Tag: مفت ٹکٹ

  • چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کے ’’مفت ٹکٹ اور کھانے پینے کے کوپن‘‘ کہاں مل رہے ہیں؟

    چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کے ’’مفت ٹکٹ اور کھانے پینے کے کوپن‘‘ کہاں مل رہے ہیں؟

    چیمپئنز ٹرافی کا آغاز آج سے ہو رہا ہے میگا ایونٹ کے ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوچکے تاہم ایک شخص مفت ٹکٹ اور ساتھ کھانے پینے کے کوپن دے رہا ہے۔

    شائقین کے انتظا کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ پاکستان کی میزبان میں تین شہروں کراچی، لاہور اور پنڈی کے علاوہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے میچز دبئی میں ہو رہے ہیں۔

    چیمپئنز ٹرافی کے راؤنڈ میچز کے تمام ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئے اور ہزاروں شائقین ٹکٹوں سے محروم رہنے پر مایوس بھی ہوئے۔

    تاہم ایک شخص ایسا بھی ہے جو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دبئی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹ اور اس کے ساتھ کھانے پینے کے کوپن مفت فراہم کر رہا ہے اور اس میں سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت کے میچز کے ٹکٹ بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں مقیم تاجر اور ڈینیوب گروپ کے وائس چیئرمین انیس ساجن اپنے ملازمین کو کرکٹ کے پرجوش لمحات سے محظوظ کرنے کے لیے ان میں مفت ٹکٹ تقسیم کر رہے ہیں ارو اس کے ساتھ ہی انہیں کھانے پینے کے کوپن بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    انیس ساجن کی جانب سے اپنے ملازمین کو پاک بھارت میچ کے علاوہ انڈیا کے دیگر میچز کے ٹکٹ بھی مفت دیے جا رہے ہیں تاہم ملازمین کا زیادہ جوش پاک بھارت ٹاکرے پر ہے۔

    واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کاروبار اور ملازمت کی غرض سے 50 لاکھ سے زائد پاکستانی اور ہندوستانی شہری مقیم ہیں

    ڈینیوب کے ملازمین کو چار بڑے کھیلوں 20 فروری کو بنگلہ دیش بمقابلہ ہندوستان، 23 فروری کو ہندوستان بمقابلہ پاکستان، 2 مارچ کو ہندوستان بمقابلہ نیوزی لینڈ اور 4 مارچ کو سیمی فائنل کے لیے فی میچ 60 ٹکٹ ملے ہیں۔

    مفت ٹکٹوں کی تعداد محدود ہونے کی وجہ سے ٹکٹوں کے لیے ملازمین کا انتخاب لکی قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔ اس سے میچ دیکھنے میں دلچسپی رکھنے والے ملازمین کو مفت ٹکٹ حاصل کرنے کا مساوی موقع ملا۔ کرکٹ بنگلہ دیش، پاکستان اور ہندوستان کے کارکنوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتی ہے۔ اس لیے ان ممالک کے اہلکاروں کو ترجیح دی گئی۔

    کمپنی نے کہا کہ یہ اقدام کمپنی کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگرام کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد محنتی لوگوں کو انعام دینا ہے۔

    کمپنی نے اسٹیڈیم میں اسنیکس اور پانی خریدنے کے لیے مفت ٹکٹ کے ساتھ ساتھ کوپن فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے۔ اس کے علاوہ میچ کے بعد کھانے کے پیکٹ دوبارہ گھر لے جانے کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-icc-released-intersting-video/

  • دبئی ایکسپو 2020 کا مفت ٹکٹ دینے کا اعلان

    دبئی ایکسپو 2020 کا مفت ٹکٹ دینے کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی امارات ایئر لائن نے دبئی میں ہونے والی ایکسپو کا ایک روز کے لیے مفت ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا، یہ سہولت مخصوص مسافروں کے لیے ہوگی۔

    امارتی میڈیا کے مطابق امارات ایئر کا کہنا ہے کہ دبئی آنے والے مسافروں کو ایکسپو 2020 دیکھنے کے لیےایک دن کا مفت ٹکٹ فراہم کیا جائے گا، یہ پیشکش یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔

    دبئی ایکسپو میں شرکت کرنے والے ایسے مسافر جو امارات ایئر کے ذریعے ان تاریخوں میں متحدہ عرب امارات آئیں گے انہیں ایک دن کا مفت ٹکٹ فراہم کیا جائے گا۔

    مفت ٹکٹ کی پیشکش ان ٹرانزٹ مسافروں کے لیے بھی ہوگی جو امارات ایئر کے ذریعے سفر کر رہے ہوں گے اور ان کا دبئی میں قیام 6 گھنٹے سے زائد کا ہوگا۔

    ایئرلائن کا مزید کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو کے لیے مفت ٹکٹ کے دن کا انتخاب مسافر کا اختیار ہوگا۔ مسافر یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2022 تک کی کوئی بھی تاریخ کو ایکسپو دیکھنے کےلیے مخصوص کرسکتے ہیں۔

    ایکسپو میں شرکت کرنے کے لیے مفت ٹکٹ کے حصول کے مرحلے کو مزید آسان بناتے ہوئے امارت ایئر نے ویب سائٹ پر ای میل مخصوص کی ہے جس کے ذریعے اعلان کردہ تاریخوں میں امارات ایئر سے سفر کرنے والے اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔

    ایئر لائن نے واضح کیا ہے کہ مفت ٹکٹ کو فروخت کیا جاسکے گا اور نہ اس کا تبادلہ کیا جاسکے گا، یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرواز منسوخ یا تبدیل ہونے کی صورت میں ٹکٹ کارآمد نہیں رہے گا تاہم مسافر نئے ٹکٹ کے لیے کلیم کر سکیں گے۔