(17 اگست 2025): عوام کے لیے صوبائی حکومتیں مفت سولر سسٹم اسکیمز لا رہی ہیں درخواست دینے کی آخری تاریخ قریب آ چکی ہے۔
ایک جانب مہنگی بجلی اور دوسری جانب توانائی بحران کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد شمسی توانائی کی جانب منتقل ہو رہی ہے۔ اس سے ان کے بجلی بلوں میں نمایاں فرق انہیں اچھی بچت بھی دے رہا ہے۔ تاہم ہر شخص سولر پینل لینے کی استطاعت نہیں رکھتا۔ اسی لیے صوبائی حکومتیں غریب عوام کے لیے مفت سولر پینلز اسکمیز متعارف کرا رہی ہیں۔
سندھ حکومت نے بھی صوبے بھر میں کم آمدنی والے طبقوں کو سولر پینلز کی فراہمی کے لیے ایک منصوبہ ڈیزائن کیا ہے۔ اس کے ذریعہ بجلی کے بلوں کو کم کر کے عام آدمی کا معاشی بوجھ کم کیا جا رہا ہے اور صوبے کو سبز اور زیادہ قابل اعتماد توانائی کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مفت سولر پروگرام کے تحت رواں سال کے اوائل سے ہی سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت 2 لاکھ سولر ہوم سسٹمز کی تقسیم شروع کی گئی تھی۔ پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید 3 لاکھ سولر یونٹس کی خریداری کی منظوری دی۔
اب رواں سال مزید ایک لاکھ 30 ہزار خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کی اسکیم شروع کی جا رہی ہے۔
مفت سولر پینل اسکیم کا اہل کون ہے؟
وہ افراد جن کے گزشتہ 6 مہینوں سے بجلی کا ماہانہ استعمال 100 یونٹس سے کم رہا ہو اور اس سے قبل وہ کسی مفت سولر اسکیم سے مستفید نہیں ہوئے ہوں۔
اپلائی کرنے کا طریقہ:
درخواست گزار کو اپنے قومی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، بجلی کا تازہ ترین بل کے ساتھ منسلک کر کے درخواست فارم کو یو سی چیئرمین یا گزیٹڈ افسر سے تصدیق کے بعد جمع کرانا ہوگا۔
درخواست دینے کی آخری تاریخ:
درخواست گزار کو آن لائن اپلائی کرنا ہوگا جب کہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 20 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے۔
انتخاب کا طریقہ کار:
اگر درخواست دہندگان کی تعداد مذکورہ اسکیم میں شامل کوٹے سے زیادہ ہو گی تو قرعہ اندازی کے ذریعہ خوش نصیبوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
تقسم کا طریقہ کار:
منصفانہ تقسیم کے لیے مستفید ہونے والوں کا انتخاب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے ڈیٹا پر مبنی ہے، اور ہر ہفتے تقریباً 400 کٹس فی ضلع تقسیم کی جاتی ہیں۔ تقسیم میں شفافیت اور موثر ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ہینڈز، ایس آر ایس او اور سافکو جیسی این جی اوز کی مدد حاصل ہے۔
سولر سسٹم مفت پیکیج میں کیا کیا شامل ہے؟
ہر سولر ہوم سسٹم کٹ میں یہ چیزیں شامل ہیں۔
ایک 80W سولر پینل، 18Ah لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری کے ساتھ ایک اسمارٹ پاور مینجمنٹ یونٹ، روشنی کے لیے ایل ای ڈی بلب، ڈی سی پیڈسٹل فین اور موبائل چارجنگ پورٹس۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی عوام کو مفت سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں۔