Tag: مفرور ملزمان

  • سندھ بھر سے 50 ہزار کے قریب ملزمان کے مفرور ہونے کا انکشاف

    سندھ بھر سے 50 ہزار کے قریب ملزمان کے مفرور ہونے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ میں 50 ہزار کے قریب ملزمان کے مفرور ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یہ بات سندھ ہائی کورٹ میں آئی جی سندھ کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں صوبے بھر کے مفرور ملزمان سے متعلق کیس میں آئی جی سندھ کی جانب سے ایک رپورٹ جمع کرائی گئی ہے جس کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ بھر کے مفرور ملزمان میں 8 بیرون ملک فرار ہیں، صوبے کے مفرور ملزمان کی فہرست میں بانی ایم کیو ایم کا نام بھی شامل ہے، بانی ایم کیو ایم 4 مقدمات میں مفرور ہیں، وہ ضلع غربی کے ایک کیس میں 1992 سے لندن فرار ہیں، حیدرآباد، سجاول اور ٹنڈو محمد خان کے مقدمات میں بھی انھیں مفرور قرار دیا گیا ہے۔

    بیرون ملک فرار دیگر ملزمان میں عدیل، خلیل احمد، راشد اقبال، عدنان عرف چیوڑا شامل ہیں، رپورٹ میں تفصیلاً بتایا گیا ہے کہ کراچی کے ضلع شرقی میں 6 ہزار 102 مفرور ملزمان ہیں، ضلع جنوبی میں 4 ہزار 252، غربی میں ایک ہزار 908 مفرور ملزمان ہیں۔

    حیدر آباد ڈویژن میں 6 ہزار 280 مفرور ملزمان میں سے 3 بیرون ملک فرار ہیں، میرپور خاص ڈویژن میں 536 مفرور ملزمان میں سے 3 بیرون ملک فرار ہیں، شہید بینظیر آباد میں 2 ہزار 126، سکھر ڈویژن میں 4 ہزار 987 مفرور ملزمان ہیں، جب کہ لاڑکانہ ڈویژن میں 23 ہزار 257 ملزمان کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی سندھ کی فہرست میں 608 ملزمان سنگین جرائم میں مفرور ہیں، عدالت نے اس رپورٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا۔

  • سندھ میں دہشت گردوں سمیت مفرور ملزمان کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی

    سندھ میں دہشت گردوں سمیت مفرور ملزمان کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی

    کراچی: سندھ میں دہشت گردوں سمیت مفرور ملزمان کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی، عدالت نے مفرور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پولیس نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں دہشت گردوں سمیت مفرور ملزمان کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں 50 ہزار 180 ملزمان مفرور ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سب سے زائد مفرور ملزمان کی تعداد کراچی میں ہے، کراچی میں دہشت گردوں سمیت 22 ہزار 127 ملزمان مفرور ہیں۔ لاڑکانہ ڈویژن مفرور ملزمان میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ ڈویژن میں 13 ہزار 135 ملزمان مفرور ہیں، حیدر آباد ڈویژن میں 6 ہزار 301 ملزمان مفرور ہیں۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ سکھر ڈویژن میں 3 ہزار 841، میرپور خاص میں 742 اور شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں 3 ہزار 970 ملزمان مفرور ہیں۔

    عدالت نے مفرور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کیا جائے، ان کے نام اخبارات میں شائع کیے جائیں۔

    پولیس نے بتایا کہ مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے نادرا کو لکھا ہے۔ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی لکھا ہے۔

  • ملتان: میگا کرپشن اسکینڈل، مفرور ملزمان کے گرد نیب کا گھیرا تنگ

    ملتان: میگا کرپشن اسکینڈل، مفرور ملزمان کے گرد نیب کا گھیرا تنگ

    ملتان: میگا کرپشن اسکینڈل میں مطلوب مفرور ملزمان کے گرد نیب نے گھیرا تنگ کر دیا، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے میگا کرپشن اسکینڈل میں مطلوب مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

    [bs-quote quote=”29 مفرور ملزمان اربوں کے فراڈ میں نیب کو گزشتہ کئی سال سے مطلوب ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    ذرائع نیب کا کہنا ہے کہ بہاول نگر اراضی اسکینڈل کا مرکزی ملزم سعید ظفر مفرور ہے، نیشنل بینک مظفر گڑھ، پنشن اسکینڈل میں ملوث کیشیئر منتظر مہدی بھی مفرور ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملزم سعید ظفر نے 1240 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کی تھی، جب کہ ملزم منتظر مہدی نے سرکاری ملازمین کی پنشن کی مد میں کروڑوں کا غبن کیا۔

    مفرور ملزمان میں ریاض احمد، میاں نوید، عتیق الرحمان، ہمایوں بٹ اور دیگر بھی شامل ہیں، 29 مفرور ملزمان اربوں کے فراڈ میں نیب کو گزشتہ کئی سال سے مطلوب ہیں۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ان مفرور ملزمان میں زیادہ تر جعلی کمپنیاں بنا کر شہریوں کو لوٹتے تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  نیب کی کارروائی : سابق سرکاری افسر کے گھر سے33 کروڑ روپے برآمد، ملزم گرفتار


    یاد رہے کہ تین روز قبل لاہور میں نیب کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سابق سرکاری افسر کو گرفتار کر کے اس کے گھرسے 33 کروڑ روپے بر آمد کیے تھے، خواجہ وسیم بورڈ آف ریونیو میں گریڈ 16 کا ملازم تھا۔

    ملک میں کرپشن کے خاتمے کے سلسلے میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بد عنوانی کے خلاف قانون کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلا تفریق بد عنوانی کے خاتمہ کے لیے ادارہ پُرعزم ہے۔