Tag: معروف یوٹیوبرز

  • آن لائن جوا اور ٹریڈنگ ایپس کا فروغ ، ڈکی بھائی کے بعد معروف یوٹیوبرز بھی مشکل میں پھنس گئے

    آن لائن جوا اور ٹریڈنگ ایپس کا فروغ ، ڈکی بھائی کے بعد معروف یوٹیوبرز بھی مشکل میں پھنس گئے

    لاہور: آن لائن جوا اور ٹریڈنگ ایپس کی تشہیر کے الزام کے الزام میں ڈکی بھائی کے بعد 4 معروف یوٹیوبرز بھی مشکل میں پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن جوا اور غیر قانونی ٹریڈنگ ایپس کو فروغ دینے کے الزام میں چار معروف یوٹیوبرز کو طلب کر لیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ اقرا کنول، مدثر حسن، حسنین شاہ اور انس علی کو 2 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ یوٹیوبرز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو غیر قانونی ایپس استعمال کرنے پر اکساتے اور گمراہ کن مواد کے ذریعے آن لائن ٹریڈنگ و جوا کھیلنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    این سی سی آئی اے کے مطابق اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کو امیگریشن حکام نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس وقت لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا، جب وہ اپنا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل ہونے کے باوجود بیرون ملک جا رہے تھے تاہم حکام نے گرفتاری کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حوالے کر دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ڈکی بھائی کیس میں اب تک کیا کچھ ہوا؟

    گرفتاری کے بعد این سی سی آئی اے نے ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور بتایا کہ ملزم کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل ہے اور وہ بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں پکڑا گیا۔

    ان کے خلاف درج مقدمہ میں یوٹیوبر پر آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعہ منی لانڈرنگ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جوا کھیلنے والی ایپس کو فروغ دینے، عوام کو جوئے اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے۔

    Ducky Bhai- All Updates