Tag: مغوی

  • رینجرز کی کارروائی، خیبر پختونخواہ سے اغوا شہری بازیاب

    رینجرز کی کارروائی، خیبر پختونخواہ سے اغوا شہری بازیاب

    کراچی: صوبائی دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے کارروائی کر کے پختونخواہ سے اغوا شہری عقیل علی کو بازیاب کروا لیا، رینجرز نے اغوا کار کو بھی حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی فقیر کالونی میں رینجرز نے انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی، کارروائی میں صوبہ خیبر پختونخواہ سے مبینہ طور پر اغوا شہری عقیل علی کو بازیاب کروا لیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ عقیل علی کو بازیاب کروا کے والدین کے حوالے کردیا، مغوی کے والدین نے ذیشان نامی دوست کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ذیشان مبینہ طور پر اپنے دوست کو اغوا کر کے کراچی لایا تھا، رینجرز نے اغوا کار ذیشان کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    دوسری جانب ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بھی کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کا دوسرا خفیہ بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا۔ ملک دشمن عناصر کو فنڈز پہنچانے والا ملزم جنید گرفتار کرلیا گیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم جنید کو دوہراجی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزم حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا مینیجر ہے جس کے ذریعے بھارتی ایجنسی را کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقم فراہم کی جاتی تھی۔

  • سر عام بچی کو اغوا کرنے والی خاتون کی ویڈیو جاری

    سر عام بچی کو اغوا کرنے والی خاتون کی ویڈیو جاری

    بیجنگ: چین میں سرعام بچی کو اغوا کرنے والی خاتون کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چند گھنٹوں میں ہی گرفتا کر لیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے ینان میں پیش آیا جہاں زاہوٹونگ شہر کے بھرے بازار میں اغوا کار خاتون دو سالہ بچی کو اغوا کر لیا.

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مارکیٹ میں گہما گہمی ہے اور بڑی تعداد میں لوگ خریداری میں مصروف ہیں، اس دوران بازار کے بیچ و بیچ ایک خاتون اغوا کار بچی کو اٹھائے گھوم رہی ہے۔

    اغوا کار بچی کو اٹھائے مارکیٹ میں چہل قدمی کررہی ہے اور حالات کا جائزہ لے رہی ہے، تھوڑی دیر بعد وہ مغوی بچی کو موٹرسائیکل رکشہ میں بٹھا کر وہاں سے فرار ہو جاتی ہے اور کسی کو اس پر شک تک نہیں ہوتا۔

    مغوی بچی کے والدین نے مقامی پولیس اسٹیشن میں بیٹی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کروائی جس پر پولیس حرکت میں آگئی اور شہر بھر کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بچی کی تلاش شروع کی۔

    مارکیٹ میں لگے خفیہ کیمرے کی مدد سے اغوا کار کی شناخت ہوئی تو پولیس نے چند گھنٹو بعد ہی اسے گرفتار کر کے بچی کو بازیاب کروا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کار خاتون پیشہ وار انسانی اسمگلر ہے اور ایسی واردادتیں کرتی رہی ہے، اغوا کار سے اس کے ساتھیوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

  • تھر: عدالت کے حکم پر زنجیروں سے بندھی خاتون بازیاب

    تھر: عدالت کے حکم پر زنجیروں سے بندھی خاتون بازیاب

    تھر پارکر: صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر میں پولیس نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر گاؤں مبارک رند میں کارروائی کرتے ہوئے رنجیروں میں قید پٹھانی بھیل نامی خاتون کو بازیاب کرلیا۔ خاتون کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق زنجیروں میں جکڑی خاتون کو ایک ماہ بعد رہائی مل گئی۔ تھر پارکر کے گوٹھ مبارک رند میں پولیس نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر کارروائی کرتے ہوئے زبردستی قیدی بنائی گئی پٹھانی بھیل کو بازیاب کرلیا۔

    پولیس کے مطابق خاتون کو مقامی وڈیرے کے ڈیرے پر زنجیریں ڈال کر رکھا گیا تھا۔ چھاپے کے دوران ڈیرے میں موجود مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو پلاٹ کے معاملے پر اغوا کیا گیا تھا اور اس کے اہل خانہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

  • کراچی:ترکی میں اغوا ہونےوالے 2پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی:ترکی میں اغوا ہونےوالے 2پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی : ترکی میں انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے 2 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق ترکی میں چند روز قبل اغوا ہونے والے 6 میں سے 2 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔مردان اور پشاور سے تعلق رکھنے والےاشفاق اورافضل نجی ایئر لائن کے ذریعے آج صبح کراچی پہنچے۔

    وطن واپسی پراشفاق احمدکوایف آئی اےنےحراست میں لےلیا،دوسرےشہری افضل کو پوچھ گچھ کےبعداسلام آبادروانہ کردیاگیا۔

    مزید پڑھیں:ترک پولیس کی کارروائی، 2 پاکستانی بازیاب، تعداد 8 ہوگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ روزترک پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئےمزید دو پاکستانیوں کو بازیاب کروایا،جس کے بعد بازیاب ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد 8 ہوگئی تھی۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھاکہ دونوں شہریوں کی شناخت بلال اور فرخ کے نام سے ہوئی تھی۔

    مزید پڑھیں:استنبول: 6 مغوی پاکستانی بازیاب،4 انسانی اسمگلرز گرفتار

    واضح رہے کہ چند روز قبل ہی استنبول پولیس نے عثمان پاشا نامی گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئےچھ مغوی پاکستانیوں کو رہا کرایاتھا۔

  • یرغمالیوں کو بازیاب کرانے میں امریکی فوج ناکام

    یرغمالیوں کو بازیاب کرانے میں امریکی فوج ناکام

    واشنگٹن: امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پچھلے ماہ افغانستان میں تعینات امریکی فوج نے دو یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کے لیے آپریشن کیا جو ناکام رہا۔

    تفصیلات کےمطابق پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں ’مخالف فورسز‘ کے کئی افراد مارے گئے تاہم جس جگہ آپریشن کیا گیا وہاں یرغمالی موجود نہیں تھے۔

    اس آپریشن کے بارے میں مزید تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں۔صرف اتنا بتایا گیا کہ اس آپریشن میں امریکی فوج کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ آپریشن دو پروفیسروں کو بازیاب کرانے کے لیے کیا گیا تھا جن میں سے ایک امریکی اور دوسرا آسٹریلوی ہے۔ان دونوں کو کابل سے اگست کے آغاز میں اغوا کیا گیا تھا۔یہ دونوں پروفیسر امیریکن یونیورسٹی میں کام کرتے تھے۔

    پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کُک نے بتایا کہ اس ریسکیو کی اجازت امریکی صدر براک اوباما نے وزیر دفاع ایش کارٹر کی تجویز پر دی تھی۔

    پیٹر کُک نے کہا ’بدقسمتی سے اس جگہ میں دونوں یرغمال پروفیسر موجود نہیں تھے۔‘

    مزید پڑھیں:افغانستان کے دارالحکومت کابل سے دو غیر ملکی اغوا

    واضح رہے کہ سات اگست کو یہ دونوں پروفیسر یونیورسٹی سے اپنے گیسٹ ہاؤس جا رہے تھے جب افغان سکیورٹی فورسز میں ملبوس افراد نے ان کو اغوا کیا تاہم ان کو یرغمال بنانے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

  • بلوچستان کے وزیربلدیات کا مغوی بیٹا بازیاب

    بلوچستان کے وزیربلدیات کا مغوی بیٹا بازیاب

    کوئٹہ : بلوچستان کےصوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفیٰ خان ترین کے مغوی بیٹے اسد ترین کو افغانستان سے متصل بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے دو لنگی سے بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب لیویز فورس نے خفیہ اطلاع ملنے پربلوچستان کےعلاقے دولنگی میں کارروائی کرکے صوبائی وزیر بلدیات کے بیٹے مغوی اسد ترین کو باحفاظت بازیاب کیا۔

    27 سالہ اسد خان ترین کیڈٹ کالج پشین میں آفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہیں 20 مئی کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ کیڈٹ کالج سے گھر جانے کے لیے نکلے تھے۔

    مزید پڑھیں:صوبائی وزیربلدیات کا بیٹا اسدترین پشین سے اغوا

    رات دس بجے تک گھر نہ پہنچنے اور اس دوران گھر کے لوگوں سے رابطہ نہ ہونے پر جب ان کی تلاش شروع کی گئی تو ان کی گاڑی پشین شہر کے قریب کلی تراٹہ سے ملی۔

    یاد رہے کہ پشین کوئٹہ شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال میں واقع ہے۔ وہاں کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے،اور وہاں کے بڑے قبائل میں ترین اور کاکڑ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان کے وزیر بلدیات پشین اور اس سے متصل ضلع قلعہ عبد اللہ میں آباد ترین قبائل کے سردار ہیں۔اہم قبائلی شخصیت ہونے کے علاوہ ان کا شمار قوم پرست جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے اہم رہنماؤں میں بھی ہوتا ہے۔

  • کابل : افغان طالبان کا پاکستانی ہیلی کاپٹرکے حوالے سے لاعلمی کا اظہار

    کابل : افغان طالبان کا پاکستانی ہیلی کاپٹرکے حوالے سے لاعلمی کا اظہار

    کابل : افغان طالبان نے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے، پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر نے فنی خرابی کے سبب افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی.

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے.

    دوسری جانب پاکستانی حکومت نے اپنا اعلیٰ سطحی وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستانی کااعلیٰ سطحی وفد افغان حکام سےملاقات کرے گا، پاکستانی وفد یرغمالی افراد کو بازیاب کروانے کے لیے طالبان سے بھی رابطہ کرے گا.

    ادھر پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انہیں افغان حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹر واقعے پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں.

    *پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کی افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ، عملے کو طالبان نے پکڑ لیا

    اس سے قبل پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے سبب افغانستان میں ہنگامی لینڈنگ کرگیا تھا،جہاں طالبان نے ہیلی کاپٹر میں موجود سات افراد کو یرغمال بنالیااور ہیلی کاپٹر نذر آتش کردیا تھا.

    اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 جمعرات کی صبح 8بج کر 45منٹ پر پشاور سے ازبکستان جانے کے لیے روانہ ہوا تھا راستے میں افغانستان کے اوپر سے گزرتے ہوئے فنی خرابی کے سبب اسے ہنگامی طور پر افغان صوبے لوگر میں لینڈ کرنا پڑا،پائلٹ اور عملے سمیت ساتوں افراد ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہےلیکن وہاں اترنے پر علاقے میں موجود طالبان کے کارندوں نے انہیں پکڑلیا.

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہےکہ ہیلی کاپٹر کی مرمت کا شیڈول طے تھا اور وہ مرمت کے لیے ہی ازبکستان جارہا تھا.

    یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعے پر تمام متعلقہ وفاقی اداروں سے رابطے میں ہوں.