Tag: مغربی بنگال

  • باراتیوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل

    باراتیوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل

    بھارت کے مغربی بنگال کے پرولیا ضلع میں شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل ہوگئیں، شادی کی تقریب سے لوٹ رہے 9 افراد سڑک حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق باراتی جمعہ کی صبح

    جھارکھنڈ واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک خوفناک سڑک حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق نیمڈیہ بلاک کے تلائی تاڑ گاؤں کے 9 افراد ایک گاڑی میں شادی کی بارات لے کر مغربی بنگال کے پرولیا ضلع کے بلرام پور میں واقع ادابنا گاؤں گئے تھے۔

    شادی کی تقریب ختم ہونے کے بعد یہ تمام لوگ جمعہ کی صبح جھارکھنڈ-مغربی بنگال سرحد پر نامشول کے پاس سے گزر رہے تھے۔ جہاں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹریلر الٹ گیا اور بولیرو میں سوار تمام 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حادثے کی اطلاع ملتے ہی وقوعہ پر پہنچی اور تمام لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کیا، مقامی انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹریلر ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد نیمڈیہ لانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں بیٹی کی منگنی سے واپس آنے والا خاندان خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    واقعہ بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ہبلی میں پیش آیا جہاں خوفناک ٹریفک حادثے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ کار اور بس کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا تھا، مرنے والوں میں تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

  • کولکتہ ریپ کیس کے بعد ریاستی حکومت کا بڑا قدم، زیادتی کے مجرم کے لیے بڑی سزا کا بل منظور

    کولکتہ ریپ کیس کے بعد ریاستی حکومت کا بڑا قدم، زیادتی کے مجرم کے لیے بڑی سزا کا بل منظور

    کولکتہ: مغربی بنگال کی اسمبلی نے اینٹی ریپ بل متقفہ طور پر منظور کر لیا، وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بل کی منظوری کو تاریخی لمحہ قرار دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ ڈاکٹر ریپ کیس کے بعد ریاستی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے زیادتی کے مجرم کے لیے بڑی سزا کا قانون منظور کر لیا ہے، منظور شدہ بل میں زیادتی کے مجرم کے لیے سزائے موت تجویز کی گئی ہے۔

    ممتا بینرجی نے کہا کہ انسداد عصمت دری بل کا مقصد فوری تحقیقات، خواتین اور بچوں کے تحفظ کو مضبوط کرنا اور سزا میں اضافہ ہے، اس سے متاثرین کو جلد انصاف مل سکے گا۔ انھوں نے کہا ایک بار جب یہ بل منظور ہو جائے گا، ہم پولیس کی ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیں گے تاکہ جانچ کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے پر انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو دو خط بھی لکھے تھے لیکن انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

    اپوزیشن لیڈر سوویندو ادھیکاری نے بل پر کہا ’’ہم انسداد عصمت دری کے قانون کا فوری نفاذ چاہتے ہیں، یہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم نتائج چاہتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی مکمل حمایت کریں گے لیکن اس بات کی گارنٹی دینی ہوگی کہ اس بل کو فوری نافذ کیا جائے گا۔

    کولکتہ زیادتی کیس، پولیس کمشنر پر شواہد کے غلط استعمال کا الزام، جونئیر ڈاکٹرز نے دھرنا دے دیا

    کولکتہ میں ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کو 3 ہفتے ہو گئے ہیں، لیکن متاثرین کو اب تک انصاف نہیں مل سکا ہے۔ جونیئر ڈاکٹرز نے انصاف نہ ملنے پر پولیس ہیڈکوارٹر کے باہر دھرنا دے دیا ہے، اور سڑک بند کر دی ہے، مظاہرین نے پولیس کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

    لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے بعد کیا ہوا، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بتایا ’’لیڈی ڈاکٹر کا انتقال 9 اگست کو ہوا، میں نے مقتول کے والدین سے اسی دن بات کی جس دن واقعہ ہوا، ان کے گھر جانے سے پہلے انھیں تمام آڈیو، ویڈیو، سی سی ٹی وی فوٹیجز دی گئیں تاکہ وہ سب کچھ جان سکیں۔ میں نے ان سے صاف کہہ دیا کہ مجھے اتوار تک کا وقت دیں، اگر ہم اس وقت تک سب کو گرفتار نہیں کر پاتے ہیں تو میں اسے پیر کو سی بی آئی کے حوالے کر دوں گی۔‘‘

    ممتا نے مزید کہا ’’پولیس نے 12 گھنٹے میں مرکزی ملزم کو پکڑ لیا، میں نے پولیس سے کہا کہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں جا کر سزائے موت کے لیے درخواست دیں لیکن کیس سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔ اب ہم سی بی آئی سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم شروع سے سزائے موت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘‘

  • ماڈل دیویا قتل کیس میں اہم پیش رفت

    ماڈل دیویا قتل کیس میں اہم پیش رفت

    بھارت کی ماڈل دیویا پاہوجا قتل کیس میں بھارتی کرائم برانچ کو بڑی کامیابی مل گئی، قتل میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے سابق ماڈل دیویا پاہوجا کے قتل میں ملوث چوتھے ملزم بلراج گل کو گزشتہ روز مغربی بنگال کے کولکتا سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر بلراج گل نے سابق ماڈل کی لاش کو اپنے ساتھی روی بنگا کے ساتھ ملکر دریا میں پھینکا تھا۔

    بھارت میں ماڈل قتل، ویڈیو سامنے آگئی

    پولیس کے مطابق بلراج گل 10 دن پہلے دیویا کی لاش کے ساتھ بی ایم ڈبلیو کار میں فرار ہوا تھا، بلراج گل پر 50 ہزار روپے کا انعام تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ گروگرام پولیس نے بلراج گل کے بیرون ملک فرار ہونے کے امکان کے پیش نظر ایک دن پہلے ہی اس کے لیے لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا۔

    گروگرام پولیس نے مزید بتایا کہ قتل کے اہم ملزم ابھیجیت،  اوم پرکاش کو میگھا نامی لڑکی کے ساتھ پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ مذکورہ دو مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تعینات کی گئی جس کے بعد بلراج گل کو گرفتار کیا گیا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں 27 سالہ دیویا پاہوجا کو گڑگاؤں کے ایک ہوٹل میں سر پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

    ماڈل دیویا پاہوجا کو ایک ملزم کے مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں 7 سال جیل میں گزارنے کے بعد جون 2023ء میں بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔

  • اسپائیڈر مین کا بنگالی ڈانس

    اسپائیڈر مین کا بنگالی ڈانس

    موسیقی سنتے اور رقص ہوتا دیکھتے ہی ہر شخص کا دل گانے اور رقص کرنے کے لیے مچلنے لگتا ہے، بعض دفعہ موسیقی اتنی جاندار ہوتی ہے کہ سننے والے بے اختیار اس پر جھوم اٹھتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں اسپائیڈر مین کا کاسٹیوم پہنے ایک شخص بنگال کا روایتی رقص کر رہا ہے۔

    بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ریکارڈ کی جانے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ روایتی رقص کر رہے ہیں اور پس منظر میں روایتی ساز بھی بج رہے ہیں، مقامی افراد کے درمیان اسپائیڈر مین کا کاسٹیوم پہنے ایک شخص بھی محو رقص ہے۔

    اس شخص کی شناخت تو معلوم نہیں ہوسکی لیکن لوگوں نے اس رقص کے انداز کو بے حد سراہا۔

    ویڈیو کے کیپشن کے مطابق یہ ویڈیو ایک بازار میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں، انٹرنیٹ صارفین اسپائیڈر مین کے دلچسپ انداز پر ہنسنے کے ساتھ ساتھ اسے داد بھی دے رہے ہیں۔

  • ’مودی حکومت ہٹلر، اسٹالن، موسولینی سے بدتر ہے‘

    ’مودی حکومت ہٹلر، اسٹالن، موسولینی سے بدتر ہے‘

    کولکتہ: وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بینر جی نے مودی حکومت کو ہٹلر، اسٹالن، اور موسولینی سے بدتر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو کولکتہ میں ایک پریس کانفرنس میں بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے کہا بی جے پی حکومت ہٹلر، اسٹالن اور موسولینی سے بھی بدتر ہے۔

    انھوں نے کہا بی جے پی کی زیر قیادت حکومت کے تحت حالات اُس سے کہیں زیادہ بدتر ہیں، جو ایڈولف ہٹلر، جوزف اسٹالن یا بینیٹو مسولینی جیسے آمروں کے دور میں تھے۔

    حکمران جماعت پر تنقید کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ حکومت ریاستی معاملات میں مداخلت کے لیے مرکزی ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے، اور ملک کے وفاقی ڈھانچے کو تباہ کر رہی ہے۔

    ممتا بینر جی کا کہنا تھا کہ مرکزی ایجنسیوں کو جمہوریت کو بچانے کے لیے مکمل اختیارات دینے چاہئیں، ایجنسیاں با اختیار ہونی چاہئیں اور انھیں کسی سیاسی مداخلت کے بغیر غیر جانب دارانہ طور کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

    وزیر اعلیٰ مغربی بنگال نے نام لیے بغیر کہا کہ ایجنسیاں کام نہیں کر سکتیں کیوں کہ کوئی خود مختاری حاصل نہیں ہے، خود مختاری دو افراد اور بی جے پی کے ہاتھ میں ہے، اس طرح کی سیاسی مداخلت ایڈولف ہٹلر، جوزف اسٹالن یا موسولینی کے زمانے میں بھی نہیں تھی۔

  • کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا

    کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا

    نئی دہلی: انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر کی پالیسی کی خلاف ورزی پر اکاؤنٹ معطل کروانے والی اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف اب مغربی بنگال میں نفرت انگیز پروپگینڈا کرنے پر ایف آئی آر درج کر لیا گیا۔

    یہ ایف آئی آر ایک کارکن اور ترجمان رجو دتہ نے درج کروائی ہے جس نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ کنگنا نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کے امیج کو نقصان پہنچایا ہے اور انھیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، درخواست میں انھوں نے اداکارہ کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی سے متعلق مضحکہ خیز گفتگو کی تھی، جس پر درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ اداکارہ کے خلاف نفرت آمیز پروپگینڈے سے مغربی بنگال میں اشتعال کو ہوا دینے کے سلسلے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس سلسلے میں متعدد پوسٹس کیں۔

    خیال رہے کہ بنگال میں پولنگ کے بعد ہونے والے تشدد پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کنگنا نے بنگال کی وزیر اعلیٰ کو براہ راست نشانہ بنایا تھا جس پر یہ کارروائی کی گئی، ان کے ٹویٹس کے بعد کنگنا کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد انھوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرنا شروع کر دیا۔

  • نامعلوم کال کے بعد میڈیکل اسٹور دھماکے سے لرز اٹھا

    نامعلوم کال کے بعد میڈیکل اسٹور دھماکے سے لرز اٹھا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں میڈیکل اسٹور میں ہونے والے دھماکے نے علاقے میں سنسنی پھیلادی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مغربی بنگال کے علاقے کمرہٹی میں ایک میڈیکل اسٹور میں رکھے لاوارث بیگ میں دھماکا ہوا، دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل ذاکر حسین نامی تاجر کے پاس کے نامعلوم فون کالز کے زریعے دس لاکھ روپے بھتہ دینے کا کہا گیا تھا، جس پر تاجر نے مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: نئی دہلی میں بیوی کے سامنے شوہر قتل

    اسلام علی خان نامی تاجر کا کہنا  تھا کہ ایک شخص دوا خریدنے کے لئے میڈیکل اسٹور میں آیا تھا، پیسے کم پڑنے پر اس شخص نے دکاندار سے کہا کہ بیگ رکھ لوں، میں پیسے لے کر آتا ہوں، اس شخص کے میڈیکل اسٹور سے نکلتے ہی  دھماکا ہوا، دھماکے کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج میڈیکل اسٹور میں لگے کیمرے نے محفوظ کرلی ہے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا میڈیکل اسٹور میں کیوں ہوا اور اس کے مقاصد کیا تھے؟ ان سوالات کا جواب جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اور جلد ہی میڈیکل اسٹور میں بیگ رکھنے والے شخص کو جلد ہی ڈھونڈ نکالا جائے گا۔

  • کرونا کے مریضوں پر اینٹی بائیوٹکس کے استعمال کے حوالے سے اہم ہدایت

    کرونا کے مریضوں پر اینٹی بائیوٹکس کے استعمال کے حوالے سے اہم ہدایت

    کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں حکومت نے ایک اہم ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا وائرس کے مریضوں پر اندھا دھند اینٹی بائیوٹکس کا استعمال نہ کیا جائے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کی حکومت نے جو ایڈوائزری جاری کی ہے کہ اس میں کہا گیا ہے کہ کو وِڈ 19 ایک وائرل بیماری ہے اور اس میں اینٹی بائیوٹکس کا کوئی خاص اثر نہیں ہے۔

    یہ بات سامنے آئی تھی کہ مغربی بنگال کے اسپتالوں میں کرونا مریضوں پر اینٹی بائیوٹکس کا استعمال کیا جا رہا تھا، اس سلسلے میں حکومت کو ایڈوائزری جاری کرنی پڑی، جس میں کہا گیا کہ کو وِڈ نائنٹین وائرل بیماری ہے اس لیے کرونا مریضوں کو اینٹی بائیوٹک دوائیں اس وقت تک نہ دی جائیں جب تک وہ کسی دوسری بیماری سے متاثر نہ ہوں۔

    یہ ایڈوائزری ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی کی ہدایت پر تشکیل کردہ ماہرین کی 2 ٹیموں کے کرونا کے علاج کے لیے قائم اسپتالوں کے دوروں اور علاج کا جائزہ لینے کے بعد جاری کی گئی ہے۔

    ٹیم کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں کرونا وائرس کے بیش تر مریضوں کو ڈیکسو سائیکلین اور ازیتھرومائسین دی جا رہی تھیں، ڈاکٹرز کو یہ سمجھنا ہوگا کہ کرونا کے علاج کا طریقہ بہت مختلف ہے۔

    ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیکٹریا کو مارنے والی دواؤں کے استعمال سے گریز کیا جائے، اس کے علاوہ اینٹی بائیوٹک دوائیں ان مریضوں کو دی جائیں جو آکسیجن پر ہیں یا ان کی صحت یابی کی رفتار سست ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ کرونا کے تمام مریضوں کو اینٹی بائیوٹک دوائیں دینے کی کوئی ضرورت نہیں، اگر جانچ میں دیگر بیماریوں کی تشخیص ہوتی ہے تواس وقت اینٹی بائیوٹک دی جا سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ جون میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرونا مریضوں میں اینٹی بائیوٹکس کے زیادہ استعمال سے اموات زیادہ ہو رہی ہیں۔

  • پلر کھسکنے سے زیر تعمیر پل گر گیا

    پلر کھسکنے سے زیر تعمیر پل گر گیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں زیر تعمیر پل گرنے سے 2 مزدور ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    اندوہناک واقعہ گزشتہ شام بشنب نگر کے ضلع مالڈا میں پیش آیا، حادثہ اس وقت پیش آیا جب زیر تعمیر پل کا ایک شہتیر اپنی جگہ سے کھسک گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والے پل کے ملبے کے نیچے مزید مزدور دبے ہوئے ہیں۔

    حادثے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر مالڈا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں 2 مزدوروں کی موت کی تصدیق ہوگئی، زخمی ہونے والے بقیہ ساتوں افراد کی حالت نازک ہے۔

    ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی وجوہات کے بارے میں چھان بین شروع کردی ہے۔

  • وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی

    وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی

    نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی متنازع قانون کے خلاف مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ملک گیر مظاہرے جاری ہیں، بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی اپنی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی۔

    اس سے قبل ممتا بینر جی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کولکتہ میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کے پاس غیر آئینی شہریت کے بل کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی جا رہی ہے، سماج کے ہر طبقے سے اس میں شرکت کی دعوت ہے۔

    تازہ ترین:  مودی سرکار بزدل ہے: پریانکا گاندھی کا بیان

    ریلی میں ممتا بینر جی کی پارٹی کے سیکڑوں رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی، بھارتی میڈیا اسے بہت بڑی ریلی قرار دے رہا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال سمیت 5 بھارتی ریاستیں متنازع قانون سے انکار کر چکی ہیں۔

    ادھر راہول گاندھی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریت کا متنازع قانون بھارت کے 2 حصوں میں تقسیم کی سازش ہے، اظہار یک جہتی کے لیے قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

    خیال رہے بھارت کے تیس کے قریب شہروں میں مسلم مخالف بل کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران مودی سرکار کی جانب سے بد ترین تشدد کے تناظر میں کانگریسی خاتون رہنما پریانکا گاندھی نے بیان دیا ہے کہ مودی سرکار بزدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔