Tag: معیشت

  • پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری

    پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے پروگرام کے تحت خاطر خواہ بہتری آئی ہے، دسمبر تک کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی حکام سے تمام معاشی شعبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، تمام تر پیشرفت آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے فیصلے میں مدد گار ثابت ہوگی، معاشی سرگرمیاں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

    آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی آئی ہے، روپےکی قدرمیں کمی کے بعد مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی آنی چاہیے، رسد سے متعلق مسائل عارضی ہیں، ترقیاتی، سماجی اخراجات میں اضافہ ہوا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مالیاتی کارکردگی مستحکم رہی، مقامی ٹیکس وصولی میں اضافے سے پرائمری سرپلس حاصل ہوا، پہلے 6 ماہ میں پرائمری سرپلس جی ڈی پی صفر اعشاریہ 7 فیصد رہا۔

  • ڈالر مصنوعی سستا رکھ کر عوام کو ٹوتھ پیسٹ تک امپورٹڈ استعمال کروایا گیا: حفیظ شیخ

    ڈالر مصنوعی سستا رکھ کر عوام کو ٹوتھ پیسٹ تک امپورٹڈ استعمال کروایا گیا: حفیظ شیخ

    اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن خود آئی ایم ایف کے پاس گئی اور اب ہم پر تنقید کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں نے ڈالر کو مصنوعی سستا رکھ کر عوام کو ٹوتھ پیسٹ تک امپورٹڈ استعمال کروایا۔ مجموعی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بڑے حقائق ہیں جن کا سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں، پاکستان کے حقائق کے بارےمیں سمجھ ہونی چاہیئے۔ استحکام کی بات کرتے ہیں تو اس چیز کو بھی سامنے رکھنا چاہیئے۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن صبر کے ساتھ 2023 کے انتخابات کا انتظار کرے، معیشت کے اثرات براہ راست لوگوں پر پڑ رہے ہیں۔ پڑھے لکھے لوگوں کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ کھڑے ہونا ہے تو اپنے لوگوں پر دھیان دینا ہوگا۔ پاکستان کبھی بھی ٹیکس کلیکشن میں اچھے انداز میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسے دور بھی آئے جب ترقی کی رفتار میں کچھ تیزی آئی، 1960 کی دہائی میں جو ترقی کی رفتار بڑھی وہ 4 سال میں ختم ہوگئی، دیکھنا ہوگا ایسے کیا مسائل ہیں جو ترقی کی رفتار کے اضافے میں رکاوٹ ہیں، ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے عوامی مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام مسائل کی جڑ 30 ٹریلین کا قرض ہے، حکومت پر تنقید کی جارہی ہے کہ قرض میں اضافہ کیا۔ آنے والے 2 سال میں 5 ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کرنا تھا۔ حکومت آئی تو جاری کھاتوں کا خسارہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ تھا۔ جاری کھاتوں کا خسارہ بتاتا ہے کہ کیا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 95 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ اور سالانہ خسارہ 20 ارب کا بوجھ تھا، ماضی کے دور حکومت میں اوور ویلیو ریٹ پر فکس رکھا گیا، کرنسی کی ویلیو کسی بادشاہت کا حکم نہیں جو رک جائے گی۔ کرنسی کی قدر کو روکنے کے لیے ڈالرز جھونکنے پڑتے ہیں۔ گزشتہ حکومت کی پالیسی کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر آدھے ہوگئے۔

    حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بحران یہ ہے کہ ہمارے پاس ڈالرز نہیں ہیں، ہم نے قرضہ بھی 95 ارب ڈالرز میں ہی لیا تھا۔ برآمدات ہی ڈالرز کمانے کا واحد ذریعہ ہے اور اس میں اضافے کی رفتار زیرو تھی، ڈالر سستا ہونے سے لوگ درآمدات کی طرف مائل ہوئے۔ ڈالر مصنوعی سستا رکھ کر ہر لگژری آئٹم درآمد کیا گیا۔ ڈالر مصنوعی سستا رکھنے سے ہمارے برآمد کنندگان متاثر ہوئے۔ ڈالرسستا رکھ کر عوام کو ٹوتھ پیسٹ تک امپورٹڈ استعمال کروایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ توانائی سیکٹر پاکستان کے لیے تباہی کا باعث بن سکتا ہے، ہم توانائی سیکٹر میں گھمبیر مسائل کے حل میں ناکام رہے ہیں۔ یہ نمبرز کا کھیل نہیں ان کا تعلق انسانوں کی زندگیوں سے ہے۔ تیل کی مؤخر ادائیگی کی سہولت دوست ممالک سعودی عرب سے ملی۔ آئی ایم ایف کے پاس کوئی خوشی سے نہیں جاتا حالات مجبور کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف سے آسان شرائط پر 6 ارب ڈالر حاصل کیے۔ آئی ایم ایف کی وجہ سے دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھا کہ پاکستان معاشی بہتری کی طرف جا رہا ہے۔

    مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ فوج کے بجٹ کو فریز کرنا بڑا فیصلہ تھا، پاک فوج کی قیادت نے حکومت کی مدد کی۔ وزیر اعظم ہاؤس اور ایوان صدر کے بجٹ میں کمی کی گئی، کابینہ کی تنخواہوں میں کمی کی گئی، اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے ہم نے سخت بجٹ بنایا۔ حکومت نے اسٹیٹ بینک سے صفر قرضہ لیا، ایکسپورٹرز اور غریب عوام کے لیے اقدامات کیے، سوشل سیفٹی نیٹ کے بجٹ کو 192 ارب کیا ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ایکسپورٹرز پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، ایکسپورٹرز کو بجلی اور گیس پر سبسڈی دی جائے گی، سبسڈی کا مطلب ہے کہ حکومت ایکسپورٹرز کے بلز میں حصہ ڈالے گی، ایک ہزار 660 خام مال پر ٹیکس میں چھوٹ دی۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے 7 ماہ میں برآمدات میں 5 فیصد کا اضافہ ہوا، ہمارے ٹیکسٹائل اور دیگر ایکسپورٹرز نے کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلے سال میں ہم جاری کھاتوں کا خسارہ 20 ارب سے 13 ارب ڈالر پر لے آئے، اس سال نان ٹیکس ریونیو کا ٹارگٹ 11 سو ارب روپے ہے، ہم اس سال نان ٹیکس ریونیو سے 15 سو ارب روپے حاصل کرلیں گے۔ مجموعی طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ حکومت نے مزید کوئی قرضہ نہیں لیا، قرض میں اضافہ ڈالر مہنگا ہونے سے ہوا۔

  • کرونا وائرس: چین میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر

    کرونا وائرس: چین میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر

    بیجنگ: چین میں کرونا وائرس نے معیشت پر بھی کاری وار کردیا، ملک میں مہنگائی کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے چین میں مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور چین میں افراط زر کی شرح 8 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق چین میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 5.4 فیصد ہوگئی۔

    چین میں شرح نمو میں کمی کا سلسلہ گزشتہ سال بھی جاری رہا تھا، ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق سنہ 2019 میں مجموعی طور پر چینی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد رہی، جو گزشتہ 29 برسوں میں سب سے کم شرح نمو ہے۔

    اس سلسلے میں حکومت کا کہنا تھا کہ معیشت کو دباؤ اور عدم استحکام جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی نے چین کی معاشی ترقی کی رفتار کو اس سطح تک پہنچایا ہے۔ گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی اشیا پر اضافی ٹیکس عائد کیا تھا جس سے چینی برآمدات پر برا اثر پڑا۔

    تب بھی معاشی ماہرین نے جن بدترین اثرات کا خدشہ ظاہر کیا تھا وہ سامنے نہیں آئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صدی کے پہلے عشرے میں چینی معیشت کی شرح نمو 10 فیصد سے کم نہیں ہوئی، اگرچہ گزشتہ برس چینی معیشت کی ترقی کی شرح کم ہوئی ہے لیکن دنیا کی دوسری بڑی معیشتوں کی نسبت، چینی معیشت اب بھی بہت آگے ہے۔

  • معیشت کے استحکام کے بعد توجہ عوام کو ریلیف کی فراہمی پر ہے،وزیراعظم

    معیشت کے استحکام کے بعد توجہ عوام کو ریلیف کی فراہمی پر ہے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معیشت کے استحکام کے بعد توجہ عوام کو ریلیف کی فراہمی پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ممبران نے درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی ضرورتوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نہایت مشکل اور نامساعدمعاشی حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، معیشت کے استحکام کے بعد توجہ عوام کو ریلیف کی فراہمی پر ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو کے لیے انتظامی طور پر ہرممکنہ اقدام اٹھا رہی ہے، طلب ورسد سے متعلق جامع منصوبہ بندی پر توجہ دی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں بجلی وگیس منصوبوں میں سیاسی وابستگیوں کو بنیاد بنایا جاتا تھا، غلط پالیسیوں کی وجہ سے نقصانات پر قابوکی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان میں سیاحتی شعبے کو ترقی دینےکی بے انتہا صلاحیت موجود ہے۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع اور دیگرمعاشی فوائدحاصل کریں گے، قدرتی حسن اور ماحولیات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکےگا۔

  • تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،علی زیدی

    تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،علی زیدی

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تعمیراتی شعبے چلتے ہیں تو روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وفاقی وزیر علی زیدی نے نمائش کی افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو ریگولیٹ کرنا ہوگا، دنیا بھر میں تعمیراتی شعبہ اہم سیکٹر ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو تعمیرات ہوئی اس میں بہت کچھ غیرقانونی کام بھی ہوئے، کے پی ٹی کی بھی قیمتی زمینوں پر تجاوزات کرلی گئی ہیں، دو تین علاقوں کو لے کر ایک پلان مرتب کیا ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ کے پی ٹی کی زمین پر جو گھر بن گئے ہیں ان پر پلان کے تحت کام ہوگا، پہلے پلان کے تحت مارچ میں تجاوزات کے خلاف کام ہوگا، دوسرے مرحلے میں تجاوزات پر کام کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت خاص طور پر غریب افراد کے لیے کام کر رہی ہے، احساس پروگرام اس کا ثبوت ہے، ہم ایک پلان تیار کر رہے جس سے لوگوں کا لائف اسٹائل چینج ہو۔

    وفاقی وزیر کے مطابق بہت سارے علاقے ایسے جنہیں ری ڈویلپمنٹ کی ضرورت ہے، کے پی ٹی کی چھتری تلے ایک پراجیکٹ شروع کریں گے، محمدی ہاؤس آئی آئی چندریگر روڈ پر بلڈنگ کو ٹھیک کرنا ہے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لیے منصوبے کا اعلان ہوگا، کے پی ٹی کی زمین پر سستے گھروں کی تعمیر کا پلان وزیر اعظم ہاؤسنگ کا حصہ ہوگا۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے مزید کہا کہ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تعمیراتی شعبے چلتے ہیں تو روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

  • ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے، گورنر سندھ

    ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ منایا ان کو جاتا ہے جو روٹھے ہوئے ہوں، ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوانوں کو قابلیت پر رقم دی جا رہی ہے، یہ نوجوان ناصرف اپنے بلکہ ملک کی بہتری کے لیے کام کریں گے، ان کے پاس صلاحیت ہے اور عمران خان نے ان کو موقع دیا ہے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ نوجوان ملک کی معاشی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں گے، خان صاحب نے نوکریوں کا وعدہ کیا تھا یہ اس کا تسلسل ہے، یہ خان صاحب کے وعدے کے مطابق نوکریوں، روزگار کا آغاز ہے۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ 162ارب کے پیکج کی خوشخبری وزیراعظم پہلے ہی دے چکے ہیں، صوبے سے ورکنگ ریلیشن بہتر ہونے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سے کل اچھی بیٹھک ہوئی، مسائل حل ہو جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی منصوبوں پر جو کام چل رہا تھا وہ مکمل ہونے جا رہا ہے، چاہتے تھے ڈرامہ بازی نہ ہو، کام معیار کے مطابق ہو، منایا ان کو جاتا ہے جو روٹھے ہوئے ہوں، ایم کیو ایم روٹھی نہیں جوان کو منایا جائے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ 162ارب روپے این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہیں، یہ الزام ہے کہ یہ پیسے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، سندھ میں کام کرنے کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہوتی ہے، کوئی بھی صوبہ ہو سب میں صوبائی ایوارڈ دینا چاہیئے، وفاق اپنے پیسے دے چکا ہے،اب یہ صوبوں کا کام ہے۔

  • وزیراعظم پر جب بھی آزمائش آئی اللہ نے ان کو سرخرو کیا ہے، اسد قیصر

    وزیراعظم پر جب بھی آزمائش آئی اللہ نے ان کو سرخرو کیا ہے، اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی سمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر جب بھی آزمائش آئی اللہ نے ان کو سرخرو کیا ہے، ہم جب دینے والے بن جائیں گے تو اللہ ہمیں بھی نوازے گا۔

    تفصیلات کے مطابق زراعت کے جدید طریقوں پرغذائی تحفظ اور بلا سود قرضوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان پہنچا۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان کے پی کو پہنچا، جنگ کی وجہ سے سوات اور بونیر کے عوام کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے۔

    اسپیکر قومی سمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پر جب بھی آزمائش آئی اللہ نے ان کو سرخرو کیا ہے، ہم جب دینے والے بن جائیں گے تو اللہ ہمیں بھی نوازے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنے منشور کے مطابق کام کر رہی ہے، نئے پاکستان کا وعدہ پورا ہوگا اور پاکستان ترقی کرے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کا مستحق افراد کے لئے ایک اور منصوبہ

    وزیراعظم عمران خان 31 جنوری کو ‘احساس کفالت پروگرام’ کا آغاز کریں گے، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادار افراد کی مالی امداد کی جائے گی اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔

  • پاکستانی معیشت میں مدد فراہم کرنے پرایشین ڈیولپمنٹ بینک کے شکرگزار ہیں، حفیظ شیخ

    پاکستانی معیشت میں مدد فراہم کرنے پرایشین ڈیولپمنٹ بینک کے شکرگزار ہیں، حفیظ شیخ

    ڈیووس: مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں مدد فراہم کرنے پرایشین ڈیولپمنٹ بینک کے شکرگزار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں وزیراعظم عمران خان سے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے صدر نے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد اور بینک حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقاwت میں پاکستان کے معاشی معاملات میں بینک کے مثبت کردار پر بات چیت کی گئی۔

    صدرایشین ڈیولپمنٹ بینک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے بات چیت مثبت رہی، آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد ہم نے بھی پاکستان سے تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا، ایشین ڈیولپمنٹ بینک اور پاکستان ایک عرصے سے مل کر کام کر رہے ہیں۔

    ملاقات کے بعد مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت میں مدد فراہم کرنے پرایشین ڈیولپمنٹ بینک کے شکرگزار ہیں، امید ہے اے ڈی بی کے نئے صدر کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

    ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے نئے صدر کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون کے خواہاں ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سے یوٹیوب کی سی ای او کی ملاقات

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے ڈیوس میں آٹو میشن کمپنی سیمنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جوئی کائیسر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری پر مبنی مہارت کی منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • تاجر برادری سے کہتا ہوں ہمارے پارٹنر بنیں مشکلات ختم کریں گے، وزیراعظم

    تاجر برادری سے کہتا ہوں ہمارے پارٹنر بنیں مشکلات ختم کریں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تاجر برادری سے کہتا ہوں ہمارے پارٹنر بنیں مشکلات ختم کریں گے، تاجر برادری کو ہماری مدد کرنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم اور تاجروں کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے، معاشی ٹیم کی کارکردگی باعث مسرت ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ قوموں کے حکمران عوام کے ٹیکس کی ایک ایک پائی کا حساب دیتے ہیں، وزیراعظم بننے کے بعد پی ایم آفس اورہاؤس کے اخراجات میں نمایاں کمی کی، میرا کوئی کیمپ آفس نہیں، کوئی کاروبار شروع نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بیرون ملک دوروں میں اخراجات گزشتہ سربراہان کی نسبت 10 گنا کم کیے، ہمیں عوام کے پیسے کی قدر ہے،عوام کا پیسہ عوام کے لیے ہے، جب تک ٹیکس ادائیگی مناسب انداز میں نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قوم مقابلہ کرے تو مشکل سے مشکل وقت سے نکل سکتے ہیں، تنہا حکومت کچھ نہیں کرسکتی قوم کو بھی مدد کرنا ہوتی ہے، خوددار قوم کی دنیاعزت کرتی ہے، تاجروں سے درخواست کرتا ہوں ٹیکس جمع کرائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تاجربرادری کو ہماری مدد کرنی ہے، تاجربرادری سے کہتا ہوں ہمارے پارٹنر بنیں مشکلات ختم کریں گے، مہنگائی کا احساس ہے، کنٹرول کرنے کے لیے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں۔

  • کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا، وزیراعظم

    کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں
    درپیش چیلنجز،مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات سمیت ڈیجیٹل میڈیا سیکٹرمیں نوجوانوں کے لیے مواقع اور دیگر ایشوز پر گفتگو کی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی صورت حال سے نکل آیا ہے، نوجوانوں کے لیے آسان اقساط میں کاروبار کے لیے قرض دیں گے، کرپشن مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا اب بھی کردار ادا کر رہا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں ڈیجیٹل میڈیا بہترین کردار ادا کرسکتاہے، پاکستان کے درست تشخص کے لیے ڈیجیٹل میڈیا مؤثر ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں، اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار اہم ہے۔