Tag: معذور بچے

  • بچے 2 سال تک والدہ کی لاش کے ساتھ کیسے رہے؟ دل سوز واقعہ

    بچے 2 سال تک والدہ کی لاش کے ساتھ کیسے رہے؟ دل سوز واقعہ

    تنیزی: امریکا کے ایک شہر میں چار معذور بچوں نے ماں کی خواہش پوری کرتے ہوئے اسے مرنے کے بعد بستر ہی پر چھوڑ دیا، جس کے بارے میں دو سال بعد لوگوں کو پتا چلا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست تنیزی کے شہر نیش ویل میں گزشتہ ہفتے ایک اپارٹمنٹ سے چار ذہنی معذور بچے ملے جن کی ماں کی لاش بستر پر کپڑوں کے ڈھیر تلے پڑے پڑے مکمل طور پر گل سڑ چکی تھی۔

    پولیس کو اس وقت حیرت ہوئی جب بچوں نے بتایا کہ ان کی ماں کا انتقال 2018 میں ہوا تھا، پولیس کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات شروع ہو گئی ہیں۔

    یہ سنسنی خیز دریافت دراصل ڈیوڈسن کاؤنٹی کے ایک نائب نے 21 اکتوبر کو کی تھی، جب وہ لارونڈا جولی کے گھر پر بے دخلی کا نوٹس لے کر گیا، اس نے پولیس کو کال کر کے بتایا کہ یہاں جولی کی لاش بستر پر کپڑوں کے ڈھیر تلے ملی ہے۔

    56 سالہ جولی لارونڈا اپنے 4 جوان بچوں کے ساتھ اس مکان میں رہائش پذیر تھی، تاہم یہ بچے ذہنی طور پر بڑے نہ ہو سکے، ایک بچے نے بتایا کہ ان کی ماں کا انتقال دو سال قبل ہوا ہے، جولی کے بھائی نے بھی پولیس کو بتایا کہ انھیں یقین ہے کہ ان کی بہن کا انتقال 2018 سے قبل ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا بستر پر صرف بہن کی ہڈیاں ہی بچی تھیں، میں نے بھانجی سے پوچھا کہ ان کا انتقال کب ہوا، تو اس نے بتایا کہ 2017 کے شروع میں، یہ سن کر میں سناٹے میں آ گیا، دراصل میں اپنی بہن جولی سے زیادہ قریب نہیں تھا، بس کبھی کبھی خیر خیریت دریافت کرنے کے لیے کال کر لیتا تھا۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے انھیں بھانجی اور بھانجوں نے ہر بار بتایا کہ ماں گھر پر نہیں ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جولی کو دورے پڑتے تھے، بچوں کا کہنا تھا کہ ان سے ماں نے کہا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے مجھے یہاں سے ہٹانا مت۔ اس لیے بچوں نے ان کی خواہش کا احترام کیا۔

    پولیس کے مطابق جولی کی لاش کے سلسلے میں کوئی مشکوک بات نہیں دیکھی گئی، تاہم جولی کی موت کی درست وجہ بھی اب معلوم ہونا مشکل ہے۔

  • پہلے قائد اعظم گیمز کا مقصد معذور بچوں کو مکمل سپورٹ دینا ہے: فہمیدہ مرزا

    پہلے قائد اعظم گیمز کا مقصد معذور بچوں کو مکمل سپورٹ دینا ہے: فہمیدہ مرزا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پہلے قائد اعظم گیمز کا مقصد معذور بچوں کو مکمل سپورٹ دینا ہے، وزیر اعظم ملک کے ہر کونے میں کھیلوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں معذور افراد کے لیے پہلے قائد اعظم گیمز پیرا اولمپک کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے خصوصی شرکت کی۔

    وفاقی وزیر نے کھلاڑیوں اور منتظمین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ کھیلوں کے میدان میں شمولیت کو ہم زیادہ بہتر بنانے کو ترجیح دیتے ہیں، پہلی قائد اعظم گیمز کا مقصد معذور بچوں کو مکمل سپورٹ دینا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے ہر کونے میں کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، عمران خان ہر وزیر سے معذور افراد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی بریفنگ لیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایئر پورٹس پر بزرگ اورمعذور افراد کو سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت

    فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بھی گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ کشمیر پر جارحانہ بھارتی قبضے کو 30 روز گزر گئے، ہم کشمیر کی حمایت میں کھڑے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیری جوانوں کو سڑکوں پر گھسیٹا جا رہا ہے، نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز استعمال کی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے بہترین سہولیات کی فوری فراہمی کا حکم جاری کیا۔

    وزیر اعظم سیکریٹریٹ نے احکامات پر تمام ایئرپورٹس مینجرز کو فوری عمل درآمد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ اور معذور افراد کے لیے پک اینڈ ڈراپ لوکیشنز پر رہنمائی کے سائن بورڈز نصب کیے جائیں، اور وھیل چئیرز کاؤنٹرز کے قیام اور ریمپس کی سہولت فراہم کی جائے۔