Tag: مقبوضہ بیت المقدس

  • مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف بسائی ناجائز یہودی بستیوں کو خوفناک آگ نے گھیر لیا

    مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف بسائی ناجائز یہودی بستیوں کو خوفناک آگ نے گھیر لیا

    تل ابیب : مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف بسائی ناجائز یہودی بستیوں کو خوفناک آگ نے گھیر لیا، جس سے پانچ ہزار ایکٹر سے زائد رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل میں مقبوضہ بیت المقدس کےقریب جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جسے دہائی کی سب سے بڑی آگ قرار دیا جارہا ہے۔

    آتشزدگی میں تئیس افراد زخمی ہوئے جبکہ پانچ ہزار ایکٹر سے زائد رقبہ جل کر خاکستر ہو گیا۔

    آگ مغربی پہاڑوں پر جنگلات میں پانچ مقامات پر لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے شاہراہوں تک پہنچ گئی، جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور تل ابیب کےدرمیان شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے۔

    تل ابیب کے قریب اور گردونواح میں بھی شعلے اور دھویں کے بادل پھیل گئے، اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے آگ سے جھلس کر تیرہ افراد زخمی ہوئے۔

    اسرائیلی حکام نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے لوگوں کو انخلاءکی ہدایات جاری کردیں۔

    صہیونی حکومت نے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئےآگ پرقابو پانے کےلیےعالمی برادری سےمدد مانگ لی۔

    فرانسیسی میڈیا کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے قومی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ آگ مقبوضہ بیت المقدس تک پہنچ سکتی ہے۔

  • رمضان کا آخری عشرہ، دنیا بھر سے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس رخ کرنے لگے

    رمضان کا آخری عشرہ، دنیا بھر سے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس رخ کرنے لگے

    رمضان المبارک کے آخری عشرے کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر سے مسلمان قبلہ اول مقبوضہ بیت المقدس کا رخ کر رہے ہیں۔

    غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے زیر قبضہ بیت المقدس کا اسلام میں اہم مقام ہے۔ یہ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی اسرائیلی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر کے مسلمان مقبوضہ بیت المقدس کا رخ کر رہے ہیں۔

    گزشتہ چند روز کے دوران ایک لاکھ سے زائد مسلمان مقبوضہ بیت المقدس میں نماز عشا اور تراویح ادا کر چکے ہیں اور زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    ہرسال رمضان کے آخری عشرے میں بڑی تعداد میں مسلمان مسجد اقصیٰ میں اعتکاف اورعبادات کے لیے جمع ہوتے ہیں۔

    رمضان کا آخری جمعے (جمعۃ الوداع) کو "یوم القدس” کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ کا انتظام اردن کی حکومت کے پاس ہے جبکہ مسجد اقصیٰ کے اطراف سکیورٹی کی ذمہ داری اسرائیل کے پاس ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/tawaf-kaba-during-rain/

  • ویڈیو: مقبوضہ بیت المقدس میں بس اسٹاپ پر فائرنگ سے 3 اسرائیلی ہلاک

    ویڈیو: مقبوضہ بیت المقدس میں بس اسٹاپ پر فائرنگ سے 3 اسرائیلی ہلاک

    بیت المقدس: مقبوضہ بیت المقدس میں بس اسٹاپ پر فائرنگ سے 3 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں ایک بس اسٹاپ پر فائرنگ سے تین اسرائیلی ہلاک ہو گئے اور 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 4 کی حالت نازک ہے، جب کہ فائرنگ کرنے والے 2 مشتبہ افراد بھی مارے گئے ہیں۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک کار سے اترنے والے دو افراد کو بس اسٹاپ پر کھڑے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے دونوں مشتبہ حملہ آور ڈیوٹی سے گھر جانے والے پولیس اہلکاروں اور وہاں موجود ایک مسلح راہگیر کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

    مرنے والوں میں 73 سالہ جج ربی ایلیملیک وزرمین بھی شامل ہے جو اشدود کی مذہبی عدالت میں تعینات تھے، جب کہ باقی دونوں خواتین ہیں، جن میں ایک 60 سالہ پرنسپل چنا افرگن شامل ہیں۔

  • چار جڑواں فلسطینی بہنوں کی میٹرک کے امتحان میں شاندار کامیابی

    چار جڑواں فلسطینی بہنوں کی میٹرک کے امتحان میں شاندار کامیابی

    مقبوضہ بیت المقدس:فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوبی علاقے ام طوبا سے تعلق رکھنے والی چار جڑواں بہنوں نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنے مریض والد کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق میٹرک کے امتحانات دینے والی چاروں بہنوں نے نتائج سے قبل آخری رات سخت اضطراب کے عالم میں گزاری تاہم نتائج کا اعلان ہوتے ہی ان کی اور ان کے والدین کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    چاروں بہنوں نے سائنس کے مضامین میں 91 سے 94 فی صد تک نمبرات حاصل کیے۔ دینا نے 94، سوزان نے 92 اعشاریہ ایک، رزان نے 91 اعشاریہ 4 اور دیما نے 91 اعشاریہ ایک نمبر لے کربہترین پوزیشن حاصل کی۔

    میٹرک میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی ان بہنوں کو مقامی فلسطینیوں کی طرف سے امتحانات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

    ان لڑکیوں کے والد 55 سالہ الشنیطی ایک سال قبل ذیابیطس اور گردوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث کام کاج سے محروم ہوگئے تھے، جس کے بعد سے یہ گھرانہ نامساعد حالات کا شکار ہے۔

  • اسرائیلی فوجی عدالت کی فلسطینی ابراہیم عودہ کو 30 ماہ قید کی سزا

    اسرائیلی فوجی عدالت کی فلسطینی ابراہیم عودہ کو 30 ماہ قید کی سزا

    مقبوضہ بیت المقدس/ غزہ: اسرائیل کی فوجی عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس کے رہائشی 28 سالہ فلسطینی ابراہیم محمد عودہ درباس کو 30 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق درباس کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے العیساویہ سے ہے، اسرائیلی فوج نے ابراہیم درباس کو 10 دسمبر 2018 کو حراست میں لیا تھا۔

    درباس پر کالعدم تنظیم کے ساتھ تعلق اور اسرائیل کے خلاف مزاحمتی سرگرمیوں کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا، اس سے قبل وہ چار سال تک جیل میں قید کاٹ چکے ہیں۔

    علاوہ ازیں، اسرائیلی جیلوں میں قید بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران اور جیل انتظامیہ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، جیلوں میں لگے جیمرز و دیگر مواصلاتی آلات ہٹانے، قیدیوں کو عزیز و اقارب سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اجازت سمیت دیگر سہولیات پر اتفاق کیا گیا۔

    صہیونی جیل حکام نے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔

    فلسطینی قیدیوں کی تحریک کے رہنماﺅں نے غزہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی جیلروں نے جیلوں میں کینسر کا سبب بننے والے جیمرز اور دیگر مواصلاتی آلات ہٹانے، اسیران کو اپنے اقارب سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اجازت دینے اور تمام عقوبت خانوں میں قیدیوں کو فون کی سہولت کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ صہیونی حکام نے اسیران کے خلاف 16 فروری 2018 سے عائد کی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے بالخصوص جیلوں میں جیمرز ہٹانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی جیلوں میں قید 400 فلسطینی اسیران نے بھوک ہڑتال شروع کی تھی، ایک ہفتے سے زاید عرصے تک جاری رہنے والی اس بھوک ہڑتال میں متعدد فلسطینیوں کی حالت تشویش ناک ہوگئی تھی اور انھیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

  • مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث ضمانت پر رہا

    مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث ضمانت پر رہا

    یروشلم : قابض اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنر عدنان غیث کو اتوار کے روز گرفتار کرنے کے کچھ دیر بعد ضمانت پر رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدنان غیث کو اسرائیلی پولیس نے نومبر 2018 کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف فوجی احکامات کے تحت عدالتی کارروائی شروع کی تھی۔

    عدنان غیث کی یہ پہلی گرفتاری اور رہائی نہیں بلکہ حالیہ عرصے میں وہ متعدد بار اراضی کی فروخت کے الزامات میں گرفتار کیے جاتے رہے ہیں، انہیں تین مرتبہ تو صرف گزشتہ برس نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    ان کے وکیل محمد محمود نے بتایا کہ صہیونی حکام نے ان کے موکل کو مشروط طور پر رہا کیا ہے، وکیل نے بتایا کہ انہوں نے ایک تنظیم کے ساتھ ملکر کانفرنس منعقد کی تھی جسے ناجائز اسرائیل نے اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا تھا ۔

    اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنلفیڈ نے عدنان غیث کی گرفتاری ان سے تفتیش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس نومبر میں انہیں اسرائیلی پولیس کی طرف سے انہیں چھ ماہ تک غرب اردن داخل نہ ہونے اور مخصوص افراد کے ساتھ رابطے کے علاوہ کسی سے رابطہ نہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم انہوں احکامات کی خلاف ورزی کی۔

    فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق عدنان غیث یو 1000 شیکل ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاﺅن ،21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

    اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاﺅن ،21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا

    مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کریک ڈاﺅن کے دوران 21 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں عروج پر ہیں، وحشیانہ کریک ڈاؤن میں گزشتہ روز صبح کے وقت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار فلسطینیوں میں بعض اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں سیکورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسرائیلی وزیراعظم کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا

    قابض اسرائیلی فوج نے اسلحے کی تلاش کے بہانے گھروں میں گھس کر فلسطینیوں کو لوٹا، اور ہزاروں شیکل کی رقم قبضے میں کر کے لے گئے۔

    مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے طولکرم میں تلاشی کے دوران سابق اسیر قسام ریاض بدیر کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا، اس کے علاوہ طالب علم باسم عصام عید کی گرفتاری بھی اسی شہر سے عمل میں لائی گئی۔

    یہ بھی ملاحظہ کریں:  یہودی کالونیوں کے الحاق کا فیصلہ کیا تو نیتن یاہو مشکل میں پھنس جائیں گے، فلسطین

    قابض فوج نے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے نواحی علاقے النبی الصالح سے 15 سالہ محمد باسم تمیمی اور بیت سیرا سے 16 سالہ علی محمد ابو صفیہ کو حراست میں لیا۔

    ادھر سلوا کے علاقے سے اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا، عینی شاہدین نے کہا کہ شمالی الخلیل سے طول کے مقام سے ایک فلسطینی طالب علم اور سابق اسیر عمار القواسمی کو حراست میں لیا گیا۔

  • آسٹریلیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    آسٹریلیا نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرلیا

    یروشلم : آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونی ریاست اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی حکام کی جانب سے بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے کہ تاہم آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ اس وقت یروشلم منتقل کریں گے جب تک امن معاہدہ نہ ہوجائے۔

    اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا فلسطیینوں کی اپنی ریاست کی خواہش کو بھی تسلیم کرتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسٹریلوی وزیر اعظم نے سیاست دانوں اور غیر ملکی اتحادیوں سے مشورے کے بعد یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل پیراگوئے اور گوئٹے مالا نے بھی اپنے سفارت خانے تل ابیب سے یروشلم منتقل کردئیے تھے تاہم پیراگوئے نے حکومت تبدیل ہوتے ہی اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں غیور فلسطینیوں نے ناجائز ریاست اسرائیل کی سرحد پر احتجاج کیا۔

    خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے مظاہرین کو پسپا کرنے کےلیے ایک مرتبہ پھر نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا۔

    فلسطینی خبر ایجنسی کا کہنا ہے ک اسرائیلی افواج نے نہتے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور بے دریغ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے جس میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ذہنی معذور فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ دو روز قبل سرزمین فلسطین پر طویل عرصے سے قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 18 سالہ محمد حسام نامی ذہنی معذور فلسطینی شہید ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے فلسطینی امور کا دفتر متنازع سفارت خانے میں‌ منتقل کردیا

    واضح  رہے کہ گذشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بین الاقوامی سطح پر اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے برسوں سے جاری امریکی پالیسی کو بدل کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا جبکہ رواں سال مئی میں امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کردیا تھا۔

  • آسٹریلیا کا بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ

    آسٹریلیا کا بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ

    کینبرا: امریکا کے بعد آسٹریلیا نے بھی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکارٹ موریسن نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور آسٹریلوی سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر غور کررہے ہیں۔

    آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ کابینہ کی مشاورت سے کیا گیا ہے، آسٹریلیا فلسطین اور اسرائیل کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔

    اسکارٹ موریسن نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کی حمایت پر نظرثانی بھی کرے گا۔

    قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے انکشاف کیا تھا کہ آسٹریلیا مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر تیار ہے۔

    واضح رہے کہ القدس فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، اسرائیلی مقبوضہ بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت قرار دیتا ہے، اس شہر پر صیہونی فوج نے 1967 کی جنگ میں تسلط قائم کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 58 فلسطینی شہید

    یاد رہے کہ امریکا پہلے ہی مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرکے اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرچکا ہے جس کے خلاف فلسطین، عرب ممالک، عالم اسلام اور امریکا کے اتحادیوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

  • مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فورسز اور نمازیوں میں جھڑپیں، 15 افراد زخمی

    مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فورسز اور نمازیوں میں جھڑپیں، 15 افراد زخمی

    مقبوضہ بیت المقدس: فلسطین میں قابض اسرائیلی فورسز اور نمازیوں میں جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔

    عرب میڈیا کے مطابق فلسطین میں قابض اسرائیلی فورسز نے نماز جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا، اسرائیل فورسز اور نمازیوں میں جھڑپوں کے دوران 15 افراد زخمی ہوئے، نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ، پیلٹ گن کا استعمال کیا گیا۔

    مسجد اقصی کے احاطے میں ہزاروں بچے، خواتین، بوڑھے بھی موجود ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کے داخلی دروازے سیل کردئیے ہیں۔

    واضح رہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینی مہاجرین کیمپ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک 15 سالہ فلسطینی لڑکا ارکن مظہر شہید ہوگیا تھا جبکہ دو فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ بارڈر کے قریب فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں تین نہتے فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ فلسطین میں قابض صیہونی فورسز نے فضائی حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا تھا، علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے علاقے رفاہ میں بھی فضائی کارروائی کی گئی تھی تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ تین فلسطینی شدید زخمی ہوئے تھے۔

    گزشتہ ماہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے چار نہتے فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔