Tag: مغربی بائی پاس

  • کوئٹہ : مغربی بائی پاس پر رکشہ اور بس میں خوفناک  تصادم، 5 مسافر زندہ جل گئے

    کوئٹہ : مغربی بائی پاس پر رکشہ اور بس میں خوفناک تصادم، 5 مسافر زندہ جل گئے

    کوئٹہ : مغربی بائی پاس رئیسانی ٹاؤن کے مقام پر لوڈر رکشا اور بس میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مغرب بائی پاس کے قریب پٹرول کے ڈرموں سے بھری بس اور رکشے کے درمیان تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 مسافر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعہ کلی رئیسانی کے علاقے میں اس وقت پیش آیا، جب پیٹرول کے ڈرموں سے لدا ایک لوڈر رکشہ مقامی مسافر بس کے عقب سے ٹکرا گیا جس سے بس میں آگ بھڑک اٹھی اور آگ تیزی سے پھیل گئی، جس سے بہت سے مسافر اندر پھنس گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جاں بحق اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافربس آتشزدگی واقعےکی تحقیقات شروع کردی گئیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مددو معاونت کی جائے گی، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    یاد ہرہے گذشتہ ہفتے کوئٹہ جانے والی مسافر ٹرین ٹیکسلا میں مارگلہ ٹنل کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی ، جس کے باعث راولپنڈی پشاور سیکشن کے درمیان ریلوے ٹریفک معطل ہو گئی تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    واقعے کے فوراً بعد مقامی پولیس، ریلوے پولیس اور ریلوے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاکہ واقعے کی تحقیقات کی جا سکیں اور مین ٹریک پر بحالی کا کام شروع کیا جا سکے۔

  • کوئٹہ: دھماکے سے تباہ گیس پائپ لائن کی مرمت شروع نہ ہوسکی

    کوئٹہ: دھماکے سے تباہ گیس پائپ لائن کی مرمت شروع نہ ہوسکی

    کوئٹہ: مغربی بائی پاس کے علاقے اخترآباد میں گزشتہ روز دھماکے سے متاثر ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام سیکیورٹی کلئرنس نہ ملنے کے باعث شروع نہ کیا جاسکا۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے مطابق گزشتہ روز مغربی بائی پاس کے علاقے اخترآباد میں نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے 18 انچ گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا تھا جس کے باعث کوئٹہ کے بیشتر علاقوں ائیرپورٹ روڈ، ہزار گنجی، نواں کلی، جناح ٹاؤن اے ون سٹی سمیت کچلاک پشین زیارت میں بھی گیس کی سپلائی گزشتہ 17 گھنٹوں سے معطل ہے۔

    گیس کی مین پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی

    حکام کے مطابق 18 انچ پائپ لائن کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں کی جاسکی جس کے باعث گیس کی فراہمی معطل ہے تاہم تباہ ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد آج شروع کیا جائے گا۔

    حکام کے مطابق پائپ لائن کے متاثرہ 8 فٹ کے حصے کو تبدیل کرنے میں 12 گھنٹے کا وقت درکار ہے تاہم سوئی سدرن کا عملہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کرے گا۔

  • کوئٹہ: گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مغربی بائی پاس کے قریب گیس ٹینکر میں دھماکے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب واقع گودام میں کھڑے ایل پی جی گیس ٹینکر میں دھماکے سے چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    جاں بحق افراد کی لاشیں بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کی گئیں، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ گیس کے باعث ریسکیو آپریشن میں دشواریاں پیش آئیں، آپریشن کے دوران 2 ریسکیو اہل کار وں کی حالت بھی غیر ہوئی۔ جاں بحق افراد کی شناخت نہیں کی جا سکی، ان کی عمریں 30 سے 40 کے درمیان ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مغربی بائی پاس پر گیس ٹینکر میں دھماکے سے متعلق ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ کنٹینر میں اسمگلنگ کے لیے چھالیہ چھپائی جا رہی تھی، چھالیہ رکھنے کے دوران گیس کے اخراج سے دھماکا ہوا، اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، گودام کے مالک سے بھی معلومات لے رہے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ٹرمینل کے گودام سے چھالیے کی بوریاں بھی برآمد ہوئی ہیں، ٹینکر ایل پی جی کا تھا، جس میں چھالیہ چھپائی جاتی تھی، گودام اسمگلنگ کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔