Tag: مفت راشن

  • شرابیوں کو مفت راشن بند کرنے کا مطالبہ سامنے آ گیا

    شرابیوں کو مفت راشن بند کرنے کا مطالبہ سامنے آ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں شراب پینے والوں کو مفت راشن دینا بند کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کی سابق وزیر صحت لکشمی کانتا چاؤلہ نے بدھ کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے مطالبہ کیا کہ ملک میں اربوں روپے کی شراب پی جانے والوں کو مفت راشن دینا بند کیا جائے۔

    پروفیسر لکشمی نے مطالبہ کیا کہ انتخابات سے قبل مفت اشیا کی تقسیم کا سلسلہ رکنا چاہیے، پورے ملک میں آٹا اور راشن سستا کیا جائے، صحت کی سہولیات ہر ایک کو مفت دستیاب ہونی چاہئیں، اور ہر بچے کو تعلیم ملے۔

    لکشمی کانتا چاؤلہ نے کہا ’’میں حیران ہوں کہ جس ملک میں اربوں روپے کی شراب پی جاتی ہے وہاں کے عوام کو مفت راشن کیوں دیا جاتا ہے؟ بس اتنا کیجیے کہ شراب پینے والوں کو مفت راشن مت دیں، وہ راشن ان غریب بچوں کو دیں جن کے والدین محنت کرنے کے باوجود ہر ماہ 8 سے 9 ہزار روپے ہی کما پاتے ہیں۔‘‘

    مندر میں گوشت کس نے رکھا؟ ویڈیو میں اہم انکشاف

    سابق وزیر نے جی ایس ٹی ختم کرنے اور میڈیکل انشورنس سستا کرنے کا بھی مطالبہ کیا، انھوں نے کہا عام آدمی پارٹی نے 18 فی صد جی ایس ٹی لگا کر میڈیکل انشورنس کو مہنگا کر دیا ہے، جب کھانے کا انتظام نہ ہو تو حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کے اعداد و شمار سے ان کا پیٹ نہیں بھر سکتا۔

    لکشمی کا کہنا تھا کہ آٹا 45 روپے کلو، چینی 45 روپے کلو، سرسوں کا تیل 200 روپے کلو سے زیادہ ہو گیا ہے، غریبوں کو دال بھی نہیں مل رہی، ایسے میں ان کی یومیہ کمائی 300 روپے سے زیادہ نہیں، تو وہ بچوں کو کیسے پڑھائیں؟ دوسری طرف 80 کروڑ افراد کو حکومت سے مفت راشن ملتا ہے لیکن یہ غریب ان میں شمار بھی نہیں ہوتے۔

  • ترجمان سندھ حکومت نے راشن تقسیم کی تفصیلات ٹویٹ کر دیں

    ترجمان سندھ حکومت نے راشن تقسیم کی تفصیلات ٹویٹ کر دیں

    کراچی: حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن کے دوران راشن تقسیم کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کے حکم نامے میں کہا تھا کہ سندھ حکومت 8 ارب روپے کا راشن تقسیم کرنے کے شواہد پیش نہیں کر سکی ہے، جس کے بعد آج سندھ حکومت کے ترجمان نے ٹویٹر پر راشن تقسیم کی تفصیلات جاری کر دیں۔

    مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹ میں لکھا کہ حکومت سندھ 2 لاکھ 23 ہزار 597 خاندانوں کو راشن دے چکی ہے، یہ راشن صوبے کے ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے تقسیم کیا گیا، مخیر حضرات اور این جی اوز کے ذریعے 3 لاکھ سے زائد راشن بیگز تقسیم کیے گئے، این جی اوز نے 3 لاکھ 2 ہزار 613 خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے۔

    ترجمان حکومت سندھ نے بتایا کہ مستحقین میں راشن کی تقسیم کا تمام ریکارڈ موجود ہے، جن خاندانوں کو راشن دیا گیا ان کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ قبل ازیں، اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت کو مخیر حضرات نے 15 کروڑ روپے کے فنڈز دیے، راشن کی تقسیم کے لیے حکومت نے مجموعی طور پر 1 ارب 8 کروڑ ریلیز کیے۔

    کتنا راشن کس کو دیا؟سپریم کورٹ کا سندھ حکومت سے جواب طلب

    سعید غنی نے کہا میں اس بات کا چیلنج قبول کرتا ہوں کہ ہم 6 لاکھ خاندانوں کو زکواۃ کی مد میں رقم دے چکے ہیں، ایک ایک آدمی کا شناختی کارڈ نمبر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو بھیجتا ہوں۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس ناکافی انتظامات پر سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 11 یوسیز سیل کرنے کی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی، سندھ حکومت کو سیل شدہ یوسیز میں متاثرہ افراد کی تعداد کا بھی علم نہیں، سیل یوسیز میں کھانا اور طبی امداد فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں، سندھ حکومت 8 ارب کا راشن تقسیم کرنے کے شواہد بھی نہ پیش کر سکی، سندھ حکومت کی کارکردگی افسوس ناک ہے۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ سندھ بھر سے کھانا نہ ملنے کی شکایات پہنچ رہی ہیں، کتنا راشن کس کو دیا؟ بتایا جائے راشن کہاں سے اور کتنے میں خریدا گیا؟

  • کراچی میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں امدادی راشن خریدنے والے دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں مخیر حضرات کی جانب سے دیا جانے والا سامان دکانوں پر فروخت ہونے لگا ہے، اس سلسلے میں شہری نے راشن بیچنے والوں کی ویڈیو وائرل کر دی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز پولیس نے دکان دار کو گرفتار کر لیا تھا۔

    دکان دار کی گرفتاری کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس نے اسے فروخت کیے گئے سامان کے ساتھ گرفتار کیا۔ اس سے قبل وائرل ہونے والی ویڈیو میں مرد اور خاتون نے دکان دار کو راشن بیچا تھا، خاتون کہہ رہی تھی کہ ان کے پاس راشن بہت جمع ہو گیا ہے، اس کے بدلے شیمپو، صابن چاہیے۔ ویڈیو میں راشن بیچنے والا مرد بولتا ہوا دکھائی دیا کہ آٹا تو بہت ہی زیادہ ہے، اس کے بدلے رقم چاہیے۔

    مخیر حضرات کی جانب سے تقسیم راشن دکانوں پر بیچا جانے لگا

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع دکان کا مالک

    پولیس نے خیراتی راشن کی فروخت کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے دکان دار کو گرفتار کر لیا، دکان دار اعتراف کیا کہ مجھے معلوم ہے کہ اس طرح راشن خریدنا جرم ہے لیکن بیچنے والوں نے کہا تھا کہ ہماری فیملی نہیں ہے، پنجاب میں ہے اس لیے وہ اسے نہیں رکھ سکتے۔

    مفت راشن خریدنے والے گلشن اقبال کے دکان دار کو پولیس گرفتار کر کے لے جا رہی ہے

    پولیس اہل کار کے دریافت کرنے پر دکان دار نے بتایا کہ اس نے راشن بیچنے والوں سے 810 روپے کا سامان خریدا۔

    مخیر حضرات کی جانب سے دیا جانے والا مفت راشن دکان سے برآمد

    خیال رہے شہر قائد میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہری شدید متاثر ہو چکے ہیں، جن کے لیے مخیر حضرات نے دل کھول کر راشن کی صورت میں امداد کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاہم کچھ مفاد پرست لوگ یہ راشن لے کر مختلف دکانوں پر فروخت کر کے پیسا کمانے لگے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں عوام نے شکایت کی تھی کہ علاقے کی دکانوں پر راشن فروخت کیا جا رہا ہے۔ متاثرین نے انتظامیہ سے مفت راشن خریدنے والے دکان داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

  • مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار

    مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی کی پولیس نے ایک کارروائی میں مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرجانی پولیس نے ان جعل سازوں کو گرفتار کر لیا ہے جو سرجانی میں غریب مکینوں سے مفت راشن کا جھانسا دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔

    ملزمان فرضی ویلفیئر ٹرسٹ کا فارم غریب افراد کو 50 روپے میں فروخت کر رہے تھے، پولیس نے ملزمان سے جعلی فارمز اور دھوکا دہی کا شکار ہونے والے 400 افراد کی فہرست بھی برآمد کر لی۔

    ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان راہ نیکی ویلفیئر ٹرسٹ کے نام سے غریب گھرانوں سے پچاس روپے سے زیادہ رقم پر جعلی راشن فارم فروخت کر کے فراڈ کر رہے تھے۔

    کراچی میں راشن تقسیم کے نام پر غریب شہریوں سے لوٹ مار شروع

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی نواز ولد منشی خان، حسن علی ولد علی محمد، حمزہ نواز ولد علی نواز، عبدالجبار ولد قربان علی شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    خیال ر ہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے خبر چلائی تھی کہ شہر میں سرگرم جعل سازوں نے سرجانی ٹاؤن میں بھوکے غریب عوام کو 50 روپے سے 200 روپے تک کے راشن ٹوکن بیچ کر تیسر ٹاؤن کے سیکڑوں مکینوں کو راشن کے نام پر چونا لگا دیا۔ علاقہ مکینوں نے جعل سازوں کی لوٹ مار کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج بھی کیا۔

  • مخیر حضرات کی جانب سے تقسیم راشن دکانوں پر بیچا جانے لگا

    مخیر حضرات کی جانب سے تقسیم راشن دکانوں پر بیچا جانے لگا

    کراچی : شہر قائد میں مفت راشن لیکر دکانوں میں فروخت کیا جانے لگا، متاثرین کا کہنا ہے مفت راشن خریدنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مخیر حضرات کی جانب سے تقسیم راشن دکانوں پر بیچا جانے لگا، گلستان جوہر میں مفت راشن لیکر دکانوں میں فروخت کیا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق مختلف علاقوں میں موجود بھکاری مافیا مخیر حضرات کی جانب راشن لے کر اپنے استعمال میں لاتے ہیں اور فروخت کردیتے ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ مفت راشن خریدنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جائے، غریبوں کی حق تلفی میں ایسے دکاندار برابر کے شریک ہیں۔

    شہر میں لاکھوں سفید پوش خاندان بھوک وافلاس کا شکارہیں، تاہم حکومتی سطح پر ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے کوئی قانون موجود نہیں۔

    یاد رہے سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث متاثر ہونے والے افراد کو راشن تقسیم کرنے کے لیے 58 کروڑ روپے جاری کئے ہیں، جن سے مستحقین کی مدد کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ کروناوائرس سے لڑنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں، وفاق نے کروناریلیف فنڈ کا آغاز کیا جبکہ پنجاب اور سندھ بھی فنڈ سے متعلق خصوصی پروگرامز شروع کرچکے ہیں۔

  • خیبر پختونخوا: بیمار معمر ملازمین کو 15 دن کی چھٹی، کرونا مریضوں کو مفت راشن کا اعلان

    خیبر پختونخوا: بیمار معمر ملازمین کو 15 دن کی چھٹی، کرونا مریضوں کو مفت راشن کا اعلان

    پشاور: خیبر پختون خوا میں 50 سال سے زائد عمر کے سنگین بیمار ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری طرف صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر صحت، چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے سنگین بیمار ملازمین کو 15 دن کی چھٹی دی جائے گی، ضلع خیبر لیوی سینٹر شاہ کس میں 150 بستروں کا علیحدہ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

    اجلاس میں انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ طورخم سے واپس آنے والے مشتبہ کیسز کو مذکورہ سینٹر منتقل کیا جائے، اجلاس میں اہم، ضروری بھرتیوں کے علاوہ تمام بھرتیوں کی منسوخی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 183 ہو گئی

    دوسری طرف محکمہ ریلیف خیبر پختون خوا کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا ہے، راشن وائرس سے متاثرہ مریض کے اہل خانہ کو دیا جائے گا۔

    اعلامیے کے مطابق مفت راشن انھیں دیا جائے گا جو سرکاری قرنطینہ میں ہیں، یہ راشن 20 کلو آٹا، 10 کلو چاول، 10 کلو چینی،5 کلو دال، دودھ وغیرہ پر مشتمل ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا کے ہیلتھ منسٹر تیمور جھگڑا نے صوبے میں پہلے 15 کیسز کی تصدیق کی ہے، تیمور جھگڑا نے ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ تفتان سے کے پی پہنچنے والے 19 افراد میں سے 15 میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ ان مریضوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک علیحدہ عمارت میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔