Tag: معطل

  • 11 بھارتی ریسلرز کو کس ہیرا پھیری کے الزام میں معطل کیا گیا؟

    11 بھارتی ریسلرز کو کس ہیرا پھیری کے الزام میں معطل کیا گیا؟

    دہلی (8 اگست 2025): ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے اپنے ایک دو نہیں بلکہ 11 بھارتی ریسلرز کو ہیرا پھیری کے الزام میں برطرف کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے 11 ریسلرز کو معطل کر دیا ہے۔ ان پر اپنی عمر کے حوالے سے جعلسازی کرنے اور ریسلنگ فیڈریشن کو دھوکے میں رکھنے کے الزامات ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ریسلنگ فیڈریشن نے مذکورہ 11 ریسلرز کی جانب سے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ جمع کرانے پر جعلسازی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

    ریسلرز نے خود کو اصل سے بہت کم عمر ظاہر کرنے کے لیے حد کراس کر دی اور کچھ کیسز میں پیدائش کے 12 سے 15 سال بعد برتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ ان ریسلرز کے برتھ سرٹیفکیٹ جعلی اور فوٹوشاپ کے ذریعے اپ ڈیٹ کیے گئے تھے۔ جعلی برتھ سرٹیفکیٹ پر پہلے 5 اور اب 6 ریسلر کو معطل کیا گیا ہے۔

    ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا نے دہلی میونسپل کارپوریشن سے مجموعی طور پر 106 ریسلرز کے برتھ سرٹفکیٹ کی تصدیق کرائی تھی۔

    بلدیہ دہلی نے 95 پہلوانوں کے برتھ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی جب کہ 11 ریسلرز کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کو جعلی قرار دیا۔

  • بھالو نے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرا دیں (دلچسپ وائرل ویڈیو)

    بھالو نے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرا دیں (دلچسپ وائرل ویڈیو)

    بھالو نے جنگل سمجھ کر ایئرپورٹ کے رن وے پر چہل قدمی اور اٹکھلیاں کرنے لگا جس سے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ جاپان کے یاماگاتا ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیاہ رنگ کا بھالو رن وے پر پہلی بار نمودار ہوا اور آرام سے چہل قدمی کرتا رہا۔ بھالو کی ایئرپورٹ پر غیر متوقع انٹری کے باعث چار پروازیں ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں، جس کے بعد بھالو منظر سے غائب ہوگیا۔

    تاہم ایئرپورٹ عملے کے دوڑیں اس وقت لگ گئیں جب وہی سیاہ بھالو دوپہر کے وقت پھر ایئرپورٹ کے رن وے پر نمودار ہوا اور بے فکری سے چہل قدمی کرنے لگا۔

    ایئرپورٹ کے عملے نے بھالو کا پیچھا کر کے اس کو پکڑنے کے لیے ایک کار کا استعمال بھی کیا اور رن وے کو دوبارہ بند کر دیا، جس کے باعث 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

    بھالو کا تعاقب کرنے کی یہ ویڈیو انٹرنیشنل میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی چوٹھے ریچھ کو پکڑنے کیلئے اس کا پیچھا کررہی ہے جبکہ ریچھ کو رن وے اور اطراف کی گرین بیلٹ پر دوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھالو کو پکڑنے میں ناکامی پر پیشہ ور شکاریوں کو بھی بلایا گیا جب کہ جنگلی جانور کے فرار کو روکنے کے لیے ایئرپورٹ کے اردگرد پولیس افسران کو بھی تعینات کیا گیا، لیکن بھالو کو آخری اطلاعات تک پکڑا نہیں جا سکا۔

     

    واضح رہے کہ جاپان میں ریچھ کے انسانوں پر حملوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ برس ریچھوں نے 219 افراد کو حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • پاکستان نے روسی خام تیل کی درآمد معطل کردی

    پاکستان نے روسی خام تیل کی درآمد معطل کردی

    پاکستان نے روسی خام تیل کی درآمد معطل کردی، ریفائننگ میں پٹرول سےزائد فرنس آئل نکل رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق توانائی شعبےکے ذرائع کا کہنا ہے روسی تیل سے جیٹ فیول اورمٹی کا تیل کم مقدارمیں نکلا ہے، جس سے ملک کو زیادہ فائدہ نہیں ہوا۔

     توانائی شعبےکے ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان ریفائنری نے مزید روسی تیل کو پراسیس کرنے سے انکار کردیا ہے، ریفائنگ کے دوران عرب خام تیل کے مقابلےمیں بیس فیصد کم پیٹرول حاصل ہوا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے روس سےایک لاکھ ٹن خام تیل درآمد کیا تھا لیکن پاکستان ریفائنری نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

    دوسری جانب پی آرایل کا کہنا ہے کہ روسی خام تیل پر کامیابی سے عملدرآمد کیا گیا، سازگار تجارتی شرائط پر دستیاب ہونے پر ہم دوبارہ روسی خام تیل پر کارروائی کریں گے۔

  • عمان: شناختی کارڈز کا اجرا عارضی طور پر معطل

    عمان: شناختی کارڈز کا اجرا عارضی طور پر معطل

    مسقط: سلطنت عمان میں میونسپل کاؤنسل کے انتخابات کی وجہ سے 18 اور 25 دسمبر 2022 کو شناختی کارڈ کے اجرا کی سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق رائل عمان پولیس نے اعلان کیا ہے کہ میونسپل کاؤنسلرز کی تیسری مدت کے الیکشن کے دنوں میں شناختی کارڈ جاری کرنے کے عمل کو عارضی طور پر معطل کیا جائے گا۔

    رائل پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران نئے شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید یا پرانے کارڈ کی جگہ نئے کارڈ کے اجرا کا عمل معطل رہے گا۔

    رائل پولیس کے مطابق پولنگ کے اوقات کے دوران 18 دسمبر کو سلطنت سے باہر رہنے والے شہریوں کے لیے اور 25 دسمبر کو سلطنت کے اندر موجود شہریوں کے لیے یہ سروس معطل رہے گی۔

  • بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 6 روز سے بجلی معطل

    بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 6 روز سے بجلی معطل

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقوں دالبندین، نوکنڈی اور چاغی میں 6 دن سے بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہے، انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اے ٹی ایم، نادرا اور دیگر سروسز بھی معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقوں دالبندین، نوکنڈی اور چاغی میں 6 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، پینے کے پانی کی فراہمی بھی گزشتہ 8 دن سے متاثر ہے۔

    بلوچستان کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اے ٹی ایم، نادرا اور دیگر سروسز بھی معطل ہیں، بینک، اسپتال، پاسپورٹ آفس، سرکاری دفاتر اور کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں رواں برس 506 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

  • آئی ایم ایف نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی معطل کردی

    آئی ایم ایف نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی معطل کردی

    واشنگٹن: عالمی مالیاتی ادارے (انٹرنیشل مانیٹری فنڈ ۔ آئی ایم ایف) نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی بلاک کردی، طالبان کو سینٹرل بینک اثاثوں تک رسائی بھی حاصل نہیں ہوگی، سینٹرل بینک میں افغان حکومت کے 9 ارب ڈالرز ریزرو ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے افغان حکومت کی فنڈز تک رسائی بلاک کردی۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ طالبان کو افغانستان کے لیے اربوں ڈالرز تک رسائی نہیں ہوگی، افغانستان میں حکومت سے متعلق وضاحت کا فقدان ہے۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق ادارہ بین الاقوامی برادری کے خیالات کی رہنمائی کرتا ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کو 23 اگست کو 450 ملین ڈالرز منتقل ہونا تھے، آئی ایم ایف نے افغانستان کے لیے 650 ارب ڈالرز ریزرو کیے ہوئے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان کو سینٹرل بینک اثاثوں تک رسائی بھی حاصل نہیں ہوگی، سینٹرل بینک میں افغان حکومت کے 9 ارب ڈالرز ریزرو ہیں۔

  • سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات کا چارج سنبھالتے ہی سخت اقدام

    سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات کا چارج سنبھالتے ہی سخت اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے چارج سنبھالتے ہی متعدد بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے، غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات پر معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے نئے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے چارج سنبھالتے ہی 3 بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے پر معطل کردیا، افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران پی اے سی اجلاس میں آڈٹ اعتراضات کے جواب نہیں دے رہے تھے۔

    معطل افسران میں ٹنڈو الہیار کے چیف میونسپل آفیسر غلام سرور، میر پور ماتھیلو کے سلمان لوند اور جھنڈو مری ٹاؤن کے افسر فیاض شاہ شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کورنگی کے بھی 4 افسران کو کرپشن کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے، افسران پر غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ معطل افسران میں 17 سے 19 گریڈ کے افسران شامل ہیں۔

  • محکمہ داخلہ پنجاب نے ریسکیو 1122 میں ترقیوں کا حکم نامہ معطل کر دیا

    محکمہ داخلہ پنجاب نے ریسکیو 1122 میں ترقیوں کا حکم نامہ معطل کر دیا

    لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے ریسکیو 1122 میں ترقیوں کا حکم نامہ معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے ریسکیو 1122 میں ترقیوں کا حکم نامہ معطل کر دیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ترقیوں کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کے احکامات تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ریسکیو نے چند روز قبل افسران کو خود ترقی دی تھی، بغیر منظوری ڈی جی ریسکیو کا ترقی دینا اختیارات سے تجاوز ہے۔

    یاد رہے کہ 14 جولائی کو ڈی جی ریسکیو 1122 نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریسکیو اہلکاروں کو کیش ایوارڈ دیے تھے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 67 ریسکیو اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں اچھی کارکردگی پر توسیع کی گئی تھی۔

    ڈی جی ریسکیو پنجاب کا کہنا تھا کہ فرسٹ ریسپانڈر کے چند لمحوں کی لاپرواہی زندگی کو موت میں بدل سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو ایمرجنسی سروس میں کوتاہی مریض کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

  • سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی معطل

    سعودی عرب: پارسل تاخیر سے پہنچانے پر کوریئر کمپنی معطل

    ریاض: سعودی عرب میں سروسز میں تاخیر پر ایک کوریئر کمپنی کو معطل کردیا گیا، کمپنی نے پارسل تاخیر سے پہنچایا تھا۔ اس سے پہلے بھی ایک کوریئر کمپنی پر ایک لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے کوریئر کمپنی سمسا ایکسپریس کو پارسل کی ترسیل میں تاخیر پر معطل کردیا۔

    کمیشن نے کہا ہے کہ جو پوسٹل سروس پارسل کی ترسیل میں گڑبڑ کرے گی، مقررہ وقت پر پہنچانے میں ٹال مٹول سے کام لے گی اور صارفین کو غلط اطلاع دے کر گمراہ کرنے کی کوشش کرے گی اسے معطل کردیا جائے گا۔

    کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن نے مزید کہا کہ کمپنی پر پوسٹل سروس کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے، کمپنی صارفین سے تا اطلاع ثانی سروسز کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہ کرے اور نہ ہی تجارتی اداروں سے ترسیل کے معاہدے کیے جائیں۔

    کمیشن نے کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں اپنا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کرے اور صارفین کی شکایات دور کرے۔

    کمیشن نے اس حوالے سے کمپنی کو مہلت دی اور وارننگ دی ہے کہ اگر اس نے مہلت کے دوران صارفین کی شکایات دور نہ کیں اور اپنا بنیادی ڈھانچہ درست نہ کیا تو اس کا لائسنس ضبط کرلیا جائے گا اور تمام اداروں کے سامنے نتائج کی ذمہ دار بھی وہ خود ہوگی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی پر ایک کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

    کمیونیکیشن کمیشن نے صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کوریئر کمپنی نے پارسل دیے گئے پتے پر نہیں پہنچایا، دوسری خلاف ورزی یہ کی کہ پارسل پہنچانے میں تاخیر کی گئی۔ کمپنی کی یہ کوتاہیاں تحفظ صارفین منشور کی دفعہ 5 کے زمرے میں آتی ہیں۔

    کمیونیکیشن کمیشن کے مطابق مبینہ خلاف ورزیوں پر کوریئر کمپنی پر 1 لاکھ ریال تک کا جرمانہ کیا گیا جبکہ اسے تاکید کی گئی کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے اور آئندہ اس قسم کی کوتاہی سے باز رہے۔

  • مدرسے میں بچے سے زیادتی: تفتیشی افسر معطل، دیگر افسران کو نوٹس جاری

    مدرسے میں بچے سے زیادتی: تفتیشی افسر معطل، دیگر افسران کو نوٹس جاری

    اسلام آباد: بھارہ کہو کے مدرسے میں بچے سے زیادتی کے کیس میں عدالت کی جانب سے اظہار برہمی کے بعد تفتیشی افسر کو معطل جبکہ دیگر پولیس افسران کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارہ کہو میں بچے سے بدفعلی کے واقعے کی ناقص تفتیش پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ آئی جی نے تفتیشی افسر کو معطل کردیا جبکہ تفتیش میں غفلت برتنے پر انکوائری شروع کردی گئی۔

    ناقص تفتیش اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او بھارہ کہو کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا، جبکہ لاپرواہی پر ایس پی سٹی زون اور ایس ڈی پی او بھارہ کہو کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو ناقص تفتیش پر مذکورہ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ زیادتی کے واقعات کی تفتیش کا نیا ایس او پی جاری کر دیا ہے۔ اب ڈی آئی جی آپریشنز زیادتی کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایس پی انویسٹی گیشن مصطفیٰ تنویر کی زیر نگرانی خصوصی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ٹیم تفتیش کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات کرے گی۔

    خیال رہے کہ مذکورہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درست تفتیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ عدالت نے سوال کیا تو تفتیشی افسر نے کہا مدعی سے پوچھ لیں، مدعی نے ہی بتانا ہے تو پولیس کیا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ تفتیشی افسر کو بچے سے جنسی زیادتی کیس کی دفعات کا علم نہیں۔ عدالت کو بتائیں آپ نے کیا تفتیش کی؟ بچوں کو قرآن کی تعلیم دینے کی جگہ پر ایک بچے کے ساتھ بدفعلی کی گئی۔

    چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جس معاشرے میں بچوں کی حفاظت نہ ہوسکے وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے، بچوں کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    عدالت نے مذکورہ کیس میں آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا جن کی جگہ ایڈیشنل آئی جی (اے آئی جی) عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ پولیس اس حساس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھے۔

    یاد رہے کہ بھارہ کہو کے مدرسے میں زیادتی کا واقعہ رواں برس 28 اگست کو پیش آیا۔ ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق واقعہ مدرسہ تحفیظ القرآن میں ہوا۔

    ایف آئی آر کے مطابق بچے کے والدین نے فوری طور پر مدرسے کے قاری ارشد کو بتایا لیکن اس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ملزم ذیشان خود بھی مدرسے میں زیر تعلیم ہے اور اس کی عمر 17 سال ہے، ملزم نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔