Tag: مفتی شہاب الدین پوپلزئی

  • ملک بھر میں‌ ایک دن روزہ، کمشنر پشاور کا اہم فیصلہ

    ملک بھر میں‌ ایک دن روزہ، کمشنر پشاور کا اہم فیصلہ

    پشاور: ملک بھر میں ایک دن روزہ رکھنے اور عید منانے کے لیے کمشنر پشاور سرگرم ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے کمشنر ریاض خان محسود نے ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کے سلسلے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات میں کمشنر نے علما سے درخواست کی کہ ایک ہی دن روزہ اور عید کرنے کے لیے وہ اپنا اہم کردار ادا کریں، اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا اجلاس ایک جگہ منعقد کیا جائے۔

    کمشنر پشاور نے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے پاس جرگہ بھیجنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    کمشنر ریاض محسود کی سربراہی میں اس جرگے میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام شامل ہوں گے، یہ جرگہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے درخواست کرے گا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا ایک ہی جگہ پر مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

    کمشنر پشاور نے کہا کہ ملک میں ایک ہی دن رمضان اور عید کرنے، اور ماہ مقدس کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ان کی طرف سے کوششیں جاری رہیں گی۔

  • مفتی شہاب الدین پوپلزئی عید سے پہلے دبئی پہنچ گئے

    مفتی شہاب الدین پوپلزئی عید سے پہلے دبئی پہنچ گئے

    پشاور : مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی رویت ہلال کے اجلاس سے پہلے چُپ چاپ غائب ہوگئے۔ مفتی منیب الرحمان نے بھی ان کے غائب ہونے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک دن پہلے عید کرانے والے دبئی چلے گئے۔ ملک میں دوعیدیں کرانےکے ذمے دارمفتی شہاب الدین پوپلزئی پشاور میں موجود نہیں۔ جس کے بعد اب ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    رویت ہلال کا وقت قریب آتے ہی پوپلزئی کی تلاش شروع ہو گئی، مسجد قاسم خان کی انتظامیہ نےالزام عائد کیا کہ انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ کچھ دیر بعد سوشل میڈیا پر ان کے بینظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئرپورٹ کی تصویریں سامنے آگئیں معلوم ہوا کہ پوپلزئی دو دن پہلے خاموشی سے دبئی پہنچ چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مفتی شہاب الدین 22جون کو اسلام آباد سے دبئی کے لیے روانہ ہوئے، ان کی ٹکٹ پر واپسی کی تاریخ 2اگست درج ہے۔ دوسری جانب مفتی شہاب الدین کی جماعت کے ارکان بھی ان کی دبئی روانگی سے بے خبر ہیں ۔

    پشاور کے مفتی پوپلزئی نے اس سال رمضان کا چاند بھی ایک روز پہلے ہی دکھا دیا تھا ۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال ایک دن پہلے رویت ہلال کا اجلاس بلاتے ہیں۔


    مزید پڑھیں: مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ


    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال علیحدہ چاندوں کا قضیہ کھڑا کر کے پشاور اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی عید یا روزہ کروا دیا کرتے تھے۔

  • ملک بھر میں‌آج متفقہ طور پر پہلا روزہ ہوگا

    ملک بھر میں‌آج متفقہ طور پر پہلا روزہ ہوگا

    کراچی:رمضان المبارک چودہ سو سینتیس ھجری کا چاند نظر آگیا، پاکستان بھر میں متفقہ طور پر آج پہلا روزہ ہوگا، پہلی نماز تراویح ادا کردی گئی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی نے آج منگل کو پہلے روزے کا اعلان کیا ہے۔

    رمضان المبارک کے چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے پریس کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا، یکم رمضان المبارک 7 جون کو ہوگی، چاند دیکھنے کے بعد رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب نے دعا کرائی۔

    سعودی عرب اور خلیجی ممالک کے شہریوں نے پیر کو پہلا روزہ رکھا۔ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جاپان اور دیگر مغربی ممالک کے مسلمانوں نے بھی سعودی عرب کے ساتھ رمضان کریم کا آغاز کیا۔

    پورے ملک میں آج پہلا روزہ ایک ساتھ رکھا جائے گا،مذہبی امور کے وزیر سردار یوسف کی مفتی پوپلزئی کو منانے کی کوشش کامیاب رہی ہیں۔

    اس بار مذہبی امور کے وزیر سردار یوسف نے مفتی پوپلزئی سے مذاکرات کیے اور معاملات طے ہوگئے تھے،مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں مسجد قاسم علی کا نمائندہ موجود تھا جہاں مسجد قاسم علی کی شہادتوں کابھی جائزہ لیا گیا۔

  • رمضان کا چاند،رویت ہلال کمیٹی اور قاسم علی مسجد تنازعہ برقرار

    رمضان کا چاند،رویت ہلال کمیٹی اور قاسم علی مسجد تنازعہ برقرار

    کراچی:‌ رمضان المبارک 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا،جب کہ پشاور کی قاسم علی مسجد میں اجلاس آج ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس، کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں محکمہ موسمیات کے کراچی کیمپ آفس میں ہوگا،اجلاس میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں لی جائیں گی۔

    واضح رہےمرکزی رویت ہلا ل کمیٹی کے اجلاس کے علاوہ ملک بھر میں رویت ہلال کی زونل کمیٹی بھی رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کرکے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔

    چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع ہونے کے بعد اس کا اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن میڈیا کی موجودگی میں کریں گے۔

    دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم علی میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرِ صدارت اجلاس آج ہو رہا ہے،جس میں چاند کی رویت سے متعلق شواہد جمع کیے جائیں گے،جس کے بعد رویت ہلال کے حوالے سے اعلان مفتی شہاب الدین پوپلزئی کریں گے۔

    یا د رہے چاند کی رویت کے حوالے ملک بھر میں کسی تضادِ رائے سے بچنے کے لیے وفاقی امور مذہبی امور پیزادہ حسنات نے پشاور کی قاسم مسجد کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے بھی ملاقات کی ہے،جس کے بعدامید کی جارہی تھی کہ اس بار ملک کے چاروں صوبوں میں ایک ہی دن عید منائی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق آج پورے ملک میں مطلع صاف ہونے کے باوجود ملک بھر میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان ںہیں ہے۔

    البتہ محکمہ موسمیات کے‌مطابق موسم کے حالت کے پیش نظر کل مغربی ساحلی پٹی میں رمضان کا چاند زیادہ واضح نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

  • رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی، مفتی پوپلزئی

    رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی، مفتی پوپلزئی

    کراچی: مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے، ٹیکنالوجی کی مدد لے سکتے ہیں لیکن اس پر انحصار نہیں کرسکتے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’سوال یہ ہے ‘‘میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی مذہبی امور تک اپنا موقف پہنچا چکے ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی سطح پر ہمارے موقف کو اہمیت نہیں دی گئی۔

    ایک سوال کے جواب میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ ٹیلی فون کے ذریعے چاند دیکھنے شہادت قبول نہیں ہوتی ، رویت ہلال کمیٹی میں بھی گواہ کبھی خود حاضر نہیں ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد لے سکتے ہیں لیکن اس پر انحصار نہیں کرسکتے، رویت ہلال کمیٹی کے لیے متفقہ اور مشترکہ دستور ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمیں مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہوتی ہیں جبکہ شہادت دینے والوں کی شرعی حیثیت بھی دیکھی جاتی ہے تاہم ٹیلی اسکوپ سے چاند دیکھنے والوں کی شہادتیں بھی قبول کی جاتی ہیں۔

    پروگرام میں سائنس دان پرویز ہود بھائی کا کہنا تھا کہ ہم جدید دور میں ہیں، چاند کی جگہ معلوم کرنا سائنس کی مدد سے اب آسان ہے، سائنس کے زریعے معلوم ہوسکتا ہے کہ چاند نظر آرہا ہے یا نہیں۔