Tag: معمر افراد

  • سعودی عرب کا معمر افراد کیلیے بڑا فیصلہ

    سعودی عرب کا معمر افراد کیلیے بڑا فیصلہ

    سعودی عرب نے مملکت کے عمر رسیدہ افراد کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انہیں پریولیج کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سبق نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت۔ مملکت کے معمر افراد کے لیے فلاحی منصوبہ سامنے لائی ہے جس میں انہیں دیکھ بھال اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے پریولیج کارڈ جاری کیا جائے گا۔

    وزارت افرادی قوت کی ڈائریکٹر جنرل ابتسام الحمیزی نے گزشتہ روز معمر افراد کی سوسائٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 60 برس سے زائد عمر کے افراد کی سہولت کے لیے انہیں پریولیج کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ یہ کارڈ توکلنا ایپ پر اگلے دو ماہ تک جاری کر دیے جائیں گے۔

    ابتسام الحمیزی نے کہا کہ مملکت میں سن رسیدہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے 23 نکاتی ضوابط وضع کیے گئے ہیں. جن میں ان کے حقوق اور واجبات کو بیان کیا گیا ہے جس کے تحت وہ سعودی شہری جن کی عمر 60 یا اس سے زائد ہے۔ انہیں معاشرے میں بہترسہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ کارڈ مخصوص پارکنگ سمیت دیگر سہولتوں کے لیے کارآمد ہوگا اور مقررہ ضوابط کے مطابق پریولیج کارڈ کے معمر شخص کو مقررہ سرکاری یا نجی اداروں میں سہولتیں فراہم نہ کرنے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

  • معمر افراد سے بدسلوکی کی سزا لاکھوں ریال جرمانہ ہوسکتی ہے

    معمر افراد سے بدسلوکی کی سزا لاکھوں ریال جرمانہ ہوسکتی ہے

    ریاض: سعودی حکام نے متنبہ کیا ہے کہ ریاست میں بزرگ افراد کو بے شمار حقوق حاصل ہیں اور ان سے بدسلوکی کی سزا 1 برس قید اور 5 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق 15 جون کو منائے جانے والے معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر، ریاست کی جانب سے بزرگوں کو حاصل حقوق سے متعلق آگاہی مہم چلائی گئی۔

    سعودی عرب میں بزرگ کل آبادی کا 6 فیصد ہیں، سنہ 2030 تک ریاست کی 15 فیصد آبادی ان افراد پر مشتمل ہوگی جن کی عمر 60 سال سے تجاوز کرچکی ہوگی۔

    مملکت میں 81 فیصد سرکاری اداروں میں بزرگوں کو مناسب سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، سعودی قانون میں بزرگوں کے حقوق بھی مقرر ہیں۔

    قانون کے مطابق معمر افراد کو اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہنے کا حق دیا گیا ہے اور ان کی مرضی کے بغیر ان کی دولت میں تصرف کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

    سعودی قانون میں بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی پر 1 برس قید اور 5 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہے۔

  • ابو ظہبی: معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف

    ابو ظہبی: معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں معمر افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج متعارف کروا دیا گیا ہے، اس سے قبل نجی کمپنیوں کی انشورنس خاصی مہنگی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ صحت نے معمر افراد کے لیے سالانہ 750 درہم میں میڈیکل انشورنس پیکج متعارف کروا دیا۔

    ابو ظہبی میں مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ انشورنس کمپنیاں 60 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکج جاری کرنے کے سلسلے میں پریشان کر رہی ہیں۔

    ابو ظہبی میں مقیم غیر ملکیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ میڈیکل انشورنس کمپنیوں کو سستے پیکج جاری کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ پیکج ایسے ہوں جنہیں معمولی آمدنی والے بھی برداشت کرسکیں یا خاندانوں کی آمدنی سے مطابقت رکھتے ہوں۔

    انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ میڈیکل انشورنس پیکج میں کئی چیزیں اہم ہوتی ہیں، عمر، مریضوں کا ریکارڈ، صحت سہولیات، میڈیکل نیٹ ورک، علاج کے اخراجات میں شراکت کی شرح اور کوریج کا دائرہ کار وغیرہ۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل انشورنس پیکج کی طرف سے رقم ماہرین کی جانب سے متعین کی جاتی ہے جو وہ پیشہ ورانہ بنیاد پر رقم متعین کرتے ہیں۔

    ابو ظہبی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی میں مقیم معمر افراد کے لیے انشورنس کمپنیاں جو میڈیکل پیکج جاری کر رہی ہیں وہ کئی طرح کے ہیں، چار قسم کے میڈیکل انشورنس پیکج پیش کیے جارہے ہیں۔

    سب سے سستا پیکج 750 درہم کا ہے، اس کا اہتمام حال ہی میں کروایا گیا ہے۔

  • برطانیہ: معمر افراد کو کام پر واپس لانے کے لیے نئے منصوبے کا اعلان

    برطانیہ: معمر افراد کو کام پر واپس لانے کے لیے نئے منصوبے کا اعلان

    لندن: برطانیہ نے نیا بجٹ پیش کر دیا، بجٹ تقریر میں 50 برس سے زائد عمر کے افراد کو کام پر واپس لانے کے لیے نئے منصوبے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی چانسلر خزانہ جیریمی ہنٹ نے نئے مالی سال کا بجٹ پیش کر دیا، نئے مالی سال کے بجٹ میں بینیفٹس، چائلڈ کیئر اور پنشن سے متعلق اصلاحات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بجٹ میں انرجی بلز کی مد میں ڈھائی ہزار پاؤنڈ سالانہ کی پرائس کیپ اسکیم میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے، پری پیمنٹ میٹر کے تحت صارفین کو زائد رقم ادا نہیں کرنی پڑے گی، اس سے چالیس لاکھ گھرانوں کو سالانہ 45 پاؤنڈ کی بچت ہوگی۔

    ہڑتالوں کے باعث برطانیہ کو کارکنوں کی شدید قلت کا سامنا ہے، اس لیے برطانوی حکومت نے مزید لوگوں کو کام پر لانے اور ملک کو سرمایہ کاری کا ایک پرکشش مقام بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو تیز کر دیا ہے، بدھ کے روز بجٹ میں اسی لیے مفت چائلڈ کیئر، گھریلو توانائی کی سبسڈی میں توسیع اور کاروباری سرمایہ کاری کی ترغیبات کو بڑھانے کا اعلان کیا گیا۔

    برطانیہ کو اس وقت دوہرے ہندسے کی افراط زر، بڑھتی ہوئی شرح سود اور مزدوروں کی وسیع ہڑتالوں کا سامنا ہے، نئے بجٹ کے ساتھ وزیر اعظم رشی سُنک کو رواں برس معیشت کو وسعت دینے اور اسے جمود سے نکالنے کے لیے جنوری میں کیے گئے وعدے کو پورا کرنا ہوگا۔

    بجٹ کے مطابق برطانیہ میں آئندہ پانچ برسوں میں دفاع کے لیے بھی 11 بلین پاؤنڈ خرچ کیے جائیں گے۔

  • معمر افراد کووڈ 19 کے زیادہ خطرے کا شکار کیوں ہوتے ہیں؟

    معمر افراد کووڈ 19 کے زیادہ خطرے کا شکار کیوں ہوتے ہیں؟

    کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد سے معمر افراد کو اس بیماری سے شدید خطرہ رہا ہے، اب ماہرین نے اس کی ممکنہ وجہ دریافت کرلیا ہے۔

    امریکا کی براؤن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں ان خلیاتی اور مالیکیولر سرگرمیوں کی وضاحت کی گئی جن کے باعث معمر افراد میں کووڈ 19 لاحق ہونے اور اس سے سنگین طور پر بیمار ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ایک پروٹین کی سطح میں عمر بڑھنے اور دائمی امراض میں مبتلا ہونے پر اضافہ ہوتا ہے، اس پروٹین کی سطح جتنی زیادہ ہوتی ہے ان میں کووڈ سے متاثر ہونے اور سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ اتنا زیادہ ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے نہ صرف کرونا وائرس کے پیچیدہ میکنزمز کے جواب ملے ہیں بلکہ اس سے وائرل انفیکشن کو کنٹرول کرنے کے لیے علاج کی تشکیل میں مدد بھی مل سکے گی۔

    تحقیقی ٹیم کی جانب سے انزائمے اور انزائم جیسے مالیکیولز اور اس جیسے پروٹینز پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔ ٹیم کی جانب سے کہا گیا کہ ہم کافی عرصے سے اس جین فیملی پر تحقیق کر رہے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ یہ متعدد حیاتیاتی اثرات مرتب کرتا ہے، یہ صحت اور امراض کے حوالے سے انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس پروٹین کی سطح انفیکشن کے دوران بڑھ جاتی ہے بالخصوص ایسے امراض کے دوران جو ورم اور ٹشوز میں تبدیلیاں لاتے ہیں، یہ سب کووڈ 19 کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

    تحقیق کے مطابق بڑھاپے میں بھی قدرتی طور پر اس پروٹین کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے جس کے باعث ان میں کووڈ کی شدت زیادہ ہونے کا امکان بڑھتا ہے۔ ماہرین نے دریافت کیا کہ یہ پروٹین ایس 2 ریسیپٹر کو بھی متحرک کرتا ہے جس کو کرونا وائرس خلیوں کو متاثر کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    اس دریافت کے بعد ماہرین نے ایک مونوکلونل اینٹی باڈی ایف آر جی کو تیار کیا جو مخصوص حصے میں اس پروٹین کو ہدف بناتی۔ ماہرین کے مطابق یہ اینٹی باڈی اور ایک مالیکیول ایس 2 ریسیپٹر کو بلاک کرنے میں مؤثر ثابت ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس طرح وائرس میزبان کے نظام میں داخل نہیں ہو پاتا جس کے نتیجے میں بیماری کی شدت کم ہوجاتی ہے۔ اب یہ تحقیقی ٹیم یہ دیکھ رہی ہے کہ کس طرح اینٹی باڈیز اور مالیکیولز کرونا وائرس کی مختلف اقسام پر اثرات مرتب کرتے ہیں۔

  • پاکستانی نوجوانوں کا کاررنامہ، معمر افراد کا خیال رکھنے والی گھڑی تیار کرلی

    پاکستانی نوجوانوں کا کاررنامہ، معمر افراد کا خیال رکھنے والی گھڑی تیار کرلی

    اسلام آباد: پاکستانی نوجوانوں نے ایسی اسمارٹ واچ (جدید گھڑی) تیار کرلی جو معمر افراد بالخصوص مریضوں کی دیکھ بھال میں خاصی مددگار ثابت ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اسد رضا اور ابرہیم علی شاہ کا شمار اُن نوجوانوں میں ہوتا ہے جو پاکستان میں ٹیکنالوجی کی مدد سے طبی سہولیات کی فراہمی ٹیکنالوجی کے خواہش مند ہیں۔

    نوجوانوں نے رعشہ کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی گھڑی تیار کی جس کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار بڑھا کر ہرقسم کے معمر افراد اور مریضوں تک اس کو پھیلا دیا۔

    اس گھڑی کو ایک موبائل ایپ سے منسلک کیا گیا جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس اسمارٹ فون میں انسٹال کر کے چلائی جاسکتی ہے، کسی بھی معمر شخص یا مریض کو اگر یہ گھڑی پہنا دی جائے تو اُس کی غیر معمولی حرکات اور معمولات سے طبی تبدیلیوں اور خطرات کا انداز باآسانی لگایا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: انسانی تاثرات سمجھنے والی خاتون روبوٹ کی انوکھی خواہش

    یہ گھڑی جس شخص کی کلائی پر بندھی ہو اُس کے دل کی دھڑکن اور جسم میں ہونے والی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کرتی ہے اور کسی بھی ہنگامی حالت کی صورت میں بذریعہ میسج آپ کو صورتحال سے آگاہ کرتی ہے۔

    نوجوان اسد رضا کا بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’گھڑی میں کچھ ایسے فیچرز شامل کیے گئے جس کی مدد سے نگران شخص کو فوری طور پر اطلاع مل جائے گی کہ مریض یا معمر شخص زمین پر گر گیا‘۔

    اسمارٹ فوچ وائی فائی سے منسلک رہتی ہے اور اس دوران اگر پہنے ہوئے شخص کو کوئی معاملہ پیش آئے یا اُس کی طبیعت خراب ہو تو نگران شخص جس کے موبائل میں یہ ایپ انسٹال ہے اُسے بذریعہ الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا اور اس طرح متاثرہ شخص کی فوری مدد یا طبی امداد کی جاسکے گی۔

    اسے بھی پڑھیں: بنکاک میں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے روبوٹ نرسیں متعارف

    نوجوانوں کے مطابق اسمارٹ وچ ایپ اسپتالوں، نرسنگ ہومز اور گھروں پر آسانی کے ساتھ استعمال کی جاسکتی ہے، اس کے سافٹ ویئر کی سالانہ فیس ہے جو صارف کو ادا کرنی ہوگی، مقامی سطح پر ایپ کی تیاری میں 2 سے ڈھائی لاکھ روپے لاگت آئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔