Tag: معاہدہ

  • نیشنل بینک اوریو آئی سی کے درمیان زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ

    نیشنل بینک اوریو آئی سی کے درمیان زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ

    نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈانشورنس کمپنی (یو آئی سی) کے درمیان ملک کے زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔

    معاہدے کے تحت یو آئی سی زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں کام کرنے والے کاشت کاروں کو بیمے کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ انھیں نقصانات سے بچایا جاسکے۔

    اس موقع پریونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چیئرمین میاں ایم اے شاہد نے کہا کہ زرعی شعبہ موسمی تغیرات اور دیگر عوامل کی وجہ سے غیر مستحکم رہتا ہے جس کے لئے انشورنس کاتحفظ ضروری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ قومی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ اکیس فیصد سے گر کے اٹھارہ فیصد رہ گیا ہے مگر اسکے باوجود یہ شعبہ بیالیس فیصد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے جبکہ پچھتر فیصد برامدات بھی اسی شعبے سے متعلق ہیں۔

    مزید پڑھیں: زراعت کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، وزیرِ اعظم

    میاں ایم اے شاہدنے کہا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ افراد زراعت سے براہ راست وابستہ ہیں جبکہ چالیس لاکھ لائیو سٹاک سے وابستہ ہیں اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ یا کسی قسم کی کمی بیشی سے اس شعبہ پر دارومدار رکھنے والے افراد متاثر ہوتے ہیں۔

  • پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے عجائب گھروں کے درمیان تعاون کا معاہدہ

    پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے عجائب گھروں کے درمیان تعاون کا معاہدہ

    اسلام آباد: پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان آثار قدیمہ کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔ معاہدہ مذکورہ شعبے میں پاکستانی ماہرین کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی وزارت ثقافت و محکمہ آثار قدیمہ اور سوئٹزر لینڈ کے رتبرگ میوزیم کی انتظامیہ کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کی تقریب زیورخ کے رتبرگ میوزیم میں ہوئی۔

    محکمے کے سیکریٹری انجینیئر عامر حسن نے حکومت پاکستان کی طرف سے معاہدے پر دستخط کیے۔

    معاہدے کا مقصد زیورخ میوزیم اور پاکستان میں موجود عجائب گھروں کے درمیان تعاون بڑھانا ہے جس کے تحت ریسرچ پروگرامز، اسکالر شپس، مطبوعات اور ڈاکٹرل / پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچز میں ایک دوسرے کی معاونت کی جائے گی۔

    معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے ماہرین ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے جبکہ اس شعبے سے وابستہ طالب علموں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مشترکہ سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

  • پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ

    پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ

    کوالالمپور: پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ طے پایا گیا جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ ہوا جس کے نتیجے میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئی گی جبکہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ اقتصادی تعاون، تجارت، اور سرمایہ کاری کی ضرورت پرزور دیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ مہاتیر محمد نے توانائی بحران پرقابو پانے کے لیے پاکستان سے تعاون کے عزم کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے ایل این جی، پن بجلی اور قابل تجدید توانائی میں ملائیشیا کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔

    مہاتیر محمد اورمجھےعوام نے کرپشن کے خلاف ووٹ دیا‘ وزیراعظم عمران خان


    مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ملائیشین کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ دونوں ممالک کا دفاعی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت کا اعادہ کیا گیا۔

    اعلامیے میں عمران خان اور مہاتیرمحمد نے مسلم امہ کے مضبوط اتحاد، دونوں ممالک کا مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔

    مشترکہ اعلامیے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مہاتیر محمد کو آگاہ کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اوآئی سی کا کردار بھی زیرغور آیا۔

    اعلامیے میں تعلیم، سیاحت، عوامی روابط، سماجی واقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون، حلال مصنوعات کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

  • حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    اسلام آباد: حکومت اور مظاہرین میں کامیاب مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پاگیا، جس کے بعد دھرنے ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں‌ دھرنے پر بیٹھے مظاہرین اور حکومتی نمائندوں میں جاری مذاکرات کامیابی سے ہم کنار ہوئے، معاہدے کی کاپی اے آر وائی نیوزنے حاصل کرلی، معاہدہ پانچ نکات پر مشتمل ہے،۔

    وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مظاہرین کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے.

    معاہدے کے مطابق حکومت آسیہ بی بی کیس میں نظرثانی اپیل پر اعتراض نہیں کرے گی، آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے حکومت قانونی کارروائی کرے گی.

    معاہدے کے مطابق 30 اکتوبر سے لے کر اب تک گرفتار ہونے والے تمام مظاہرین کو رہا کیا جائے گا، دوسری جانب مظاہرین کی قیادت نے کسی بھی شخص کی دل آزادی پر معذرت کی ہے۔ 

    معاہدے پر وفاقی وزیرنورالحق اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے دستخط ہیں۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنا کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔

  • پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ طے

    پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ طے

    اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انصاف اور احتساب کا معاہدہ ہوگیا۔ معاہدے کے مطابق ملزمان کی حوالگی اور پاکستانی اثاثوں کی ریکوری کے لیے دوبارہ کام کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید سے ملاقات کے بعد وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، قومی مشیر احتساب مرزا شہزاد اکبر اور برطانوی وزیر داخلہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر وزرا سے ملاقاتیں ہوئیں، برطانیہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے۔ 2 فیصد برطانوی شہریوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور دفاعی منصوبوں میں پاکستان کی بھرپور مدد کریں گے، وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کی بہتری کے لیے بات چیت ہوئی۔ دہشت گردی اور مجرمانہ سرگرمیوں سے دونوں ممالک کو خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آرمڈ فورسز اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف کارکردگی دکھائی۔ منی لانڈرنگ کے باعث ٹیکس کی وصولی میں کمی ہوئی ہے، منی لانڈرنگ نے براہ راست پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کے باب کے لیے آیا ہوں، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق پروگرام شروع کر رہے ہیں، پاکستان برطانیہ کا انتہائی قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے۔

    ساجد جاوید کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کی برطانوی مارکیٹ تک رسائی آسان بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ منی لانڈرنگ کے خلاف گفتگو ہوئی۔ منی لانڈرنگ کے تدارک کے لیے پاکستان برطانیہ مل کر کام کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ انصاف اور احتساب کا جوائنٹ ڈیکلیئریشن دستخط کر لیا گیا ہے، پاکستانی اثاثہ جات کی ریکوری کے لیے بھی اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ’ملزمان کی حوالگی سے متعلق کابینہ کی منظوری کے بعد کام شروع ہوجائے گا‘۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ ایون فیلڈ اور اسحٰق ڈار الگ الگ کیسز ہیں، دونوں کیسز کے لیگل پوائنٹ پر الگ الگ بات چیت ہوئی۔ اسحٰق ڈار اور نواز شریف کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کچھ نہیں بتا سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں معاملات احتساب عدالت میں ہیں وہی اس پر بات کا حق رکھتے ہیں، ’معاہدہ مجموعی طور پر ہوگا کسی انفرادی شخص یا معاملے پر نہیں‘۔

    ساجد جاوید نے مزید کہا کہ معاہدہ نیا ہے دونوں ممالک میں تعاون کو فروغ ملے گا، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے ہٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کریں گے۔ ’پاکستان کی لوٹی گئی دولت کے برطانیہ میں حجم پر ابھی بات نہیں ہوئی‘۔

    انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور احتساب کا عمل چاہتے ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی وزیر داخلہ کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی وزیر داخلہ کی ملاقات

    اسلام آباد: برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کی پاکستان آمد کے موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اہم معاہدہ متوقع ہے جس کے تحت پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت اور مطلوب ملزمان کو وطن واپس لانے سے متعلق اہم اقدامات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی وزیر داخلہ کی ملاقات جاری ہے۔

    قومی مشیر احتساب مرزا شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید ملاقات کریں گے۔

    ان کے مطابق ملاقات میں منی لانڈرنگ اور اثاثوں کی واپسی پر تعاون سے متعلق بریک تھرو کا امکان ہے جبکہ اثاثہ جات کی ریکوری کے لیے قائم یونٹ کی کامیابی کے لیے بھی بڑا فیصلہ متوقع ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، شہزاد اکبر، برطانوی ہوم سیکریٹری اور برطانوی ہائی کمشنر مشترکہ طور پر ڈیڑھ بجے پریس کانفرنس کریں گے جس میں اہم اعلان متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ ابھی تک پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کے تبادلے جیسا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

    ساجد جاوید نے اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • جرمنی سے معاہدہ، اسپین تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے راضی

    جرمنی سے معاہدہ، اسپین تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے راضی

    میڈرڈ/برلن : جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ تارکین وطن سے متعلق اسپین اور جرمنی کا مؤقف وہی ہے جو یورپ کا ہے، متحد ہوکر کام کرنے سے یورپ اور یورپی عوام کا مستقبل مزید بہتر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی تارکین وطن کے معاملے پر جرمن چانسلر کا مؤقف ہے کہ جرمنی اور اسپین تارکین وطن سے متعلق بحران کو حل کرنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان ہونے والا معاہدہ مہاجرین کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمنی کی چانسلر اینجیلا مرکل نے گذشتہ روز اسپین کے وزیر اعظم سے ہسپانوی شہر شلوقہ میں ملاقات کی جہاں یورپ کو غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے درپیش پر مسائل پر گفتگو کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر سے ملاقات اور معاہدے کے بعد اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچز کی جانب سے جرمنی میں موجود ان تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے آمادہ ہوگئے ہیں جو پہلے سے اسپین میں رجسٹرڈ ہیں۔

    جرمن چانسلر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی مہاجرین کے معاملے پر اسپین اور جرمنی کا مؤقف وہی ہے جو یورپی یونین کا ہے اور ایسے متحد ہوکر امور انجام دینے سے یورپ اور یورپی عوام کا مستقبل مزید بہتر ہوگا۔

    خیال رہے کہ جرمنی سے معاہدے کے بعد اسپین پہلا ملک ہے جو جرمن میں موجود تارکین وطن کو واپس لینے کے لیے تیار ہوا ہے۔

  • سعودی عرب امریکا سے ایک ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ خریدے گا

    سعودی عرب امریکا سے ایک ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ خریدے گا

    واشنگٹن: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے امریکا دورے کے موقع پر اہم معاہدہ سامنے آیا جس کے تحت امریکا نے سعودی عرب کو ایک ارب ڈالر مالیت کا اسحلہ فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب امریکا سے اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیار خریدے گا، دنوں ملکوں کے درمیان ہونے والے معاہدے میں 67 کروڑ ڈالر کے ٹینک شکن مزائل کی فروخت بھی شامل ہے۔

    معاہدے کے مطابق امریکا سعودی عرب کو 6600 ٹاؤ میزائل بھی فروخت کرے گا، علاوہ ازیں دیگر معاہدوں کے تحت ہیلی کاپٹروں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 10.3 کروڑ ڈالر جبکہ مختلف نوعیت کی زمینی سواریوں کے آلات کے لیے 30 کروڑ ڈالر شامل ہیں۔

    محمد بن سلمان امریکا پہنچ گئے، آج ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے

    مقامی میڈیا کے مطابق اسلحے سے متعلق اس معاہدے کی تیاریاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ سال مئی میں سعودی عرب کے دورے کے وقت سے کی جا رہی تھیں، البتہ ماضی میں طے پانے والے 110 ارب ڈالر کے اسلحہ معاہدوں کے بڑے حصوں پر ابھی تک عمل درامد نہیں ہوسکا۔

    خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تین ہفتوں کے سرکاری دورے پر پہلے واشنگٹن پہنچے تھے جہاں انہوں نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی بعد ازاں محمد بن سلمان واشنگٹن میں اپنی قیام گاہ پر امریکا کی کئی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملے۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے اپنےبیٹے محمد بن سلمان کوولی عہد مقررکردیا

    ملاقات میں دو طرفہ تجارتی تعاون کو بڑھانے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا اور عرب امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی کی ترقی جیسے امور کے علاوہ مختلف شعبوں میں کئی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • برطانیہ اور یورپی یونین کےدرمیان بریگزٹ پرعمل درآمد کا معاہدہ طےپاگیا

    برطانیہ اور یورپی یونین کےدرمیان بریگزٹ پرعمل درآمد کا معاہدہ طےپاگیا

    برسلز : برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ پرعمل درآمد کا معاہد طے پاگیا ہے، برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کا عمل مارچ 2019 سے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین سے انخلا کے معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے برطانیہ اور یورپی یونین نے عبوری انتظامات کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔

    برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل پر مذاکرات کرنے والے مائیکل بارنیئر اور ڈیوڈ ڈیوس نے بریگزٹ معاہدے پرعمل درآمد کو فیصلہ کن قرار دیا ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے عمل کا آغاز مارچ 2019 سے ہوگا اور دسمبر 2020 تک جاری رہے گا، اس دوران برطانیہ میں رہنے والے 45 لاکھ یورپی شہریوں کو برطانیہ جبکہ 12 لاکھ برطانوی شہریوں کو یورپی یونین میں آنے کی اجازت ہوگی۔


    بریگزٹ مذاکرات میں پیش رفت ایک اہم قدم ہے‘ برطانوی وزیراعظم


    دوسری جانب برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کے مطابق دونوں فریقین نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ طے پائے جانے والے اقدامات سب کے لیے قابل قبول ہیں۔

    برطانوی ویزاعظم ٹریزامے کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے پر خلوص نے اس بات کو یقینی بنایا کہ طے پانے والے اقدامات ہر کسی کے لیے قابل قبول ہیں۔


    برطانوی عوام کا یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ


    یاد رہے کہ برطانیہ میں 23 جون 2016 کو یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے ریفرنڈم ہوا تھا جس میں 52 فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

    یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے بعد اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور تھریسامے برطانیہ کی وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹیلی کام کی ترقی سےملک کےتمام حصوں کومستفید کرنا ہے‘ وزیراعظم

    ٹیلی کام کی ترقی سےملک کےتمام حصوں کومستفید کرنا ہے‘ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں پائیدار ترقی کے لیے براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے براڈ بینڈ منصوبوں کے معاہدے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی کام کی ترقی سے ملک کے تمام حصوں کومستفید کرنا ہے، معاہدوں کے لیے یو ایس ایف خدمات فراہم کررہا ہے۔

    شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ ٹیلی مواصلات کے شعبے نے ملک میں انقلاب برپا کردیا ہے، ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی براڈ بینڈ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں ہرممکن سہولت فراہم کررہی ہے، سرمایہ کاری کے مواقع بہت زیادہ ہیں۔

    خیال رہے کہ اس وقت ملک کے 5 ہزار دیہاتوں کو براڈ بینڈ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس نئے منصوبے سے خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی اور ڈی آئی خان کے علاقے مستفید ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔