Tag: مفتی پوپلزئی

  • خیبرپختونخوا حکومت نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

    خیبرپختونخوا حکومت نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کردیا

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں آج عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مسجد قاسم علی خان کو 112 سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں، وزیراعلیٰ نے اظہار یکجہتی کے لیے آج عید منانے کا اعلان کیا ہے۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت کو بھی کئی علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملیں، گورنر کے پی شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ پشاور میں عید منائیں گے۔

    وزیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی خواہش تھی پورے صوبے میں ایک ساتھ عید ہو، شہادتیں موصول ہونے کے بعد آج عید منانے کے سوا چارہ نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ شہادتوں کی تصدیق کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی نے آج صوبے میں عید منانے کا فیصلہ کیا ہے، آج عید منانے کا اعلان صوبے کے عوام سے اظہار یکجہتی ہے۔

    مزید پڑھیں: مفتی شہاب کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئر مین بنایا جائے، شوکت یوسف زئی

    واضح رہے کہ اس سے قبل مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔

    مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے 100 سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں، چاند کی رویت 23 شہادتیں پشاور سے موصول ہوئیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں چاند کی رویت کے حوالے سے کئی مسائل درپیش ہیں، خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مقامی سطح پر مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی رمضان اور شوال کے چاند کا اعلان کرتے ہیں۔

  • مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ

    مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: مفتی شہاب الدین پوپلزئی 2 دن قبل عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ وہ عید کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی عمرے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں جس کے بعد اب ملک بھر میں ایک ہی دن عید ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر سال علیحدہ چاندوں کا قضیہ کھڑا کر کے پشاور اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں ایک روز قبل ہی عید یا روزہ کروا دیا کرتے تھے۔

    ان کے خلاف 50 علمائے کرام متفقہ طور پر فتویٰ بھی جاری کر چکے ہیں۔ فتوے کے مطابق ان کا رویت ہلال کمیٹی سے علیحدہ رمضان اور عید کا اعلان کرنا ریاستی امور میں دخل اندازی کے مترادف اور شرعی امور کی خلاف ورزی ہے۔

    اس سے قبل وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

  • رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی، مفتی پوپلزئی

    رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی، مفتی پوپلزئی

    کراچی: مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے، ٹیکنالوجی کی مدد لے سکتے ہیں لیکن اس پر انحصار نہیں کرسکتے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’سوال یہ ہے ‘‘میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی آئینی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی مذہبی امور تک اپنا موقف پہنچا چکے ہیں لیکن مرکزی اور صوبائی سطح پر ہمارے موقف کو اہمیت نہیں دی گئی۔

    ایک سوال کے جواب میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا تھا کہ ٹیلی فون کے ذریعے چاند دیکھنے شہادت قبول نہیں ہوتی ، رویت ہلال کمیٹی میں بھی گواہ کبھی خود حاضر نہیں ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد لے سکتے ہیں لیکن اس پر انحصار نہیں کرسکتے، رویت ہلال کمیٹی کے لیے متفقہ اور مشترکہ دستور ہونا چاہیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمیں مختلف علاقوں سے شہادتیں موصول ہوتی ہیں جبکہ شہادت دینے والوں کی شرعی حیثیت بھی دیکھی جاتی ہے تاہم ٹیلی اسکوپ سے چاند دیکھنے والوں کی شہادتیں بھی قبول کی جاتی ہیں۔

    پروگرام میں سائنس دان پرویز ہود بھائی کا کہنا تھا کہ ہم جدید دور میں ہیں، چاند کی جگہ معلوم کرنا سائنس کی مدد سے اب آسان ہے، سائنس کے زریعے معلوم ہوسکتا ہے کہ چاند نظر آرہا ہے یا نہیں۔

  • حکومت اور مفتی پوپلزئی کے درمیان چاند دیکھنے کے معاملات طے پاگئے

    حکومت اور مفتی پوپلزئی کے درمیان چاند دیکھنے کے معاملات طے پاگئے

    اسلام آباد : حکومت پاکستان اورجامع مسجد قاسم علی کی انتظامیہ  میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے حوالے سے مشاورت کے بعد اتفاق ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے جامع مسجد قاسم علی کے مفتی شہاب الدین سے پوپلزئی سے ہونے والی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں مسجد قاسم علی کا ایک نمائندہ موجود ہوگا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس مسجد میں چاند دیکھنے کی روایت 200 سال سے قائم ہے، اس بار ایک ہی دن روزہ اور عید کے حوالے سے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اجلاس میں مسجد قاسم علی کی جانب سے موصول ہونے والی چاند کی شہادتوں کی بھی تصدیق کی جائے گی۔

    وفاقی مذہبی امور نے بتایا کہ آج کی ملاقات میں مفتی صاحب نے چاند دیکھنے کے حوالے سے تجاویز دی ہیں، آج کی ملاقات کا اصل مقصد ملک میں ایک ہی دن عید اور رمضان کے مسئلے کو حل کرنا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس بار رویت ہلال کی جانب سے چاند نظر آنے یا آنے کے اعلان سے قبل مفتی پوپلزئی کی جانب سے دی گئی شہادتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، کیونکہ حکومت پاکستان اس تنازعے کو ختم کرنے کے لیے نہایت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین کی سربراہی میں مسجد قاسم علی  کی جانب سے ہرسال رمضان اور عید کے حوالے سے ایک روز قبل چاند دیکھنے کا دعویٰ کرکے ایک روز قبل عید اور روزے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

    خیبرپختونخواہ کے علاقے پشاور اور اس کے گردونواح میں رہنے والے افراد اس اعلان کی پیروی کرتے ہیں، اسی وجہ  سے عرصہ دراز سے ملک میں دو عیدیں اورایک دن قبل روزہ رکھا جاتاہے۔