Tag: مفت کتابیں

  • مفت دی گئی ہزاروں کتابیں طلبہ کو ملنے کے بجائے گوداموں میں موجود

    مفت دی گئی ہزاروں کتابیں طلبہ کو ملنے کے بجائے گوداموں میں موجود

    مفت دی گئی ہزاروں کتابیں طلبہ کو دینے کے بجائے گوداموں میں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے، پہلی سے دسویں جماعت کی کتابیں گوداموں میں موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی ہزاروں درسی کتابیں جو مفت فراہم کی گئی تھیں تاکہ طلبا ان سے استفادہ حاصل کرسکیں ان کے گوداموں میں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ویجلینس ٹیموں نے حیدرآباد، میرپور خاص، مٹیاری، جامشورو اور کوٹری ویئر ہاؤس کا دورہ کیا تو ان پر عقدہ کھلا کہ کتابیں طلبا تک پہنچ ہی نہیں پائی ہیں۔

    ویجلینس ٹیم نے بتایا کہ پہلی جماعت سے دسویں جماعت کی کتابیں گوداموں میں ہیں، محکمہ تعلیم کے افسران کو کتابیں دی گئیں جو تقسیم ہی نہیں کیں۔

    ویجلینس ٹیم کی جانب سے بچوں کو مفت کتابوں کی تقسیم کے احکامات دیے گئے ہیں، واضح رہے کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو یہ کتابیں دی جانی تھیں۔

  • 74 سال بعد کتاب لائبریری لوٹ گئی

    74 سال بعد کتاب لائبریری لوٹ گئی

    کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا کی خاتون نے 74 سال بعد والدہ کی لی گئی کتاب لائبریری انتظامیہ کو واپس لوٹا دی، سات دہائیوں بعد ملنے والی کتاب کو دیکھ کر عملہ بھی حیران رہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع برکیلی پبلک لائبریری کا عملہ اس وقت ورطہ حیرت میں مبتلا ہوا جب ایک خاتون وہ کتاب واپس کرنے پہنچ گئی جو 1945 میں ان کی والدہ نے حاصل کی تھی اور پر واپس کی تاریخ‌ اسی سال 10 ستمبر کی درج تھی۔

    دُرہم نامی خاتون نے بتایا کہ تعلیم سے فراغت کے بعد وہ گھر کی صفائی کررہی تھیں کہ اس دوران انہیں مصنف سر والٹر اسکاٹس کی کتاب’لیڈی آف دی لیک‘ملی جسے کھولنے پر معلوم ہوا کہ یہ کتاب 74 سال قبل ان کی والدہ نے برکیلی پبلک لائبریری سے حاصل کی تھی اور واپس کرنا بھول گئی تھی۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ بلا کسی خوف و خطر اور جرمانے کی پرواہ کیے بغیر لائبریئری آئیں اور کتاب واپس کردی۔ سات دہائیوں بعد ملنے والی کتاب کو دیکھ کر عملہ بھی حیران رہ گیا اور ان کی حیرت میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب پوری کتاب کی پڑتال کرنے بعد پتہ چلا کہ کتاب کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا بلکہ وہ اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔

    برکیلی پبلک لائبریری کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال تاخیر سے کتاب واپسی پر ہونے والے جرمانے کو ختم کردیا ہے تاکہ لوگ بلا جھجک برسوں پرانی کتابیں انہیں واپس کردیں۔

  • طالب علموں کے لیے مفت کتابیں ردی کے بھاؤ فروخت

    طالب علموں کے لیے مفت کتابیں ردی کے بھاؤ فروخت

    فیصل آباد : سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لئے مفت فراہم کی جانے والی سینکڑوں کتب چند ہزار روپے میں ردی میں فروخت کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سرکاری اسکولز اور کالجز کے طلبہ کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے مفت فراہم کی گئی سینکڑوں نئی کتابیں مبینہ طور پر اساتذہ کی ملی بھگت سے چھ ہزار سات سو روپے میں ردی کے بھاؤ فروخت کر دی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر کے مطابق نئی کتابوں کی نو بوریاں امین پور بنگلہ کے کباڑیے طاہر کو محض سات ہزار سات روپے میں فروخت کی گئیں، فروخت کی گئیں کتابیں اب بھی دکان میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب حکومت پنجاب کی طرف سے چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لئے مہیا کی گئی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی نئے سال کی کتابوں کی نو بوریاں سرکاری اسکولز کے اساتذہ کی مبینہ ملی بھگت سے مقامی کتب فروش صدیق نے صرف چھ ہزار سات سو روپے میں اسماعیل کباڑیے کو فروخت کیں۔

    جب کہ اسماعیل نے پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک کی یہ کتابیں امین پور بنگلہ کے کباڑیے محمد طاہر کو سات ہزار روپے میں فروخت کر دیں، محکمہ تعلیم کی طرف سے ذمہ دار اساتذہ اور کتاب فروش کے خلاف ابھی تک کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔