے ساتھ کرونا ویکسین کی سالانہ 50 کروڑ خوراکیں تیار کرسکتا ہے۔

  • پی آئی اے کے لیے اچھی خبر

    پی آئی اے کے لیے اچھی خبر

    کراچی: ترکش ایئر لائن نے پی آئی اے کے ساتھ کوڈ شیئرنگ کے نئے معاہدے کے لیے حامی بھر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور ترکش ایئر لائن کے درمیان کوڈ شیئرنگ سے متعلق نیا معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت قومی ایئر لائن کے مسافر استنبول سے برطانیہ اور یورپ کے لیے سفر کر سکیں گے۔

    نئے معاہدے کی پیشکش چیف ایگزیکٹو ترکش ایئر نے پی آئی اے چیف ایگزیکٹو ایئر مارشل ارشد ملک کے مکتوب کے جواب میں کی ہے۔پیشکش کے مطابق ترکش ایئر اور پی آئی اے کے درمیان یکطرفہ کوڈ شیئرنگ معاہدے کو دوطرفہ کیا جائے گا۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو نے اپنے خط میں یورپی روٹس کے مسافروں کی سہولت کے لیے کوڈ شیئرنگ کی پیشکش کی تھی۔دونوں ایئر لائینز برمنگھم، لندن، میلان بارسلونا، کوپن ہیگن اور اوسلو کے لیے کوڈ شیئرنگ کریں گی۔

    پی آئی اے کے مسافر ترکش ایئر لائن کے استنبول ایئر پورٹ سے یورپی روٹس کے ٹکٹ بک کرا سکیں گے۔

    کوڈ شیئرنگ کا معاہدہ پائلٹس کے مشتبہ لائسنسز کے باعث برطانیہ، یورپ اور امریکہ کی جانب سے پی آئی اے پروازوں پر پابندی کے تناظر میں کیا جائے گا۔

  • عوام کو باخبر رکھنے،تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے،گورنر سندھ

    عوام کو باخبر رکھنے،تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے،گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عوام کو باخبر رکھنے،تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے خالد آرائیں کی سربراہی میں کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر میئر کراچی ، رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں کیبل آپریٹرز کے مسائل ،کے الیکٹرک معاملات ودیگر امور سمیت کیبلزگراؤنڈ کرنے،ایس او پیزکی تیاری،باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

    کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے بتایا کہ کے الیکٹرک سے معاہدہ ہوا ہے پولز پر موجود کیبل نہیں کاٹے جائیں گے،ان پولز پر موجود کیبلز کو بتدریج انڈرگراؤنڈ کر دیا جائےگا۔

    وفد نے بتایا کہ گزشتہ 30 دن میں 30 کلو میٹر کیبلز انڈرگراؤنڈ کیےگئے، کیبل کے لیے کھودی جانے والی سڑکوں کی استرکاری بھی کریں گے۔

    اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرز اور کے الیکٹرک کے مابین معاہدہ خوش آئند ہے،بات چیت کےذریعے مشکل سے مشکل مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ ہر کسی کو کراچی کے شہریوں کے مفاد کو فوقیت دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو باخبر رکھنے،تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا کردار ہے۔

    دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ شہرکی خوبصورتی میں تاروں کا بے ہنگم جال رکاوٹ ہے،کیبل انڈرگراؤنڈ کرنےکی این او سی دینے کے لیے تیار ہیں۔

  • امریکا طالبان کے درمیان تاریخی معاہدہ، صدر ٹرمپ نے اہم بیان داغ دیا

    امریکا طالبان کے درمیان تاریخی معاہدہ، صدر ٹرمپ نے اہم بیان داغ دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ افغانستان میں طویل ترین جنگ کا خاتمہ ہونے جارہا ہے، اپنے فوجیوں کو واپس گھر لائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن معاہدے پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں جاری رہنے والی جنگ کو ختم کرنے جارہے ہیں۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لیے ٹرمپ وعدے پورے کر رہے ہیں، طالبان کے ساتھ معاہدہ افغان تنازعے کا خاتمہ کرے گا، معاہدے پر عمل در آمد کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق افغانستان میں فوج کی تعداد میں کمی لارہے ہیں، افغانستان میں فوج کی کمی طالبان وعدوں کی پاسداری سے مشروط ہے، امریکا کو محفوظ بنانے کے لیے صدر ٹرمپ روزانہ کی بنیاد پر کام کررہے ہیں۔

    افغان امن مذاکرات کامیاب، طالبان کے سربراہ نے پاکستان کا شکریہ ادا کردیا

    امریکا نے کہا ہے کہ افغانوں کو پائیدار امن کئے اکھٹا ہونا ہوگا۔ طالبان نے افغان حکومت، سول سوسائٹی اور خواتین سے مذاکرات کا وعدہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکا افغان طالبان تاریخی امن معاہدے سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، امن معاہدہ 4نکات پر مشتمل ہے، معاہدے کے مطابق امریکا14ماہ میں افغانستان سے تمام فوجی واپس بلالے گا، افغان سرزمین امریکا اور اتحادیوں پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔

    مشترکہ اعلامیے کے مطابق امریکا افغانستان کی علاقائی سالمیت کیخلاف طاقت کے استعمال سے بھی باز رہے گا، امریکا معاہدے کے 135دن کے اندر فوجیوں کی تعداد 8600 تک لائے گا۔