Tag: معطل

  • امریکا نے افغان طالبان سے امن مذکرات معطل کردیے

    امریکا نے افغان طالبان سے امن مذکرات معطل کردیے

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابل حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات منسوخ کردیے ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا۔

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طالبان نے کابل حملے کی ذمہ داری قبول کی، افغان طالبان کتنی دہائیوں تک جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔؟

    امریکی صدر نے کہا کہ کیمپ ڈیوڈ میں افغان صدر اور طالبان رہنماؤں ہونے والی خفیہ ملاقاتیں بھی منسوخ کردیں ہیں۔ کیمپ ڈیوڈ میں طالبان رہنماؤں اور افغان صدر سے الگ الگ ملاقاتیں اتوار کو ہونا تھیں وہ آج رات امریکہ پہنچ رہے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ طالبان دوران مذاکرات غیرضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کرسکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں امن معاہدے پر دستخط کے فوراََ بعد بین الافغان مذاکرات شروع ہونا تھے جن میں جنگ بندی، افغانستان کے مستقبل کے سیاسی نظام، آئینی ترمیم، حکومتی شراکت داری اور طالبان جنگجوؤں کے مستقبل سمیت کئی معاملات پر بات چیت شامل ہے۔

  • امریکا ایران کشیدگی، عالمی ایئرلائنز آبنائے ہرمز کے لیے معطل

    امریکا ایران کشیدگی، عالمی ایئرلائنز آبنائے ہرمز کے لیے معطل

    واشنگٹن : ایران کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر امریکی جاسوس ڈرون گرانے کے بعد واشنگٹن نے دنیا کی معروف ایئرلائنز بریٹش ایئرویز، قنٹس ایئرلائن سمیت سنگاپور ایئرلائن کو آبنائے ہرمز کےلئے پروازوں سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی فیڈرل ایویشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے نوٹس ٹو ایئر مین (این او ٹیم اے ایم) میں تمام امریکی رجسٹرڈ ایئرلائن کو خلیج عمان اور خلیج فارس کے فضائی راستوں سے پروازیں معطل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    خیال رہے کہ آبنائے ہرمز، خلیج اومان اور خلیج فارس کے درمیان واقع ایک اہم سمندری گزر گاہ ہے ،اس کے شمالی ساحلوں پر ایران اور جنوبی ساحلوں پر متحدہ عرب امارات اور اومان واقع ہیں،یہ گزر گاہ کم از کم 21 میل چوڑی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھ اکہ امریکا کی جانب سے مذکورہ اقدام کے باعث لاکھوں مسافر متاثر ہوں گے۔

    ایف اے اے کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ متاثرہ خطے میں عسکری سرگرمیوں اور سیاسی تناؤ کے باعث کمرشل فلائٹس کو خطرہ لاحق ہے۔اعلامیے کے مطابق (امریکی) ڈرون پر میزائل حملے کے بعد تہران اور واشنگٹن کے مابین لفظی جنگ عروج پر ہے۔

    ایف اے اے کے نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکا سے رجسٹرڈ ایئرلائن اور امریکی ایئرلائنز پر آبنائے ہرمز کا فضائی راستہ اختیار کرنے پر پابندی ہوگی۔

    خیال رہے کہ یورپین اور ایشین فضائی کمپنیاں پابندی کے نوٹس سے آزاد ہیں۔

    ایف اے اے کے ترجمان نے کہا کہ’ ہماری سیفٹی اور سیکیورٹی ٹیمیں دنیا بھر میں فضائی اداروں کے حکام بشمول فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ فضائی راستوں کے رسک کا جائزہ لے سکیں‘۔

    واضح رہے کہ جرمنی اور ڈش ایئرلائنز آبنائے ہرمز کے بجائے دوسرا فضائی راستہ اختیار نہیں کررہی ہیں۔علاوہ ازیں ایئرفرانس نے کہا کہ وہ مزید جنوبی خطے کی طرف سے اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • برونائی میں ہم جنس پرستوں کے لیے سنگساری کی سزا معطل

    برونائی میں ہم جنس پرستوں کے لیے سنگساری کی سزا معطل

    بندر سری بگاوان : حسن البلقیہ کا کہنا ہے کہ شرعی قوانین کا مقصد ملک میں امن اور ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے، ملک میں شریعہ قوانین ایسے جرائم کے خلاف ہیں جو اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنوب مشرقی ایشیاء کے ملک برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البلقیہ نے عالمی سطح پر سخت تنقید کے بعد اعلان کیا ہے کہ ہم جنس پرستی اور زنا کے مرتکب افراد کو سنگسار نہیں کیا جائے گا۔

    حسن البلقیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ برونائی کے عام فوجداری قانون کے تحت دی جانے والی سزائے موت پر عارضی پابندی کا اطلاق شرعی قانون کے تحت سزا پانے والوں پر بھی ہوگا تاہم ناقدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعارف کرائے جانے والے شرعی قوانیں کو مکمل طور پر ختم کیا جائیں۔

    برونائی کے نئے شرعی قانون کا مکمل اطلاق گزشتہ ماہ ہو گیا تھا جس کے بعد برونائی دارالسلام مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا کا واحد ملک بن گیا تھا جہاں قومی سطح پر شرعی قوانیں نافذ ہوئے، نئے شرعی قوانین کے تخت ہم جنسی پرستی کی سزا سنگسار اور چوری کی سزا ہاتھ کاٹنا ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شرعی قوانین کے نفاذ کی کئی ممالک اور انسانی حقوق کی بین الااقومی تنظیموں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی جبکہ اقوام متحدہ نے بھی ان قوانین کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برونائی کے قومی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں سلطان نے پہلی مرتبہ شرعی قوانین کے نفاذ پر ہونے والی تنقید پر تبصرہ کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلطان حسن البلقیہ نے کہا کہ شرعی قوانیں کے حوالے سے بہت زیادہ غلط فہمیاں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام فوجداری قوانین اور شرعی قوانین کا مقصد ملک میں امن اور ہم آہنگی یقینی بنانا ہے، برونائی میں کچھ جرائم مثلاً قتل کی سزا عام قانون کے تحت بھی موت ہے لیکن کئی دہائیوں سے کسی کو بھی پھانسی نہیں ہوئی ہے۔

    سلطان حسن البلقیہ کے مطابق برونائی میں عام قوانین کے تحت دی جانے والی پھانسی کی سزاؤں پر عملدر آمد پر عارضی پابندی ہے اور اس کا اطلاق شرعی قوانین کے تحت سنگساری کی سزا پر بھی ہوگا۔

    سلطان کے اعلان سے قید، کوڑوں کی سزا یا چوری پر ہاتھ کاٹنے کی سزا پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور یہ سزائیں لاگو رہے گی۔

    سلطان نے کہا ہے کہ برونائی تشدد کے خلاف اقوام متحدہ کے چارٹر کی تجدید کرے گا جس پر ان کا ملک کئی سال پہلے دستخط کر چکا ہے۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق شریعہ قوانین ایسے جرائم کے خلاف ہیں جو اسلامی تعلیمات کے منافی ہیں اور یہ قوانین ہر فرد کو چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، مکمل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برونائی دارالسلام میں مئی 2014ء میں اسلامی شریعت کے مطابق سزاﺅں کا نظام متعارف کرایا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ برونائی کے اٹارنی جنرل نے 29 دسمبر کو ایک نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ بد فعلی اور ہم جنس پرستی کے خلاف منظور ہونے والے قوانین کا اطلاق تین اپریل 2019 سے ہوگا۔

  • پاکستان کی بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت معطل کرنے کی مذمت

    پاکستان کی بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت معطل کرنے کی مذمت

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت کی یکطرفہ معطلی کی مذمت کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان سے مشاورت کے بغیر کراس ایل او سی تجارت کی معطلی افسوس ناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اس سی بی ایم کی یکطرفہ معطلی ظاہر کرتی ہے کہ بھارت پیچھے ہٹنے کی کوشش کررہا ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ کراس ایل او سی تجارت دونوں ملکوں کے درمیان فعال اعتماد سازی کے اقدامات میں سے ایک ہے جو سفارتی کوششوں کے بعد عمل میں لائی گئی۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی ایکشن بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے کہ یہ طریقہ کار اسمگلنگ، نارکوٹکس، جعلی کرنسی اور دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان اس کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے اور اختلافات کو تنازعے سے تعاون کی طرف منتقلی کے تناظرمیں تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کرے۔

  • آیت اللہ خامنہ ای، جنرل قاسم سلیمانی سمیت تین ایرانی کمانڈروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس معطل

    آیت اللہ خامنہ ای، جنرل قاسم سلیمانی سمیت تین ایرانی کمانڈروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس معطل

    تہران : سماجی روابط کی ویب سائٹ انسٹا گرام نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے انگریزی زبان میں اکاونٹ کو معطل کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کی انتظامیہ کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سیّد علی الحسینی خامنہ ای سمیت متعدد ایرانی کمانڈروں کے انگریزی میں کام کرنے والے اکاؤنٹس معطل کردئیے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای سے چند دن قبل سپاہ پاسداران کی القدس بریگیڈ کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی سمیت سپاہِ پاسداران انقلاب کے تین اہم کمانڈروں کے انسٹا گرام پر موجود اکاؤنٹس بھی بند کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آیت اللہ سیّد علی خامنہ ای کے اکاؤنٹ کی معطلی سے قبل اس کے 21400 پیروکار تھے۔

    خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام انتظامیہ نے سپریم لیڈر کا فارسی زبان میں موجود اکاونٹ کو معطل نہیں کیا ہے اور وہاں ان کے پیروکاروں کی تعداد 25 لاکھ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جن کمانڈروں کے اکاؤنٹس معطل کیے گئے ہیں ان میں قاسم سلیمانی کے علاوہ آئی آر جی سی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل محمد علی جعفری اور آئی آر جی سی کی برّی فوج کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل محمد پاک پور شامل ہیں۔

    انسٹا گرام نے یہ اقدام امریکا کی جانب سے سپاہِ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے ایک روز بعد کیا ہے، اس ضمن میں ایک نوٹس امریکا کے وفاقی رجسٹر میں شائع کردیا گیا ہے۔

    انسٹا گرام نے فوری طور پر ان ایرانی عہدے داروں کے اکاونٹس منجمد کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے، پاسداران انقلاب، ایران کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگراموں کی انچارج ہے۔

    ملک کی بنک کاری اور جہاز رانی کی صنعتوں میں بھی اس کا اہم کردار ہے، امریکا کی جانب سے اس ایرانی سپاہ کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے بعد اس کے ساتھ لین دین کرنے والے ممالک اور اداروں کے خلاف فوجداری الزامات میں مقدمہ چلایا جاسکے گا۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا نوٹس

    وزیراعلیٰ سندھ کا سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں نقل کا نوٹس

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے سکھر میں میٹرک کے امتحانات میں طلبا کی جانب سے نقل کرنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تعلیمی بورڈ کے کنٹرولرامتحانات کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر سکھر ریجن میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور دیکھا کہ چند مراکز میں میٹرک کے امتحانات کے دوران طلبا کھلم کھلا نقل کرنے میں ملوث پائے گئے۔

    صوبائی وزیر تعلیم نے وزیراعلی سندھ کو رپورٹ دیتے ہوئے کہا کہ چند امتحانی مراکز میں نہ صرف یہ کہ نقل ہورہی تھی بلکہ مصدقہ رپورٹس ہیں کہ سکھر تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے سوالیہ پیپر بھی امتحانات شروع ہونے سے قبل آﺅٹ ہوئے ہیں۔

    وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزیر تعلیم کی رپورٹ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سکھر کے کنٹرولر امتحانات عبدالسمیع سومرو کو معطل کردیا اور کنٹرولر امتحانات سکھر کا چارج ڈپٹی کنٹرولر آف امتحانات کو دے دیا اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    مراد علی شاہ نے تمام تعلیمی بورڈز کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے امتحانی نظام کو مستحکم بنائیں نہیں تو تعلیمی بورڈ ز کے متعلقہ افسران کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوچکا، امتحانات کے پہلے روز ہی بوٹی مافیا نے اپنا کام دکھاتے ہوئے گھوٹکی، سکھر اور بدین میں پرچے شروع ہونے سے قبل واٹس ایپ پرشیئر کردیے۔

  • ترکش رینٹل پاور کیس:  عالمی عدالت نے پاکستان کے خلاف فیصلہ معطل کردیا

    ترکش رینٹل پاور کیس: عالمی عدالت نے پاکستان کے خلاف فیصلہ معطل کردیا

    اسلام آباد : عالمی عدالت نے پاکستان کے خلاف ترکش رینٹل پاورپلانٹ کےحق میں دیا فیصلہ معطل کرتے ہوئے دوبارہ کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تٍفصیلات کے مطابق پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوگئی ، سرمایہ کاری سے متعلق فیصلوں کے لیے عالمی ٹریبونل، انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹ نے ترک کمپنی ’کارکے‘ کی طرف سے دائر رینٹل پاور کیس میں پاکستان کے خلاف دیا گیا فیصلہ معطل کردیا۔

    عالمی عدالت نے پاکستان کو نوے کروڑ ڈالر ہرجانے ادا کرنے کا فیصلہ سنایا تھا، ٹریبونل نے پاکستان کے خلاف یہ فیصلہ اگست دوہزار سترہ میں دیا تھا۔

    پی ٹی آئی حکومت نے نظرثانی کی دائر اپیل کی اور نئے شواہد پیش کیےتھے، جس پر عالمی ٹریبونل نے فیصلہ معطل کردیا۔

    ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت نے اس کیس میں کرپشن کے تازہ شواہد اکٹھے کیے ہیں، جس سے امید ہے کہ اس کیس کا فیصلہ پاکستان کے حق میں آئے گا۔

    خیال رہے تاتیھان کاپر کمپنی کاپاکستان کے خلاف کیس عدالت میں زیر التواء ہے۔

    یاد رہے آصف زرداری کی حکومت میں پاکستان ترکش کمپنی کارکے کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا ، جس کے تحت کمپنی نے کراچی میں کرائے کا بجلی گھر لگایا گیا تھا اور اس بجلی گھر کو 2009 سے 231 میگا واٹ بجلی کی فراہمی شروع کرنی تھی جس میں وہ ناکام رہی اور صرف 30 سے 40 میگا واٹ بجلی فراہم کی۔

    حکومت پاکستان اس معاہدے کی تحت ترکش کمپنی کو ماہانہ 94 لاکھ ڈالر کرائے کی مد میں ادا بھی کرتی تھی۔

    تاہم سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے ترکش رینٹل پاور پراجیکٹ کو غیر شفاف قرار دے معاہدے منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا، ترکش کمپنی نے معاہدہ منسوخ ہونے پر ثالثی عدالت سے رجوع کیا اور پاکستان پر 2 ارب 10 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔

  • امریکی امدادی ایجنسی ’یو ایس ایڈ‘ نے فلسطین کی امداد بند کردی

    امریکی امدادی ایجنسی ’یو ایس ایڈ‘ نے فلسطین کی امداد بند کردی

    یروشلم : امریکا کی عالمی امدادی ایجنسی’یو ایس ایڈ‘ نے فلسطین کے مقبوضہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی کو فراہم کی جانے والی امداد روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض غاصب صیہونی ریاست کے جابرانہ تسلط کے باعث بے گھر و بے سہارا ہونے والے فلسطینی شہریوں کےلیے جاری امدادی سرگرمیاں یو ایس ایڈ نے روک دیں۔

    یو ایس ایڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرامیاں مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر معطل کی گئیں ہیں۔

    یو ایس ایڈ کے ترجمان نے غیر ملی میڈیا کو بتایا تھا کہ امریکا فلسطینی اتھارٹی کے زیر انتظام تمام منصوبوں کو بند کرکے ان کو فراہم کی جانے والی امدادی رقم بند کررہا ہے۔

    یو ایس ایڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطین کو دی جانے والی امداد میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کو فراہم کی جانے والی امداد روکنے کا فیصلہ گزشتہ برس کانگریس میں منظور کردہ بل کے تحت کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : عالمی ادارہ خوراک نے فلسطینیوں کو خوراک کی فراہمی بند کردی

    مزید پڑھیں : امریکا نے ’اونروا’ کی امداد بند کردی، فلسطینی پناہ گزین مشکل کا شکار

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یو ایس کی جانب امداد فراہم کرنے سے فلسطینی سیکیورٹی فورسز کو دی جانے والی 6 کروڑ ڈالر کی امداد بھی بند ہوجائے گی، جو غرب اردن میں امن بحال کرنے کےلیے اسرائیلی فورسز کے ساتھ تعاون کرتی تھیں۔

    دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی پر امدادی سرگرمیوں کی معطلی فلسطینی اتھارتی کی درخواست پر کی گئی ہے۔

  • برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر ڈرونز کی اطلاع، فلائٹ آپریشن معطل

    برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ پر ڈرونز کی اطلاع، فلائٹ آپریشن معطل

    لندن : برطانیہ کے گیٹ وک عالمی ہوائی اڈے پر ڈرونز دیکھے جانے کے بعد انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن معطل کرکے متعدد پروازیں منسوخ کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے گیٹ وک انٹرنشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر دو ڈرونز دیکھے گئے تھے جس کے بعد انتظامیہ نے فلائٹ آپریشن معطل کردیا اور فلائٹس کا رخ دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات دو ڈرونز دیکھے گئے تھے جو رن وے پر پرواز کر رہے تھے۔

    گیٹ وک ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات 10 ہزار مسافر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث متاثر ہوئے اور جمعرات کے روز 1 لاکھ 10 ہزار مسافروں نے 760 پروازوں سے دیگر شہروں اور ممالک کا سفر کرنا ہے جو متاثر ہوسکتا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس پہلے ڈرون کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ کچھ دیر بعد ایک ڈرون کو پرواز کرتے  دیکھا گیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے قبل معلومات حاصل کرلیں کیوں کہ اب تک متعدد فلائٹ منسوخ ہوچکی ہیں فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔

    سسکیس پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہے لیکن فلائٹ آپریشن معطل کرنے کے لیے جان بوجھ کر یہ عمل انجام دیا گیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے رات 3 بجے فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا تاہم 45 منٹ بعد دوبارہ بند کردیا گیا تھا۔

    گیٹ وک ایئرپورٹ کے ترجمان نے مسافروں کو تکلیف پہنچنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈے کی حفاظت ان کی ’اولین ترجیح‘ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا جائے گاجن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔

  • تارکینِ وطن پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کردیا

    تارکینِ وطن پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کردیا

    واشنگٹن : امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو میکسیکو سے امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو پناہ دینے پر پابندی عائد کرنے اجازت دینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی عدالت نے ٹرمپ انتطامیہ کی درخواست کو مسترد کردیا، جس کے تحت صدر نے میکسیکو سے امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو پناہ دینے پر پابندی عائد کی تھی۔

    یاد رہے صدر ٹرمپ نے 9 نومبر کو اپنے ایک حکم نامے میں کہا تھا کہ حکام صرف انہی تارکینِ وطن سے پناہ کی درخواستیں قبول کریں گے جو امریکی سرحدی گزرگاہوں پر واقع طے شدہ سرکاری مراکز میں خود پیش ہو کر درخواست دیں گے۔

    بعد ازاں شہری آزادیوں کے تحفظ اور تارکینِ وطن کے حقوق کے لیے سرگرم انجمنوں نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیاتھا، تنظیموں کا موقف تھا کہ صدر ٹرمپ کا حکم نامہ امریکہ کے انتظامی اور امیگریشن قوانین کے برخلاف ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کے قافلے کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا اور تارکین وطن کو روکنے کے لیے میکسیکو سرحد پرفوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تارکین وطن کے قافلے کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار

    امریکی صدر نے قافلے میں شامل ہزاروں تارکین وطن کوگینگسٹرقراردیتے ہوئے کہا تھا کہ گینگ ممبرز اور دیگر مجرم تارکین وطن کے روپ میں داخل ہونا چاہتے ہیں، میکسیکوکی سرحد پرہماری فوج تارکین کا انتظارکررہی ہے، غیرقانونی طور پرداخل ہونے والوں کو گرفتارکیا جائے گا۔

    خیال رہے یہ پہلا موقع نہیں جب کسی امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم نامہ معطل کیا ہو، ماضی میں بھی امریکی عدالتیں صدر ٹرمپ کی جانب سے بعض ملکوں کے تارکینِ وطن کی امریکہ آمد پر پابندی عائد کرنے کے خلاف فیصلے دے چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کا عزم کیا تھا کہ ملک کے جنوب میں واقع میکسکو کی سرحد کی حفاظت کے لیے وہ امریکی فوج تعینات کریں گے۔

    امریکی صدر نے اس سے قبل غیر قانونی تارکین وطن کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شمالی امریکہ کے آزاد تجارت کے معاہدے ’نافٹا‘ کو بھی ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔