Tag: مفت انٹرنیٹ

  • مکہ پہنچنے والے عازمین حج کیلئے 10لاکھ سِم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ

    مکہ پہنچنے والے عازمین حج کیلئے 10لاکھ سِم کارڈز اور مفت انٹرنیٹ کا تحفہ

    ریاض : سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایات کی روشنی میں اس مرتبہ جدہ کے شاہ عبدالعزیزایئرپورٹ پر اترنے والے عازمین حج میں سم کارڈز تقسیم کیے جارہے ہیں اور انھیں انٹرنیٹ کی مفت سہولت مہیا کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے بتایاکہ امسال حجاج کرام کی خدمت کے پروگرام کے تحت ان میں دس لاکھ سمیں تقسیم کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنے اپنے آبائی ممالک میں اپنے پیاروں سے رابطے میں رہیں اور انھیں اپنے روحانی تجربات اور حجاز مقدس میں اپنی مصروفیات سے آگاہ کرسکیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حج سیزن کے دوران میں فیلڈ ٹیمیں پورے چوبیس گھنٹے کام کریں گی اور وہ دنیا بھر سے آنے والے عازمین میں موبائل فون کی سمیں تقسیم کریں گی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان اور دوسرے ممالک سے مکہ مکرمہ سے پہلے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے والے عازمینِ حج کو سعودی حکومت کے اس پروگرام کے تحت تو سمیں مہیا نہیں کی جارہی ہیں،البتہ وہ سعودی موبائل فون کمپنیوں کے ہوٹلوں کے باہر جگہ جگہ بنے بوتھ سے یہ سمیں مفت حاصل کرسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیمیں ہوٹلوں کے چکر بھی لگاتی رہتی ہیں اور وہ معمول کی تصدیق کے بعد حجاج کرام کو سم کارڈ جاری کردیتی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ چار سعودی موبائل فون کمپنیوں موبائلی ، زین ، لیبارا اور ایس ٹی سی کے نوجوان کارندے الحرم النبوی الشریف کی جانے والی شاہراہوں پر جگہ جگہ موجود نظر آتے ہیں اور وہ پاسپورٹ نمبر کی بنیاد پرعازمینِ حج کو انگلیوں کے نشان لے کر سمیں جاری کردیتے ہیں۔

  • فیس بک ڈرون کے ذریعے مفت انٹرنیٹ فراہم کرے گا

    فیس بک ڈرون کے ذریعے مفت انٹرنیٹ فراہم کرے گا

    نیویارک :سوشل میڈیا سائٹ فیس بک دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی رسائی میں اضافہ کے لیے 2015ء میں ڈرون کا تجربہ کرے گی ، جس کا مقصد مفت وائی فائی انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔

    فیس بک نے دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی سہولت بہم پہنچانے کے لیے شمسی توانائی سے اڑنے والے ڈرون استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ڈرون سے دنیا کے ایسے علاقوں میں وائی فائی کے ذریعے مفت انٹرنیٹ فراہم کریں گے، جہاں پر اب تک انٹرنیٹ کی رسائی نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے گزشتہ سال اس پروجیکٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت فیس بک پوری دنیا میں انٹرنیٹ کی مفت سہولت مہیا کرے گا۔

     فیس بک کے بانی کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ اور شمسی توانائی سے چلنے والے طیاروں پر کام کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے فیس بک کمپنی نے ایک لیبارٹری بھی تیار کی ہے۔

    کمپنی کے انجینئرنگ ڈائریکٹر ییل میگير نے کہا کہ انٹرنیٹ فراہم کرنے والے ڈرون تجربہ 2015 میں کیا جائے گا اور اگر یہ تجربہ کامیاب ہو جاتا ہے تو اگلے دو سے تین سال میں انٹرنیٹ کی فراہمی کامیابی کے ساتھ شروع کردی جائے۔

    گزشتہ سال فیس بک نے اپنے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے نئے ’’کنیکٹوٹی لیب‘‘ پروجیکٹ کے لیے ناسا کی جیٹ پروپلسن لیب اور اس کے ایمس ریسرچ سینٹر سے تعلق رکھنے والے خلائی ٹیکنالوجی اور مواصلاتی ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔