Tag: معمر خاتون

  • بجلی کا بل ٹھیک کرانے آئی معمر خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکالنے والا  لیسکو گارڈ معطل

    بجلی کا بل ٹھیک کرانے آئی معمر خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہر نکالنے والا لیسکو گارڈ معطل

    شیخوپورہ : پاور ڈویژن شیخوپورہ نے معمر خاتون سے بدتمیزی اور ناروا سلوک پر سخت اقدامات کرتے ہوئے سیکورٹی گارڈ کو فورا معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں لیسکو گارڈ کی معمر خاتون سے بے توقیری کے واقعے پر پاور ڈویژن کا سخت ردعمل سامنے آیا۔

    پاور ڈویژن نے شیخوپورہ سرکل میں لیسکو گارڈ کو فوری طور پر معطل کردیا ، ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی گارڈ کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہے ، سیکورٹی گارڈ اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے، قانون شکنی اور عوام کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام ڈسکوز کو فوری اقدامات اور ہدایات تمام دفاتر کو جاری کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں اور سیکورٹی گارڈ کو نوکری سے برخاست کرنے کیلیے محکمانہ کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : بجلی کا بل ٹھیک کروانے آئی خاتون کو گارڈ نے گھسیٹ کر باہر نکال دیا

    ترجمان کے مطابق تین دن کے اندر انکواری رپورٹ مکمل کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں، بجلی کے صارفین ہمارے لئے انتہائی معزز ہیں پاور ڈویژن اس انفرادی عمل پر معمر خاتون اور دیگر صارفین سے معذرت خواہ ہے۔

    گذشتہ روز واپڈا کمپلیکس شیخوپورہ میں بزرگ خاتون سے انسانیت سوزواقعہ پیش آیا تھا ، جہاں بجلی بل ٹھیک کرانے آئی بزرگ خاتون سے سیکیورٹی گارڈ نے نارواسلوک کیا تھا۔

    بزرگ خاتون سیکیورٹی گارڈ کی منت سماجت کرتی رہی لیکن سیکیورٹی گارڈ نے بزرگ خاتون کو گھسیٹ کر گیٹ سے باہرنکال دیا تھا۔

    بزرگ خاتون سے انسانیت سوز سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ایس سی او واپڈا نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا اور کہا تھا کہ کسی کے ساتھ ناروا سلوک قبول نہیں۔

  • سعودی نوجوان نے آسٹریلیا میں معمر خاتون کی جان بچا لی

    سعودی نوجوان نے آسٹریلیا میں معمر خاتون کی جان بچا لی

    میلبورن: آسٹریلیا میں زیر تعلیم سعودی نوجوان ڈاکٹر نے ایک مقامی معمر خاتون کی مدد کر کے سب کے دل جیت لیے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سعودی نوجوان کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض کے اسکالر شپ پر میلبورن کے آسٹن اسپتال میں ہاؤس جاب کرتے ہیں، وہ ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہے تھے کہ کار پارکنگ میں انہیں ایک معمر خاتون خون میں لت پت زمین پر پڑی دکھائی دیں، جو کسی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوئی تھیں۔

    عبدالالہ ندا العنزی نے یہ صورتحال دیکھ کر فوری طور پر خاتون کو ہوش میں لانے کی کوشش کی، خاتون کے ہمراہ ان کا نواسہ بھی تھا۔

    سعودی نوجوان نے انہیں تسلی دی اور پھر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سے رابطہ کیا، فوری طور پر اسپتال کی ایمرجنسی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا۔

    ایمرجنسی وارڈ میں داخل کروائے جانے کے بعد بھی سعودی نوجوان خاتون کی صحت کے حوالے سے متفکر رہے اور وہیں موجود رہے، العنزی خاتون کے نواسے کو بھی تسلی دیتے رہے جو بہت گھبرایا ہوا تھا اور مسلسل رو رہا تھا۔

    سعودی نوجوان کی بروقت مدد کی بدولت خاتون کی جان بچ گئی، آسٹن اسپتال کے منتظمین نے ہمدردانہ اقدام پر عبدالالہ العنزی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے قابل قدر مثال قائم کی ہے۔

    یاد رہے کہ سعود ی نوجوان نے آسٹریلیا کی ڈیکن یونیورسٹی سے حال ہی میں ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے۔

  • ورڈل گیم نے 80 سالہ مغوی خاتون کی جان کیسے بچائی؟

    ورڈل گیم نے 80 سالہ مغوی خاتون کی جان کیسے بچائی؟

    آن لائن پہیلی گیم ورڈل دنیا بھر میں مقبول ہورہا ہے، حال ہی میں اس گیم کی وجہ سے ایک 80 سالہ خاتون کی جان بچ گئی جو ڈاکو کے ہتھے چڑھ گئی تھیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈینس ہولٹ ایک ریٹائرڈ ٹیچر ہیں جو اپنے گھر میں سورہی تھیں، آدھی رات کو ایک چاقو بردار شخص ان کے گھر میں گھس گیا اور انہیں نیند سے بیدار کرنے کے بعد کہنے لگا کہ اگر شور مچایا تو وہ چاقو سے انہیں کاٹ دے گا۔

    اس شخص نے معمر خاتون کو بغیر خوراک اور دوائیوں کے ان کے تہہ خانے میں بند کردیا، لیکن انہیں ورڈل گیم نے بچالیا۔

    مغربی ساحل پر ہزاروں میل دور اس کی دو بیٹیوں میں سب سے بڑی بیٹی نے دیکھا کہ اس کی والدہ نے اپنے ورڈل اسکور پر ٹیکسٹ نہیں کیا جیسا کہ وہ عام طور پر ہر روز کرتی تھیں اور یہ اس کے لیے پریشان کن تھا۔

    بہن بھائیوں نے اپنی ماں سے ان کے لینڈ لائن پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہیں ہوا تو انہوں نے پڑوسی کی مدد لی جنہوں نے گھر جا کر دروازہ کھٹکھٹایا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

    پڑوسیوں نے کوئی جواب نہ ملنے کے بعد پولیس کو بلایا، جب وہ ارد گرد گئے تو انہوں نے اسے چیختے ہوئے سنا کہ میں یہاں تہہ خانے میں ہوں، مجھے بچاؤ۔

    پولیس نے انہیں بازیاب کرلیا اور اوپر والے بیڈ روم میں چاقو بردار 32 سالہ شخص کو بھی گرفتار کرلیا، پولیس کا خیال ہے کہ ملزم ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • سعودی عرب: 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    سعودی عرب: 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب

    ریاض: سعودی عرب میں 101 سالہ خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، سعودی عرب میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 101 سالہ معمر خاتون کرونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں، انہیں سنیچر کو اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

    ریاض کی کنگ سعودی یونیورسٹی کے زیر انتظام میڈیکل سٹی نے کہا ہے کہ معمر خاتون کنگ خالد اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    میڈیکل سٹی نے صحتیاب ہونے والی معمر خاتون کی شناخت خفیہ رکھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خاتون کا کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں اسپتال سے رخصت کر دیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 95 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

    سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی کے مطابق وزارت صحت نے مملکت بھر میں 16 ہزار 130 لیبارٹریاں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے مہیا کر رکھی ہیں۔ یہ لیبارٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اپنے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے۔

  • ٹریفک پولیس اہلکارسے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

    ٹریفک پولیس اہلکارسے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد میں ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون معمر خاتون سے بدتمیزی کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکارسے بدتمیزی کرنے والی خاتون کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی، ویڈیو میں خاتون عوامی مقام پر معمر خاتون سے بدتمیزی کرتے دیکھی جا سکتی ہے۔

    ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون معمر خاتون سے بدتمیزی اور ہراساں کر رہی ہے۔

    کراچی میں خاتون کی ٹریفک پولیس اہلکار سے بدتمیزی، مقدمہ درج

    خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی میں خاتون نے خیابان شجاعت سے خیابان شہباز کا سگنل توڑا، ٹریفک پولیس نے بدر کمرشل پر گاڑی روک لی۔

    ٹریفک پولیس اہلکار کی جانب سے روکے جانے پر خاتون شرمندہ ہونے اور اہلکار سے تعاون کرنے کے بجائے کسی سے فون پر بات کررہی تھی اور مسلسل اہلکار پر بااثر ہونے کا رعب جھاڑ رہی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر خیابان شہباز پر پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، مقدمہ تھانہ درخشاں میں کار سرکار میں مداخلت پر درج کیا گیا تھا۔